• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

آو احتجاج کریں..!

شمولیت
اپریل 13، 2011
پیغامات
25
ری ایکشن اسکور
142
پوائنٹ
0
آو احتجاج کریں..!

ظلم ، ناانصافی اور توہین کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا انسانی فطرت کا تقاضا ہے ۔ اور یہی احتجاج شدت پکڑ لیتا ہے کہ جب اس کا تعلق گہرے قلبی اور روحانی تعلق سے ہو۔ ۔ ڈنمارک کے اخبار میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت ، فیس بک اور دیگر ویب سائٹس پر کارٹون مقابلوں ، عراق اور گوانتاناموبے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف مسلم امہ سراپہ احتجاج رہی ہے اور اب حال ہی میں امریکی ملعون پادری ٹیری جونز کی جانب سے قرآن پاک کو جلانے کے بعد ایک مرتبہ پھر دنیا بھر میں شدید احتجاجی مظاہرے اور جلسے جلوس منعقد کیے جا رہے ہیں ۔ افغانستان سمیت کئی ممالک میں تو پرتشدد مظاہرے بھی ہوئے ہیں جن میں کئی افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ امریکی پادری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی شدت اختیار کرتا جا رہا ہے ۔ ان واقعات پر ہر دل غمگین ہے جبکہ قرآن پاک اور صاحب قرآنﷺ سے محبت کرنیوالی ہر آنکھ فرط جذبات سے لبریز نظر آتی ہے ۔ جوشیلے مسلمانوں نے تو ان نازک اور حساس معاملات پر جانوں کی قربانی سے بھی دریغ نہ کیا ۔ کرہ ارض پر کتنے ہی علم دین ریاستی جبر اور استعمار کے ہاتھوں جنت کی راہوں کے مسافر بنتے رہے۔ ہمارا جذبہ ایمانی نعرہ بن کر عالم کفر کو للکارتا رہا ۔ غرض عالم اسلام نے پوری قوت کے ساتھ اس توہین رسالت اور توہین قرآن کے خلاف جلسے اور جلوسوں کی صورت میں ابھی تک احتجاج کر رہے ہیں ۔
ایک تلخ اور افسوسناک حقیقت یہ بھی ہے کہ عالم کفر مسلمانوں کی حالت زار سے بخوبی آگاہ ہے۔ جی ہاں! بڑی تعداد میں مسلمان سڑکوں پہ تو نکل آئے لیکن ان کا دامن کردار اور عمل کے روپ میں رنگے حقیقی احتجاج سے خالی نظر آتا ہے ۔ کیا ہی پرکیف لمحات ہوں کہ اگر یہ توہین رسالت و توہین قرآن کے خلاف ہونیوالا احتجاج مسلمانوں کی زندگیوں میں اطاعت نبویﷺ کا اثر چھوڑ جائے اور سنت کی پیروی کا انقلاب ہر سو پھیلتا نظر آئے ۔ کتنا ہی اچھا احتجاج ہوتا کہ کچھ جوشیلے اور محبت رسول میں سرشار مسلمان اپنی زندگیوں کو سنت نبوی ﷺ کے تحت گزارنے کا پختہ عہد کر لیتے۔ عشق نبوی ﷺ کے نعرے لگانے والے کچھ لوگ روزانہ تلاوت قرآن کا معمول اپنا لیتے۔ یہ احتجاج یقینا باعث مسرت ہوتا کہ اگر کچھ مسلمان توہین رسالت ﷺکے خلاف احتجاجا تہجد کی ساعتوں میں رب تعالی سے باتیں کرنا سیکھ جائیں ۔ کچھ مسلمان احتجاجا صدقے اور خیرات کی صورت میں سائلوں کی ضرورتیں پوری کرنے لگ جائیں ۔ کیونکہ حضورﷺ کرم کا معمول تو یہی تھا اور قرآنی تعلیمات بھی ہمیں ایسا ہی سبق دیتی ہیں ۔ٹیری جونز اور ملعون کارٹونسٹ کے منہ پر ذلت کا تمانچہ مارنے کی خاطر چند مسلمان اپنے معاشروں میں رائج غیر اسلامی رسومات سے کنارہ کشی اختیار کر لیں۔
احتجاج کی ایک صورت یہ بھی ہے کہ کچھ مسلمان نوجوانوں کی نظریں حیا کی طاقت سے جھک جائیں ۔ پرزور نعرے لگانے والے نماز پنجگانہ کی عادت اپنا لیں ۔ بہت سے جوان اور بوڑھے نوافل اور عبادات کے نذرانے سے روٹھے رب کو مناناشروع کر دیں ۔ کیا ہی خوبصورت احتجاج ہو کہ کچھ مزید مسلمان گھرانوں کی صبح کا آغاز نماز فجر اور تلاوت قرآن کی گونج سے ہونے لگے ۔ بھٹکے ہوئے راہی اسوہ رسول ﷺ کی پیروی کا پختہ عزم کر لیں اور دنیا کے گورکھ دھندوں میں پھنسے بہت سے مسلمان احتجاجا اپنی زندگیوں میں انقلاب پربا کرتے ہوئے صبر اور رواداری کے علمبردار بن جائیں ۔ ہم بطور احتجاج ہی سہی دوسرے مسلمان بھائیوں کی بھلائی کے کاموں میں حصہ لیں ۔ کفر کو شرمندہ کرنے کی خاطر سب مسلمان اتحاد و اتفاق کی عملی صورت بنے نظر آئیں ۔
کچھ احتجاج ایسا بھی ہو کہ ہم عالم کفر کے جواب میں جھوٹ بولنے کی عادت سے توبہ کر لیں ۔کسی یتیم بچے کو ڈھونڈ کر اس کے سر پر دست شفقت رکھ دیں اور سنت نبوی کو زندہ کر ڈالیں ۔ ہم احتجاجا ایمانداری کا چلن چلنے کی کوشش شروع کر دیں ۔
کتنا ہی اچھا لگتا کہ اگر کچھ مسلمان خواتین بناوٹ و سنگھار کے فضول اخراجات سے چند روپے بچا کر کسی غریب لڑکی کے ہاتھ پیلے کرنے پر خرچ کر دیں ۔ تھوڑے سے مسلمان یوں احتجاج منائیں کہ اس دن گھر کے ملازموںکو ساتھ بٹھا کر کھانا کھلانے کی سنت کا احیا کر دیں ۔ کسی چھوٹے سے نوکر بچے کو جھڑکنے اور گالیاں سنانے کی عادت چھوڑ دی جائے ۔ ہم بطور احتجاج ہی سہی دوسروں کی عزت نفس کا خیال رکھنا شروع کر دیں ۔ جی ہم پاکستان مسلمان ایک گستاخ رسول ﷺ کی یاد میں منائی جانیوالی بسنت کا بائیکاٹ کر دیں ۔
ہمیں چاہیے کہ پیغبر اسلامﷺ اور عظمت قرآن پر حملے کا بدلہ لینے کے لئے اسلام کے سچے داعی بن جائیں ۔ توہین رسالتﷺ اور توہین قرآن کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کچھ مسلمان خواتین حجاب اور پردے جیسی نعمتوں سے مالا مال ہو جائیں ۔ شائد اس سے فرانس میں حجاب کے تحفظ کی جنگ لڑتی اور قانونی شکنجوں سے الجھتی اسلام کی بیٹیوں کا حوصلہ ضرور بڑھ جاتا ۔ احتجاجا کچھ گھرانے غریب والدین کی بیٹیوں کو بنا کسی جہیز کے بیاہ لاتے ۔ چند مسلمان عہدیداروں کو ضرور اپنی صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے رشوت اور اقربا پروری سے اجتناب کرنا چاہیے۔ کفار سے مقابلے کے لئے بہت سے نوکریوں والے لوگ اپنے فرائض مکمل توجہ اور ایمانداری سے انجام دینا سیکھ جائیں ۔ محبت رسولﷺ کی خاطر کلبوں اور بہودہ محفلوں میں جانے والے مساجد کے راہی ہو جائیں ۔ہماری محفلیں تحفظ ناموس رسالت اور قرآن کی خاطر غیبت اور چغلی جیسی برائیوں سے پاک ہو جائیں ۔ ہم پیغام رسالتﷺ پر عمل کرتے ہوئے صلہ رحمی ، بھائی چارے اور دوسروں کی خیر خواہی کا علم تھام کر چلیں ۔ شمع رسالت کے پروانے مسلمان طالب علم درسگاہوں میں پوری توجہ سے پڑھنا شروع کر دیں اور فضول و گمراہ کن سرگرمیوں سے اجتناب کریں ۔ ناموس رسالت کے عظیم مقصد کو پانے کے لئے ہم جھوٹ کی جڑیں اکھاڑ پھینکیں اور توہین قرآن کا بدلہ سچ کا بول بالا کرکے لیں ۔ بعض علمائے کرام کو چاہیے کہ وہ نمود و نمائش کی رنگینیوں اور اختلافات سے توبہ کرتے ہوئے قوم کی درست رہنمائی کا عہد کریں ۔ کوئی ہنر مند پاکستانی بیرون ملک جا کر غلامی کی نوکری سے انکار کرتا ہوا نظر آئے ۔
میرا دعوی ہے کہ اگر ہم میں سے چند نے بھی اس طرح کے احتجاج کا آغاز کر دیا تو عالم کفر کے در و دیوار ضرور دہل جائیں گے ۔ انہیں کبھی بھی دوبارہ توہین رسالت کی جرات ہوگی اور نہ ہی کسی ملعون ٹیری جونز کو قرآن پاک کو جلانے کی ہمت پڑے گی ۔ کیونکہ اہل کفر کو یہ بات عیاں ہو جائے گی کہ محبت رسول ﷺ کے دیوانے اور عظمت قرآن کے متوالے ان مسلمانوں کو مٹانے کی ہر کوشش ان کے ایمان کو مزید مضبوط بنا دیتی ہے ۔ اسلام ، قرآن اور پیغبر امنﷺ کی ہر گستاخی ان کے اندر مزید اتحاد و اتفاق اور دینی جذبہ بیدار کر دیتی ہے۔ اور یوں ہم ہمیشہ ہمیشہ کے لئے تحفظ ناموس رسالت اور قرآن کا فریضہ سرانجام دے سکتے ہیں ۔ اللہ تعالی ہم سب کو اعمال صالحہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین!
 

شاکر

تکنیکی ناظم
رکن انتظامیہ
شمولیت
جنوری 08، 2011
پیغامات
6,595
ری ایکشن اسکور
21,395
پوائنٹ
891
جزاک اللہ عاصم بھائی۔ بہت ہی عمدہ بات کہی آپ نے۔ اور احتجاج کے لئے بہت اچھی مثالیں بھی پیش کیں۔ کاش کہ واقعی ہم سب متحد ہو کر ایسا احتجاج بھی کر سکیں۔۔!
 
Top