• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

آپ کے سوالات اور شیخ مقبول احمد سلفی کے جوابات

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,391
ری ایکشن اسکور
452
پوائنٹ
209
جواب از شیخ مقبول احمد سلفی

سوال (1): خلیجی ممالک میں رہنے والے جب اپنا فطرانہ اپنے ملک بھیجنا چاہیں تو کیسے بھیجیں گے ؟

جواب : اصل تو یہی ہے کہ جو جہاں ہو وہ اسی جگہ کے محتاج لوگوں کو فطرانہ دے لیکن اگر ضرورت پڑے کسی دوسری جگہ فطرہ دینے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ آپ خلیج کے حساب سے ڈھائی یا تین کلو غلہ کے حساب سے روپیہ اپنے ملک بھیج دیں اور وہاں ان پیسوں سے غلہ خرید کر آپ کا وکیل عید سے ایک دو دن پہلے محتاجوں میں تقسیم کردے ۔

سوال(2): صدقۃ الفطر سے محتاجوں کو کھانا کھلا نا یا انہیں کپڑا دینا کیسا ہے ؟
جواب : صدقۃ الفطر غلہ سے دیا جائے گا، نہ کھانا کھلایا جائے گا اور نہ ہی کپڑا دیا جائے گا۔ ہاں اگر محتاج کو پیسے یا کپڑے کی سخت ضرورت ہو تو ان کی وہ ضرورت فطرانے سے پورا کرسکتے ہیں ۔
سوال (3) : عام طور سے تراویح میں قرآن ختم ہونے پر مٹھائیاں تقسیم کی جاتی ہیں اس کا شرعا کیا حکم ہے ؟
جواب : ختم قرآن پر مٹھائی تقسیم کرنے کا عمل کتاب وسنت میں موجود نہیں ہے اس لئے اس سے بچنا اولی وافضل ہے ۔اگر کہیں تکلف اور کسی خاص رسم ورواج سے بچتے ہوئے یونہی سادہ انداز میں کسی نے نمازیوں کے درمیان مٹھائی تقسیم کردی تواس میں کوئی حرج نہیں ۔بعض جگہوں پر ختم قرآن پہ تقریب، کھانے پینے میں افراط اور مختلف قسم طور طریقے رائج ہیں ،ان چیزوں کی شرعا گنجائش نہیں ہے ۔
سوال(4): تراویح میں قرآن ختم ہونے پر دعاکرنا کیسا ہے ؟
جواب : تراویح میں یا یونہی قرآن ختم کرنے پہ کوئی دعا سنت سے ثابت نہیں ہے ۔ لوگوں میں ختم قرآن کی ایک مخصوص دعا رائج ہےیہ حدیث مصطفی ﷺ سے ثابت نہیں ہے ۔ہاں اگر تراویح کی نماز میں ختم قرآن پہ دعا قنوت کرتے وقت تلاوت ، اذکار، نماز، روزہ ، دعا اور دیگر طاعات کی قبولیت کی بھی دعا کرلی جائے تو کوئی مضائقہ نہیں ۔ وتر کی دعا میں وسعت ہے ۔
سوال (5): ماں کے پاس 5 تولہ سونااور بہو کے پاس 5 تولہ سونا ہے تو کیا انہیں جمع کرکے زکوۃ دی جائے گی؟
جواب : ماں کی ملکیت کو بہو کی ملکیت کے ساتھ جمع نہیں کیا جائے گا ، مال جمع کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ملکیت ایک ہی شخص کی ہو لہذا ماں اور بہو کے پانچ پانچ تولہ سوناپر زکوۃ نہیں ہے ۔
سوال (6) : میں نے گھر بنانے کے لئے کچھ پیسے رکھے ہیں جو نصاب تک پہنچ گیا ہے تو کیا اس کی زکوۃدینی ہوگی ؟
جواب : پیسے کسی بھی نیت سے رکھے گئے ہوں ،اگر وہ نصاب تک پہنچ رہے ہیں اور اس پر سال مکمل ہو گیا ہے تو اس کی زکوۃ دینی ہوگی ۔
سوال (7): ایک بیوہ عورت کو تین لڑکیاں ہیں ، اس نے اپنی بچیوں کی شادی کے لئے بیس تولہ سونا رکھا ہوا ہے کیا اسے زکوۃ دینی ہوگی اور اگر وہ زکوۃدے تو امیروں کی طرح اس پر بھی مکمل زکوۃ ہے یا کچھ کم ہے ؟
جواب : بیس تولہ سونا نصاب کوپہنچ جارہاہے ،اگر اس پہ سال مکمل ہوگیا ہے تو بیوہ عورت کو بیس تولہ سونے کی قیمت کا اندازہ لگاکر اس میں سے ڈھائی فیصد زکوۃ دینی ہوگی اور یہ ڈھائی فیصد زکوۃ دینے والے سب کے لئے برابر ہے ۔ اللہ تعالی سے دعا کرتاہوں کہ یتیم لڑکیوں کی شادی کا انتظام فرمادے اور ان بچیوں کو صالح شوہر عطا فرمائے ۔ آمین
سوال (8) : کسی نے زمین خرید کر یونہی چھوڑ رکھا ہے تو اس پرزکوۃ بنتی ہے ؟
جواب : یونہی چھوڑی ہوئی زمین پر زکوۃ نہیں ہے ، اس زمین پر زکوۃ ہے جسے بیچنے کی نیت سے رکھی گئی ہو۔
سوال (9): کیا شب قدر کی دعا ضعیف ہے ؟
جواب : شب قدر کی دعا"اللھم انک عفو تحب العفو فاعف عنی" ضعیف نہیں ہے ، بہت سے محدثین نے اس حدیث کو صحیح کہا ہے ۔شیخ البانی رحمہ اللہ نے مشکوۃالمصابیح کی تخریج میں ،صحیح الجامع میں ، صحیح ابن ماجہ میں ،صحیح الترغیب میں، سلسلہ صحیحہ میں اور صحیح الترمذی میں صحیح کہا ہے ۔ شیخ البانی کے علاوہ اور بھی بہت سے محدثین نے اسے صحیح کہا ہے مثلامنذری، نووی، ابن دقیق العید اور ابن القیم وغیرہ ۔ امام حاکم نے اسے شیخین کی شرط پر صحیح کہا ہے ۔ لہذا یہ حدیث صحیح وثابت ہے اور جس علت کی وجہ سے بعض لوگوں نے اسے ضعیف کہا ہے وہ علت کمزور ہے البتہ جس حدیث میں لفظ کریم کی زیادتی ہے وہ ضعیف ہے ۔
سوال (10): دعائے ماثورہ میں اپنی طرف سے کمی بیشی کرنے کا کیا حکم ہے ؟
جواب : اپنی طرف سے عمومی دعا کرنے میں کسی بھی مناسب الفاظ وجملے کااستعمال کرسکتا ہے اور کسی بھی زبان میں کرسکتا ہے لیکن ماثورہ دعاؤں میں اپنی طرف سے کمی بیشی نہ کرے ،ہوبہو اسی طرح دعا کرے جس طرح وارد ہے اور اسی طرح آدمی کواپنی جانب سے کوئی دعا یا ذکربناکرہمیشہ اس کااہتمام کرنا صحیح ہے ۔ماثورہ دعاؤں کی کمی نہیں ہے ،آدمی اسی پر اکتفا کرے یا اپنی طرف سے جو دعائیں کرے اسے مخصوص کرکے ہمیشہ اس کا اہتمام نہ کرے بلکہ الفاظ بدل بدل دعاکیا کرے ۔
سوال (11): کیا مسجد نبوی میں وضو کرکے مسجدقبا میں نماز ادا کرنے سے عمرہ کا ثواب ملتا ہے ؟
جواب : کہیں سے بھی وضو کرکے جائیں اور مسجد قبا میں دو رکعت نماز ادا کریں ، عمرہ کا ثواب ملے گا۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
الصَّلاةُ في مسجدِ قُباءَ كعُمرةٍ(صحيح الترمذي:324)
ترجمہ: مسجد قبا میں نماز پڑھنے کا ثواب ایک عمرہ کے برابر ہے ۔
گویا کہیں سے بھی وضو کرکے آئیں حتی کہ مسجد قبا میں وضو کریں اور وہاں نماز ادا کریں تواس میں نماز پڑھنے کا ثواب عمرہ کے برابر ملے گا۔

سوال (12) :ایک شخص کے پاس استعمال کےلئے موٹر سائیکل ہے وہ اس کی بھی زکوۃ نکالتا ہے کیا یہ صحیح ہے ؟
جواب : استعمال کی موٹر سائیکل پر زکوۃ نہیں ہے ۔
سوال (13): سرکاری بجلی لینے میں ٹیکس اور ظلم کا سامنا ہے تو کیا اس سے بچنے کے لئے چوری کی بجلی استعمال کرسکتے ہیں ؟
جواب : چراکر بجلی استعمال کرنا قانونا اور شرعا دونوں طرح صحیح نہیں ہے ۔ اگر کہیں سسٹم اور نظام میں ظلم وزیادتی ہوگی تو اس کی اصلاح کی کوشش کریں گے نہ کہ غلط راستہ اختیار کریں گے ۔
سوال (14): عمان میں باہری ملک والوں کاچندہ کرنا منع ہے پھر بھی کچھ مدارس والے یہاں آکر چندہ کرتے ہیں ، کیا ان کا ایسا کرنا ٹھیک ہے اور ایسے لوگوں کو چندہ دے سکتے ہیں ؟
جواب : اگر عمان میں باہری ممالک والوں کے لئے انفرادی چندہ کرنا بھی قانونا منع ہے تو پھر مدرسہ والوں کا عمان جاکر چندہ کرنا قانونی اعتبارسےصحیح نہیں ہے ۔ دیکھنے میں آیا ہے کہ وہاں کی عوام خیر پر تعاون کرناچاہتی ہے مگر حکومت صرف عالمی سیاست کی مجبوری کی وجہ سے اس پر پابندی لگاتی ہے ۔ایسے عالم میں بھی بچنا بہتر ہے تاکہ پکڑے جانے پرمچند قانونی مجرم نہ قرار پائے لیکن اگر کوئی آجاتا ہے اور وہ قابل اعتماد ہے تو اسے چندہ دینے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔
سوال (15): زکوۃ کا پیسہ مسجد کے امام یا مدرسہ کے عالم کو دے سکتے ہیں؟
جواب : زکوۃ کا پیسہ مسجد کے امام اور مدرسہ کے عالم کونہیں دے سکتے ،ہاں اگر ان کا شمار قفیر ومسکین میں ہوتا ہو تو پھر ان کے لئے جائز ہے ۔
سوال(16): انڈیا میں کسی کے پاس کتنا نقد پیسہ ہو تو زکوۃ فرض ہوجاتی ہے ؟
جواب : سونے چاند ی کی قیمت گھٹتی بڑھتی رہتی ہے اس لئے اس کے تاجروں سےعین وقت پر جب زکوۃ دینی ہو 595 گرام چاندی کی قیمت معلوم کرلیں ، جتنی قیمت ہوگی ،اتنا نقد جب کسی کے پاس جمع ہوجائے تو نصاب کو پیسہ پہنچ جاتا ہے ۔
سوال (17): پیٹ میں بچے کی طرف سے صدقۃ الفطر نکالناکیسا ہے ؟
جواب : صحیح بات یہ ہے کہ جو بچہ ابھی ماں کے پیٹ میں ہی ہے اس کی طرف سے فطرہ دیناواجب نہیں ہے لیکن اگر کوئی اس کی طرف سے ادا کرنا چاہئے تو ادا کرسکتا ہے ۔
سوال (18): جب فطرانہ روزے کی پاکی کے لئے ہے تو چھوٹے بچوں کی طرف سے فطرہ کیوں نکالا جاتا ہے ؟
جواب : فطرہ نکالنے کے کئی مقاصد ہیں ، ان میں سے ایک مقصد غریب ونادار لوگوں کی مدد (کھانےکا انتظام)کرنا ہے ،اس لئے بچوں اوران لوگوں کی طرف سے بھی فطرہ ادا کیا جاتا ہے جنہوں نے روزہ نہیں رکھا یا نہیں سکتے ۔
سوال (19):میں سعودی میں ہوں ،کیا میرے گھر والے میری طرف سے فطرہ ادا کرسکتے ہیں ، اگر کرسکتے ہیں تو وہ سعودی کے حساب سے فطرہ دیں گے یا اپنے ملک کے حساب سے ؟
جواب : جی بالکل نکال سکتے ہیں اور صدقہ الفطر ساری دنیا کے مسلمانوں کے لئے ایک ہی مقدارہے وہ عربی ایک صاع ہے جو تقریبا ڈھائی کلو بنتاہے ۔اس لئے آپ کے گھر والے آپ کی طرف سے بھی اناج میں سے ڈھائی کلو نکالیں گے ۔
سوال (20) : خلیجی ممالک والے اپنے ملک میں فطرہ دینا چاہیں تو کیا ہفتہ دن پہلے بھیج سکتے ہیں ؟
جواب : جی ہاں ، بھیج سکتے ہیں ، اس کا طریقہ یہ ہوگا کہ آپ خلیج سے ہفتہ دن پہلے فطرہ بھیج دیں اور اپنے وکیل کو تاکید کردیں کہ عید سے ایک یا دو دن پہلے یا عید کی نماز سے پہلے پہلے مسکین کو آپ کی طرف سے فطرہ ادا کردے ۔
سوال (21): اگر کوئی شرعی عذر کے تحت اعتکاف سے اٹھ جائے تو کیا اس کا کفارہ ہے مثلا عورت کو حیض آجائے یا کسی کے یہاں جنازہ ہوجائے ؟
جواب : حیض آنے سے اعتکاف باطل ہوجاتا ہے ،اس حال میں عورت کومسجد سے اٹھ جانا چاہئے لیکن اس پہ کوئی کفارہ نہیں ۔اسی طرح قریبی رشتہ دار کی موت پر اعتکاف چھوڑ نا جائز ہے ،اس پر بھی کفارہ نہیں ہے ۔

سوال (22) : معتکف کا نماز جنازہ میں شریک ہونا کیسا ہے ؟
جواب :بعض علماء جواز کی طرف گئے ہیں مگر بہتریہی ہے کہ اعتکاف کرنے والے کے لئے جنازہ میں شرکت کرنا جائز نہیں ہےجیساکہ ابوداؤد(2473) میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا قول ہے کہ اعتکاف کرنے والا کسی مریض کی عیادت نہ کرے ، نہ جنازہ میں شریک ہو ۔اسے البانی صاحب نے صحیح کہا ہے ۔

 

نسیم احمد

مشہور رکن
شمولیت
اکتوبر 27، 2016
پیغامات
747
ری ایکشن اسکور
128
پوائنٹ
108
السلام علیکم
محترم شیخ
سوال (5): ماں کے پاس 5 تولہ سونااور بہو کے پاس 5 تولہ سونا ہے تو کیا انہیں جمع کرکے زکوۃ دی جائے گی؟
جواب : ماں کی ملکیت کو بہو کی ملکیت کے ساتھ جمع نہیں کیا جائے گا ، مال جمع کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ملکیت ایک ہی شخص کی ہو لہذا ماں اور بہو کے پانچ پانچ تولہ سوناپر زکوۃ نہیں ہے
5 تولے سونے کی قیمت ساڑھے باون تولے چاندی سے تو کہیں زیادہ ہوتی ہے کیا اس پر زکوۃ نہیں ہوگی۔؟
 

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,391
ری ایکشن اسکور
452
پوائنٹ
209
وعلیکم السلام
بالکل آپ نے صحیح کہا ہے کہ 5 تولہ سونا کی قیمت ساڑھے باون تولہ چاندی سے زیادہ ہوگی مگر پھر بھی اس پر زکوۃ نہیں ہوگی کیونکہ سونے کا نصاب الگ ہے اور چاندی کا نصاب الگ ہے ، سونا پر اسی وقت زکوۃہوگی جب وہ نصاب تک پہنچے گا اور وہ نصاب ساڑے سات تولہ ہے ۔
 

نسیم احمد

مشہور رکن
شمولیت
اکتوبر 27، 2016
پیغامات
747
ری ایکشن اسکور
128
پوائنٹ
108
محترم مقبول صاحب
السلام علیکم

پھر مال تجارت اور نقد رقم میں نصاب چاندی کا رائج ہوگا یا سونے کا۔ ؟
 

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,391
ری ایکشن اسکور
452
پوائنٹ
209
وعلیکم السلام
دونوں میں سے جس کے نصاب تک پہلے پہنچ جائے اس کے حساب سے ہوگا۔
 
Top