• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

اَلصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْم

محمد زاہد بن فیض

سینئر رکن
شمولیت
جون 01، 2011
پیغامات
1,957
ری ایکشن اسکور
5,787
پوائنٹ
354
اَلصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْم
اذانِ سحری میں کہا جائے یا اذانِ فجر میں؟
استاذی المحترم حافظ عبد الرحمن صاحب مدنیؔ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ پچھلے دِنوں ’’صحیفہ اہل حدیث‘‘ کراچی اور ہفت روزہ ’’اہلحدیث‘‘ لاہور میں صبح کی دو اذانوں کے متعلق مضامین شائع ہوتے رہے ہیں۔ ماہنامہ ’’محدث‘‘ لاہور نے بھی مولانا عبد القادر صاحب حصاری کا تعاقب تلخیص سے شائع کیا تھا۔ اب مسئلہ یہ ہے کہ ’’اَلصَّلوٰۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْمِ‘‘ دو اذانوں میں س پہلی اذان میں کہا جائے یا دوسری میں؟ نیز اگر ہو سکے تو اس مسئلہ کی بھی وضاحت کر دیں کہ پہلی اذان آپ ﷺ کے زمانہ میں کس غرض سے ہوتی تھی؟
امید ہے کہ مسئلہ کی عمومیت اور اہمیت کے پیش نظر اسے جلد ’’محدث‘‘ میں شائع فرمائیں گے۔ بینوا توجروا۔
حافظ عبد الخبیر اویسیؔ حفید مولانا عبد التواب ملتانی رحمۃ اللہ علیہ
الجواب بعون الوھاب:
اس مسئلہ کا دارومدار اس بات پر ہے کہ ’’اَلصَّلوٰۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْمِ‘‘ کا مقصد کیا ہے اور یہ مقصد دو اذانوں میں سے کس اذان سے حاصل ہوتا ہے؟ نیز دونوں اذانوں کا علیحدہ علیحدہ مقصد متعین کیا جائے۔‘‘ چنانچہ میں اس مسئلہ پر بحث سے پہلے دوسری شق کی وضاحت ضروری سمجھتا ہوں کیونکہ ’’محدث‘‘ برائے مارچ ۱۹۷۱؁ء میں اس دوسر حصہ پر ایک جانب کے دلائل بھی شائع ہو چکے ہیں لہٰذا مناسب معلوم ہوتا ہے کہ مسئلہ کی تنقید کر کے دلائل سے اس کی وضاحت کر دی جائے۔ لہٰذا میں پہلے دونوں اذانوں کے مقصد پر کچھ عرض کرتا ہوں:
صبح کی دو اذانیں تسلیم کرنے والوں میں دوسری اذان کے متعلق کسی کا اختلاف نہیں، دونوں اس پر متفق ہیں کہ دوسری اذان نماز کا وقت بتلانے اور سامعین کو نماز کے لئے بلانے کے لئے ہے لیکن پہلی اذان کے متعلق اختلاف ہے کہ آیا وہ سحری کھانے کے لئے ہے اور رمضان کے ساتھ مخصوص ہے یا وہ نماز فجر کی تیاری کے لئے ہے اور وہ سال بھر کے لئے مسنون ہے؟
فریق اول کے دلائل کا خلاصہ حسب ذیل ہے:
1. وہ احادیث جن میں اذان کا ذکر سحری کھانے کے ساتھ آیا ہے۔ مثلاً:
عَنْ عَائِشَۃَ قَالَتْ: قَالَ رَسُوْلُ اللہِ صَلّٰی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ: اِذَا اَذَّنَ بِلَالٌ فَکُلُوْا وَاشْرَبُوْا حَتّٰی یُؤَذِّنَ ابْنُ اُمِّ مَکْتُوْمٍ، قَالَتْ: وَلَمْ یَکُنْ بَیْنَھُمَا اِلَّا یَنْزِلُ ھٰذَا وَیَصْعَدُ ھٰذَا (النسائی ۱: ۷۴)
یعنی رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جب بلالؓ اذان کہے تو تم کھاؤ اور پیو یہاں تک کہ ابن ام مکتومؓ اذان دے تو پھر رک جاؤ۔ حضرت عائشہ صدیقہؓ نے دونوں اذانوں کے درمیانی وقفہ کا اندازہ بیان فرمایا کہ ایک موذن اذان کہہ کر منبر سے اترتا تھا تو اس کے بعد دوسرا موذن چڑھ جاتا تھا۔ اس حدیث میں الفاظ اِذَا اَذَّنَ بِلَالٌ سے ظاہر ہے کہ سحری اذان کے بعد کھانی چاہئے کیونکہ یہ جملہ شرطیہ ہے اور جزأ اس کی جملہ فَکُلُوْا وَاشْرَبُوْا ہے جس کی غایت اذان ابن مکتومؓ میں بیان کی گئی ہے۔ الخ
2. وہ احادیث جن میں مؤذن کو سحری اور نماز پر امین کہا گیا ہے، مثلاً بیہقی میں ہے۔
عَنْ اَبِیْ مَحْذُوْرَۃَ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللہِ (ﷺ): اُمَنَاءُ الْمُسْلِمیْنَ عَلٰی صَلٰوتِھِمْ وَسُحُوْرِھِمْ الْمُؤَذِّنُوْنَ‘‘ (السنن الکبریٰ ۱: ۴۲۶)
یعنی رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ مسلمانوں کے امین ان کی نماز اور سحری پر مؤذن لوگ ہیں۔ اس سے ظاہر ہوا کہ جیسے نماز کے وقت پر مؤذن مقرر ہوتا ہے اور وہ وقت ہونے پر اذان کہہ دیتا ہے ایسے ہی سحری پر مؤذن مقرر ہوتا ہے جو سحری ہونے پر اذان کہہ دیتا ہے۔ الخ
3. بطور تائید اقوالِ علماء اور بعض کتب احادیث کے ابواب مثلاً مؤطا میں امام مالکؒ نے یوں باب باندھا ہے: قَدْرُ السَّحُوْرِ مِنَ النِّدَاءِ (بامحاورہ ترجمہ از مولوی وحید الزمان) اذان کا سحری کے وقت ہونا۔ لفظی ترجمہ یہ ہے: سحری کی اذان کے وقت کا اندازہ۔ اسی طرح مسند احمد حسب تبویب الفتح الربانی میں لَا یَمْنَعَنَّکُمْ مِنْ سُحُوْرِکُمْ اَذَانُ بِلَالٍ۔ الحدیث پر یوں باب منعقد کیا گیا ہے۔: بَابُ وَقْتِ السُّحُوْرِ وَاسْتِحْبَابُ تَاخِیْرِہ۔ یعنی سحری کے وقت اور اس کو دیر کر کے کھانے پر استحباب کا بیان۔
فریق ثانی کے دلائل کا خلاصہ حسب ذیل ہے:
1. فریق اول کی پیش کردہ احادیث میں لِلسُّحُوْرِ کا لفظ موجود نہیں۔ بعض احادیث میں صرف رات کے وقت اذان ہونے کا ذِکر ہے اور جن میں کھانے کا ذِکر ہے وہاں سحری کا لفظ ذکر نہیں۔ لہٰذا یہ اذان سحری کے لئے نہ ہوئی۔
2. جن احادیث میں مؤذنوں کے نماز اور سحری پر امین ہونے کا ذِکر ہے ان سے مراد اذان سے نماز کا وقت شروع ہونے اور سحری کا وقت ختم ہو جانے پر مؤذنوں کی امانت کا ذِکر ہے۔
3. کوفہ اور حجاز کے چند علماء کے علاوہ سب اس کے اذان فجر ہونے کے قائل ہیں اور چند علمائے احناف نے اسے سحری کی اذان کہا ہے۔
حاصل یہ ہے کہ دونوں اذانیں فجر کے لئے ہیں اس لئے دونوں کے درمیان چند منٹ کا فاصلہ ہے بقول حافظ ابن حجرؒ صبح کی نماز کو باقی نمازوں کے درمیان سے اذان اول وقت میں دینے کے ساتھ اس لئے مخصوص کیا گیا کہ اول وقت میں نماز پڑھنے کی ترغیب دی گئی ہے اور صبح غالباً نیند کے بعد واقع ہوتی ہے۔ اس واسطے ایسے آدمی کا تقرر مناسب ہوا ہے کہ وہ لوگوں کو وقت کے داخل ہونے سے پہلے آگاہ کرے تاکہ وہ تیار ہو جائیں اور اول وقت کی فضیلت کو پا لیں۔ (فتح الباری ۲: ۸۳)
میں کہتا ہوں کہ جہاں تک ’’اذانِ سحری‘‘ یا ’’اذانِ فجر‘‘ کے نام کا تعلق ہے، کسی حدیث میں للسحور یا للفجر کا لفظ موجود نہیں ہے۔ البتہ حدیث میں اس اذان کے مقصد اور وقت کا ذِکر ہے۔ اس لئے جب فریقین بالاتفاق یہ تسلیم کرتے ہیں کہ اذان وقتِ فجر سے قبل رات میں یا سحری کے وقت میں ہوتی تھی جو احادیث سے واضح ہے تو پھر اس کا نام سحری کی اذان یا فجر کی پہلی اذان دونوں طرح ٹھیک ہے جیسا کہ بعض ائمہ نے اس کا نام اذانِ سحور لیا ہے (محلی / ۲: ۸۵ طبع جدید، میں) امام ابن حزمؒ اذان ہذا کو صلوٰۃ الصبح کے لئے (قبل از وقت نماز) ذکر کر کے فرماتے ہیں۔ لِاَنَّہ اَذَانُ سُحُوْرٍ لَّا اَذَانٌ لِّلصَّلٰوۃِ۔ یعنی یہ اذان سحری ہے وقتِ نماز کی اذان نہیں۔ ہاں پہلی اذان کے صحیح مقصد اور مسنون وقت کا فیصلہ ہونا چاہیے تاکہ سنت کے مطابق اس پر عمل کیا جا سکے۔ نبی ﷺ کا فرمان اس سلسلہ میں حسب ذیل ہے:
قَالَ: اِنَّ بِلَالًا یُّؤَذِّنُ بِلَیْلٍ لِّیُوْقِطَ نَائِمَکُمْ وَلِیُرْجِعَ قَائِمَکُمْ وَلِیُرْجِعَ قَائِمَکُمْ رَوَاہُ الْجَمَاعَۃُ اِلَّا التِّرْمِذِیَّ۔
آپ نے فرمایا: بلال رات (سری کے وقت اذان دیتا ہے تاکہ سوئے ہوئے کو جائے اور قیام کرنے والے (تہجد پڑھنے والے) کو لوٹائے۔ معانی الآثار للطحاوی کی ایک روایت میں ہے لِیَرْجِعَ غَائِبَکُمٌ (قضائے حاجت وغیرہ کے لئے جانے والے کو لوٹائے۔)
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ اس اذان کا مقصد غفلت سے بیدار کر کے یا مختلف مصروفیتوں سے فارغ کر کے کسی اہم مطلوب کی تیاری ہے۔ اس مطلوب کے لئے حدیث میں نماز وغیرہ کا لفظ تو موجود نہیں لیکن دوسرے ایسے دلائل موجود ہیں جو یہ واضح کر رہے ہیں کہ اس اذان کا تعلق نماز سے ہے اور یہ اذان اس لئے مقرر کی گئی ہے کہ نیند سے بیداری کے بعد تیاری کر کے نماز باجماعت اول وقت ادا کی جا سکے۔
الف۔ فریقین کے نزدیک یہ تسلیم شدہ امر ہے کہ یہ اذان شرعی الفاظ کے ساتھ تھی۔ جس میں حَیَّ عَلٰی الصَّلٰوۃِ (نماز پر متوجہ ہو) کے الفاظ بھی ہیں، اس طرح کی اذان نماز ہی سے متعلق ہو سکتی ہے۔
ب۔ حدیث ہذا میں اس اذان کے ذریعہ سے جن چیزوں سے فراغت مقصد بیان ہوا ہے ان کا تعلق اہمیت کے ساتھ نماز ہی سے ہے۔ ویسے تو فراغت کے بعد ہر کام ہی کیا جا سکتا ہے۔ لیکن ظاہر یہی ہے کہ قضاء حاجت سے فراغت نماز کے لئے ہی ہوتی ہے۔ اسی طرح تہجد پڑھنے والا تھوڑی دیر سستا کر نماز کے لئے تازہ دم ہو جائے گا نیز اگر یہ اذان سحری کے لئے ہوتی تو ان چیزوں کا اتنی اہمیت کے ساتھ ذکر نہ ہوتا بلکہ سحری جو مقصود اصلی تھا وہی ذکر کر دیا جاتا۔ اسے چھوڑ کر ان چیزوں کے واسطہ کی کیا مجبوری تھی؟ لیکن حدیث میں ان چیزوں سے فراغت بطور مقصود اصلی ذکر ہوئی ہے جس کا مفہوم تیاری نماز ہی ہے جس کا وقت جلد ہی بعد میں ہو رہا ہے۔
پہلی اذان کے مقصد میں نماز کا صراحت کے ساتھ ذکر اس لئے نہ کیا کہ اس کے لئے دوسری اذان موجود ہے اور پہلی اذان صبح صادق سے قبل ہونے کی وجہ سے نماز کا وقت بتلانے کی غرض سے نہ ہو سکتی تھی اس لئے ایسی اشیاء کا ذکر کیا جن سے فراغت کا نماز کے اول وقت (جماعت کے ساتھ) ادا کرنے کا تعلق ہے۔ اس س حدیث میں پہلی اذان کے ساتھ اس کے صبح صادق سے قبل ہونے کی وجہ سے بھی بیان ہو گئی۔
حاصل یہ ہے کہ حدیث میں بیان شدہ اشیاء بطور مقصود اصلی ذکر ہوئی ہیں۔ سحری مقصود اصلی نہیں ورنہ اس کا ذِکر ہوتا۔
ج۔ پہلی اذان نماز فجر کے وقت سے قریب ہی ہوتی تھی جیسا کہ احادیث میں اس کا وقت فجر کاذب آیا ہے اور صحابہؓ نے بھی دونوں اذانوں کا وقفہ قلیل بیان کیا ہے۔ جیسا کہ حضرت عائشہؓ نے فرمایا وَلَمْ یَکُنْ بَیْنَھُمَا اِلَّا یَنْزِلُ ھٰذَا وَیَصْعَ ھٰذَا یعنی دونوں اذانوں کے درمیان اتنا وقفہ تھا کہ ایک مؤذن اذان کہہ کر اترتا تو دوسرا اذان کے لئے چڑھ جاتا۔ اگرچہ اس وقفے کا بیان یہاں مبالغتہً ہے لیکن اس مبالغے کا مقصد اذانوں کے درمیانی وقفہ کا تھوڑا ہونا ہے۔ اس سے ملوم ہوتا ہے کہ پہلی اذان کا تعلق بھی فجر ہی کے ساتھ ہے۔
جن احادیث میں پہلی اذان کے ساتھ سحری کھانے کا ذکر ہے ان سے یہ حاصل نہیں ہوتا کہ اس اذان کا مقصد ہی سحری ہے۔ ان احادیث سے زیادہ سے زیادہ یہ بات حاصل ہوتی ہے کہ صحابہ کے سحری کھانے اور اذان کا وقت ایک تھا۔ حدیث کے الفاظ ’’اِذَا اَذَّنَ بِلَالٌ فَکُلُوْا وَاشْرَبُوا‘‘ سے اگر سحری کے لئے اذان کا ہونا شرط قرار دے دیا جائے تو کئی خرابیاں لازم آئیں گی۔ مثلاً لازم آئے گا کہ اگر اذان اول نہ ہو تو سحری کھانا ہی جائز نہ ہو کیونکہ ’’اِذَا فَاتَ الشَّرْطُ فَاتَ الْمَشْرُوْطُ‘‘ (جب شرط نہ رہے تو مشروط نہیں رہتا) یا اگر اذان کہی جائے تو سحری کھانا ضروری ہو جائے حالانکہ ان دونوں باتوں کا کوئی بھی قائل نہیں۔ در حقیقت سب احادیث کو اگر دیکھا جائے تو حاصل یہ ہوتا ہے کہ اذان شرعی سے بعض صحابہ کو تشویش لاحق ہونے کا خطرہ ہوا کیونکہ عام طور پر اذان نماز کا وقت شروع ہونے پر ہوتی ہے۔ اس تشویش کو دور کرنے کے لئے رسول اللہ ﷺ نے صحابہ کو اس وقت سحری کھانے کی اجازت دی اور فرمایا لَا یَمْنَعَنَّکُمْ مِنْ سُحُوْرِکُمْ اَذَانُ بِلَالٍ وَّلَا الْفَجْرُ الْمُسْتَطِیْلُ (الحدیث) یعنی تمہیں سحری سے اذان بلال اور صبح کاذب نہ روکے۔
علمائے سلف میں سے مالکؒ، شافعیؒ، احمدؒ وغیرہ اس کے اذان فجر ہونے کے قائل ہیں اور نماز کے لئے اسی کو کافی سمجھتے ہیں۔ صرف اہل الرائے اس کے سحری کے لئے ہونے کے قائل ہیں لیکن اسے اذان کی بجائے دوسرے الفاظ سے ’’اعلان‘‘ بتاتے ہیں جیسا کہ علامہ سروجیؒ نے تاویل کی ہے۔ تیسرا مسلک یہ ہے کہ یہ پہلی اذان فجر کے وقت سے قبل تیاری فجر کے لئے ہے، جس کے بعد وسری اذان صبح صادق کے وقت دی جائے گی۔ ابن حزمؒ اور اہل حدیث کا یہی مسلک ہے۔
محدثین نے کتب احادیث میں ان احادیث پر جو باب منعقد کئے ہیں ان کا یہ مقصد نہیں کہ وہ پہلی اذان کو سحری کے لئے سمجھتے ہیں بلکہ ان کا مقصد پہلی اذان (اذانِ بلال) سے سحری کا وقت بتانا ہے کہ سحری کا وقت بلال کی اذان کی بجائے ابن ام مکتوم کی اذان تک ہے۔ جن متاخرین نے اس سے تاخیر سحری کا استحباب سمجھا ہے مثلًا مسند احمد کا باب ’’بَابُ وَقْتِ السُّحُوْرِ وَاسْتِحْبَابُ تَاخِیْرِہ‘‘ وہ اس لئے کہ صحابہ کرامؓ عموماً اس وقت سحری کھاتے تھے۔ علاوہ ازیں تاخیر سحری کا استحباب دیگر احادیث سے ثابت ہے۔
اب رہا یہ مسئلہ اذان اول رمضان کے ساتھ خاص ہے یا سارا سال ہوتی تھی، سو اس کے متعلق عرض یہ ہے کہ اس کے رمضان سے مختص ہونے کی کوئی دلیل نہیں کیونکہ اول تو احادیث سے اس کی عمومیت ثابت ہے۔ دوسرے صحابہ کرامؓ رمضان کے علاوہ بھی روزے رکھا کرتے تھے۔ خواہ اس کا سحری کے لئے ہونا بھی تسلیم کر لیا جائے پھر بھی رمضان کے ساھ مختص ہونے کیو جہ نہیں۔ خود اہل رائے جو اس کے فقط اعلان بالفاظ دیگر، سحری کے لئے ہونے کے قائل ہیں جب اس اذان شرعی کی عمومیت یا اسے رمضان کے علاوہ بھی احادیث میں پاتے ہیں تو اس کی تاویل اس طرح کرتے ہیں کہ صحابہ نفلی روزے سارا سال رکھا کرتے تھے اس لئے یہ سارا سال ہوتی تھی۔ چنانچہ علامہ عینیؒ نے اس کی یہی توجیہ پیش کی ہے۔ حاصل یہ ہے کہ یہ اذان تقریباً سارا سال ہی ہوتی تھی۔
اَلصَّلٰوۃُ خَیْر من النَّوْم پہلی اذان میں ہے یا دوسری میں؟
الصلٰوۃ خیر من النوم کے ترجمہ سے اس کا مقصد واضح ہے کہ یہ نماز کے لئے نیند سے جگانے کیلئے کہا جاتا ہے۔ اوپر بیان ہو چکا ہے کہ پہلی اذان صبح کی نماز کے اول وقت پڑھنے کے لئے صبح صادق سے پہلے کہی جاتی ہے تاکہ نیند سے اُٹھ کر ضروری جملہ اُمور سے فارغ ہو جائے اور پھر اذان ثانی کے سنتے ہی نماز کی طرف چلا آئے۔ اس مناسبت سے الصلوۃ خیر من النوم پہلی اذان میں ہے جس وقت وہ کہی جاتی ہو اور اگر ایک ہی اذان کہی جائے کیونکہ اسی سے یہ مقصد (نیند سے جگانا) بھی حاصل کرنا ہوتا ہے۔
الصلوۃ خیر من النوم کا پہلی اذان میں ہونے کا ثبوت احادیث سے ملاحظہ فرمائیں:
(1) ابو داؤد مع عون المعبود (۱۹۱:۱) میں ہے:
’’عَنْ اَبِیْ مَحْذُوْرَۃَ عَنِ النَّبِیِّ ﷺ نَحْوَ ھٰذَا الْخَبَرِ وَفِیْہِ الصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنْ النَّوْمِ اَلصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْمِ فِی الْاُوْلٰی مِنَ الصُّبْح۔‘‘
’’یعنی رسول اللہ ﷺ سے ہے کہ الصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنْ النَّوْمِ اَلصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْمِ صبح کی پہلی اذان میں ہے
(2) نسائی (۷۴:۱) میں ہے:
عَنْ اَبِیْ مَحْذُوْرَۃَ قَالَ ۔۔۔۔ قَالَ ۔۔۔۔ حَیَّ عَلٰی الْفَلَاحِ اَلصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْمِ اَلصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْمِ فِیْ الْاُوْلٰی مِنَ الصُّبْحِ۔
یعنی ابو محذورہ فرماتے ہیں کہ نبی ﷺ نے مجھے اذان سکھائی جس طرح کہ تم آج کل دیتے ہو۔ پھر اذان کے کلمات کہتے ہوئے کہا۔ الصلوۃ خیر من النوم صبح کی پہلی اذان میں ہے۔ الحدیث نیز نسائی (۱:۷۵) میں ہے۔
عَنْ اَبِیْ مَحْذُوْرَۃَ قَالَ: کُنْتُ اُؤَذِّنُ لِرَسُوْلِ اللہِ ﷺ وَکُنْتُ اَقُوْلُ فِی اَذَانِ الْفَجْرِ الْاَوَّلِ حَیَّ عَلٰی الْفَلَاحِ اَلصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْمِ۔ الحدیث
یعنی ابو مخدورہ رسول اللہ ﷺ کے لئے اذان کہتے تھے اور پہلی اذان فجر میں الصلٰوۃخیر من النوم کہا کرتے تھے۔ الحدیث
(3) دارقطنی (۲۳۴:۱) میں ہے:
عَنْ اَبِیْ مَحْذُوْرَۃَ قَالَ:۔۔۔۔ اَلصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْمِ فِی الْاُوْلٰی مِنَ الصُّبْحِ۔ الحدیث۔
یعنی الصلٰوۃ خیر من النوم صبح کی پہلی اذان میں ہے:
نیز دار قطنی (۲۳۵:۱) میں ہے:
فَاِذَا اَذَّنْتَ بِالْاُوْلٰی مِنَ الصُّبْحِ فَقُلْ اَلصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْمِ مَرَّتَیْنِ۔ الحدیث
یعنی رسول اللہ ﷺ نے حکم دیا کہ جب تو صبح کی پہلی اذان دے تو دو مرتبہ الصلوۃ خیر من النوم کہہ۔ (اس حدیث میں فعل کی بجائے امر موجود ہے)۔
فی الحال ان پانچ احادیث پر اکتفاء کرتا ہوں اور بطور تائید علامہ امیر الصنعانی کی سبل السلام شرح بلوغ المرام سے بحث نقل کرتا ہوں تاکہ مسئلہ کی مزید وضاحت ہو جائے۔
سبل السلام (۱۲۰:۱) میں ہے:
ترجمہ: نسائی کی روایت میں ہے۔ ’’الصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْمِ الصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْمِفِی الْاَذَانِ الاَوَّلِ مِنَ الصُّبْحِ۔‘‘یعنی الصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْمِ صبح کی پہلی اذان میں ہے۔ اس حدیث سے صبح کی مطلق اذانیں (جن میں اس کلمہ کا کہنا آیا ہے) مقید ہو گئی ہیں کہ مراد پہلی اذان فجر ہے۔ ابن ارسلانؒ کہتے ہیں: اس روایت کو ابن خزیمہ نے صحیح کہا ہے۔ صاحب البدر التمام علامہ مغربی فرماتے ہیں: تثویب (الصلوۃ خیر من النوم) فجر کی پہلی اذان میں ہے کیونکہ وہ سونے والے کو جگانے کے لئے ہے اور اذان ثانی نماز کے وقت ہونے کا اعلان اور نماز کی طرف بلانے کے لئے۔ نسائی کے لفظ اس کی سنن کبریٰ میں ابو جعفر کے طریق سے یوں ہیں: کُنْتُ اُؤَذِّنُ ل،رَسُوْلِ اللہِ ﷺ، فَکُنْتُ اَقُوْلُ فِے اَذَانِ الْفَجْرِ الْاَوَّلِ حَیَّ علٰی الصَّلوٰۃِ، حَیَّ عَلٰی الْفَلَاحِ، الصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْمِ، الصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْمِ۔ علامہ ابن حزمؒ کہتے ہیں: اس حدیث کی سند صحیح ہے (ماخوذ من تخریج الزرکشی لاحادیث الرافعی)
اسی کی مانند السنن الکبریٰ للبیہقی میں ابی محذورہ سے حدیث ہے۔ اِنَّہ کَانَ یُثَوِّبُ فِی الْاَذَانِ الْاَوَّلِ مِنَ الصُّبْحِ بِاَمْرِہ ﷺ یعنی ابو محذورہ صبح کی پہلی اذان میں نبی ﷺ کے حکم سے تثویب کہتے تھے۔
واضح رہے کہ سل السلام کی یہ عبارت کہ اس سے مطلق احادیث صبح مقید ہو گئی ہیں۔ اور اذانِ صبح کا مطلب اذان اول ہے ابو محدوزہ کی احادیث کے متعلق صحیح ہے۔ جن میں سے بعض میں صرف اذانِ فجر کا ذکر ہے اور بعض روایتوں میں اذان فجر اول کا ذِکر ہے اس لئے مطلق احادیث ابی محذورہ مقید احادیث پر محمول ہوں گی۔ باقی وہ احادیث جن میں اس کلمہ کا اذانِ فجر میں کہنا آیا ہے یہ اس صورت میں ہے جب صرف صبح کی ایک اذان کہی گئی ہو۔ ھذا ما عندی واللہ اعلم۔
بشکریہ ماہنامہ محدث
 
Top