• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

اچھی صحت کے لئے کتنی ورزش ضروری ہے

شمولیت
اگست 11، 2013
پیغامات
17,117
ری ایکشن اسکور
6,783
پوائنٹ
1,069
اچھی صحت کے لئے کتنی ورزش ضروری ہے


ورزش کی افادیت سے کوئی انکار نہیں لیکن روزانہ کتنی ورزش سے صحت میں کون کونسے فائدے حاصل ہوتے ہیں، اس بارے میں ابہام پایا جاتا ہے۔ (فوٹو: فائل)

پنسلوانیا:

طبّی ماہرین نے مختلف مطالعات کی بنیاد پر واضح کیا ہے کہ ورزش سے صحت کے فوائد حاصل کرنے کےلئے ہمیں کس طرح اسے اپنے معمولات کا حصہ بنانا چاہئے۔

اچھی صحت کےلئے ورزش کو بہت ضروری خیال کیا جاتا ہے۔ لیکن روزانہ کتنی اور کس قسم کی ورزش کو معمول کا حصہ بنایا جائے کہ اس سے آپ کی صحت کو فائدہ ہو؟ یہ بات بالعموم واضح نہیں کی جاتی۔

اگر آپ بھی اس بارے میں کسی ابہام یا غلط فہمی کا شکار ہیں تو یہ تحریر آپ ہی کےلئے ہے۔

ٹائپ 2 ذیابیطس کے خطرے میں کمی :

اگر آپ چاہتے ہیں کہ بڑی عمر میں ہونے والی ذیابیطس (ٹائپ 2 ذیابیطس) سے محفوظ رہیں یا اس کے اثرات آپ پر کم سے کم ہوں تو آپ کو چاہئے کہ پورے ہفتے میں صرف 30 منٹ کےلئے، ہر بار دس منٹ تک یعنی سات دنوں میں تین مرتبہ، ورزش کریں۔ اس کی سب سے آسان صورت، تیز قدموں سے چہل قدمی (brisk walking) ہے لیکن اگر آپ کسی اور طرح کی جسمانی ورزش کرنا چاہتے ہیں تو اس میں بھی کوئی مضائقہ نہیں۔

سرطان سے بچاؤ :

ہفتے میں پانچ دن تک روزانہ صرف 30 منٹ تک تیز قدموں سے چہل قدمی کرنے سے سرطان (کینسر) کا خطرہ بھی بہت کم ہوجاتا ہے۔ اس کےلئے آپ کو خود پر تھوڑا سا جبر ضرور کرنا ہوگا لیکن اس کے مفید اثرات صرف ایک مہینے ہی میں آپ کو اپنی مجموعی صحت پر محسوس ہونے لگیں گے۔

ڈپریشن سے نجات :

اسی طرح اگر آپ ہفتے میں پانچ دن تک روزانہ تیز قدموں سے چہل قدمی کا دورانیہ صرف 5 منٹ مزید بڑھاکر 35 منٹ کردیتے ہیں تو ڈپریشن سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔ البتہ وہ لوگ جو ڈپریشن میں مبتلا ہیں انہیں اس پر قائل کرنا بہت مشکل ہوگا اس لئے ان کے اہلِ خانہ کو چاہئے کہ پہلے ایک سے دو ہفتے میں انہیں زبردستی مجبور کرکے چہل قدمی کروائیں؛ کیونکہ جب ان میں ڈپریشن کی شدت کم ہونے لگے گی تو وہ خود ہی، اپنی مرضی سے یہ معمول اختیار کرلیں گے۔

ناگہانی موت کا کم تر خدشہ :

ویسے تو موت کا کوئی وقت متعین نہیں لیکن طبّی اصطلاح میں ناگہانی موت سے مراد ایسی موت ہے جو بظاہر کسی وجہ کے بغیر، اچانک واقع ہوجائے؛ یعنی مرنے والے میں پہلے سے کوئی بیماری یا تکلیف موجود نہ ہو۔ اس طرح کی ناگہانی موت سے بچنے کےلئے طبّی ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ (اگر سہولت میسر ہو تو) ہیلتھ سینٹر/ فٹنس سینٹر جاکر، تربیت یافتہ عملے کے زیرِ نگرانی روزانہ 75 منٹ ورزش کی جائے۔ پورے ہفتے میں 6 دن تک یہ معمول برقرار رکھنے کی صورت میں ورزش کا دورانیہ 450 منٹ بنتا ہے۔

اچھی یادداشت کا حصول :

اگر آپ ہفتے میں 6 دن تک روزانہ صرف 20 منٹ تک ’’سانس کی ورزش‘‘ کرتے ہیں تو اس سے آپ کی یادداشت اچھی ہوتی ہے جو آپ کی کارکردگی پر اچھے اثرات مرتب کرتی ہے۔ واضح رہے کہ ’’سانس کی ورزش‘‘ میں تیز قدموں سے چہل قدمی اور دوڑنے سے لے کر خاص انداز کے رقص بھی شامل ہیں جن کا بنیادی مقصد دل کی دھڑکنوں اور سانس لینے کے عمل کو بہتر بنانا ہوتا ہے۔ یہی وہ چیز ہے جس کے اچھے اثرات دماغ پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔

بلڈ پریشر پر کنٹرول :

ہائی بلڈ پریشر کو ’’خاموش قاتل‘‘ بھی کہا جاتا ہے جو اپنے آپ میں درجنوں امراض کی جڑ ہے۔ البتہ روزانہ صرف 15 منٹ تک (ہفتے میں 6 دن) ہلکی پھلکی جسمانی ورزش کرنے سے نہ صرف ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ بہت کم رہ جاتا ہے بلکہ وہ لوگ جنہیں بلڈ پریشر کم رہنے کے باعث کمزوری کی شکایت ہوتی ہے، ان میں بھی دل کی کارکردگی بہتر ہونے سے اس کیفیت میں بہت افاقہ ہوتا ہے۔

http://www.express.pk/story/647349/
 
شمولیت
اگست 11، 2013
پیغامات
17,117
ری ایکشن اسکور
6,783
پوائنٹ
1,069
سائیکل چلائیں اور مختلف امراض سے نجات پائیں

643375-cycle-1478095377-154-640x480.jpg


روزانہ سائیکل چلانے والے لوگوں کا وزن، کولیسٹرول، خون میں گلوکوز اور بلڈ پریشر تک قابو میں رہتے ہیں، تحقیق، فوٹو؛ فائل

واشنگٹن: وہ لوگ جو کام پر جانے کے لیے سائیکل کا بکثرت استعمال کرتے ہیں انہیں نہ صرف دل اور شریانوں کی مختلف بیماریوں سے بہتر تحفظ ملتا ہے بلکہ یہی عادت لمبے عرصے تک برقرار رکھنے کے نتیجے میں ان کا وزن، جسم میں کولیسٹرول کی مقدار، خون میں گلوکوز اور بلڈ پریشر تک قابو میں رہتے ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سائیکل چلانے یا پیدل چلنے کو ان بیماریوں سے مکمل تحفظ کی وجہ نہ سمجھا جائے کیونکہ دل، شریانوں اور خون وغیرہ کی بیماریوں کے لاحق ہونے یا نہ ہونے میں اور بھی بہت سے عوامل کو دخل ہوتا ہے جن میں کھانے پینے سے لے کر دیگر معمولاتِ زندگی تک بہت سی چیزیں شامل ہیں تاہم زیادہ پیدل چلنے یا سائیکل چلانے جیسی عادات کا اختیار کرنا مجموعی صحت کےلئے انتہائی مفید ضرور ہے۔

ڈنمارک میں کی گئی تحقیق سے معلوم ہوا کہ 50 سے 65 سال کے وہ لوگ جو کام پر جانے یا محض وقت گزاری کے لیے روزانہ سائیکل چلایا کرتے تھے انہیں بعد کی عمر میں دوسروں کی نسبت دل کے دوروں کا 18 فیصد تک کم سامنا کرنا پڑا۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ روزانہ صرف 4 منٹ سے کچھ زیادہ وقت تک سائیکل چلانے سے بھی صحت کے طویل مدتی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں وہ لوگ جنہوں نے دوسروں سے 5 سال پہلے سائیکل چلانے کا معمول اختیار کیا تھا ان میں دل کے دورے کا خطرہ 25 فیصد تک کم ہوگیا تھا۔

اسی طرز پر سویڈن میں کیے گئے مطالعے سے پتا چلا کہ 40 سے 70 سال تک کے وہ لوگ جو کم از کم 10 سال تک روزانہ کام پر جانے یا وقت گزاری کے لیے سائیکل چلاتے ہیں ان میں موٹاپے کا شکار ہونے کا امکان 15 فیصد تک کم ہوجاتا ہے جب کہ ہائی بلڈ پریشر کا امکان 13 فیصد، کولیسٹرول بڑھنے کا امکان 15 فیصد اور ذیابیطس میں مبتلا ہونے کا خطرہ بھی 12 فیصد تک کم رہ جاتا ہے۔

قبل ازیں ستمبر 2014 میں شائع ہونے والے ایک برطانوی مطالعے میں انکشاف کیا گیا تھا کہ وہ لوگ جو روزانہ سائیکل چلا کر یا پیدل چل کر کام پر جاتے ہیں، وہ اعصابی تناؤ اور ڈپریشن سمیت بہت سی نفسیاتی اور دماغی بیماریوں سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔
 
Top