• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

شراب کی حرمت قرآن کی نظر میں !

T.K.H

مشہور رکن
شمولیت
مارچ 05، 2013
پیغامات
1,121
ری ایکشن اسکور
330
پوائنٹ
156
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

شراب کی حرمت قرآن کی نظر میں !
دورِ حاضر میں یہ دعویٰ بہت زورو شور سے جاری ہے کہ قرآن مجید میں شراب کی حرمت کا کوئی حکم موجود نہیں اور جس چیز کو نام لیکر قرآن مجید میں حرام نہ ٹھیرایا گیا ہو اسے حرمت کے دائرے میں داخل کرنے کا کسی کو حق نہیں ۔
ہمیں خدشہ ہے کہ ہمارا جدید تعلیم یافتہ نوجوان طبقہ اگر ان لوگوں کے پھیلائے ہوئے نظریات سے متاثر ہو گیا تو آنے والی نئی نسل ان کے زیر ِاثر یقیناً کسی فتنے کا موجب بنے گی۔
یہ سوال چونکہ اُن لوگوں کی طرف سے اُٹھایا گیا ہے جو احادیث کو نا قابلِ اعتناء سمجھتےہیں اس لیے ہم مناسب خیال کرتے ہیں کہ اُنکے اِس دعویٰ کو صرف اور صرف قرآن مجید سے ہی باطل ثابت کر کے دکھائیں۔

چناچہ اللہ تعالٰی کا ارشاد ہے کہ :-

يَسْأَلُونَكَ عَنِ الْخَمْرِ وَالْمَيْسِرِ ۖ قُلْ فِيهِمَا إِثْمٌ كَبِيرٌ وَمَنَافِعُ لِلنَّاسِ وَإِثْمُهُمَا أَكْبَرُ مِن نَّفْعِهِمَا ۗ
لوگ آپ سے شراب اور جوئے کا مسئلہ پوچھتے ہیں، آپ کہہ دیجیئے ان دونوں میں بہت بڑا گناه ہے اور لوگوں کو اس سے دنیاوی فائده بھی ہوتا ہے، لیکن ان کا گناه ان کے نفع سے بہت زیاده ہے۔
قرآن، سورت البقرۃ، آیت نمبر 219

اس آیت میں اللہ تعالٰی نے سب سے پہلے شراب اور جوئے کے
اثم کبیر(بہت بڑا گناہ )“ہونے کی طرف اشارہ فرمایا ہےاس کے بعد اسکے کچھ دنیاوی فوائد کی طرف بھی اشارہ کر دیا ہے لیکن اصل بات جواللہ تعالٰی اس آیت مبارکہ کے ذریعے لوگوں کے ذہنوں میں واضح کرنا چاہتے ہیں وہ ہے اسکا گناہ جو دنیاوی منفعت سے کہیں بڑھ کر ہے۔

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَقْرَبُوا الصَّلَاةَ وَأَنتُمْ سُكَارَىٰ
اے لوگو جو ایمان لائے ہو، جب تم نشے کی حالت میں ہو تو نماز کے قریب نہ جاؤ۔

قرآن، سورت النساء، آیت نمبر 43
اس آیت میں بظاہر شراب کا ذکر نہیں ہے لیکن نہایت لطیف انداز میں ایک اُصول سکر(نشہ آور چیز)“کی طرف اشارہ کر دیا گیا ہے کہ جب تم نماز جیسی اہم عبادت کے لیے کھڑے ہو تو نشے کی حالت میں نہ ہو اور ہر شخص بخوبی جانتا ہے کہ نشہ ایک ایسی کیفیت ہے جس میں انسان اپنے ہوش و ہواس میں نہیں رہتا اور ظاہر ہے کہ ایسا نشہخمر(شراب )“میں بھی موجود ہوتا ہےلہذا اگر آ پ اِسسکر(نشہ آور چیز)“ کو بطورِ اُصول لے لیں تو ان میں خمر(شراب )“ آپ سے آپ داخل ہو جائے گی۔

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَيْسِرُ وَالْأَنصَابُ وَالْأَزْلَامُ رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ فَاجْتَنِبُوهُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ ﴿٩٠﴾ إِنَّمَا يُرِيدُ الشَّيْطَانُ أَن يُوقِعَ بَيْنَكُمُ الْعَدَاوَةَ وَالْبَغْضَاءَ فِي الْخَمْرِ وَالْمَيْسِرِ وَيَصُدَّكُمْ عَن ذِكْرِ اللَّهِ وَعَنِ الصَّلَاةِ ۖ فَهَلْ أَنتُم مُّنتَهُونَ ﴿٩١﴾
اے ایمان والو! شراب اور جوا اور بت اور پانسے (یہ سب)ناپاک کام اعمال شیطان سے ہیں سو ان سے بچتے رہنا تاکہ نجات پاؤشیطان تو یہ چاہتا ہے کہ شراب اور جوئے کے سبب تمہارے آپس میں دشمنی اور رنجش ڈلوا دے اور تمہیں خدا کی یاد سے اور نماز سے روک دے تو تم کو (ان کاموں سے)باز رہنا چاہیئے۔

قرآن، سورت المائدۃ، آیت نمبر 91-90

یہ آیت شراب کی حرمت کے بارے میں قطعی ہیں لہذا ہم مزید کہنے کی بجائے اسکے الفاظ کی طرف اشارہ کر دینا ہی کافی سمجھتے ہیں۔چونکہ اس وقت ہمارا موضوع شراب کی حرمت ہے اس لیے اسکے متعلق قرآن مجید نےمندرجہ ذیل الفاظ ارشاد فرمائے ہیں:-


رِجْسٌ
(گندےشیطانی کام)

اس آیت میں مذکور تمام چیزوں کو لفظِرجسسے تعبیر کیا گیا ہےاور رجس چیز کے حرام ہونے کےلیے اسی مضمون میں دیکھیے سورت الانعام، آیت نمبر145

مِّنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ
(شیطانی اعمال سے ہیں)

قرآن مجید کے یہ الفاظ نہایت اہم ہیں ان میں شیطان کے چند اعمال کی طرف اشارہ کیا گیا ہے لہذاجو شخص شراب پیتاہے وہ شیطانی عمل کا مرتکب ہوتا ہےمن عمل الشیطانبعض اعمال کی طرف اشارہ کرتے ہیں اور آپ قرآن مجید میں شیطان کے مزید اعمال بھی ملاحظہ کر سکتے ہیں مثلاً کفرو شرک کرنا، جادو کرنا، دھوکا دینا، وسوسے ڈالنا، برے اور بے حیائی کے کاموں کی ترغیب دیناوغیرہ اور انہی اعمال کو کرنے کا شیطان حکم دیتا ہے۔اس متعلق قرآن مجید کی مندرجہ ذیل آیات پیشِ خدمت ہیں۔

وَلَا تَتَّبِعُوا خُطُوَاتِ الشَّيْطَانِ ۚ إِنَّهُ لَكُمْ عَدُوٌّ مُّبِينٌ ﴿١٦٨﴾ إِنَّمَا يَأْمُرُكُم بِالسُّوءِ وَالْفَحْشَاءِ
اور شیطان کے بتائے ہوئے راستوں پر نہ چلو وہ تمہارا کھلا دشمن ہے تمہیں بدی اور فحش کا حکم دیتا ہے۔

قرآن، سورت البقرۃ، آیت نمبر 168-169

الشَّيْطَانُ يَعِدُكُمُ الْفَقْرَ وَيَأْمُرُكُم بِالْفَحْشَاءِ ۖ
شیطان تمہیں فقیری سے دھمکاتا ہے اور بےحیائی کا حکم دیتا ہے۔

قرآن، سورت البقرۃ، آیت نمبر 268

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَتَّبِعُوا خُطُوَاتِ الشَّيْطَانِ ۚ وَمَن يَتَّبِعْ خُطُوَاتِ الشَّيْطَانِ فَإِنَّهُ يَأْمُرُ بِالْفَحْشَاءِ وَالْمُنكَرِ ۚ
ایمان والو! شیطان کے قدم بقدم نہ چلو جو شخص شیطانی قدموں کی پیروی کرے تو وه تو بےحیائی اور برے کاموں کا ہی حکم کرے گا۔

قرآن، سورت النور، آیت نمبر 21

دیکھا آپ نے کہ شیطان لوگوں کو
منکر(برے کام)“ اور فواحش(بے حیائی)“ کا حکم دیتا ہے تو معلوم ہواکہ یہ اسکا عمل ہے اور آپ سورت المائدۃ، آیت نمبر 90 کے تحت دیکھ چکے ہیں کہ شراب، جوا، آستانے اور پانسے بھی شیطانی اعمال ہیں لہذا ثابت ہوا کہ یہ اعمال بھی منکر اور فواحشکے زمرےمیں آتے ہیں اور سورت الاعراف، آیت نمبر 33 کے مطابق فواحشبھی محرمات میں شامل ہیں۔

فَاجْتَنِبُوهُ
(ان سے بچ کر رہو)، لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ (شائد کہ تم فلاح پاؤ)


ان الفاظ میں لفظِ
فلاح خاص طور پر قابلِ غور ہے اور یہ اس صورت ممکن ہے جب مذکورہ بالا چیزوں سے مکمل اجتناب کیا جائے اور یہ بات بالکل بدیہی ہے کہ اجتناب نہ کرنے کی صورت میں یہخسران میں بدل جائےگاجو فلاح کی ضد ہے۔اس تصریح کے بعد کوئی بھی دانشمند فلاح کے مقابلے میں خسران کو ترجیح نہیں دے سکتا۔

أَن يُوقِعَ بَيْنَكُمُ الْعَدَاوَةَ وَالْبَغْضَاءَ
(کہ شراب اور جوئے کے ذریعہ سے تمہارے درمیان عداوت اور بغض ڈال دے)

اس بات کو سمجھنا بھی کوئی مشکل نہیں کہ اکثر لڑائی جھگڑے، دنگا فساد حتٰی کہ قتل و غارت کی جڑ شراب اور جوا ہی ہوتاہے۔یہی چیزیں ایک مہذب معاشرے میں لوگوں کے درمیان عداوت اور بغض کو جنم دیتی ہیں۔

وَيَصُدَّكُمْ عَن ذِكْرِ اللَّهِ وَعَنِ الصَّلَاةِ
(اور تمہیں خدا کی یاد سے اور نماز سے روک دے)

ان الفاظ سے یہ بات بالکل عیاں ہے کہ شیطان کا اصل مقصد مسلمانوں کو اللہ کے ذکر اور نماز سے روک دینا ہے ۔ نماز اور ذکر اللہ کے ساتھ شراب جیسی رجس چیز کا تصور بھی نا ممکن ہے۔ذکر اللہ اور نماز چھوڑ دینے پر قرآن مجید میں بہت مقامات پر وعیدیں سنائی گئی ہیں اور نماز قائم کرنے والا شراب کے قریب جا بھی کیسے سکتا ہے جبکہ قرآن مجید کا واضح ارشاد ہے کہ :-

وَأَقِمِ الصَّلَاةَ ۖ إِنَّ الصَّلَاةَ تَنْهَىٰ عَنِ الْفَحْشَاءِ وَالْمُنكَرِ ۗ وَلَذِكْرُ اللَّهِ أَكْبَرُ ۗ
اور نماز قائم کرو، یقیناً نماز فحش اور بُرے کاموں سے روکتی ہے اور اللہ کا ذکر اس سے بھی زیادہ بڑی چیز ہے۔

قرآن، سورت العنکبوت، آیت نمبر 45

اس آیت سے بھی اشارہ نکلتا ہے کہ شراب پینے والا نماز کے قریب نہیں جا سکتا اور نماز قائم کرنے والا شراب کے نزدیک نہیں جا سکتا گویا شراب اور نما ز کا کسی ایمان دار شخص میں جمع ہونا نا ممکن ہے۔


فَهَلْ أَنتُم مُّنتَهُونَ
(پھر کیا تم ان چیزوں سے باز رہو گے؟)

جو کچھ اوپر بیان ہو چکا ہے اسکے بعد مزید کسی وضاحت کی ضرورت بظاہر محسوس نہیں ہوتی تھی لیکن پھر بھی اللہ رب العزت نے مندرجہ بالا الفاظ فرما کر بات کو ہر لحاظ سے مکمل کر دیا۔قرآن مجید کے اس اسلوب سے کوئی یہ نہ سمجھ لے کہ یہاں قرآن سوالیہ انداز میں مسلمانوں سے پوچھ رہا ہے کہ باز آتے ہویا نہیں ؟ بلکہ اسکا صحیح مطلب یہ ہے کہ اب جبکہ تم شراب ، جوا،آستانے اور پانسےکے جسمانی و روحانی نقصانات سے واقف ہو چکے ہو تو اب تمہارے لیے صحیح رویہ یہی ہے کہ ان چیزوں سے مکمل اجتناب کر و۔ یہ ایسا ہی اسلوب ہے جیسا کہ قرآن مجید میں اللہ تعالٰی نے حضرت داؤدعلیہ السلام کو زرہ بنانے کا فن سکھانے کے بعدانکوشکر بجا لانے کی ہدایت فرمائی تھی۔

وَعَلَّمْنَاهُ صَنْعَةَ لَبُوسٍ لَّكُمْ لِتُحْصِنَكُم مِّن بَأْسِكُمْ ۖ فَهَلْ أَنتُمْ شَاكِرُونَ ﴿٨٠﴾
اور ہم نے اُس کو تمہارے فائدے کے لیے زرہ بنانے کی صنعت سکھا دی تھی، تاکہ تم کو ایک دُوسرے کی مار سے بچائے، پھر کیا تم شکر گزار ہو؟

قرآن، سورت الانبیاء، آیت نمبر 80

قُل لَّا أَجِدُ فِي مَا أُوحِيَ إِلَيَّ مُحَرَّمًا عَلَىٰ طَاعِمٍ يَطْعَمُهُ إِلَّا أَن يَكُونَ مَيْتَةً أَوْ دَمًا مَّسْفُوحًا أَوْ لَحْمَ خِنزِيرٍ فَإِنَّهُ رِجْسٌ أَوْ فِسْقًا أُهِلَّ لِغَيْرِ اللَّهِ بِهِ ۚ فَمَنِ اضْطُرَّ غَيْرَ بَاغٍ وَلَا عَادٍ فَإِنَّ رَبَّكَ غَفُورٌ رَّحِيمٌ ﴿١٤٥﴾
اے محمدﷺ! ان سے کہو کہ جو وحی تمہارے پاس آئی ہے اس میں تو میں کوئی چیز ایسی نہیں پاتا جو کسی کھانے والے پر حرام ہو، الا یہ کہ وہ مُردار ہو، یا بہایا ہوا خون ہو، یاسور کا گوشت ہو کہ وہ ناپاک ہے، یا فسق ہو کہ اللہ کے سوا کسی اور کے نام پر ذبح کیا گیا ہو پھر جو شخص مجبوری کی حالت میں (کوئی چیز اِن میں سے کھا لے) بغیر اس کے کہ وہ نافرمانی کا ارادہ رکھتا ہو اور بغیر اس کے کہ وہ حد ضرورت سے تجاوز کرے، تو یقیناً تمہارا رب در گزر سے کام لینے والا اور رحم فرمانے والا ہے۔

قرآن، سورت الانعام، آیت نمبر 145

اس آیت میں اللہ تعالٰی نےمردار، بہایا ہوا خون اور سور کے گوشت کو لفظِ
رجس سے تعبیر فرماکراسکی حرمت کی تصریح کر دی۔لہذا معلوم ہوا کہ سورۃ المائدۃ، آیت نمبر 90 کے تحت شراب ، جوا ، آستانے اور پانسےبھی رجس میں داخل ہیں جو انکی حرمت کی واضح دلیل ہے۔

قُلْ إِنَّمَا حَرَّمَ رَبِّيَ الْفَوَاحِشَ مَا ظَهَرَ مِنْهَا وَمَا بَطَنَ وَالْإِثْمَ وَالْبَغْيَ بِغَيْرِ الْحَقِّ وَأَن تُشْرِكُوا بِاللَّهِ مَا لَمْ يُنَزِّلْ بِهِ سُلْطَانًا وَأَن تَقُولُوا عَلَى اللَّهِ مَا لَا تَعْلَمُونَ ﴿٣٣﴾
اے محمدﷺ، اِن سے کہو کہ میرے رب نے جو چیزیں حرام کی ہیں وہ تو یہ ہیں: بے شرمی کے کام خواہ کھلے ہوں یا چھپے اور گناہ اور حق کے خلاف زیادتی اور یہ کہ اللہ کے ساتھ تم کسی کو شریک کرو جس کے لیے اُس نے کوئی سند نازل نہیں کی اور یہ کہ اللہ کے نام پر کوئی ایسی بات کہو جس کے متعلق تمہیں علم نہ ہو کہ وہ حقیقت میں اسی نے فرمائی ہے۔

قرآن، سورت الاعراف، آیت نمبر 33

اس آیت میں لفظ
الاثمکو بھی محرمات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جبکہ سورۃ البقرۃ ، آیت نمبر219 میں شراب اور جوئے کو الاثم نہیں بلکہ اثم کبیرکہا گیا ہے۔ لہذا اگر ان دونوں آیات کا جائزہ لیا جائے تو شراب کی حرمت میں کوئی اشکال باقی نہیں رہتا۔

وَالَّذِينَ يَجْتَنِبُونَ كَبَائِرَ الْإِثْمِ وَالْفَوَاحِشَ وَإِذَا مَا غَضِبُوا هُمْ يَغْفِرُونَ ﴿٣٧﴾
جو بڑے بڑے گناہوں اور بے حیائی کے کاموں سے پرہیز کرتے ہیں اور اگر غصہ آ جائے تو درگزر کر جا تے ہیں۔

قرآن، سورت الشورٰی، آیت نمبر 37

الَّذِينَ يَجْتَنِبُونَ كَبَائِرَ الْإِثْمِ وَالْفَوَاحِشَ إِلَّا اللَّمَمَ ۚ
جو بڑے بڑے گناہوں اور کھلے کھلے قبیح افعال سے پرہیز کرتے ہیں، الا یہ کہ کچھ قصور اُن سے سرزد ہو جائے۔

قرآن، سورت النجم، آیت نمبر 32

اللہ تعالٰی نے ان آیات میں اپنے پسندیدہ بندوں کی تعریف فرماتے ہوئے انکے
کبائرالاثمسے اجتناب کو خصوصی طو رپر ذکر فرمایا ہے۔اگر ہم غور کریں تو کبائرالاثماور اثم کبیرمیں کوئی خاص فرق نہیں نظر آتا اس لحاظ سے اگر دیکھا جائے تو شراب کبائرالاثممیں یقیناً شامل ہےاور کبائرالاثمکی حلت کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

قارئین کرام ! یہ ہے شراب کی حرمت قرآن کی نظر میں آپ نے ملاحظہ کر لیا کہ ہم نے صرف اور صرف قرآن مجید سے شراب کی حرمت کا ثبوت فراہم کیا ہے اور اس ضمن میں کسی بھی روایت کا سہارا نہیں لیا ورنہ حقیقت یہ ہے کہ وہ احادیث جو شراب کی حرمت میں قرآن مجید سے پوری طرح مطابقت رکھتی ہیں انکو بھی پیش کیا جاسکتا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ کوئی کم سواد قرآن مجید کے
تبیانا لکل شئی والے دعویٰ کو پیش کر کے اعتراض کرے کہ اگر قرآن مجید میں شراب حرام ہوتی تو اسکا نام ضرور لیا جاتا چونکہ اب معاملہ ایسا نہیں ہے تو کسی کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ اسکو حرام کہا جائے۔ مگر یہ اعتراض ایسا ہی ہے جیسےکوئی کہے کہ قرآن مجید میں چرس، بھنگ، کتا ، بلی ، شیر، چیتا، ہاتھی ، بندر وغیرہ کو نام لیکر حرام نہیں ٹھیرایا گیا لہذا انکی حرمت کا بھی دعویٰ نہیں کیا جا سکتا۔

مگر ان حضرات کو معلوم ہونا چاہیے کہ قرآن مجید اگر ان سب چیزوں کو نام لیکر حرام قرار دینا شروع کر دے تو اسکے لیے قرآن مجید کے پورے تیس پارے بھی ناکافی ہو جائیں ۔اس لیے قرآن مجید نے حلال و حرام کےاُصول مقرر کر دیے ہیں تاکہ ان کی روشنی میں حلال و حرام کا فیصلہ کیا جاسکے۔
 
Top