• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

شہر رسول میں قرآن کریم نمائش ، تعارف اور دعوت زیارت

خضر حیات

علمی نگران
رکن انتظامیہ
شمولیت
اپریل 14، 2011
پیغامات
8,773
ری ایکشن اسکور
8,472
پوائنٹ
964
شہر رسول میں قرآن کریم نمائش ، تعارف اور دعوت زیارت

حرمین شریفین وہ مقدس سرزمین ہے جسے حضور صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے اصحاب کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی قدم بوسی کا شرف حاصل ہے ، اس کے درو دیوار نزول وحی کےگواہ اور اس کی عملی تطبیق کی پہلی تربیت گاہ ہیں ، یہاں سے اسلام شروع ہوا ، پوری دنیا میں پھیلا ، اور یہیں پر آکر سمٹ جائے گا ۔ مارِزِ ایمان شہر ِرسول میں زائرین کرام کی دینی و تاریخی ، علمی و تربیتی رہنمائی کے لیے مختلف قسم کے انتظامات ہیں ، مسجد نبوی کےارد گرد موجود نمائشوں اور میوزیمز کا انعقاد اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے ، اس علمی و ثقافتی زنجیر کا اہم حلقہ’ قرآن کریم نمائش ‘ ہے ، جس کا مختصر تعارف ذیل میں موجود ہے۔
قرآن کریم نمائش کا تعارف
افتتاح اور محل وقوع : اس نمائش کا افتتاح 2015 بمطابق 1435 کو ہوا،یہ مسجد نبوی کے جنوبی طرف پانچ نمبر گیٹ پر واقع ہے ، مسجد نبوی کے صحن میں کھڑے ہو کر اگر آپ اس طرح قبلہ رخ ہوں کہ باب السلام آپ کے بائیں جانب ہو ، تو صحن کی حدود سے متصل عمارتوں میں سے ایک ہلکی سرخ عمارت پر آپ کو ’ معرض القرآن الکریم ‘ کا بورڈ آویزاں نظر آئے گا ۔ یہ بورڈ بالکل درمیان میں ہے ، نمائش کے لیے داخل ہونے کا دروازہ اس سے دائیں طرف ، جبکہ نکلنے کا دروازہ بائیں طرف ہے ۔
اہداف و مقاصد: اس نمائش کا اجمالی ہدف تو جدید وسائل و ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے قرآنِ کریم ، فرقان ِحمید کا تعارف ہے ، البتہ اس اجمال کی تفصیل میں درج ذیل اہداف بیان کیے جاسکتے ہیں : لوگوں کو قرآن کریم کی تعلیم و تعلم کی طرف دعوت دینا ، کتاب الہی کی عظمت و اہمیت کو قلوب و اذہان میں اجاگر کرنا ، لوگوں کو تاریخ قرآن سے روشناس کروانا ، قرآن کریم سے متعلق جدید وسائل و ذرائع پیش کرنا، خدمت قرآن میں ملک سعودی عرب کی خدمات کو نمایاں کرنا۔
قرآن کریم نمائش چھوٹے بڑے بارہ ہالز پر مشتمل ہے جن کا مختصر تعارف درج ذیل ہے :
استقبالیہ: جہاں زائرین کرام کو خوش آمدید کہا جاتا ہے ، زائرین کی تعداد ، زبان کے متعلق معلومات حاصل کرکے متعلقہ راہنما فراہم کیا جاتا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ نمائش میں کتنے وقت میں اور کون کون سی معلومات فراہم کی جائیں ۔ اسی طرح نمائش کو بنانے کے اہداف و مقاصد واضح کیے جاتے ہیں ، تاکہ زائرین ان امور پر توجہ رکھیں اور زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکیں ۔
بڑی شخصیات اور وی آئی پیز کے استقبال کے لیے الگ سے ایک جگہ بھی مخصوص ہے ۔
خبرِ عظیم: قرآن کریم کو ’ النبأ العظیم ‘ یعنی ’ عظیم خبر ‘ بھی قرار دیا گیا ہے ، نمائش کا دوسرا ہال اسی نام سے موسوم ہے ، جس میں قرآن کریم کے متعلق ابتدائی معلومات ، فضائل و خصائص ، اس عظیم کتاب کے مختلف نام بتائے جاتے ہیں ، اور دیگر آسمانی کتابوں کا تعارف اور قرآن کریم کے ساتھ ان کا تعلق واضح کیا جاتا ہے ۔
اعجازِ قرآن: یہاں دیدہ زیب تختیوں ، ویڈیو ، کی شکل میں قرآنی آیات ، احادیث رسول ، اوردیگر ذرائع سے قرآن کریم کے معجزہ ہونے کی وضاحت کی گئی ہے ۔ اسی ہال میں ایک طرف دیوار پر نصب مختلف سکرینز کے ذریعے زائرین اپنے تعلق بالقرآن کا جائزہ بھی لے سکتے ہیں ، کمپیوٹر آپ سے قرآن کریم کے متعلق چند سوالات پوچھے گا ، مکمل ہونے پر آپ کا نام اور ای میل ایڈریس طلب کیا جائے گا ، تاکہ آپ کا رزلٹ ارسال کیا جاسکے ۔
تاریخِ قرآن: تیسرا ہال قرآن کریم کی تاریخ سے متعلق ہے ، جس میں نزول وحی کی ابتدا ، اس کی مختلف صورتیں ، انقطاع وحی کے قصص و واقعات درج ہیں ، اور یہیں پر جمع و تدوین قرآن کے متعلق معلومات بھی فراہم کی جاتی ہیں کہ عہدی نبوی ، اور عہد صحابہ میں قرآن کریم کی کتابت و تدوین کے سلسلے میں کیا جہود سرانجام دی گئیں ،قرآن کریم پر اعراب ( زبر زیر پیش ) ، اور نقطے وغیرہ کب لگائے گئے ، یہ سب کچھ ایک چارٹ کے ذریعے تفصیل سے سمجھایا جاتا ہے ۔ یہیں پر ایک مستند ’ خطاطِ قرآن ‘ بھی موجود ہیں ، جنہیں کتابت کرتے ہوئے ملاحظہ بھی کیا جاسکتا ہے ، اور اس کے متعلق فنی معلومات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں ۔
حفاظتِ قرآن : قرآن کریم کی حفاظت کا ذمہ تو اللہ نے لیا ہوا ہے، لیکن عملی طور پر اس کے ذرائع کیا رہے ؟ قرآن کریم انسانوں نے ’ صدور‘ یعنی سینوں اور ’سطور ‘ یعنی ’ کتابوں‘ میں محفوظ کیا۔ اس ہال میں قرآن کریم کی کتابی شکل میں حفاظت کے نمونوں کے طور پر تین درجن سے زائد’ مصاحف ‘ہیں ، جن میں ڈیڑھ سو سے لیکر ساڑھے نو سو سال تک کے قدیم مصاحف موجود ہیں ۔
ترتیلِ قرآن : اس ہال میں نمائش کا سب سے بڑا قرآن کریم کا نسخہ سجایا گیا ہے ، جس کا وزن ایک سو چون (154) کلو ہے ، جس کی تاریخ کتابت 1240 هـ بتائی جاتی ہے۔یہاں مختلف چارٹس اور کمپیوٹرسکرینز کے ذریعے ترتیل و تجوید قرآن ، اور قراءت کے متعلق معلومات فراہم کی گئی ہیں ،یہیں پر آپ سعودی عرب بلکہ پورے عالم اسلام کے مشہور قرآء کرام کے خوبصورت اَلحان میں تلاوت ِقرآنِ عظیم بھی سماعت کرسکتے ہیں ۔
گولڈن ہال : حفاظت قرآن والے ہال کا ہی ایک حصہ ہے ، البتہ اس میں خصوصیت یہ ہے کہ یہاں قرآن کریم کے کئی ایک ایسے نادر نسخے ہیں ، جو یا تو مکمل سونے کے پانی سے تحریر کیے گئے ہیں ، یا ان میں آیات کی علامت ، لفظہ جلالہ ، بسم اللہ الرحمن الرحیم ، اور صفحات کی تزئین و آرائش سونے کے پانی سے کی گئی ہے ۔ یہیں پر آپ کو مختلف قراءت و روایات میں مکتوب قرآن کریم کے سیکڑوں سال پرانے نسخے بھی دیکھنے کو ملیں گے ۔ اس ہال کے ایک زاوے میں خدمت قرآن کا ایک نمونہ ، بیش قیمت الماری کی شکل میں موجود ہے ، جو ان الماریوں میں سے ایک ہے ، جو آج سے تقریبا ایک سو دس سال پہلے خلافت عثمانیہ میں مصر کے گورنر خدیوی توفیق کی بیگم کی طرف سے مدینہ منورہ بھجوائی گئی تھیں ۔
تفسیر و تدبرِ قرآن: اس ہال میں تفسیر و تدبر قرآن کا معنی و مفہوم ، طریقہ کار ، اہمیت و فضیلت واضح کرتے ہوئے ، خیر القرون کے مشہور مفسرین کے تعارف کے ساتھ ، ایک عام انسان کے لیے فہم قرآن کے لیے جو تفاسیر و ممد و معاون ثابت ہوسکتی ہیں ، ان کا بھی ذکر کردیا گیا ہے ،
پینوراماہال: اس میں ایک مختصر ویڈیو پیش کی جاتی ہے ، جس میں اسلام سے قبل اور بعد کے حالات کا تصور پیش کرنے کی سعی کی گئی ہے ، تاکہ نزول قرآن اورطلوع اسلام کی برکات کو محسوس کیا جاسکے ، زائر کو اندازہ ہو کہ اسلام اور قرآن اگر نہ ہوتے تو ہماری زندگی کیسی ہوتی ہے ؟ اور اگر یہ نعمتیں ہمارے پاس ہیں تو ان کے مطابق اب ہمیں کیسی زندگی گزارنی چاہیے۔
ٹیکنیکل ہال: اس مختصر ہال میں دیوار کے ساتھ کئی ایک کمپیوٹر نصب کیے گئے ہیں ، جن میں قرآن کریم کے تعلیم و تعلم ، ترجمہ و تفسیر کے حوالے سے کی جانے والی جہود اور کاوشوں کو جمع کردیا گیا ہے ، تاکہ اگر کوئی زائر موبائل یا کمپیوٹر کے ذریعے آن لائن یا آف لائن قرآن کریم سیکھنا ، پڑھنا ، سننا چاہے تو اسے کسی قسم کی رہنمائی کی کمی یا قلت مواد کا مسئلہ درپیش نہ ہو ، یہاں ساتھ کیو آر کوڈ بھی درج ہے ، جس کی مدد سے سافٹ ویئر ، ایپلی کیشن یا دیگر مواد باآسانی حاصل کیا جاسکتا ہے ۔
تربیتی ہال: اس ہال میں مختلف دیدہ زیب تختیوں اور کمپیوٹر سکرینز کے ذریعے اس طرح کی معلومات پیش کی گئی ہیں ، جن کی مدد سے ایک انسان خود اپنی ، اورگھر کے چھوٹے بڑے افراد کی تعلق بالقرآن کے حوالے سے تربیت کرسکتا ہے ۔ یہاں مختلف عمر کے افراد کی مثالیں پیش کی گئی ہیں ، جنہوں نے حفظ قرآن یا قراءات اور علوم قرآن حاصل کرنے کے لیے محنت اور کوشش کی ، تاکہ یہ چیزیں زائرین کو قرآن کریم سے قریب کرنے اور اس کو سیکھنے کا محرک ثابت ہوں ۔
عصر حاضر میں خدمت قرآن : شاہ فہد قرآن کمپلیکس ، خدمت ِقرآن کا اپنی نوعیت کا ایک اعلی اور شاندار منصوبہ ہے ، مدینہ منورہ میں موجود اس ادارے کو خدمات سر انجام دیتے ہوئے تقریبا پینتیس سال ہوچکے ہیں ، اس ہال میں اسی کا مختصر تعارف پیش کیا گیا ہے ،کمپلیکس کے تحت چھپنے والے قرآن کریم کتابت کے کن مراحل سے گزرتے ہیں ، یہ باقاعدہ ایک چارٹ کے ذریعے سمجھایا جاتا ہے ،اب تک قرآن کمپلیکس کی ’ قرآنی مطبوعات‘ کے نسخے بھی ایک شوکیس میں سلیقے سے سجائے ہوئے ہیں ۔ ساتھ ہی ایک طرف دیوار میں نصب سکرین پر اس کمپلیکس کے تعارف پر مبنی ویڈیو چل رہی ہوتی ہے ۔
الوداعی ہال: یہاں چند کمپیوٹر سکرینیں نصب ہیں ، جن پر نمائش کے سوشل میڈیا پیجز سیٹ کیے گئے ہیں ، زائرین یہاں اپنے تاثرات تحریر کرسکتے ہیں ، جو نگرانی کے مراحل سے گزر کرسب کے لیے اوپن کردیے جاتے ہیں ، اس کے علاوہ انہیں سکرینز کی مدد سے ایک مختصر سا فارم فل کرنے کو بھی پیش کیا جاتا ہے ، جس میں نمائش کے وزٹ کے متعلق چند ایک سوال پیش کیے جاتے ہیں ۔
شاپنگ سنٹر: یہاں سے زائرین ، قرآن کریم یا اس نمائش سے متعلق لٹریچر خرید سکتے ہیں ، جہاں مختلف زبانوں میں قرآن کریم کا ترجمہ و تفسیر ، نمائش کی سی ڈیز، بابا سلام ، اور پن قرآن جیسی چیزیں دستیاب ہیں ۔
الغرض یہ اربوں روپے کی لاگت سے تیار کی گئی جدید وسائل سے بھرپور ایک تعلیمی ، تربیتی ،معلوماتی اور روحانی نمائش ہے ، جس میں ہزاروں کتابوں ، اور لاکھوں انسانوں کی محنتوں کا خلاصہ مکمل مہارت کے ساتھ چند منٹوں میں پیش کردیا جاتا ہے ، یہاں کوئی پتہ نہیں ، کس لمحے ، کس مصحف ، کس آیت ، یا حدیث ، یا تلاوت قرآن کی کسی پرتاثیر آواز سے ، قلوب و اذہان پر سالوں سے چڑھے قفل ایک لمحہ میں کھل جائیں ، مدتوں سے زنگ کی چڑھی تہیں یہاں روزانہ آنسووں سے دھل رہی ہوتی ہیں ، دلوں کی بنجر زمینیں یہاں قرآن کریم سے سیراب ہوتی نظر آتی ہیں ، روحانی بیمار یہاں قرآنی رحمت و شفا سے فیض یاب ہوتے ہیں ، وہ جنہوں نے قرآن اور فہم قرآن کے نام پر عرصے سے انکارِ حدیث و قراءات کے جراثیم دل میں پالے ہوتے ہیں ، وحی الہی کی حفاظت کے عملی انتظامات دیکھ کر حلاوتِ ایمان و ایقان محسوس کرتے نظر آتے ہیں ۔یہ نمائش قرآن وسنت کے متوالوں کی طرف سے ان نام نہاد دانشوروں کے لیے دعوت غور فکر پیش کرتی ہے ، جو قرآن کا نام لیکر لوگوں کو صاحب قرآن کے پیغام سے دور کرنے کی سعی لاحاصل میں مصروف ہیں ۔ یہ نمائش زائر کے دل میں قرآن کریم سے شعوری محبت پیدا کرتی ہے ، یہ فہم ِقرآن کا ذوق ، اور قرآن کی نبوی تفسیر جاننے کا شوق پیدا کرتی ہے ، یہ دلوں کے اندر امت محمدیہ کی اس عظمت اور فضیلت کو اجاگر کرتی ہے ، جو دیگر امتوں کو حاصل نہ ہوسکی ، کہ پہلوں نے اپنی شریعتوں میں تغیر و تبدل کیا، لیکن اس امت میں اللہ نے ایسے افراد پیدا کیے ، جو آج تک وحی الہی کے محافظ ہیں ، اور جب تک اللہ نے چاہا یونہی یہ فریضہ سرانجام دیتے رہیں گے ۔
اب تک اس نمائش کی زیارت کرنے والوں کی تعداد دو ملین سے متجاوز ہوچکی ہے ، جس میں اطراف و اکناف عالم سے آنے والے عام زائرین بھی ہیں ، اور مختلف ممالک کے حکومتی عہدیداران ،بڑی بڑی جامعات و مدارس کے ذمہ داران ، اساتذہ پروفیسرز ، میڈیا ، صحافت ، تجارت ، صنعت ،اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات بھی شامل ہیں ۔
نمائش میں زائرین کی بہترین رہنمائی کے لیے عربی ، انگلش ، اردو ، بنگلہ ،انڈویشی ، ترکی وغیرہ زبانوں میں گفتگو کی اہلیت رکھنے والے ، نمائش سے متعلقہ امور کے ماہرین اور گائیڈز ہر وقت موجود رہتے ہیں ۔ زائرین کی کثرت کے سبب بعض اوقات بہت زیادہ رش ہوجاتا ہے ، لیکن اگر رابطہ نمبرز کے ذریعے پہلے سے وقت لے کر آئیں ، تو اس زحمت سے بچا جاسکتا ہے ۔
ویب سائٹ : http://www.alquranalkarim.net
فیس بک : https://www.facebook.com/Exhurdu
ٹویٹر: https://twitter.com/HolyQuranExb
موبائل نمبر: +966 54 478 0969(عربی ، انگلش ) +966 55 172 9187 ( اردو )
 
Last edited:
Top