• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

عدالت صحابہ کتاب وسنت کی روشنی میں

شمولیت
مئی 31، 2017
پیغامات
21
ری ایکشن اسکور
11
پوائنٹ
36
عدالت صحابہ کرام کتاب وسنت کی روشنی میں

تحریر : ابو نعمان محمد ارسلان الزبیری

عدالت صحابہ اہل سنت کے نزدیک اعتقادی مسئلہ ہے یا یوں کہیے کہ ضروریات دین میں سے ہے۔
وہ اپنے اس عقیدہ پر کتاب و سنت سے کئی دلائل رکھتے ہیں۔ ملاحظہ ہوں:
قرآنی دلائل
١۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
لَقَدْ رَضِیَ اللّٰہُ عَنِ الْمُؤْمِنِینَ إِذْ یُبَایِعُونَکَ تَحْتَ الشَّجَرَۃِ فَعَلِمَ مَا فِي قُلُوبِہِمْ فَأَنْزَلَ السَّکِینَۃَ عَلَیْہِمْ وَأَثَابَہُمْ فَتْحًا قَرِیبًا . (الفتح : ١٨)
''اللہ تعالیٰ درخت کے نیچے آپ کی بیعت کرنے والے مؤمنوں سے راضی ہو گیا۔ اللہ تعالیٰ ان کے باطن کی عدالت و طہارت سے بخوبی واقف ہے، اس نے انہیں اطمینان و سکون نصیب کیااور عنقریب فتح سے ہمکنار بھی کرے گا۔''
سیدنا جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں:​
وکنا ألفا واربع مائۃ .
''اس وقت ہم چودہ سو افراد تھے۔''(صحیح البخاري : ٤١٥٤)

اس آیت سے واضح ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی عدالت بیان کی۔ دل کی خبر صرف اللہ ہی دے سکتا اور یہ باطن کی تعدیل ہے۔ تب ہی اللہ تعالیٰ نے ان سے راضی ہونے کا اعلان فرمایا ہے۔
علامہ ابن حجر ہیتمی کہتے ہیں:​
وَمن رَضِی اللہ عَنہُ تَعَالٰی لَا یُمکن مَوتہ علی الْکفْر لِأَن الْعبْرَۃ بالوفاۃ علی الْإِسْلَام فَلَا یَقع الرِّضَا مِنْہُ تَعَالٰی إِلَّا علی من علم مَوتہ علی الْإِسْلَام .
'' اللہ تعالیٰ جس سے اپنی رضا کا اعلان کردے، وہ کفر پر فوت نہیں ہوسکتا۔ لہٰذااللہ کی رضا اسی کے لیے ہوگی، جو اللہ کے علم میں اسلام پر فوت ہوگا، کیوں کہ اعتبار خاتمے کا ہوتا ہے۔''(الصواعق المحرقۃ علی اہل الرفض والضلال والزندقۃ : ٢/٦٠٥)
اس کی تائید اس نبوی فرمان سے ہوتی ہے:​
لَا یَدْخُلُ النَّارَ، إِنْ شَاء َ اللہُ، مِنْ أَصْحَابِ الشَّجَرَۃِ أَحَدٌ، الَّذِینَ بَایَعُوا تَحْتَہَا .
'' اللہ نے چاہا تودرخت کے نیچے بیعت کرنے والوں میں سے کوئی بھی جہنم میں نہیں جائے گا۔'' (صحیح مسلم :٢٤٩٦)
شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں:​
والرضی من اللہ صفۃ قدیمۃ فلا یرضی إلا عن عبد علم أنہ یوافقہ علی موجبات الرضی ومن رضی اللہ عنہ لم یسخط علیہ أبدا.....فکل من أخبر اللہ أنہ رضی عنہ فإنہ من أہل الجنۃ وإن کان رضاہ عنہ بعد إیمانہ وعملہ الصالح فإنہ یذکر ذلک في معرض الثناء علیہ والمدح لہ فلو علم أنہ یتعقب ذلک ما یسخط الرب لم یکن من أہل ذلک .
'' رضا'' اللہ تعالی کی صفت ِ قدیمہ ہے۔ وہ اسی سے راضی ہوتا ہے، جو اس کے علم میں رضا کے تقاضوں کو پورا کرے گا۔ راضی ہونے کے بعد کبھی اس سے ناراض نہیں ہوگا۔... اللہ تعالی نے جس کے متعلق اپنی رضا کی خبردے دی، وہ پکا جنتی ہے۔ قبولِ ایمان اور عمل صالح کے بعد اللہ کی رضا ہو تو یہ مدح و ثنا ہے۔نیز معلوم ہوجائے کہ اس نے رضا کے بعدایسی معصیت کا ارتکاب کیا، جو اللہ کی ناراضی کا موجب ہو ،تو وہ ا س مدح کا اہل نہیں ہو گا۔'' (الصارم المسلول علی شاتم الرسول، ص ٥٧٢۔٥٧٣)

علامہ ابن حزم رحمہ اللہ فرماتے ہیں:​
فَمن أخبرنَا اللہ عز وَجل أَنہ علم مَا فِي قُلُوبہم رَضِی اللہ عَنْہُم وَأنزل السکینَۃ عَلَیْہِم فَلَا یحل لأحد التَّوَقُّف فِي أَمرہم وَلَا الشَّک فیہم الْبَتَّۃَ .
'' اللہ تعالی نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ایمان کی خبر دی ، وہ ان سے راضی ہو ا اور ان پر تسکین نازل کی،ان کے ایمان میں ذرا برابر شک یا توقف کی گنجائش نہیں۔ '' (الفصل في الملل والاہواء والنحل: ٤/١٤٨)
٢۔فرمان الٰہی ہے:
مُحَمَّدٌ رَسُولُ اللّٰہِ وَالَّذِینَ مَعَہُ أَشِدَّاء ُ عَلَی الْکُفَّارِ رُحَمَاء ُ بَیْنَہُمْ تَرَاہُمْ رُکَّعًا سُجَّدًا یَبْتَغُونَ فَضْلًا مِنَ اللّٰہِ وَرِضْوَانًا سِیمَاہُمْ فِي وُجُوہِہِمْ مِنْ أَثَرِ السُّجُودِ ذَلِکَ مَثَلُہُمْ فِي التَّوْرَاۃِ وَمَثَلُہُمْ فِي الْإِنْجِیلِ کَزَرْعٍ أَخْرَجَ شَطْأَہُ فَآزَرَہُ فَاسْتَغْلَظَ فَاسْتَویٰ عَلٰی سُوقِہٖ یُعْجِبُ الزُّرَّاعَ لِیَغِیظَ بِہِمُ الْکُفَّارَ وَعَدَ اللّٰہُ الَّذِینَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ مِنْہُمْ مَغْفِرَۃً وَأَجْرًا عَظِیمًا .(الفتح : ٢٩)
''محمد( صلی اللہ علیہ وسلم) اللہ کے رسول ہیں ۔ آپ کے ساتھی(صحابہ کرام رضی اللہ عنہم) کفار پر انتہائی سخت اور آپس میں بے حد مہربان ہیں۔ آپ انہیں رکوع و سجدہ کی حالت میں اپنے مالک و مختار کے فضل اور رضا کے متلاشی پائیں گے۔ان کی پیشانیوں پرسجدہ کے نشان ہیں۔ ان کی مثال تورات و انجیل میں اس کھیتی کی مانند ہے، جو انگوریاں نکال کر انہیں مضبوط و گنی کرتی ہے اور تناور ہو جاتی ہے۔ کسان کو بھلی لگتی ہے۔ اللہ تعالی نے ان کے ذریعے کافروں کو غیظ و غضب دلایا ہے۔ نیز اس نے مومنوں اور نیکو کاروں سے مغفرت اور اجر عظیم کا وعدہ کر رکھا ہے۔''
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم دیگر انبیا ورسل علیہم السلام کے اصحاب سے افضل ہیں۔ امت محمدیہ کی آسمانی کتابوں میں عظمت بیان ہوئی ہے اور اس امت میں سب سے افضل اورا شرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہیں۔ بلا شبہ اللہ تعالی نے کتب سماوی میں صحابہ کرام کا ذکر ِخیرفرمایا ہے۔ فرمان باری تعالی ہے: [ذَلِکَ مَثَلُہُمْ فِي التَّوْرَاۃِ ....]

علامہ ابن الجوزی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:​
وہذا الوصف لجمیع الصحابۃ عند الجُمہور .
''جمہور مفسرین کے ہاں یہ اوصاف جلیلہ تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں تھے۔''(زاد المسیر : ٤/١٣٨)
٣۔اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
لِلْفُقَرَاء ِ الْمُہَاجِرِینَ الَّذِینَ أُخْرِجُوا مِنْ دِیَارِہِمْ وَأَمْوَالِہِمْ یَبْتَغُونَ فَضْلًا مِنَ اللّٰہِ وَرِضْوَانًا وَیَنْصُرُونَ اللّٰہَ وَرَسُولَہُ أُولئِکَ ہُمُ الصَّادِقُونَ وَالَّذِینَ تَبَوَّء ُوا الدَّارَ وَالْإِیمَانَ مِنْ قَبْلِہِمْ یُحِبُّونَ مَنْ ہَاجَرَ إِلَیْہِمْ وَلَا یَجِدُونَ فِي صُدُورِہِمْ حَاجَۃً مِمَّا أُوتُوا وَیُؤْثِرُونَ عَلَی أَنْفُسِہِمْ وَلَوْ کَانَ بِہِمْ خَصَاصَۃٌ وَمَنْ یُوقَ شُحَّ نَفْسِہِ فَأُولَئِکَ ہُمُ الْمُفْلِحُونَ وَالَّذِینَ جَاء ُوا مِنْ بَعْدِہِمْ یَقُولُونَ رَبَّنَا اغْفِرْ لَنَا وَلِإِخْوَانِنَا الَّذِینَ سَبَقُونَا بِالْإِیمَانِ وَلَا تَجْعَلْ فِي قُلُوبِنَا غِلًّا لِلَّذِینَ آمَنُوا رَبَّنَا إِنَّکَ رَء ُوفٌ رَحِیمٌ . (الحشر :٨۔١٠)
''(مال فے) فقرا مہاجرین صحابہ کا حق ہے، جنہیں بے گھر اور بے زر کر دیا گیا۔ وہ (صحابہ) فضل ورضا ئے الہی کے طلبگار اور اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم (کے دین) کے مددگار ہیں، یہی سچے لوگ ہیں۔ (اورمال فے) ان کے لئے بھی ہے، جنہوں نے ان سے قبل (مدینہ) کو مسکن بنایا اور ایمان کو دل میں راسخ کرلیاتھا۔ وہ مہاجرین سے محبت کرتے ہیں۔ ان کے شرف و فضل پر دل میں حسد نہیں رکھتے، اپنی ضرورت پر دوسروں کو ترجیح دیتے ہیں۔ جو بخل سے بچ گی، فوز و فلاح اسی کا مقدر ہے۔ ان (صحابہ) کے بعد مشرف بہ اسلام ہونے والے دعا گو رہتے ہیں، ہمارے رب! ہمیں اور ایمان میں سبقت لے جانے والے ہمارے بھائیوںکو بخش دے اور مومنوں کے بارے میں ہمارے دلوں میں بغض و کینہ پیدا نہ کیجئے، بلاشک تو مشفق و مہربان ہے۔''
اللہ تعالی نے ان آیات میں مال فے کے مستحقین کی صفات و احوال بیان کیے ہیں۔ یہ تین طرح کے لوگ ہیں:

١۔[لِلْفُقَرَاء ِ الْمُہَاجِرِین]
٢۔ [وَالَّذِینَ تَبَوَّء ُوا الدَّارَ وَالْإِیمَانَ مِنْ قَبْلِہِمْ]
٣۔ [ وَالَّذِینَ جَاء ُوا مِنْ بَعْدِہِم]

مذکورہ بالا آیات سے عیاں ہے کہ جو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو سب و شتم کا نشانہ بنائیں، ان کا مال ِفے میں کوئی حصہ نہیں، کیونکہ ان میں [ وَالَّذِینَ جَاء ُوا مِنْ بَعْدِہِم......] والا وصف مفقود ہے۔
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں :​
''أُمِرُوا أَنْ یَسْتَغْفِرُوا لِأَصْحَابِ النَّبِیِّ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ فَسَبُّوہُمْ''
''انہیں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے لیے استغفار کا کہا گیا تھا، لیکن وہ انہیں برا بھلا کہنے لگے۔'' (صحیح مسلم : ٣٠٢٢)

امام ابو نعیم اصبہانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں :​
فَمن أَسْوَأ حَالا مِمَّن خَالف اللہ وَرَسُولہ وآب بالعصیان لَہما والمخالفۃ عَلَیْہِمَا أَلا تری أَن اللہ تَعَالَی أَمر نبیہ صَلَّی اللَّہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم بِأَن یعْفُو عَن أَصْحَابہ ویستغفر لَہُم ویخفض لَہُم الْجنَاح قَالَ تَعَالَی : (وَلَو کنت فظاً غلیظ الْقلب لانفضوا من حولک فَاعْفُ عَنْہُم واستغفر لَہُم وشاورہم فِي الْأَمر)وَقَالَ : (فاخفض جناحک لمن اتبعک من الْمُؤمنِینَ) .فَمن سبہم وأبغضہم وَحمل مَا کَانَ من تأویلہم وحروبہم علی غیر الْجَمِیل الْحسن، فَہُوَ الْعَادِل عَن أَمر اللہ تَعَالَی وتأدیبہ ووصیتہ فیہم، لَا یبسط لِسَانہ فیہم إِلَّا من سوء طویتہ فِي النَّبِي صَلَّی اللَّہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم وصحابتہ وَالْإِسْلَام وَالْمُسْلِمین .
'' اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اس مخالف اور نافرمان سے بڑھ کر کون برا ہو سکتا ہے؟ ذرا ملاحظہ فرمائیے کہ اللہ تعالی نے اپنے نبی کو صحابہ سے درگزر، ان کے لئے استغفار اور نرم گوشہ اختیار کرنے کا حکم دیا ہے۔ فرمان باری تعالیٰ ہے : [وَلَوْ کُنْتَ فَظًّا غَلِیظَ الْقَلْبِ لَانْفَضُّوا مِنْ حَوْلِکَ فَاعْفُ عَنْہُمْ وَاسْتَغْفِرْ لَہُمْ وَشَاوِرْہُمْ فِي الْأَمْرِ فَإِذَا عَزَمْتَ فَتَوَکَّلْ عَلَی اللَّہِ إِنَّ اللَّہَ یُحِبُّ الْمُتَوَکِّلِینَ]'' آپ ترش رو اور سخت دل ہوتے، تو لوگ آپ کے حلقہ بگوش نہ رہتے۔ اپنے صحابہ سے درگزر کریں، ان کے لیے مغفرت و معافی مانگیں، اہم معاملات میں ان سے مشورہ کریں۔ عزم ِمصصم کے بعد اللہ پر توکل کریں، کیونکہ اسے توکل کرنے والے بہت بھاتے ہیں۔'' (آل عمران: ١٥٩)
مزید فرمایا: [وَاخْفِضْ جَنَاحَکَ لِمَنِ اتَّبَعَکَ مِنَ الْمُؤْمِنِینَ](الشعراء : ٢١٥)
''آپ اپنے مومن متبعین کے لیے نرم گوشہ اختیار کریں۔''
جس نے صحابہ کرام کو برا کہا، ان سے بغض رکھا اور ان کی تاویلات اور جنگوں کو بطورِ مذمت پیش کیا، تو وہ ان کے بارہ میں اللہ کے حکم اوراس کے بیان کردہ ادب و وصیت سے عدول کر رہا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ، صحابہ کرام، اسلام اور اہل اسلام کے بارے میں زبان درازی کرتا ہے۔''
(الامامۃ والرد علی الرافضۃ ص٣٧٥۔٣٧٦)

٤۔فرمان باری تعالیٰ ہے:
وَالسَّابِقُونَ الْأَوَّلُونَ مِنَ الْمُہَاجِرِینَ وَالْأَنْصَارِ وَالَّذِینَ اتَّبَعُوہُمْ بِإِحْسَانٍ رَضِیَ اللَّہُ عَنْہُمْ وَرَضُوا عَنْہُ وَأَعَدَّ لَہُمْ جَنَّاتٍ تَجْرِی تَحْتَہَا الْأَنْہَارُ خَالِدِینَ فِیہَا أَبَدًا ذَلِکَ الْفَوْزُ الْعَظِیمُ . (التوبۃ : ١٠٠)
''ایمان میں سبقت و اولیت حاصل کرنے والے مہاجرین و انصار اور احسان کے ساتھ ان کی پیرو ی کرنے والوں سے اللہ راضی ہے اور وہ اللہ سے راضی ہیں۔ ابدالاباد تک ان کے لیے ایسے باغات کا انتظام کیا ہے، جن کے نیچے دریا جاری ہیں۔ یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔''

شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
فرضی عن السابقین من غیر اشتراط إحسان ولم یرض عن التابعین إلا أن یتبعوہم بإحسان . ''سابقین کے ساتھ رضا کیلئے احسان کی کوئی شرط نہیں، جبکہ بعد والوں کیلئے رضا ''اتباع باحسان'' کے ساتھ مشروط ہے۔'' (الصارم المسلول علی شاتم الرسول ص ٥٧٢)
احسان کے ساتھ اتباع وپیروی کرنے سے مراد صحابہ سے راضی ہونا اور ان کیلئے استغفار کرنا بھی شامل ہے۔
٥۔فرمان خداوندی ہے:​
لَا یَسْتَوِي مِنْکُمْ مَنْ أَنْفَقَ مِنْ قَبْلِ الْفَتْحِ وَقَاتَلَ أُولَئِکَ أَعْظَمُ دَرَجَۃً مِنَ الَّذِینَ أَنْفَقُوا مِنْ بَعْدُ وَقَاتَلُوا وَکُلًّا وَعَدَ اللَّہُ الْحُسْنٰی وَاللَّہُ بِمَا تَعْمَلُونَ خَبِیرٌ.
'' فتح مکہ سے قبل خرچ اور قتال کرنے والے کے برابرکوئی نہیں ہو سکتا۔ وہ تو فتح مکہ کے بعد خرچ اور قتال کرنے والوں سے کہیں افضل ہیں۔ ہاں جنت کا وعدہ دونوں کیلئے ہے۔ اللہ تعالی تمہارے اعمال سے بخوبی واقف ہے۔'' (الحدید : ١٠)
ثابت ہواکہ تمام اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وسلم قطعی جنتی ہیں۔
٦۔اللہ کریم فرماتے ہیں:
لَقَدْ تَابَ اللَّہُ عَلَی النَّبِيِّ وَالْمُہَاجِرِینَ وَالْأَنْصَارِ الَّذِینَ اتَّبَعُوہُ فِي سَاعَۃِ الْعُسْرَۃِ مِنْ بَعْدِ مَا کَادَ یَزِیغُ قُلُوبُ فَرِیقٍ مِنْہُمْ ثُمَّ تَابَ عَلَیْہِمْ إِنَّہُ بِہِمْ رَئُوفٌ رَحِیمٌ . (التوبۃ :١١٧)
'' اللہ تعا لیٰ نے محمد کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور وہ مہاجرین و انصار، جو مشکل گھڑی میں آپ کے وفادار ساتھی بنے، سے درگزر فرمایا۔ قریب تھا کہ بعض دل کبیدہ خاطر ہو جاتے، مگر اللہ تعالی نے انتہائی شفقت و مہربانی سے انہیں بھی معاف فرما دیا۔''
غزوہ تبوک میں خواتین اور معذوروں کے سواتمام صحابہ شریک ہوئے۔ تین صحابی جو بغیر کسی شرعی عذر کے پیچھے رہ گئے، اللہ نے انہیں معاف فرما دیا۔
حدیثی دلائل
١۔سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں :
کَانَ بَیْنَ خَالِدِ بْنِ الْوَلِیدِ، وَبَیْنَ عَبْدِ الرَّحْمٰنِ بْنِ عَوْفٍ شَيْء ٌ، فَسَبَّہُ خَالِدٌ، فَقَالَ رَسُولُ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ : لَا تَسُبُّوا أَحَدًا مِنْ أَصْحَابِي، فَإِنَّ أَحَدَکُمْ لَوْ أَنْفَقَ مِثْلَ أُحُدٍ ذَہَبًا، مَا أَدْرَکَ مُدَّ أَحَدِہِمْ، وَلَا نَصِیفَہُ .
'' سیدنا خالد بن ولید اور عبد الرحمن بن عوف رضی اللہ عنہما کے مابین تنازع ہوا، خالد بن ولید رضی اللہ عنہ نے عبد الرحمن رضی اللہ عنہ کو نامناسب جملہ کہہ دیا۔ اس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میرے کسی بھی صحابی پر طعن و تشنیع مت کریں، آپ کا احد پہاڑ کے برابر سونا خرچ کرنا ان کے مٹھی بھر جو خرچ کرنے کے اجر کو بھی نہیں پہنچ سکتا۔''
(صحیح البخاري : ٣٦٧٣ و صحیح مسلم : ٢٥٤١ واللفظ لہ)
شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں:​
وکذلک قال الإمام أحمد وغیرہ : کل من صحب النبي صلی اللہ علیہ وسلم سنۃ أو شہرا أو یوما أو رآہ مؤمنا بہ فہو من أصحابہ لہ من الصحبۃ بقدر ذلک.فإن قیل : فلم نہي خالد عن أن یسب أصحابہ إذا کان من أصحابہ أیضا؟ وقال : "لو أن أحدکم أنفق مثل أحد ما بلغ مد أحدہم ولا نصیفہ". قلنا : لأن عبد الرحمن بن عوف ونظراء ہ ہم من السابقین الأولین الذین صحبوہ في وقت کان خالد وأمثالہ یعادونہ فیہ وأنفقوا أموالہم قبل الفتح وقاتلوا وہو أعظم درجۃ من الذین أنفقوا من بعد الفتح وقاتلوا وکلا وعد اللہ الحسنی فقد انفردوا من الصحبۃ بما لم یشرکہم فیہ خالد ونظراؤہ ممن أسلم بعد الفتح الذي ہو صلح الحدیبیۃ وقاتل أن یسب أولئک الذین صحبوہ قبلہ ومن لم یصحبہ قط نسبتہ إلی من صحبہ کنسیۃ خالد إلی السابقین وأبعد .
''امام احمد بن حنبل اور دیگر ائمہ محدثینرحمہم اللہ بھی اسی کے قائل ہیں کہ جس نے بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک سال، ایک ماہ یا ایک دن صحبت کا شرف حاصل کیا یا صرف ایمان کی حالت میں دیدار نصیب ہوا، وہ صحابی شمار ہو گا، لیکن مقدار صحبت میں فرق ہو گا۔ کوئی کہہ سکتا ہے کہ سیدنا خالد بن ولید رضی اللہ عنہ کو صحابہ کے بارے میں طعن سے منع کیا، جبکہ وہ خود بھی صحابی ہیں؟ ہمارا جواب یہ ہو گا کہ سیدنا عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ اور دیگر صحابہ سابقین اولین میں سے ہیں۔ یہ تو اس سمے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھی تھے، جب سیدنا خالد بن ولید وغیرہ رضی اللہ عنہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے معاندین میں سے تھے۔ ان سابقین اولین نے فتح مکہ سے قبل خرچ اور قتال کیا ہے، مگر ہر ایک سے جنت کا وعدہ ہے۔ چونکہ سیدنا عبد الرحمن بن عوف و غیرہ رضی اللہ عنہم کو شرف صحابیت کے ساتھ ساتھ ایک منفرد خوبی بھی حاصل ہے، جس میںسیدنا خالد بن ولید رضی اللہ عنہ اور فتح مکہ یعنی صلح حدیبیہ کے بعد قبول اسلام اور قتال کرنے والے شریک نہیں ہیں، لہذا ان سے قبل شرف صحبت حاصل کرنے والوں پر طعن سے منع فرمادیا گیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت نہ پانے والوں کی نسبت صحبت پانے والوں کے ساتھ ویسے ہی ہے، جیسے سیدنا خالد بن ولید رضی اللہ عنہ کی سابقین واولین صحابہ کی ساتھ ہے۔ اسی طرح بعد والوں کی پہلوں کے ساتھ۔'' (الصارم المسلول علی شاتم الرسول ص ٥٧٦)

٢۔سیدنا علی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سے فرمایا:
وَمَا یُدْرِیکَ لَعَلَّ اللہَ اطَّلَعَ عَلَی أَہْلِ بَدْرٍ فَقَالَ : اعْمَلُوا مَا شِئْتُمْ، فَقَدْ غَفَرْتُ لَکُمْ .
''کیا آپ جانتے نہیں! اللہ تعالی نے بدریوں پر جھانک کر فرمایا : جو چاہو کرو، میں نے تمہیں بخش دیا ہے۔'' (صحیح البخاري :٣٩٨٣ و صحیح مسلم : ٢٤٩٤)
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:​
قیل : الامر في قولہ }إعملوا{ للتکریم، وأن المراد أن کل عمل عملہ البدري لا یؤخذ بہ لھذا الوعد الصادق. وقیل : المعنی إن أعمالھم السیئۃ تقع مغفورۃ، فکانما لم تقع .
''ایک قول کے مطابق مذکورہ حدیث میں امر(إعملوا) تکریم کے لیے ہے۔ مراد یہ ہے کہ اہل بدر کی ہر خطا معاف ہے۔ ایک قول میں بدریوں کی خطائیں واقع ہوتے ہی معاف کر دی گئیں، گویا کہ ان سے صادر ہی نہیں ہوئیں۔''
(معرفۃ الخصال المکفرۃ ص٣١ و فتح الباري :٤/٢٥٢)
حافظ نووی رحمہ اللہ فرماتے ہیں :​
قَالَ الْعُلَمَاء ُ: مَعْنَاہُ الْغُفْرَانُ لَہُمْ فِي الْآخِرَۃِ وَإِلَّا فَإِنْ تَوَجَّہَ عَلَی أَحَدٍ مِنْہُمْ حَدٌّ أَوْ غَیْرُہُ أُقِیمَ عَلَیْہِ فِي الدُّنْیَا وَنَقَلَ الْقَاضِي عِیَاضٌ الْإِجْمَاعَ عَلَی إِقَامَۃِ الْحَدِّ وَأَقَامَہُ عُمَرُ عَلَی بَعْضِہِمْ قَالَ : وَضَرَبَ النَّبِيُّ صَلَّی اللَّہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ مِسْطَحًا الْحَدَّ وَکَانَ بَدْرِیًّا .
''اہل علم کہتے ہیں کہ اس سے آخرت میں معافی مراد ہے، ورنہ بدری پر حد واجب ہو جاتی، تو دنیا میں حد قائم ہو جاتی۔ قاضی عیاض رحمہ اللہ نے اس پر اجماع نقل کیا ہے۔ سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہنے ( سیدنا قدامہ بن مظعون رضی اللہ عنہ )پر حد قائم کر کے فرمایا تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی سیدنا مسطح بن اثاثہ رضی اللہ عنہ پرباوجود بدری ہونے کے حد قائم کی تھی۔''
(شرح صحیح مسلم :١٦/٥٦،٥٧)

شیخ الاسلام ثانی ، عالم ربانی، ابن قیم جوزیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں :​
وَاللہ أعلم أَن ہَذَا خطاب لقوم قد علم اللہ سُبْحَانَہُ أنّہم لَا یفارقون دینہم بل یموتون علی الْإِسْلَام وَأَنَّہُمْ قد یقارفون بعض مَا یقارفہ غَیرہم من الذُّنُوب وَلَکِن لَا یترکہم سُبْحَانَہُ مصرِّین عَلَیْہَا بل یوفّقہم لتوبۃ نصوح واستغفار وحسنات تمحو أثر ذَلِک وَیکون تخصیصہم بِہَذَا دون غَیرہم لِأَنَّہُ قد تحقق ذَلِک فیہم وَأَنَّہُمْ مغْفُور لَہُم وَلَا یمْنَع ذَلِک کَون الْمَغْفِرَۃ حصلت بِأَسْبَاب تقوم بہم کَمَا لَا یَقْتَضِي ذَلِک أَن یعطّلوا الْفَرَائِض وثوقا بالمغفرۃ فَلَو کَانَت قد حصلت بِدُونِ الِاسْتِمْرَار علی الْقیام بالأوامر لما احتاجوا بعد ذَلِک إِلَی صَلَاۃ وَلَا صِیَام وَلَا حج وَلَا زَکَاۃ وَلَا جِہَاد وَہَذَا محَال .
''اللہ اعلم! یہ خطاب ان سے ہے، جو اللہ کے علم میں مرتد ہو کر فوت نہیں ہوں گے، دوسروں کی طرح ان سے بھی گناہوں کا سرزد ہونا ممکن ہے، لیکن اللہ تعالیٰ انہیں گناہ پر مصر نہیں رہنے دیتا، بلکہ سچی توبہ و استغفار یا گناہوں کو مٹا دینے والی نیکیوں کی توفیق خاص سے نوازتا ہے۔ اس طرح اہل بدر دوسروں سے ممتاز ہیں، کیوں کہ ان خصائل جمیلہ کی بنا پر وہ مغفور ہیں۔ یقینا ان کی مغفرت کا موجب ان میں موجود چند اوصاف ہیں۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ فرائض کے تارک بن جائیں۔ یہ مغفرت اوامر و نواہی کے قیام کے بغیر ہی حاصل ہو جانی ہوتی، تو انہیں اس کے بعد کسی نماز، روزہ، حج، زکوۃ اور جہاد وغیرہ کی چنداں ضرورت نہ تھی۔ '' (الفوائد، ص ١٦)

٣۔ سیدنا عمران بن حصین رضی اللہ عنہکہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :​
خیر أمتي قرني، ثم الذین یلونہم، ثم الذین یلونہم، قال عمران : فلا أدريأذکر بعد قرنہ قرنین أو ثلاثا؟
''میرے امت کے بہترین لوگ میرے زمانہ کے ہیں، پھر بعد والے ، پھر ان کے بعد والے۔ سیدنا عمران بن حصین رضی اللہ عنہفرماتے ہیں : مجھے یہ ازبر نہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے زمانے کے دو زمانوں کا ذکر فرمایا یا تین کا۔''
(صحیح البخاري :٣٦٥٠، صحیح مسلم : ٥٢٥٣)
٣۔سیدنا ابو موسی اشعری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :​
النُّجُومُ أَمَنَۃٌ لِلسَّمَاء ِ، فَإِذَا ذَہَبَتِ النُّجُومُ أَتَی السَّمَاء َ مَا تُوعَدُ، وَأَنَا أَمَنَۃٌ لِأَصْحَابِي، فَإِذَا ذَہَبْتُ أَتَی أَصْحَابِي مَا یُوعَدُونَ، وَأَصْحَابِي أَمَنَۃٌ لِأُمَّتِي، فَإِذَا ذَہَبَ أَصْحَابِي أَتَی أُمَّتِي مَا یُوعَدُونَ .
''ستارے آسمان کی امان ہیں، جب یہ جھڑجائیں گے، توآسمان تباہ ہو جائے گا۔ میںآپ کی امان ہوں، میرے جانے کے بعد آپ فتنوں سے دو چار ہو جائیں گے اور میرے صحابہ میری امت کے لیے امان ہیں، یہ فوت ہو گئے، تو میری امت کو فتنے آن لیں گے۔'' (صحیح مسلم : ٢٥٣١)

٥۔ سیدنا واثلہ بن اسقع رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:​
لَا تَزَالُونَ بِخَیْرٍ مَا دَامَ فِیکُمْ مَنْ رَآنِی وَصَاحَبَنِی، وَاللَّہِ لَا تَزَالُونَ بِخَیْرٍ مَا دَامَ فِیکُمْ مَنْ رَأَی مَنْ رَآنِی وَصَاحَبَ مَنْ صَاحَبَنِي .
''آپ خیر پر رہیں گے، جب تک میرا کوئی صحابی حیات رہے گا۔ اللہ کی قسم! جب تک آپ میںتابعی زندہ رہے گا، خیر پر ہی رہیں گے۔
(مصنف ابن أبي شیبۃ : ح٣٢٤١٧، السنۃ لابن ابي وعاصم : ٢/٦٣٠، وسندہ، حسنٌ)
٦۔ سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
آیۃ الایمان حب الانصار، وآیۃ النفاق بغض الانصار .
''ایمان کی علامت انصار سے محبت ہے ، نفاق کی علامت انصار سے بغض ہے۔''
(صحیح البخاري : ١٧، صحیح مسلم : ٧٤)
مزید ارشاد فرمایا : لَا یُحِبُّہُمْ إِلَّا مُؤْمِنٌ، وَلَا یُبْغِضُہُمْ إِلَّا مُنَافِقٌ .
''ان سے مؤمن ہی محبت کرتے ہیں اور منافق ہی بغض رکھتے ہیں۔ ''
(صحیح البخاري : ٣٧٨٣، صحیح مسلم : ٧٥)
7۔ سیدنا جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا : لا تمس النار مسلما رآنی او رای من رآنی ۔ "اس مسلمان کو آگ نہیں چھو سکتی، جس نے مجھے دیکھا یا مجھے دیکھنے والے (صحابی) کو دیکھا۔" سنن الترمذی : 3858، وسندہ حسن)​

مذکورہ دلائل کا خلاصہ
ذکر کردہ قرآنی و حدیثی دلائل سے مندرجہ ذیل فوائد اخذ ہو تے ہیں:
١۔ اللہ تعالیٰ نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا ظاہری و باطنی تزکیہ فرمایا ہے۔ مثلا ظاہری عدالت میں اعلی اخلاق حمیدہ سے متصف کرنا۔ جیسا کہ فرمان باری تعالیٰ ہے:[أَشِدَّآءُ عَلَی الْکُفَّارِ رُحَمَآءُ بَیْنَھُمْ](الفتح : ٢٩) اور فرمایا:[وَیَنْصُرُونَ اللَّہَ وَرَسُولَہُ أُولَئِکَ ہُمُ الصَّادِقُونَ] (الحشر :٨)نیز اللہ کا فرمان ہے : [وَلَا یَجِدُونَ فِي صُدُورِہِمْ حَاجَۃً مِمَّا أُوتُوا وَیُؤْثِرُونَ عَلَی أَنْفُسِہِمْ وَلَوْ کَانَ بِہِمْ خَصَاصَۃٌ] (الحشر: ٩)
صحابہ کی باطنی عدالت کا معاملہ صرف اللہ علیم بذات الصدور ہی جانتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کے کھرے پن اور نیک نیتی سے ہمیں باخبر کیا ہے۔ مثلا اللہ تعالیٰ کے فرامین عالی شان ہیں:
١۔
فَعَلِمَ مَا فِي قُلُوبِہِمْ فَأَنْزَلَ السَّکِینَۃَ عَلَیْہِمْ .(الفتح : ١٨)
٢۔ یُحِبُّونَ مَنْ ہَاجَرَ إِلَیْہِمْ .(الحشر: ٩)
٣۔ یَبْتَغُونَ فَضْلًا مِنَ اللَّہِ وَرِضْوَانًا .(الفتح : ٢٩)

٤۔ لَقَدْ تَابَ اللَّہُ عَلَی النَّبِيِّ وَالْمُہَاجِرِینَ وَالْأَنْصَارِ الَّذِینَ اتَّبَعُوہُ فِي سَاعَۃِ الْعُسْرَۃِ .(التوبۃ : ١١٧)
آخری آیت میں اللہ تعالی نے صحابہ کرام کی نیک نیتی اور سچی توبہ کی بنا پر گناہ بخشی فرما دی، کیونکہ توبہ دلی معاملہ ہے۔
٢۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں ظاہری و باطنی خوبیوں کی توفیق خاص سے نوازا ہے، اس لیے تو ان پر اپنی رضا، ان کی توبہ قبول کرنے اور ان کو جنت کی ضمانت دینے سے آگاہ کیا ہے۔
٣۔ مذکورہ دلائل میں اللہ تعالیٰ کا صحابہ کے لیے استغفار کا حکم، نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ان کی تکریم، حقوق کی حفاظت اور ان سے محبت کا حکم دینا اور ان سے بغض و عناد سے منع کرنا، بل کہ ان سے محبت کو علامت ایمان اور بغض کو علامت نفاق قرار دینا، عدالت صحابہ کا پتہ دیتا ہے۔
٤۔ ان فضائل کے بعد صحابہ کرام کا خیر القرون ہونا اور اس امت کے لیے امن و امان ہونا، ایک طبعی حقیقت ہے۔ یوں امت کے لیے ان کی اقتدا واجب ہے، بل کہ جنت کا یہی واحد راستہ ہے۔ جیسا کہ سیدنا عرباض بن ساریہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:​
علیکم بسنتي وسنۃ الخلفاء المہدیین الراشدین .
''میرے ا ور ہدایت یافتہ خلفائے راشدین کے طریقے کو اختیار کریں۔''
(مسند احمد : ١٧١٤٢، سنن الترمذي : ٢٦٧٦، سنن ابن ماجۃ: ٤٣، وسندہ، صحیحٌ)​

 
Last edited by a moderator:

اسحاق سلفی

فعال رکن
رکن انتظامیہ
شمولیت
اگست 25، 2014
پیغامات
6,372
ری ایکشن اسکور
2,564
پوائنٹ
791
تمام صحابہ کرام ؓ جنتی ہیں


علامہ حافظ ابن حجر عسقلانیؒ المتوفی (۸۵۲ھ)
[الاصابۃ فی تمییز الصحابۃ ] میں اندلس کے عظیم امام ابو محمد ابن حزمؒ کا کلام نقل کرتے ہیں کہ :
قال أبو محمّد بن حزم: الصحابة كلّهم من أهل الجنة قطعا، قال اللَّه تعالى: لا يَسْتَوِي مِنْكُمْ مَنْ أَنْفَقَ مِنْ قَبْلِ الْفَتْحِ وَقاتَلَ أُولئِكَ أَعْظَمُ دَرَجَةً مِنَ الَّذِينَ أَنْفَقُوا مِنْ بَعْدُ وَقاتَلُوا وَكُلًّا وَعَدَ اللَّهُ الْحُسْنى [الحديد: 10] . وقال تعالى: إِنَّ الَّذِينَ سَبَقَتْ لَهُمْ مِنَّا الْحُسْنى أُولئِكَ عَنْها مُبْعَدُونَ [الأنبياء: 101] . فثبت أن الجميع من أهل الجنة، وأنه لا يدخل أحد منهم النار، لأنهم المخاطبون بالآية السابقة.

ترجمہ: علامہ ابو محمد حافظ بن حزمؒ کہتے ہیں کہ سب صحابۂ کرامؓ اہل جنت ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں ’’جس نے فتحِ مکہ سے پہلے انفاق وقتال کیا، وہ اس کے برابر نہیں جس نے بعد میں انفاق وقتال کیا، الآیہ۔ نیز اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں جن لوگوں سے ہماری طرف سے بھلائی کا وعدہ ہوچکا ہے، یہ لوگ آگ سے دور رکھے جائیں گے، پس ثابت ہوا کہ تمام صحابہؓ اہلِ جنت میں سے ہیں؛ اس لیے کہ آیتِ سابقہ میں وہی (فتح مکہ سے قبل اور بعد والے مومن) مخاطب ہیں۔‘‘​
 
Top