• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

مسنون نمازِ جنازہ ا ور مسجد میں نمازِ جنازہ پڑھنے کا حکم

کلیم حیدر

ناظم خاص
رکن انتظامیہ
شمولیت
فروری 14، 2011
پیغامات
9,748
ری ایکشن اسکور
26,379
پوائنٹ
995
مسجد میں نمازِ جنازہ پڑھنے کا حکم

غازی عزیر​
محقق علماء کے نزدیک کسی مسلمان میت کو مسجد کے اندر لاکر اس پر نمازِ جنازہ پڑھنا نہ شرعاً منع ہے اور نہ ہی مکروہ۔
جمہور فقہا یعنی امام شافعیؒ، امام احمد بن حنبلؒ، (ایک روایت کے مطابق) امام مالکؒ، امام اسحقؒ، امام ابوثورؒ، امام داودؒ اور تمام محدثین اسی بات کے قائل ہیں، اگرچہ بعض فقہا، مثلاً امام ابوحنیفہؒ ،امام مالکؒ، ابن ابی ذئبؒ اور ہادویہ وغیرہ، سے اس کی کراہت منقول ہے۔
چونکہ کسی عمل کو مکروہ قرا ردینے کے لئے ٹھوس شرعی دلائل کا موجود ہونا ضروری ہے لہٰذا ہم ذیل میں فریقین کے تمام دلائل اور ان کا علمی جائزہ پیش کریں گے تاکہ اس مسئلہ کی حقیقت واضح ہوجائے اور ہر خاص و عام کے علم میں آجائے،وباللہ التوفیق
 

کلیم حیدر

ناظم خاص
رکن انتظامیہ
شمولیت
فروری 14، 2011
پیغامات
9,748
ری ایکشن اسکور
26,379
پوائنٹ
995
مسجد میں نمازِ جنازہ کے جواز کے دلائل


عن أبی سلمة بن عبد الرحمن أن عائشة، لما تُوُفِّي سعد بن أبي وقاص قالت: ادخلوا به في المسجد حتی أصلي عليه، فأنکر ذلک عليها، فقالت: والله لقد صلی رسول الله ﷺ علی ابني بيضاء في المسجد سهيل وأخيه‘‘(۱)
’’ابوسلمہ بن عبدالرحمن سے روایت ہے کہ جب حضرت سعد بن ابی وقاصؓ کا انتقال(۲) ہوگیا تو حضرت عائشہؓ نے فرمایا: ان کی میت کومسجد میں لاؤ تاکہ میں ان پر نماز جنازہ پڑھ لوں۔ اس پر بعض لوگوں نے اعتراض کیا تو انہوں نے فرمایا: اللہ کی قسم! رسول اللہ ﷺ نے بیضا کے دو بیٹوں حضرت سہلؓ اور ان کے بھائی حضرت سہیل(۳) کے جنازوں کی نماز مسجد میں پڑھی تھی۔‘‘
امام ترمذیؒ نے حضرت عائشہؓ کی اس حدیث کواپنی سند سے روایت کرنے کے بعد ’حسن‘ قرار دیا ہے۔ شارح ترمذی علامہ شیخ عبدالرحمن محدث مبارکپوریؒ (م ۱۳۵۲ھ) امام ترمذی کی مذکورہ تحسین کی شرح میں فرماتے ہیں: ’’ اس حدیث کو امام بخاریؒ کے سوا محدثین کی ایک جماعت (یعنی اصحاب ِ سنن وغیرہ) نے روایت کیا ہے۔‘‘(۴)
عن عائشة زوج النبي ا أنها أمرت أن يمر عليها سعد بن أبي وقاص في المسجد حين مات، فتدعو له، فأنکر ذلک الناس عليها، فقالت عائشة: ما أسرع الناس ما صلی رسول الله ﷺ علی سهيل بن بيضاء إلا في المسجد(۵)
’’نبی ﷺ کی زو جہ محترمہ حضرت عائشہؓ سے مروی ہے کہ انہوں نے یہ حکم دیا کہ حضرت سعد بن ابی وقاص ؓ کا جنازہ مسجد میں ان پر سے گزارا جائے تاکہ وہ ان کے لئے دعا کرسکیں (نمازِ جنازہ پڑھیں)۔ کچھ لوگوں نے آں رضی اللہ عنہا کی اس بات پر نکارت کی تو حضرت عائشہؓ نے فرمایا: لوگ کس قدر جلد بازی کرتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے سہیل ابن بیضاؓ کی نمازِ جنازہ مسجد ہی میں پڑھی تھی۔‘‘
امام مالکؒ فرماتے ہیں کہ ’’لوگ کس قدر جلد بازی کرتے ہیں۔‘‘ سے مراد یہ ہے کہ ’’وہ لوگ سنت کو کس قدر جلد بھول گئے ہیں۔‘‘ امام مسلمؒ کی ایک روایت میں بھی اس بات کی صراحت موجود ہے کہ ’’لوگ بھول جانے میں کس قدر جلدی کرتے ہیں۔‘‘ جبکہ ابن وہبؒ کا قول ہے کہ : ’’وہ لوگ طعنہ کشی اور عیب جوئی میں کس قدر جلدبازی کرتے ہیں۔‘‘
امام مسلمؒ کی ایک روایت سے بھی اس قول کی تائید ہوتی ہے جس میں مروی ہے کہ
’’جس بارے میں لوگوں کو علم نہیں ہوتا، اس بارے میں بھی عیب جوئی کرنے میں کس قدر جلد بازی کرتے ہیں۔ وہ لوگ ہمارے اوپر جنازہ کو مسجد میں گزارنے پر عیب نکالتے ہیں، حالانکہ رسول اللہ ﷺ نے سہیل بن بیضائؒ کی نمازِ جنازہ مسجد کے اندر ہی پڑھائی تھی۔‘‘
3۔’صحیح مسلم‘کی وہ روایت جس کی طرف اوپر اشارہ کیا گیا ہے، ان الفاظ میں مروی ہے
’’عن عائشة أنها لما توفي سعد بن أبي وقاص أرسل أزواج النبي ا أن يمروا بجنازته في المسجد، فيصلين عليه، ففعلوا فوقف به علی حجرهن يصلين عليه، أخرج به من باب الجنائز الذي کان إلی المقاعد، فبلغهن أن الناس عابوا ذلک، وقالوا: ماکانت الجنائز يدخل بها المسجد، فبلغ ذلک عائشة، فقالت: ما أسرع الناس إلی أن يعيبوا ما لا علم لهم به أعابوا علينا أن يمربجنازة في المسجد، وما صلی رسول الله ا علی سهيل بن بيضاء إلا في جوف المسجد‘‘ (۶)
وعن نافع ابن عمر قال: ’’صلی علی عمر في المسجد‘‘ (۷)
’’حضرت عمرؓ کے فرزندؓ سے مروی ہے کہ حضرت عمرؓ کی نمازِ جنازہ مسجد میں پڑھی گئی تھی۔‘‘
وعن هشام بن عروة، قال: ’’رأی رجالا يخرجون من المسجد ليصلوا علی جنازة، فقال: ما يصنع هؤلاء؟ والله ما صلی علی أبی بکر إلا في المسجد‘‘
’’ہشام بن عروہ سے مروی ہے، بیان کیا کہ میرے والد نے لوگوں کو نمازِ جنازہ پڑھنے کے لئے مسجد سے باہر نکلتے دیکھا تو فرمایا: یہ لوگ کیا کررہے ہیں؟ حضرت ابوبکرؓ کی نمازِ جنازہ تو مسجد کے اندر ہی پڑھی گئی تھی۔‘‘
لوگوں کا نمازِ جنازہ پڑھنے کے لئے مسجد سے باہر نکلنے میں اس بات کا بھی احتمال ہے کہ وہ لوگ مسجد سے باہر اس و جہ سے نہ نکلے ہوں کہ وہ اسے مکروہ یا ممنوع یا بدعت سمجھتے ہوں بلکہ عہد ِنبوی ﷺ میں چونکہ جنائز کے لئے خارج از مسجد ایک جگہ مقرر تھی، اس لئے عین ممکن ہے کہ ان لوگوں نے یہ گمان کیا ہو کہ اسی مقررہ مقام پرنمازِجنازہ ہوگی۔ ورنہ ’نماز جنازہ پڑھنے کے لئے مسجد سے باہرنکلنے‘ کی بجائے مسجد سے واپس لوٹ جانا مروی ہوتا، واللہ اعلم بالصواب
وعن عروة قال: ’’صلی علی أبی بکر في المسجد‘‘ (۹)
عروہ سے مروی ہے کہتے ہیں کہ ’’حضرت ابوبکرؓ کی نمازِ جنازہ مسجد میں پڑھی گئی تھی۔‘‘
وعن نافع عن ابن عمر أن عمر صلی عليه في المسجد، وصلی عليه صهيب‘‘ (۱۰)
’’نافع نے ابن عمرؓ سے روایت کی ہے کہ حضرت عمرؓ نے حضرت ابوبکرؓ کی نمازِ جنازہ مسجد میں پڑھائی تھی اور ان کی (یعنی حضرت عمرؓ کی) نمازِ جنازہ حضرت صہیبؓ نے پڑھائی تھی۔‘‘
امام نوویؒ ’الخلاصہ‘ میں فرماتے ہیں کہ ’’اس کی سند صحیح ہے اور ان دونوں حدیثوں کو امام عبدالرزاق ؒ نے اپنی ’مصنف‘ میں روایت کیا ہے۔‘‘
(۱۱)
8۔امام بیہقیؒ نے روایت کی ہے کہ:
’’صدیق اکبرؓ کی نمازِ جنازہ بھی مسجد میں پڑھی گئی، نیز فاروقِ اعظمؓ کی نمازِ جنازہ حضرت صہیبؓ نے مسجد میں پڑھائی تھی۔‘‘(۱۲)
9۔امام بغویؒ (م۵۱۶ھ) فرماتے ہیں:
’’وثبت أن أبابکر وعمر صلی عليهما فی المسجد‘‘ (۱۳) ’’ثابت ہے کہ ابوبکر و عمر ؓکے جنازوں کے نمازیں مسجد میں پڑھی گئی تھیں۔‘‘
10۔امام ابن ابی شیبہؒ نے حضرات ابوبکر و عمر رضی اللہ عنہما کی نمازِ جنازہ مسجد میں پڑھے جانے کی تخریج ان الفاظ میں فرمائی ہے:
أن عمر صلی علی أبی بکر في المسجد وإن صهيبا صلی علی عمر في المسجد‘‘ (۱۴) ’’حضرت عمرؓ نے حضرت ابوبکرؓ کی نمازِ جنازہ مسجدمیں پڑھائی اور حضرت صہیبؓ نے حضرت عمرؓ کی نماز جنازہ بھی مسجد میں پڑھائی تھی۔‘‘
ان صحیح و صریح احادیث کے علاوہ فقہاے محدثین نے اپنی گراں قدر اور مشہور زمانہ تصانیف میں اس بارے میں مستقل ابواب قائم کئے ہیں، مثال کے طور پر امام بخاریؒ نے اپنی’صحیح‘ میں ایک باب یوں قائم کیا ہے: ’’الصلاة علی الجنائز بالمصلی والمسجد‘‘ (۱۵)
امام نوویؒ، امام بغویؒ، امام مالکؒ، امام ابوداؤدؒ، امام طحاویؒ، امام نسائیؒ، امام شوکانیؒ، امام بیہقیؒ اور امام عبدالسلام بن تیمیہؒ (م۶۵۲ھ) نے باب ’’الصلاة علی الجنازة فی المسجد‘‘ (۱۶) قائم کیا ہے جبکہ امام ابن ماجہؒ نے یوں تبویب کی ہے: ’’باب ماجاء في الصلاة علی الجنائز في المسجد‘‘ (۱۷) امام ترمذیؒ اور علامہ سید سابق نے باب: ’’ماجاء في الصلاة علی الميت في المسجد‘‘ (۱۸) قائم کیا ہے۔ امام ابن قیم الجوزیہؒ کے ایک باب کا عنوان ہے: ’’حکم الصلاة علی الميت في المسجد‘‘ (۱۹) امام ابن الجوزیؒ نے ’’حديث في الصلاة علی الميت فی المسجد‘‘ (۲۰) کا عنوان باندھا ہے، اور محدثِ عصر علامہ محمد ناصر الدین البانیؒ نے یوں عنوان قائم کیا ہے: ’’جواز صلاة الجنازة في المسجد والأفضل في المصلی‘‘ (۲۱)
یہ جلیل القدر محدثین اور علما اپنی موقر تصانیف میں مذکورہ بالا ابواب قائم کرکے اس کے تحت اس سلسلہ کی متعدد احادیث لائے ہیں، گویا اس طرح انہوں نے نہ صرف مسجد میں میت پر نماز جنازہ پڑھنے کے جواز کو ثابت کیا ہے بلکہ احادیث الباب سے اس پر استدلال اور اس مسئلہ کا استخراج بھی کیا ہے۔ ان فقہاء محدثین کے علاوہ متعدد محقق علمائے زمانہ نے بھی ہر دور میں اپنی معرکۃ الآرا تصانیف میں اس بارے میں خوب تفصیل سے بحث کی ہے، جس کا کچھ تذکرہ ان شاء اللہ اوراق فورم میں پیش کیا جائے گا۔
اب ہم مانعینِ جواز کے دلائل اور ان کا جائزہ پیش کرتے ہیں :​
 

کلیم حیدر

ناظم خاص
رکن انتظامیہ
شمولیت
فروری 14، 2011
پیغامات
9,748
ری ایکشن اسکور
26,379
پوائنٹ
995
مسجد میں نمازِ جنازہ کے مانعین کے دلائل

جو حضرات مسجد میں نمازِ جنازہ پڑھنے سے منع کرتے ہیں، ان کے پاس دو طرح کے دلائل موجود ہیں:
نمبر1:نقلی دلیل
نمبر2:عقلی دلائل
جہاں تک نقلی دلیل کا تعلق ہے
تو جاننا چاہئے کہ اس فریق کے پاس اس بارے میں وارد صرف ایک ہی حدیث ہے اور وہ بھی ایسی کہ جس کی صحت پر متقدمین نے بہت کچھ کلام کیا ہے۔ آئندہ صفحات میں ہم اس حدیث کے الفاظ میں اختلاف، اس کے مقام و مرتبہ، اس پر کلام کی تفصیل اور حقیقت بیان کرنے کے علاوہ اس کے معانی کی تعیین اور رفع تعارض کی کوشش کریں گے… وباللہ التوفیق
امام بغویؒ (م۵۱۶ھ) فرماتے ہیں کہ :’’بعض علماء اس طرف گئے ہیں کہ مسجد میں میت پرنمازِ جنازہ نہیں پڑھی جائے گی۔یہ قول امام مالکؒ کا ہے کیونکہ صالح مولی التوأمہ حضرت ابوہریرہؓ سے اور وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ
’’من صلی علی الجنازة في المسجد فلا شيیٔ له‘‘ (۲۲)
’’جس نے مسجد میں نمازِ جنازہ پڑھی، اس کے لئے کچھ نہیں ہے۔‘‘
 

کلیم حیدر

ناظم خاص
رکن انتظامیہ
شمولیت
فروری 14، 2011
پیغامات
9,748
ری ایکشن اسکور
26,379
پوائنٹ
995
حدیث کے الفاظ میں اختلاف:
مخرجین نے مختلف الفاظ کے ساتھ اس حدیث کی تخریج کی ہے، چنانچہ
امام ابن قیم الجوزیہؒ (۷۵۱ھ) فرماتے ہیں :
’’حدیث کے الفاظ میں اختلاف ہے۔ امام خطیب بغدادیؒ نے اپنی کتاب ’السنن‘ میں فرمایا ہے کہ اصل الفاظ ’’فلاشيئ عليه‘‘ ہیں، لیکن ان کے علاوہ یعنی دوسروں نے ’’فلاشیء له‘‘ کے الفاظ بھی روایت کئے ہیں۔ امام ابن ماجہؒ نے اپنی ’سنن‘ میں ’’فليس له شيئ ‘‘ کے الفاظ روایت کئے ہیں۔‘‘ (۲۳)
امام بغویؒ (۵۱۶ھ) فرماتے ہیں کہ ’’ایک روایت میں ’’ فليس له أجر‘‘ کے الفاظ بھی وارد ہیں۔‘‘ (۲۴)
شارحِ سنن ابوداود علامہ ابو طیب شمس الحق عظیم آبادیؒ (۱۳۲۹ھ) فرماتے ہیں: ’سنن ابوداود‘ کے دو قدیم نسخوں میں ’’فلاشيئ عليه‘‘ (یعنی اس پر کوئی گناہ نہیں ہے) کے الفاظ واقع ہیں جبکہ اس کے ایک اور قدیم نسخہ میں ’علیہ‘ کی جگہ ’لہ‘ (یعنی اس کیلئے کچھ نہیں ہے) کا لفظ موجود ہے۔ امام منذریؒ فرماتے ہیں کہ خطیب بغدادیؒ کا قول ہے کہ اصل میں اسی طرح ہے، انتہیٰ
راقم الحروف نے بھی یہ عبارت دورِ حاضر کے تین نسخوں میں اسی طرح (یعنی ’علیہ‘ کے ساتھ) پائی ہے۔ علامہ عینی (حنفیؒ) فرماتے ہیں کہ اما م ابوداودؒ نے ’’فلاشيئ له‘‘ کے الفاظ کے ساتھ اس حدیث کی روایت کی ہے، اور امام ابن ماجہؒ کے الفاظ میں ’’فليس له شيئ‘‘ ہے۔‘‘ (۲۵)
امام منذریؒ (۶۵۶ھ) کا قول ہے کہ:
’’اس حدیث کی تخریج امام ابن ماجہؒ نے کی ہے اور ان کے نزدیک ’’فليس له شيئ‘‘ کے الفاظ مروی ہیں۔ (۲۶)
علامہ ملا علی القاری حنفیؒ (۱۰۱۴ھ) امام ابن عبدالبرؒ سے نقل فرماتے ہیں کہ :’’فلا أجرله‘‘ فاحش خطا ہے اور درست روایت میں ’’فلا شيئ له‘‘ کے الفاظ ہیں۔‘‘ (۲۷)
امام خطیب بغدادیؒ (۴۶۳ھ) کا قول ہے کہ
’’فلاشئ له‘‘محفوظ ہے، اگرچہ ’’فلاشيئ عليه‘‘ اور ’’فلا أجرله‘‘ کے الفاظ بھی مروی ہیں، مگر ابن عبدالبرؒ فرماتے ہیں کہ ’’فلا أجرله‘‘ کی روایت فحش خطا ہے اور صحیح ’’فلاشئ له‘‘ ہے۔‘‘ (۲۸ )
امام شوکانیؒ (۱۲۵۰ھ) فرماتے ہیں کہ :
’’اس کی تخریج امام ابوداود ؒ نے حضرت ابوہریرہؓ سے کی ہے ، فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا :
’’من صلی علی جنازة في المسجد فلا شيئ له‘‘ اور امام ابن ماجہؒ نے اس کی تخریج ان الفاظ کے ساتھ کی ہے: ’’فليس له شيئ‘‘ (۲۹ )
امام زیلعی حنفیؒ (۷۶۲ھ) فرماتے ہیں کہ
’’امام ابن ابی شیبہؒ نے اپنی ’مصنف‘ میں بلفظ ’’فلا صلاة له‘‘ (یعنی اس کی نماز ہی نہیں ہوئی) روایت کی ہے، اور امام ابن عدیؒ نے ’الکامل‘ میں امام ابوداود کے الفاظ کے ساتھ روایت کی ہے۔‘‘ (۳۰ )
لیکن محدثِ عصر علامہ محمد ناصر الدین البانیؒ فرماتے ہیں کہ
’’مجھے یہ الفاظ ’مصنف‘ میں کہیں نظر نہیں آئے، بلکہ امام ابن ابی شیبہؒ نے ’فلا شیئ لہ‘ کے الفاظ کی روایت کی ہے۔‘‘ (۳۱) فلا شيیٔ عليه کے الفاظ ’شاذ‘ ہیں
یا…؟:
علامہ شیخ محمد ناصر الدین البانی ؒ فرماتے ہیں:
’’یہ حدیث دوسرے الفاظ سے بھی مروی ہے، مثلاً ’’فلاشيئ له‘‘، سوائے اما م احمدؒ کی روایت کے جس میں ’’فليس له شيئ‘‘ ہی مروی ہے اور امام ابوداودؒ نے ان سب ائمہ سے مختلف اور شاذ الفاظ روایت کئے ہیں، چنانچہ اس میں ’فلاشيئ عليه‘ مروی ہے۔
اس کے شذوذ کی مزید تاکید اور جماعت ِائمہ کے الفاظ کا’محفوظ‘ ہونا امام طیالسیؒ اور امام ابن ابی شیبہؒ کی احادیث کے بعد موجود زیادت سے بھی ہوتا ہے۔ چنانچہ صالح بیان کرتے ہیں کہ
’’میں نے ایسے لوگ پائے ہیں جنہوں نے نبیﷺ اور حضرت ابوبکرؓ کا زمانہ پایا تھا۔ وہ اگر جنازہ کے لئے آتے اور نمازیوں کو مسجد میں نمازِ جنازہ پڑھتے دیکھتے تو لوٹ جاتے اور مسجد میں نمازِ جنازہ نہیں پڑھتے تھے۔‘‘
(امام بیہقیؒ نے بھی اس زیادت کی روایت کی ہے لیکن اس میں یہ صراحت ہے کہ میں نے حضرت ابوہریرہؓ کو دیکھا ہے کہ اگر وہ جنازہ کے لئے آتے… الخ) اس زیادت میں صراحت پائی جاتی ہے کہ صالح نے جماعت ِائمہ کے الفاظ ہی میں حدیث کی روایت کی ہے کیونکہ یہ وہی فرد ہیں جو ابوداودؒ کی روایت ’’فلاشيئ عليه‘‘ کے خلاف اس حکایت کی نسبت ان صحابہ کی طرف کرتے ہیں جو مسجد میں نمازِ جنازہ پڑھنے کو ترک کرتے تھے۔ پس یہ چیز اس کی وضاحت اور ابوداودؒ کی روایت کی نفی کرتی ہے۔‘‘ (۳۲ )
 

کلیم حیدر

ناظم خاص
رکن انتظامیہ
شمولیت
فروری 14، 2011
پیغامات
9,748
ری ایکشن اسکور
26,379
پوائنٹ
995
راقم الحروف کی رائے میں
راقم الحروف کی رائے میں، علامہ البانیؒ کا امام ابوداودؒ کی روایت کو ’شاذ‘ قرار دینا اصولاً درست نہیں ہے کیونکہ ’شاذ‘ اس حدیث کو کہتے ہیں کہ جس کا راوی خود تو ثقہ ہے لیکن کسی روایت میں اپنے سے اوثق یا اکثر رواۃ کی اس طرح مخالفت کرتا ہے کہ ان میں سے ایک کا صدق دوسرے کے کذب کو مستلزم ہو۔ ایسے راوی کی مخالف روایت کو محفوظ اور ا س کی مخالفت کو مخالفۃ الثقات کہتے ہیں۔


امام شافعیؒ وغیرہ کا قول ہے:
’’الشاذ مارواه المقبول مخالفا لرواية من هو أولی منه، لا أن يروی ما لا يروی غيره، فمطلق التفرد لا يجعل المروي شاذ کما قيل، بل مع المخالفة المذکور‘‘ امام حکم ؒ فرماتے ہیں کہ’’إن الشاذ هو الحديث الذي ينفرد به الثقة من الثقات وليس له أصل بمتابع لذلک الثقة‘‘ اور امام ابن حجر عسقلانیؒ فرماتے ہیں کہ: ’’الشاذ هو أن يروی الضابط والصدوق شيئًا فرواه من هو أحفظ منه أواکثر عددًا بخلاف ماروی بحيث يتعذر الجمع علی قواعد المحدثين‘‘
مزید فرماتے ہیں:
’’ووجه ردّ الشاذ المخالفة لمن هو أوثق من رواية، لا الضعف فی راوي الشاذ‘‘
مزید تفصیل مصطلح الحدیث کی کتب(۳۳ ) میں دیکھی جاسکتی ہے۔ چونکہ امام ابوداودؒ اور دوسرے تمام ائمہ کی روایات ایک ہی راوی ابن ابی ذئب عن صالح مولی التوأمہ عن ابی ہریرہ مروی ہیں لہٰذا ثقہ واَوثق کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پھر محدثین نے ان روایات میں ا ختلافِ الفاظ کی تاویل اور ان میں جمع و تطبیق کی سعی بھی کی ہے، جس سے معنوی شذوذ بالکلیہ ختم ہوجاتا ہے۔ پس شذوذ فی المتن کا دعویٰ غلط قرار پاتا ہے۔ لغوی اعتبار سے اسے ’منفرد عن الجمہور‘ تو کہا جاسکتاہے لیکن اصطلاحاً اسے ’شاذ‘ کہنا ظلم ہے۔ اگر علامہ البانی ؒ شذوذ کی بجائے ’ترجیح‘ کو اپناتے تو شاید معاملہ اتنا سنگین نہ ہوتا، مگر علامہ رحمہ اللہ نے اس حدیث کو شاذ قرار دے کر گویا غیر معتبر اور مردود قرار دیا ہے، فانا لله وانا اليه راجعون۔
حیرت کی بات تو یہ ہے کہ کبار محدثین میں سے علل الحدیث کے ماہرین اور نقاد حدیث میں سے کسی کو بھی اس میں شذوذ نظر نہیں آیا۔ اگر علامہ البانیؒ کے نزدیک جمہور سے روایت میں منفرد ہونا ہی شاذ قرار دینے کے لئے کافی ہے تو آخر آں رحمہ اللہ کو اس روایت میں شذوذ کیوں نظر آیاجس میں ’’فلا أجر لہ‘‘ کے الفاظ مروی ہیں
حالانکہ بقولِ محدثین یہ فحش خطا ہے۔ میں مزید کہتا ہوں کہ امام طیالسیؒ، امام ابن ابی شیبہؒ اور امام بیہقی ؒکی جس زیادت کی طرف علامہ البانی ؒ نے اشارہ کیا ہے، اس سے کسی بھی طرح ان کے موقف کو تقویت نہیں ملتی ہے
کیونکہ یہ زیادت تو اس بات کا اثبات کرتی ہے کہ صحابہ کرامؓ کے دور میں مسجد میں نمازِ جنازہ ہوا کرتی تھی۔ مزید یہ کہ ان صحابہ کرامؓ کا واپس لوٹ جانا اس حکم سے ان کی لاعلمی کی بنا پر محمول ہوگا، نہ کہ اس کی کراہت یا ممانعت پر۔ یہ بھی ممکن ہے کہ ان لوگوں کی نگاہ میں رسول اللہﷺ کا عام معمول ہی حجت ہو یا پھر چونکہ مسجد کے باہر جنائز کے لئے ایک جگہ عہد ِنبویﷺ میں مخصوص تھی، اس لئے وہ سمجھتے ہوں کہ وہیں جنازہ پڑھا جائے۔ یہ ان اشخاص کی ذاتی رائے تو ہوسکتی ہے، شرعی دلیل نہیں بن سکتی کیونکہ ثابت شدہ عمل نبویﷺ کے مقابلہ میں کسی کا کوئی مخالف موقف لائق اعتنا نہیں ہوسکتا،
واللہ اعلم!

پس واضح ہوا کہ مذکورہ بالا زیادت سے یہ نتیجہ اخذ کرنا سراسر ناانصافی پر مبنی ہے کہ اس زیادت کے الفاظ جماعت ائمہ کے الفاظ کو مزید مؤکد اور امام ابوداودؒ کے الفاظ کی نفی کرتے ہیں، لہٰذا علامہ البانیؒ کا یہ قول ناقابل التفات ہے کہ : ’’یہ زیادت اس تاویل کے بطلان پر بھی دلالت کرتی ہے جو جماعت ِائمہ کی روایت کو بقول ان کے ابوداودؒ کی روایت: ’’فلاشيئ عليه‘‘ کے ہم معنی اور غیر متناقض بنانے کے لئے کی جاتی ہے۔ میں کہتا ہوں کہ’ تاویل‘ تصحیح کی ایک شاخ ہے، پس جب کہ ہم نے ابوداود کی روایت کا شذوذ واضح کردیا ہے اور اس میں کوئی شک بھی باقی نہیں ہے تو’تاویل‘ کی کوئی ضرورت باقی نہیں رہ جاتی۔‘‘(۳۴ )
 

کلیم حیدر

ناظم خاص
رکن انتظامیہ
شمولیت
فروری 14، 2011
پیغامات
9,748
ری ایکشن اسکور
26,379
پوائنٹ
995
حدیث ِزیر مطالعہ کی تضعیف
امام ابن حبانؒ (۳۵۴ھ) نے اس حدیث کو صالح بن نبہان کے ترجمہ میں ناقابل استدلال اور غیر معتبر روایت قرار دیتے ہوئے بطورِ مثال پیش کیا ہے، اور فرماتے ہیں کہ
’’یہ خبر باطل ہے۔ مصطفی ﷺ کس طرح یہ خبر دے سکتے تھے کہ جو مسجد میں نمازِ جنازہ پڑھے، اس کے لئے کوئی (اجر) نہیں ہے، حالانکہ خود آں ﷺ نے حضرت سہیل بن بیضاؓ کی نمازِ جنازہ مسجد میں پڑھائی تھی۔‘‘(۳۵ )
امام ذہبیؒ(۷۴۸ھ) نے بھی صالح بن نبہان کے ترجمہ کے تحت حضرت ابوہریرہؓ سے مروی ان کی تین احادیث بطورِ مثال نقل کی ہیں جن میں سے ایک یہی زیر بحث حدیث ہے۔ پھر آں رحمہ اللہ نے اس کے متعلق امام ابن حبانؒ کا مذکورہ بالا قول نقل کیا ہے اور مجموعی طور پر ان تینوں احادیث کے متعلق فرماتے ہیں کہ ’’صحاح کی یہ احادیث امام ابن معینؒ کے نزدیک وہی مرتبہ رکھتی ہیں جو کہ انہوں نے بیان کیا ہے۔‘‘(۳۶)
امام بغویؒ (۵۱۶ھ) فرماتے ہیں کہ : ’’یہ حدیث سنداً ضعیف ہے، اور صالح مولی التوأمہ کے تفردات میں شمار ہوتی ہے۔(۳۷ )
امام نوویؒ (۶۷۶ھ) فرماتے ہیں کہ ’’یہ حدیث ضعیف ہے اور اس سے استدلال درست نہیں ہے۔‘‘ امام احمدؒ کا قول ہے کہ یہ حدیث ضعیف ہے، اس میں صالح مولی التوأمہ کا تفرد ہے اور وہ ضعیف ہے۔‘‘(۳۸ )
آں رحمہ اللہ ’الخلاصۃ‘ میں مزید فرماتے ہیں کہ ’’امام احمد بن حنبلؒ، امام ابن منذرؒ، امام خطابی ؒ اور امام بیہقیؒ نے اس حدیث کی تضعیف کی ہے، اور یہ تمام محدثین کہتے ہیں کہ یہ مولی التوأمہ کے تفردات میں سے ہے، اور اس کی عدالت مختلف فیہ ہے۔ ان لوگوں کی سب سے بڑی جرح ان کے ’اختلاط‘ کی ہے، لیکن یہ بھی کہتے ہیں کہ ابن ابی ذئب کا ان سے سماع ’اختلاط‘ سے قبل کا ہے۔‘‘(۳۹ )
امام ابن جوزیؒ (۵۹۷ھ) فرماتے ہیں:
’’یہ حدیث صحیح نہیں ہے۔ اس کے راوی صالح کی امام مالکؒ نے تکذیب کی ہے ، اور امام ابن حبانؒ فرماتے ہیں کہ ان کی عقل میں فتور آگیاتھا، چنانچہ ایسی چیزیں لاتے تھے جو موضوعات (من گھڑت) کے مشابہ ہوتی تھیں۔‘‘(۴۰ )
امام زیلعی حنفیؒ (۷۶۲ھ) فرماتے ہیں کہ’’امام ابن عدیؒ نے ’الکامل‘ میں اس حدیث کوبلفظ امام ابوداودؒ وارد کیا ہے اور اسے صالح راوی کی منکرات میں شمار کیا ہے۔‘‘ (۴۱ )
امام ابن قیمؒ (۷۵۱ھ) فرماتے ہیں:
’’امام احمدؒ وغیرہ نے اس حدیث کو ضعیف قرار دیا ہے۔ امام احمدؒ فرماتے ہیں کہ یہ حدیث ہے جس میں صالح مولی التوأمہ کا تفرد ہے۔ اسی طرح امام بیہقیؒ فرماتے ہیں کہ یہ حدیث راوی صالح کے تفردات میں شمار ہوتی ہے اور حضرت عائشہؓ کی حدیث اس سے صحیح تر ہے۔ راوئ حدیث صالح کی عدالت کے بارے میں ا ختلاف پایا جاتا ہے۔ امام مالکؒ اس پر جرح کیا کرتے تھے، پھر انہوں نے حضرات ابوبکر و عمررضی اللہ عنہما کا تذکرہ کیا ہے کہ جن کی نماز ہائے جنازہ مسجد میں پڑھی گئی تھیں۔‘‘(۴۲)
امام عبداللہ ؒ بن احمدبن حنبلؒ فرماتے ہیں کہ :
’’میں نے اپنے والد(امام احمد بن حنبلؒ) سے حضرت ابوہریرہؒ کی اس حدیث کے متعلق استفسار کیا تو انہوں نے حضرت عائشہؓ کی حدیث نقل کرتے ہوئے فرمایا: ’’جب تک صالح مولی التوأمہ کی حدیث ثابت نہ ہو، وہ ان کے نزدیک ثبت نہیں یا صحیح نہیں ہے۔‘‘(۴۳)
علامہ سید سابق فرماتے ہیں:
’’امام احمد بن حنبلؒ نے فرمایا کہ یہ حدیث ضعیف ہے اور اس میں التوأمہ کے آزاد کردہ غلام صالح کا تفرد ہے ، اور وہ ناقابل اعتبار راوی ہے۔‘‘(۴۴ )
 

کلیم حیدر

ناظم خاص
رکن انتظامیہ
شمولیت
فروری 14، 2011
پیغامات
9,748
ری ایکشن اسکور
26,379
پوائنٹ
995
حدیث زیر مطالعہ کے متکلم فیہ راوی کے متعلق محدثین کی آرا
امام عجلی ؒ نے انہیں ’ثقہ‘ قرار دیا ہے، حافظ ابن حجر عسقلانی ؒ فرماتے ہیں: ’’صدوق تھے، آخر میں اختلاط کرنے لگے تھے، لہٰذا امام ابن عدیؒ کا قول ہے کہ قدماء مثلاً ابن ابی ذئب اور ابن جریج کے ان سے سماع میں کوئی حرج نہیں ہے، طبقہ رابعہ میں سے تھے اور ۱۲۵ھ میں وفات پائی تھی۔‘‘ آں رحمہ اللہ ایک اور مقام پر فرماتے ہیں: ’’ان میں ضعف ہے۔‘‘ مزید فرماتے ہیں:’’اپنے اختلاط کی وجہ سے ضعیف ہے۔‘‘ اصمعیؒ کا قول ہے کہ ’’شعبہؒ ان سے روایت نہیں کرتے تھے، بلکہ اس سے منع فرماتے تھے۔‘‘ امام مالکؒ نے ان کو ’غیر ثقہ‘ قرار دیا ہے، چنانچہ وہ ان سے کوئی روایت نہیں لیتے تھے۔ امام یحییٰ بن معینؒ سے بھی ان کا ’غیر قوی‘ ہونا منقول ہے۔ امام احمد فرماتے ہیں کہ ’’امام مالکؒ نے صالح کو پایا تھا جبکہ وہ بوڑھے ہوچکے تھے اور اختلاط کرنے لگے تھے۔ جنہوں نے قدیماً ان سے سماع کیا ہے، مجھے ان میں کوئی حرج معلوم نہیں ہوتا ہے۔ ان سے اہل مدینہ کے اکابر نے روایت کی ہے۔‘‘
امام یحییٰ قطانؒ فرماتے ہیں کہ : ’’مختلط ہوگئے تھے اور ثقہ نہ تھے۔‘‘ امام ابن عینیہؒ فرماتے ہیں کہ ’’وہ اختلاط (یعنی گڈمڈ) کرنے لگے تھے، پس میں نے انہیں ترک کردیا تھا۔‘‘ امام جوزجانیؒ کا قول ہے: ’’ابن ابی ذئب کا ان سے سماع قدیم ہے لیکن امام ثوریؒ تغییر کے بعد بھی ان کے ساتھ مجالست رکھتے تھے۔‘‘ امام نسائیؒ نے انہیں ’ضعیف‘ قرار دیا ہے۔ امام ابن معینؒ نے ایک مرتبہ فرمایا کہ ’’ثقہ نہ تھے‘‘، ان کے ایک دوسرے قول کے مطابق ’’قوی نہ تھے‘‘ اور ایک بار فرمایا کہ ’’ثقہ حجت تھے اور وفات سے قبل خرابی حافظہ کا شکار ہوگئے تھے، پس جنہوں نے اس سے پہلے ان سے سنا ہے، وہ ثبت ہے۔‘‘ امام ابوحاتمؒ کہتے ہیں کہ ’’وہ قوی نہ تھے۔‘‘ امام ابن مدینیؒ فرماتے تھے کہ ’’ثقہ تھے اِلا یہ کہ وہ عمر رسیدہ اور خرابی ٔحافظہ کاشکار ہوگئے تھے۔ ایک جماعت نے ان کے عمر دراز ہونے اور حافظہ کی خرابی کے بعد بھی ان سے سماع کیا ہے، پس ان کا سماع صحیح نہیں ہے۔ امام ثوریؒ نے ان کی خرابی حافظہ کے بعد ان سے سماع کیا ہے، لیکن ابن ابی ذئب نے ان سے اس سے قبل سماع کیا ہے۔ (ایسا ہی ایک قول امام یحییٰؒ سے بھی منقول ہے)۔ امام احمدؒ کا قول ہے کہ ’’صالح الحدیث تھے۔‘‘ امام ابن شاہینؒ نے ان کو ’عدم ثقہ‘ بتایا ہے۔ امام سعدیؒ کا قول ہے کہ ’’متغیر ہوگئے تھے۔‘‘ ابو محمد عبدالحقؒ نے بھی ان کے ’اختلاط‘ کا تذکرہ کیا ہے۔ امام بیہقیؒ فرماتے ہیں کہ ’’ان کی عدالت مختلف فیہ ہے۔‘‘ امام مالکؒ بن انسؒ ان پرجرح کرتے تھے۔ امام نوویؒ نے انہیں ’ضعیف‘ لکھا ہے اور فرماتے ہیں کہ ’’ان کے ساتھ احتجاج (دلیل پکڑنا) درست نہیں ہے۔ امام احمدؒ نے ان کی تضعیف کی ہے۔‘‘ اور ’الخلاصہ‘ میں لکھتے ہیں کہ ’’ان کی عدالت مختلف فیہ ہے اور ان پر اختلاط ہی کی سب سے بڑی جرح کی گئی ہے، لیکن کہا گیا ہے کہ ابن ابی ذئب کا ان سے سماع اختلاط سے قبل کا ہے۔‘‘ علامہ محمد طاہر پٹنی حنفیؒ (۹۸۶ھ) بیان کرتے ہیں کہ ’’صالح مولی التوأمہ مجروح ہے اور حضرت ابوہریرہؓ سے حدیث روایت کرتا ہے۔‘‘
امام ابن جوزیؒ (۵۹۷ھ) فرماتے ہیں:
’’صالح مجروح ہے۔ امام شعبہؒ اس سے روایت نہیں کیا کرتے تھے بلکہ اس سے منع فرماتے تھے۔ امام مالکؒ اور اما م یحییٰؒ کا قول ہے کہ ثقہ نہیں ہے۔ امام ابن حبانؒ فرماتے ہیں کہ :عقلاً متغیر ہوگئے تھے، چنانچہ ثقات کی طرف سے ایسی روایات لاتے تھے جو کہ موضوعات (من گھڑت) جیسی ہوتی تھیں۔ نتیجۃً ان کے آخری دور کی حدیثیں ان کے قدیم دور کی حدیثوں سے گڈمڈ ہوگئی تھیں اور وہ ان کے درمیان امتیاز نہیں کرپاتے تھے، لہٰذا مستحق ترک ہیں۔‘‘(۴۵ )
امام ابن عبدالبرؒ کا قول ہے کہ:
’’صالح مولی التوأمہ اہل علم میں سے تھے، ائمہ حدیث میں سے کچھ نے ان کے ضعف کی وجہ سے ان سے دلیل نہیں پکڑی ہے اور کچھ ان سے احادیث کو قبول کرتے ہیں، بالخصوص جو ابن ابی ذئب ان سے روایت کرتے ہیں، انتہیٰ۔‘‘(۴۶ )
امام ابن قدامہ المقدسیؒ (۶۲۰ھ) فرماتے ہیں کہ :
’’مانعین کی دلیل صالح مولی التوأمہ سے مروی وہ حدیث ہے جس کے بارے میں امام ابن عبدالبرؒ کا قول ہے کہ : اہل علم کا ایک طبقہ ان کے ضعف اور مختلط ہوجانے کے باعث ان کی حدیثوں میں سے کچھ بھی قبول نہیں کرتا، جبکہ دوسرا طبقہ ان سے احادیث کو قبول کرتا ہے، بالخصوص وہ احادیث جو ابن ابی ذئب نے ان سے روایت کی ہوں ۔ پھر بھی وہ اس کو مسجد کی آلودگی اور ناپاکی کے خوف پر محمول کرتے ہیں۔‘‘(۴۷)
امام ابن حبانؒ (۳۵۴ھ) فرماتے ہیں:
’’چونکہ اختلاط کی وجہ سے وہ اپنی قدیم اور آخر کی احادیث کے مابین امتیاز نہ کرپاتے تھے اور بعض احادیث کو دوسری احادیث کے ساتھ گڈمڈ کردیتے تھے، اور یہ وہ چیز ہے کہ جس سے انسان کی عدالت اُٹھ جاتی ہے، اور اس کی روایات ناقابل استدلال اور غیر معتبر ہوکر رہ جاتی ہیں۔‘‘(۴۸ )
صاحب ’التقیید والایضاح‘ فرماتے ہیں:
’’وہ فی نفسہٖ صدوق تھے اِلا یہ کہ وہ آخر میں اختلاط کا شکار ہوگئے تھے۔ قدما مثلاً ابن ابی ذئب، ابن جریج اور زیاد بن سعد وغیرہ کی ان سے روایت میں کوئی جرح نہیں ہے۔‘‘(۴۹ )
امام ابن قیم جوزیؒ (۷۵۱ھ) فرماتے ہیں:
’’میں کہتا ہوں کہ راوی ٔحدیث صالح فی نفسہٖ ثقہ ہے، جیسا کہ عباس الدوریؒ نے امام ابن معینؒ سے نقل کیا ہے کہ وہ فی نفسہٖ ثقہ تھے۔ ابن ابی مریمؒ اور یحییٰؒ کا قول ہے کہ ثقہ حجت ہے۔ میں نے ان کے متعلق سوال کیا کہ امام مالکؒ نے تو انہیں ترک کیا ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ امام مالکؒ نے انہیں حافظہ خراب ہونے کے بعد پایا تھا۔ امام ثوریؒ نے بھی ان کو حافظہ کی خرابی کے بعد پایا تھا لیکن انہوں نے ان سے سماع کیا ہے۔ لیکن ابن ابی ذئب نے ان سے حافظہ کی خرابی سے قبل سماع کیا تھا۔ امام علی بن مدینیؒ فرماتے ہیں کہ وہ ثقہ تھے سوائے اس کے کہ ان کا حافظہ چلا گیا تھا اور وہ بوڑھے ہوگئے تھے، مگر امام ثوریؒ نے ان کے حافظہ خراب ہونے کے بعد بھی سماع کیا ہے، لیکن ابن ابی ذئب کا ان سے سماع اس سے پہلے کا ہے۔
امام ابن حبانؒ فرماتے ہیں کہ ان کے اندر۱۲۵ھ میں تغیر آگیا تھا، چنانچہ ثقات کی طرف سے ایسی حدیثیں بیان کرتے تھے جو کہ موضوعات کے مشابہ ہوں۔ پس ان کے اخیر دور کی حدیثیں ان کے قدیم دور کی حدیثوں سے گڈمڈ ہوگئی تھیں، اور وہ ان کے درمیان تمیز نہیں کرپاتے تھے، چنانچہ مستحق ترک ہیں۔ انتہیٰ‘‘(۵۰ )
امام منذریؒ (۶۵۶ھ) فرماتے ہیں :
’’صالح مولی التوأمہ پر متعدد ائمہ نے کلام کیا ہے۔‘‘(۵۱ )
علامہ ابو طیب شمس الحق عظیم آبادیؒ (۱۳۲۹ھ) فرماتے ہیں: ’’صالح مولی التوأمہ کی تضعیف کی گئی ہے ۔ وہ آخر عمر میں اپنی حدیثوں کو بھول گئے تھے۔‘‘(۵۲ )
آں رحمہ اللہ مزید فرماتے ہیں کہ : ’’میں کہتا ہوں کہ صالح بن نبہان مولی التوأمہ کے بارے میں امام ابن معینؒ کا قول ہے کہ ثقہ حجت ہے۔ تحریف سے قبل ان سے ابن ابی ذئب نے سماع کیا ہے اور جو چیز ان کے اختلاط سے قبل کی مسموع ہو، وہ ثبت ہے۔
امام ابن عدیؒ فرماتے ہیں کہ قدماء کی ان سے روایت میں کوئی حرج نہیں ہے، جیسا کہ ’الخلاصۃ‘ میں مذکور ہے۔‘‘(۵۳ )
صالح بن نبہان مولی التوأمہ کے تفصیلی حالات کے لئے مندرجہ ذیل کتب اسماء الرجال(۵۴ ) کی طرف مراجعت مفید ہوگی۔
 

کلیم حیدر

ناظم خاص
رکن انتظامیہ
شمولیت
فروری 14، 2011
پیغامات
9,748
ری ایکشن اسکور
26,379
پوائنٹ
995
زیر مطالعہ حدیث کے تحسین و تصحیح
چونکہ ابن ابی ذئب کا صالح مولی التوأمہ سے سماع قبل از اختلاط ثابت ہے لہٰذا حدیث زیربحث لائق اعتبار قرار پاتی ہے، چنانچہ محقق محدثین نے برملا اس کی تحسین فرمائی ہے۔
امام ابن قیم الجوزیہؒ (۷۵۱ھ) فرماتے ہیں:
’’یہ حدیث حسن ہے کیونکہ یہ صالح سے ابن ابی ذئب کی روایت ہے اور ان کا سماع صالح کے اختلاط سے قبل کا ہے، لہٰذا ان کا ا ختلاط ان احادیث کے لئے موجب ِردّ نہیں ہے جو کہ اختلاط سے قبل کی ہوں۔‘‘(۵۵ )
شارحِ ترمذی علامہ عبدالرحمن محدث مبارکپوریؒ (۱۳۵۲ھ) فرماتے ہیں:
’’میں کہتا ہوں کہ بظاہر ابوداودؒ کی حدیث حسن ہے۔ حافظ ابن حجرؒ نے’تقریب التہذیب‘ میں صالح بن نبہان مدنی مولی التوأمہ کے متعلق لکھا ہے کہ صدوق ہے لیکن اپنے آخری دور میں مختلط ہوگئے تھے۔ امام ابن عدیؒ نے لکھا ہے کہ ان سے قدما مثلاً ابن ابی ذئب اور ابن جریج کی روایت میں کوئی حرج نہیں ہے، انتہی۔
امام ابوداودؒ نے یہ حدیث صالح مولی التوأمہ سے ابن ابی ذئب کے واسطہ سے روایت کی ہے، لیکن یہ بھی ثابت ہے کہ حضرت عمرؓ نے حضرت ابوبکرؓ کی نمازِ جنازہ مسجد میں پڑھائی تھی اور اسی طرح حضرت صہیبؓ نے حضرت عمرؓ کی نمازِ جنازہ مسجد ہی میں پڑھا ئی تھی۔ صحابہ کرامؓ میں سے کسی نے بھی نہ حضرت عمرؓ پرنکارت کی تھی اور نہ ہی حضرت صہیبؓ پر۔ چنانچہ صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کا مسجد میں میت کی نماز جنازہ پڑھنے پر اجماع واقع ہوگیا۔ لہٰذا ابوداودؒ کی مذکورہ حدیث کی تاویل اس وجہ سے ضروری ہے کہ یہ حدیث حسن ہے، واللہ تعالیٰ اعلم۔‘‘(۵۶ )
محدث مبارکپوریؒ کے اس اقتباس میں علامہ البانیؒ کی اس بات کا جواب بھی موجود ہے کہ امام ابوداودؒ کی حدیث زیر مطالعہ کی تاویل کیوں کر ضروری ہے۔ علامہؒ اس تاویل کی ضرورت سے انکار کرتے ہیں جیسا کہ حاشیہ نمبر ۳۴ سے متعلق اقتباس میں اوپر گزر چکا ہے۔
سید سابق فرماتے ہیں ’’کچھ ائمہ نے رسول اللہﷺ کی اس حدیث کو صحیح قرار دیا ہے۔‘‘(۵۷ )
علامہ ناصر الدین البانیؒ نے اس حدیث کو ایک مقام پر بلفظ ’’فلاشيئ له‘‘ ’حسن‘ قرار دیا ہے،(۵۸ ) اور بعض دوسرے مقامات پر بحوالہ مسند احمد و ابن ما جہ عن ابی ہریرہؓ ’’فليس له شيئ‘‘ کے الفاظ کے ساتھ ’صحیح‘ قرار دیا ہے۔(۵۹ )
علامہ رحمہ اللہ صالح مولی التوأمہ کے مختلط ہونے کی بنا پرائمہ کی جانب سے اس حدیث کی تضعیف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں :
’’میں کہتا ہوں: اس کا سبب یہ ہے کہ وہ مختلط ہوگئے تھے۔ پس جنہوں نے ان سے اختلاط سے قبل سما ع کیا ہے، مثلاً ابن ابی ذئب تو وہ حجت (دلیل) ہیں لیکن جنہوں نے اختلاط کے بعد ان سے سماع کیا ہے، وہ حجت نہیں ہیں۔ یہ تفصیل پرانے اور جدید دور کے تمام علما کی رائے پرقائم ہے (پھرامام ابن ابی حاتمؒ سے، امام احمدؒ اور امام یحییٰ بن معینؒ کے اقوال نقل کرتے ہیں)۔
جب ہم نے یہ تفصیل جان لی اور یہ بھی معلوم ہے کہ یہ حدیث ان سے ابن ابی ذئب کی روایت کردہ ہے تو اس کا اثبات واضح ہوا۔‘‘(۶۰ )
علامہ رحمہ اللہ مزید فرماتے ہیں:
’’پس جن ائمہ ، مثلاً امام بیہقیؒ اور امام احمدؒ نے صالح مولی التوأمہ پرمجمل طعن کو لے کر اس حدیث کو تضعیف کی ہے، وہ لائق التفات نہیں ہے۔‘‘(۶۱ )
پھر آں ؒاس حدیث کی تصحیح سے امام احمدؒ کے وقف کی وجہ بزعم خود بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
’’میں کہتا ہوں کہ امام احمدؒ نے اس حدیث کی تصحیح سے اس لئے توقف کیا ہے کہ اس وقت تک وہ تفصیل جو ہم نے اوپر نقل کی ہے، ان پر واضح نہ تھی یا وہ سمجھتے تھے کہ حدیث ِمذکور حضرت عائشہؓ کی حدیث کی معارض ہے جو کہ بلا شبہ صحیح ہے۔ میری رائے یہ ہے کہ کسی حدیث پر نقد کرتے وقت ناقد کو ان فقہی امور کو ہرگز ملحوظ نہیں رکھنا چاہئے جن سے اسے یہ وہم ہوتا ہو کہ وہ فقہی امور اس حدیث کے خلاف ہیں۔ پھر اس چیز کو وہ حدیث پر طعن کے لئے دلیل بنالے۔ یہ چیز اگرچہ علم حدیث کے قواعد میں سے نہیں ہے، لیکن اگر ایسا ہو اور اس نقد پراعتماد کیا جائے تو بہت سی صحیح احادیث جو قوی اسناد سے وارد ہوئی ہیں، ان کا ردّ لازم آئے گا۔ اسی طرح اگر صالح کی حدیث حضرت عائشہؓ کی حدیث کے خلاف ہے تو اس بنا پر اس پرطعن نہیں کرنا چاہئے، بلکہ باعتبارِ حدیثیت ان دونوں حدیثوں کے ثبوت کے بعد انکے مابین موافقت پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہئے، جیسا کہ حافظ ابن حجرؒ نے ’شرح النخبہ‘ میں اور دوسرے ائمہ نے دوسری تصانیف میں بیان کیا ہے۔‘‘(۶۲ )
میں کہتا ہوں کہ علامہ محمد ناصر الدین البانیؒ نے نام نہ لیتے ہوئے بلا واسطہ مذکورہ بالا اقتباس میں محی السنہ بطل جلیل استاذ الائمہ امام احمد بن حنبلؒ کو علل حدیث سے لا علم، فقہی اعتبار سے متعصب، نقد ِحدیث کی مبادیات سے ناواقف اور نقد ِحدیث میں انہیں ناقابل اعتماد ظاہر کرنے کی سعی نامشکور کی ہے، فاناللہ وانا الیہ راجعون۔
میں پوچھتا ہوں کہ امام ہمام رحمہ اللہ نے کتنی اور ایسی کن کن احادیث پر فقہی امور کوملحوظ رکھتے ہوئے طعن کیا ہے جو قوی اسناد سے وارد ہوئی ہیں؟ اُمت ِمسلمہ اور خود علم حدیث پر امام رحمہ اللہ کے جو عظیم احسانات ہیں، اُمت رہتی دنیا تک ان کے احسانات کے بوجھ تلے دبی رہے گی۔ البتہ علامہ البانیؒ کا مندرجہ ذیل قول اپنی جگہ صد فیصد درست ہے، فرماتے ہیں کہ ’’پس اس بیان کے بعد امام ابن حبانؒ کا ’الضعفاء (۱؍۳۶۶)‘ میں مذکور یہ قول ناقابل التفات ہے: وهذا خبر باطل ، کيف يخبر المصطفیٰ ا أن المصلی في الجنازة لاشيئ له من الأجر، ثم يصلی هو ا علی سهيل ابن البيضا في المسجد‘‘(۶۳ )
 

کلیم حیدر

ناظم خاص
رکن انتظامیہ
شمولیت
فروری 14، 2011
پیغامات
9,748
ری ایکشن اسکور
26,379
پوائنٹ
995
حدیث زیر مطالعہ کے معنی کے تعیین اور رفع تعارض کے لئے تاویل
اب جبکہ حدیث زیر بحث لائق استدلال ثابت ہوچکی ہے تو ضروری محسوس ہوتا ہے کہ اس حدیث کے معانی اور اس کی اصل مراد کو سلف و صالحین، ائمہ و فقہائے حدیث نیز محقق علماء و شارحین کے اقوال کی روشنی میں سمجھا جائے، چنانچہ
ملا علی قاری حنفیؒ (۱۰۱۴ھ) فرماتے ہیں:
’’صحیح روایت میں’’فلاشيئ له‘‘ ہے، میں کہتا ہوں کہ یہ روایت ’’فلاشيئ عليه‘‘ پر محمول ہے اور میں نے اس مسئلہ کو ایک مستقل رسالہ میں بیان کیا ہے۔‘‘(۶۴ )
لیکن امام بغویؒ (۶۱۵ھ) فرماتے ہیں:
’’اگر یہ حدیث ثابت ہوجائے تو بھی اس بات کا احتمال ہے کہ اس سے مراد اجر میں کمی ہو، کیونکہ اگرمسجد میں نماز پڑھی جاتی ہے تو اکثر لوگ وہیں سے واپس لوٹ جاتے ہیں، اور میت کی تدفین میں شریک نہیں ہوتے۔ اس کے برخلاف جس کی نماز قبروں کے پاس صحراء میں ہوتی ہے تو لوگ اسکی تدفین میں بھی شریک ہوتے ہیں اور اس طرح ان کیلئے دو قیراط کا اجر مکمل ہوجاتا ہے۔‘‘(۶۵ )
امام ابن قیم جوزیؒ (۷۵۱ھ) فرماتے ہیں:
’’ اس بات کا احتمال بھی ہے کہ حضرت ابوہریرہؓ کی حدیث اگر ثابت ہو تو اس کا معنی یہ لیا جائے کہ اس سے متأولاً اجر میں کمی کا اثبات ہوتا ہے۔ یہ اس وجہ سے ہے کہ جو لوگ مسجد میں نمازِ جنازہ پڑھتے ہیں، ان میں سے بیشتر اپنے گھروں کو لوٹ جاتے ہیں اور تدفین میں شریک نہیں ہوتے۔ جو شخص جنازہ کے لئے سعی کرے، پھر قبروں کے پاس اس کی نمازِ جنازہ پڑھے اور اس کی تدفین میں شریک ہو، اس کے لئے دو قیراط کا اجر ہے۔ اسی طرح جتنے زیادہ قدم چل کر جایا جائے اتنا ہی زیادہ اجر ملتا ہے۔ لہٰذا جو شخص مسجد میں نمازِ جنازہ پڑھے، اس کے اجر میں مزید کمی ہوئی، بمقابلہ اس شخص کے جو کہ مسجد سے باہر نماز جنازہ پڑھے۔
ایک جماعت نے حدیث کے الفاظ ’’فلاشيئ له‘‘کی تاویل یہ کی ہے کہ اس سے مراد ’’فلاشيئ عليه‘‘ ہی ہے تاکہ دونوں الفاظ کے معانی میں وحدانیت و یکسانیت پیدا ہوجائے اور یہ دونوں الفاظ باہم متناقض بھی نہیں ہیں جیساکہ ارشادِ باری ہے:’’ وَاِنْ أسَاْتُمْ فَلَهَا‘‘ (۶۶ ) اور اس میں ’’فلها‘‘ سے مراد ’’فعليها‘‘ ہے۔‘‘(۶۷ )
امام خطابیؒ بھی فرماتے ہیں کہ :
’’یہ ممکن ہے کہ ’لہ‘ میں ’لام‘ بمعنی ’علی‘ (یعنی ’علیہ‘) ہو جیسا کہ اس ارشادِ باری تعالیٰ میں’’ وَاِنْ أسَاْتُمْ فَلَهَا‘‘ سے مراد ہے۔‘‘(۶۸ )
شارح ترمذی علامہ عبدالرحمن محدث مبارکپوریؒ (۱۳۵۲ھ) فرماتے ہیں:
’’جہاں تک امام ابوداودؒ کی مذکورہ حدیث کا تعلق ہے تو میں بھی اس کا جواب چند پہلو سے دیتا ہوں جس طرح کہ امام نوویؒ نے ’ صحیح مسلم‘کی شرح میں اس کا جواب متعدد وجوہ سے دیا ہے اور ان میں سے
اوّل یہ ہے کہ یہ حدیث ضعیف ہے، لہٰذا اس سے دلیل پکڑنا درست نہیں ہے۔ امام احمد بن حنبلؒ کا قول ہے کہ یہ حدیث ضعیف ہے اور اس میں مولی التوأمہ کا تفرد ہے، اور وہ خود ضعیف ہے۔
دوم یہ کہ ’سنن ابوداود‘ کے مشہور، محقق اور مسموع نسخوں میں اس حدیث کے یہ الفاظ ملتے ہیں کہ ’’جس نے مسجد میں جنازہ کی نماز پڑھی، اس پر کوئی گناہ نہیں ہے‘‘، لہٰذا اس حدیث سے ان کا استدلال کرنا درست نہیں ہے۔
سوم یہ کہ اگر یہ حدیث ثابت ہوجائے اور یہ بھی ثابت ہوجائے کہ ’’اس کے لئے کچھ نہیں ہے‘‘ تو بھی اس کی یہ تاویل واجب ہوگی کہ ’اس پر‘ (علیہ) یا ’اس کے لئے‘ (لہ) کوئی گناہ نہیں ہے تاکہ دونوں روایتوں کے مابین جمع و تطبیق قائم ہوسکے۔ مزید فرماتے ہیں کہ ’لہ‘ ،’علیہ‘ کے معنی میں بھی استعمال ہوتا ہے، جیسا کہ اس ارشادِ باری تعالیٰ سے واضح ہے: ’’ وَاِنْ أسَأتُمْ فَلَهَا ‘‘ اور
چہارم یہ کہ یہ حدیث اس شخص کے اجر میں کمی پر محمول ہوگی جو مسجد میں نمازِ جنازہ پڑھ کر لوٹ جائے اور قبرستان تک میت کے ساتھ نہ جائے ، کیونکہ جو اجر اس سے چھوٹا وہ قبرستان تک میت کے ساتھ جانے اور تدفین کے وقت اس کی موجودگی کا ہے۔‘‘(۶۹ )
شارحِ سنن ابی داود علامہ ابوطیب شمس الحق محدث عظیم آبادیؒ (۱۳۲۹ھ) فرماتے ہیں کہ
’’یہ بات ثابت ہے کہ حضرت ابوبکر اور عمر رضی اللہ عنہما کی نمازِ جنازہ مسجد میں پڑھی گئی تھیں اور یہ بات بھی معلوم ہے کہ ان دونوں خلفاء کے جنازوں کی نمازوں میں عام مہاجرین اور انصار (صحابہؓ)نے شرکت کی تھی۔ پس صحابہؒ کا اس فعل پر ترکِ نکارت اس کے جواز کی دلیل ہوئی۔ اس بات کا بھی احتمال ہے کہ اس حدیث کا یہ معنی لیا جائے کہ اس سے متاوّلاً اجر میں کمی کا اثبات ہوتا ہے۔ اور یہ اس وجہ سے ہے کہ جولوگ مسجد میں جنازہ کی نماز پڑھتے ہیں، ان میں سے بیشتر نماز کے بعد اپنے گھروں کو لوٹ جاتے ہیں اور تدفین میں شریک نہیں ہوتے۔ جو شخص جنازہ کے لئے سعی کرے، اس پرنمازِ جنازہ پڑھے، قبرستان جائے اور تدفین میں شریک ہو تو اس کے لئے دو قیراط کا اجر ہے۔
حضرت ابوہریرہؓ سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا کہ: ’’جس نے نمازِجنازہ پڑھی اس کے لئے ایک قیراط اجر ہے اور جو اس کی تدفین میں بھی شریک ہو اس کے لئے دو قیراط کا اجر ہے‘‘ اور قیراط اُحد پہاڑ کے مثل ہے۔ اس کے علاوہ جتنے زیادہ قدم چل کر جایا جائے، اتنا ہی زیادہ اجر ملتا ہے، لہٰذا جو شخص مسجد میں جنازہ کی نماز پڑھے، اس کے اجر میں مزید کمی ہوئی بمقابلہ اس شخص کے جو میدان میں نمازِ جنازہ پڑھے۔ اور حدیث کے الفاظ ’’فلاشيئ عليه‘‘ کا معنی یہ ہے کہ اس میں نماز پڑھنے والے پر کوئی گناہ نہیں ہے۔ بعض لوگوں نے حدیث کے الفاظ ’’فلاشيئ له‘‘ سے مراد یہ بتائی ہے کہ مسجد میں نمازِجنازہ ادا کرنے والے نمازی کے لئے کوئی اضافی فضیلت نہیں ہے، بلکہ (جہاں تک نمازِ جنازہ پڑھنے کا ثواب کا تعلق ہے تو) خواہ مسجد میں ہو یا کسی اور جگہ اس کا اجر برابر ہے۔ اس سے دونوں حدیثوں کے مابین تعارض اور اختلاف دور ہوجاتا ہے۔‘‘(۷۰)
امام شوکانی ؒ (۱۲۵۰ھ) فرماتے ہیں:
’’مسجد میں نمازِ جنازہ کی کراہت پراس حدیث سے بھی استدلال کیا جاتا ہے جس کی تخریج امام ابوداود نے حضرت ابوہریرہؓ سے کی ہے، فرماتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ہے:
’’من صلی علی جنازه في المسجد فلاشيء له‘‘ اور امام ابن ماجہؒ نے ان الفاظ کے ساتھ اس کی تخریج کی ہے: ’’فليس له شيئ‘‘ لیکن اس حدیث کی سند میں صالح مولی التوأمہ ہے جس پر متعدد ائمہ نے کلام کیا ہے۔
امام نوویؒ فرماتے ہیں کہ :
جمہور نے اس کا جواب متعدد وجوہ سے دیا ہے (پھر وہ تمام وجوہ بیان کرتے ہیں جو اوپر حاشیہ نمبر۶۹ سے متعلق ’تحفۃ الاحوذی‘ کے منقولہ اقتباس میں گزر چکے ہیں)‘‘(۷۱ )
علامہ سید سابق فرماتے ہیں:
’’بعض ائمہ نے امام ابوداود ؒکی روایت کے الفاظ: ’’جس نے مسجد میں نمازِ جنازہ پڑھی اس کے لئے کچھ نہیں ہے۔‘‘ سے مراد یہ بتائی ہے کہ اس پر کوئی عذاب نہیں ہے۔‘‘(۷۲)
علامہ محمد ناصر الدین البانیؒ امام ابن قیم الجوزیہؒ کی مذکورہ بالا تحسین حدیث سے مطمئن نظر نہیں آتے، چنانچہ دبے لفظوں میں حدیث عائشہؓ اور حدیث ابوہریرہؓ کے مابین موافقت و تاویل نہ کرنے کا شکوہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں: ’’یہاں اوپر جس موافقت کی طرف اشارہ کیا گیاہے اس کے لئے اگر (امام ابن قیمؒ کی طرف سے) یہ کہا گیا ہوتا تو زیادہ بہتر تھا کہ حدیث عائشہؓ کی غایت مسجد میں نمازِ جنازہ پڑھنے پر دلالت کرنا ہے اور صالح کی حدیث اس کی نفی نہیں کرتی کیونکہ یہ حدیث نمازِجنازہ پر اجر کی مطلق نفی نہیں کرتی بلکہ یہ مسجد میں نمازِ جنازہ پڑھنے کے خصوصی اجر کی نفی کرتی ہے۔‘‘(۷۳ )
 

کلیم حیدر

ناظم خاص
رکن انتظامیہ
شمولیت
فروری 14، 2011
پیغامات
9,748
ری ایکشن اسکور
26,379
پوائنٹ
995
مَانِعین کے بعض عقلی دلائل اور ان کا جواب

اب ہم مانعین کی طرف سے پیش کئے جانے والے بعض عقلی دلائل اور ان کا علمی جائزہ پیش کرتے ہیں:
 
Top