• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

مشرکین سے رشتہ ناطہ ممنوع ہے۔۔ اتفسیر السراج۔۔ پارہ:2

محمد آصف مغل

سینئر رکن
شمولیت
اپریل 29، 2013
پیغامات
2,677
ری ایکشن اسکور
4,006
پوائنٹ
436
فِى الدُّنْيَا وَالْاٰخِرَۃِ۝۰ۭ وَيَسَْٔلُوْنَكَ عَنِ الْيَتٰمٰي۝۰ۭ قُلْ اِصْلَاحٌ لَّھُمْ خَيْرٌ۝۰ۭ وَاِنْ تُخَالِطُوْھُمْ فَاِخْوَانُكُمْ۝۰ۭ وَاللہُ يَعْلَمُ الْمُفْسِدَ مِنَ الْمُصْلِحِ۝۰ۭ وَلَوْ شَاۗءَ اللہُ لَاَعْنَتَكُمْ۝۰ۭ اِنَّ اللہَ عَزِيْزٌ حَكِيْمٌ۝۲۲۰ وَلَا تَنْكِحُوا الْمُشْرِكٰتِ حَتّٰى يُؤْمِنَّ۝۰ۭ وَلَاَمَۃٌ مُّؤْمِنَۃٌ خَيْرٌ مِّنْ مُّشْرِكَۃٍ وَّلَوْ اَعْجَبَتْكُمْ۝۰ۚ وَلَا تُنْكِحُوا الْمُشْرِكِيْنَ حَتّٰى يُؤْمِنُوْا۝۰ۭ وَلَعَبْدٌ مُّؤْمِنٌ خَيْرٌ مِّنْ مُّشْرِكٍ وَّلَوْ اَعْجَبَكُمْ۝۰ۭ اُولٰۗىِٕكَ يَدْعُوْنَ اِلَى النَّارِ۝۰ۚۖ وَاللہُ يَدْعُوْٓا اِلَى الْجَنَّۃِ وَالْمَغْفِرَۃِ بِاِذْنِہٖ۝۰ۚ وَيُبَيِّنُ اٰيٰتِہٖ لِلنَّاسِ لَعَلَّہُمْ يَتَذَكَّرُوْنَ۝۲۲۱ۧ
دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی یتیموں۲؎ کی بابت تجھ سے پوچھتے ہیں۔توکہہ ان کا سنوارنا بہترہے اور اگر تم ان کا خرچ اپنے میں ملارکھو تو وہ تمہارے بھائی ہیں اور خدا خرابی کرنے والے اور سنوارنے والے کو جانتا ہے اور اگر اللہ چاہتا تم پر مشکل ڈال دیتا۔ بیشک اللہ زبردست حکمت والا ہے۔(۲۲۰) اورمشرکہ عورتوں کو نکاح میں نہ لاؤ جب تک وہ ایمان نہ لائیں اور البتہ مسلمان باندی مشرکہ (بی بی) سے بہتر ہے اگرچہ وہ تمھیں اچھی معلوم ہو اور مشرک (مردوں سے) نکاح نہ کرو۔جب تک ایمان نہ لائیں ۲؎ اور البتہ مسلمان غلام مشرک سے بہتر ہے ۔ اگرچہ وہ تمھیں اچھا معلوم ہو۔ یہ لوگ دوزخ کی طرف بلاتے ہیں اور اللہ تم کو مغفرت اور جنت کی طرف اپنے اذن سے بلاتا ہے اور لوگوں کے لیے اپنی آیتیں بیان کرتا ہے ۔شاید وہ نصیحت مانیں۔(۲۲۱)
۱؎ یتامیٰ کے متعلق اسلام نے سختی سے ان کے اولیا اور سرپرستوں کو ڈانٹا کہ ان کا مال کھانے سے باز آؤ۔چنانچہ فرمایا: وَلَا تَقْرَبُوْامَالَ الْیَتِیْم
جس کا اثر یہ ہوا کہ وہ لوگ جو دیانت دار تھے اور یتامیٰ سے سچی ہمدردی رکھتے تھے، ڈرے اور ان کے لیے یتامیٰ کی تربیت سخت مشکل مسئلہ بن گئی۔ اس پر یہ آیت نازل ہوئی کہ اگر مقصد اصلاح ہوتو پھر مخاطب میں جو ناگزیر حالات تک ہو مضائقہ نہیں، اس لیے کہ وہ بھی تو آخر تمہارے بھائی ہیں اور اچھے سلوک کے مستحق ہیں،البتہ یہ ملحوظ رہے کہ ادنیٰ سی بے انصافی بھی اللہ تعالیٰ سے چھپی نہیں رہ سکتی۔ وہ خوب جانتا ہے ،کون اصلاح کے ارادہ سے یتامیٰ پروری کررہا ہے اور کون وہ ہے جس کی نیت ان کو لوٹنے کی ہے۔ اسلام نے یتامیٰ کی تربیت پر بہت زور دیا ہے، اس لیے کہ یہ قوم کے بچے ہوتے ہیں اور کوئی قوم اس وقت تک خود دار قوم نہیں کہلا سکتی جب تک وہ اپنے یتیم بچوں کی پرورش نہ کرے۔
مشرکین سے رشتہ ناطہ ممنوع ہے
۲؎ مشرک اور مشرکہ کی اصطلاح قرآن حکیم میں غیر کتابی یا غیر الہامی قوموں سے مخصوص ہے ۔عیسائی بھی مشرک ہیں اور یہودی بھی لیکن قرآن حکیم نے ان سے رشتہ ٔمناکحت کو جائز تصور فرمایا ہے (اس صورت میں کہ مرد بہرحال مسلم ہو) اس کی ایک معقول وجہ ہے ۔ عام طورپر ازدواجی تعلقات کے لیے وحدت خیال اور وحدت مذاق کو دوسری تمام ترجیحات سے زیادہ ضروری قرار دیا جاتا ہے اور یہ اس لیے کہ اس کے بغیر یہ رشتہ کامیاب نہیں رہتا۔ شادی کا مقصد ہی جب کامل سکون ہے اور بیوی کے معنی ہی یہ ہیں کہ اس کے ساتھ وابستہ ہوکر مرد تمام پریشانیوں کو بھول جائے۔ جیسا کہ قرآن حکیم نے فرمایا:
لتسکنوا الیھا۔
توضروری ہے کہ جانبین زیادہ سے زیادہ حدتک خیالات اور رجحانات میں ہم آہنگ ہوں۔

اہل کتاب اصولاً توحید کے قائل ہیں۔ کم از کم ان کی کتابوں میں توحید کا ذکر ہے ۔ سلسلۂ نبوت کو جانتے ہیں۔ حشر ونشر پر ان کااعتقاد ہے ۔ تمام انبیاء علیہم السلام سے متعارف ہیں، اس لیے وحدت خیال کے بہت سے مواقع موجود ہیں، اس لیے اسلام نے اجازت دے دی کہ ان سے مصاہرت کے تعلقات ہوسکتے ہیں مگر مشرک مرد اور مشرک عورت کے مذاق، طبیعت اور خیالات میں زمین وآسمان کا فرق ہے ، اس لیے یہ رشتہ ناطہ ممنوع ہے اور اس حد تک ممنوع ہے کہ مال ودولت یا حسن وجمال کی فراوانی بھی وجہ جواز نہیں بن سکتی۔

قرآن حکیم نے فرمایا کہ ہوسکتا ہے مشرک عورتیں تمھیں زیادہ جاذب اور خوبصورت معلوم ہوں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ مشرک مرد تمھیں زیادہ کامیاب اور فارغ البال نظرآئیں مگر اس لیے کہ روح کی خوبصورتی سے محروم ہیں اور دولت ایمان نہیں رکھتے۔ یہ کسی طرح بھی مومن مرد اور مومن عورت کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ اس قسم کے رشتے جن میں عقائد وخیالات کی چنداں پروا نہیں کی جاتی، تربیت اولاد کے حق میں سخت مضر ثابت ہوتے ہیں۔ بچے عام طورپر والدہ اور والد کے خیالات کے تابع ہوتے ہیں اور اگر وہ دیکھیں کہ دونوں ماں اور باپ مذہب کے اعتبار سے مختلف ہیں تو وہ کسی خاص خیال کو دل میں جگہ نہیں دیتے اور دہریت والحاد میں مبتلا ہوجاتے ہیں:
اولٰٓئک یدعون الی النار
میں اس طرف بھی اشارہ ہے کہ رشتۂ مناکحت بجائے خود ایک دعوت ہے، اس لیے وہ لوگ جو کامل مسلمان نہیں ہیں، عیسائی عورتوں سے حتی الوسع بچیں۔ ایسا نہ ہو کہ وہ انھیں بھی عیسائیت کے سیلاب میں بہاکر لے جائیں۔ اعاذنا اللہ۔
حل لغات
{اَمَۃٌ} لونڈی۔ باندی۔ بندی{عَبْدٌ} غلام۔ خدا کا بندہ۔
 
Top