1. آئیے اہم اسلامی کتب کو یونیکوڈ میں انٹرنیٹ پر پیش کرنے کے لئے مل جل کر آن لائن ٹائپنگ کریں۔ محدث ٹائپنگ پراجیکٹ کے ذریعے آپ روزانہ فقط دس پندرہ منٹ ٹائپنگ کر کے ہزاروں صفحات پر مشتمل اہم ترین کتب کو ٹائپ کرنے میں اہم کردار ادا کرکے صدقہ جاریہ میں شامل ہو سکتے ہیں۔ محدث ٹائپنگ پراجیکٹ میں شمولیت کے لئے یہاں کلک کریں۔
  2. آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

پیری مریدی کی شرعی حیثیت

'عقیدہ اہل سنت والجماعت' میں موضوعات آغاز کردہ از عمر اثری, ‏جنوری 25، 2017۔

  1. ‏جنوری 25، 2017 #1
    عمر اثری

    عمر اثری سینئر رکن
    جگہ:
    نئی دھلی، انڈیا
    شمولیت:
    ‏اکتوبر 29، 2015
    پیغامات:
    4,357
    موصول شکریہ جات:
    1,079
    تمغے کے پوائنٹ:
    398

    السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
    کسی کو اپنا پیر بنانا اسکی مریدی میں رہنا. کیا یہ درست ہے؟؟؟
    پیری مریدی کا سلسلہ کب سے شروع ہوا؟؟؟
     
  2. ‏جنوری 26، 2017 #2
    خضر حیات

    خضر حیات علمی نگران رکن انتظامیہ
    جگہ:
    طابہ
    شمولیت:
    ‏اپریل 14، 2011
    پیغامات:
    8,769
    موصول شکریہ جات:
    8,335
    تمغے کے پوائنٹ:
    964

    و علیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
    پیری مریدی
     
  3. ‏مارچ 25، 2019 #3
    طالب علم 1981

    طالب علم 1981 رکن
    شمولیت:
    ‏فروری 05، 2019
    پیغامات:
    23
    موصول شکریہ جات:
    2
    تمغے کے پوائنٹ:
    30

    السلام علیکم و رحمة الله تعالٰى و بركاته
    محترم شیوخ
    براہ مہربانی قرآن و سنت کی روشنی میں پیری مریدی کی شرعی حیثیت کی تفصیلات سے آگاہ کر دیں.
    @اسحاق سلفی
    @خضر حیات
     
  4. ‏مارچ 26، 2019 #4
    اسحاق سلفی

    اسحاق سلفی فعال رکن رکن انتظامیہ
    جگہ:
    اٹک ، پاکستان
    شمولیت:
    ‏اگست 25، 2014
    پیغامات:
    6,372
    موصول شکریہ جات:
    2,398
    تمغے کے پوائنٹ:
    791

    وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
    مروجہ بیعت پر ایک مفید اورمفصل مضمون ماہنامہ محدث (شمارہ:314ستمبر2007، شعبان1428۔ ) میں شائع ہے ، آپ کےلئے پیش خدمت ہے ؛
    ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

    تصوف کی شرعی حیثیت


    جناب صہیب حسن

    مسئلہ بیعت: شرع کی نظر میں

    سوال: کیا فرماتے ہیں علماے دین و مفتیانِ شرعِ متین بابت اس مسئلہ کے، کہ ہندوپاک میں پیرومرشد عوام سے جو بیعت لیتے ہیں ،اس کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ اور یہ بات کہاں تک درست ہے کہ جس کا کوئی پیرومرشد نہ ہو، اس کا پیرومرشد شیطان ہوتا ہے، جیساکہ عوام میں مشہورہے؟ براہِ کرام کتاب و سنت کی روشنی میں وضاحت فرما کر ممنون فرمائیں ۔ (قاری محمد ایازالدین، حیدر آباددکن)
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    جواب:
    الحمد ﷲ رب العالمین والصلاة والسلام علی سیّد المرسلین محمد وعلی آلہٖ وأصحابہ أجمعین
    جواباً عرض ہے کہ یہ سوال تفصیلی وضاحت چاہتا ہے جو درج ذیل ہے :
    بیعت کا لفظ بیع سے نکلا ہے، جس کا مطلب ہے: سودا کرنا، چاہے یہ سودا مال کا ہو یا کسی اورذمہ داری کا، اللہ عزوجل ارشاد فرماتے ہیں :
    إِنَّ ٱللَّهَ ٱشْتَرَ‌ىٰ مِنَ ٱلْمُؤْمِنِينَ أَنفُسَهُمْ وَأَمْوَ‌ٰلَهُم بِأَنَّ لَهُمُ ٱلْجَنَّةَ ۚ يُقَـٰتِلُونَ فِى سَبِيلِ ٱللَّهِ فَيَقْتُلُونَ وَيُقْتَلُونَ ۖ
    وَعْدًا عَلَيْهِ حَقًّا فِى ٱلتَّوْرَ‌ىٰةِ وَٱلْإِنجِيلِ وَٱلْقُرْ‌ءَانِ ۚ وَمَنْ أَوْفَىٰ بِعَهْدِهِۦ مِنَ ٱللَّهِ ۚ فَٱسْتَبْشِرُ‌وا۟ بِبَيْعِكُمُ ٱلَّذِى بَايَعْتُم
    بِهِۦ ۚ وَذَ‌ٰلِكَ هُوَ ٱلْفَوْزُ ٱلْعَظِيمُ ﴿١١١﴾.

    ..سورة التوبہ
    ''بلا شبہ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں سے ان کی جانوں کو اور اُن کے مالوں کو اس بات کے عوض خرید لیا ہے کہ ان کو جنت ملے گی۔ وہ لوگ اللہ کی راہ میں لڑتے ہیں ، جس میں قتل کرتے ہیں اور قتل کئے جاتے ہیں ۔ اس پر سچا وعدہ کیا گیا ہے تورات میں اور انجیل میں اور قرآن میں اور
    کون ہے اللہ سے زیادہ اپنے عہد کو پورا کرنے والا؟ تو تم لوگ اپنی اس بیع پر جس کا تم نےمعاملہ ٹھہرایا ہے ، خوشی مناؤ اور یہ بڑی کامیابی ہے۔''
    اور اصطلاحاًبیعت اس معاہدے کو کہتے ہیں جو امیر کی اطاعت کے لئے کیا جاتا ہے۔
    بیع و شراءمیں چونکہ خریدنے والا، بیچنے والے کے ہاتھ میں پیسہ تھماتا ہے اور بیچنے والا مشتری کےہاتھ میں اس کی خرید کردہ چیز دیتا ہے، اُسی طرح بیعت کرنے والا اپنے امیر کے ہاتھ میں ہاتھ دے کر بیعت کا اقرار کرتا ہے۔

    قرآنِ مجید میں تین مقامات پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ پراہل ایمان کی بیعت کاذکرہے:
    عمومی بیعت __ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا :
    إِنَّ ٱلَّذِينَ يُبَايِعُونَكَ إِنَّمَا يُبَايِعُونَ ٱللَّـهَ يَدُ ٱللَّـهِ فَوْقَ أَيْدِيهِمْ ۚ فَمَن نَّكَثَ فَإِنَّمَا يَنكُثُ عَلَىٰ نَفْسِهِۦ ۖ وَمَنْ أَوْفَىٰ
    بِمَا عَـٰهَدَ عَلَيْهُ ٱللَّـهَ فَسَيُؤْتِيهِ أَجْرً‌ا عَظِيمًا
    ﴿١٠﴾...سورة الفتح
    ''جو لوگ تجھ سے بیعت کرتے ہیں ، وہ یقینا اللہ سے بیعت کرتے ہیں ۔ ان کے ہاتھوں پر اللہ کاہاتھ ہے۔ تو جوشخص عہد شکنی کرے، وہ اپنے نفس پر ہی عہد شکنی کرتا ہے اور جو شخص اس اقرار کو پورا کرے جو اس نے اللہ کے ساتھ کیا ہے تو اسے عنقریب اللہ بہت بڑا اجر دے گا۔''

    بیعت ِرضوان __ جو 6 ہجری میں صلح حدیبیہ کے موقع پر لی گئی تھی:
    لَّقَدْ رَ‌ضِىَ ٱللَّـهُ عَنِ ٱلْمُؤْمِنِينَ إِذْ يُبَايِعُونَكَ تَحْتَ ٱلشَّجَرَ‌ةِ فَعَلِمَ مَا فِى قُلُوبِهِمْ فَأَنزَلَ ٱلسَّكِينَةَ عَلَيْهِمْ وَأَثَـٰبَهُمْ فَتْحًا قَرِ‌يبًا ﴿١٨﴾...سورة الفتح
    ''یقینا اللہ تعالیٰ مؤمنوں سے خوش ہوگیا جبکہ وہ درخت تلے تجھ سے بیعت کررہے تھے۔ ان کےدلوں میں جو تھا، اسے اس نے معلوم کرلیا اور ان پر اطمینان نازل فرمایااور انہیں قریب کی فتح عنایت فرمائی۔''
    فتح مکہ اور اس کے بعد عورتوں سے خاص طورپر بیعت لی۔ فرمایا:
    يَـٰٓأَيُّهَا ٱلنَّبِىُّ إِذَا جَآءَكَ ٱلْمُؤْمِنَـٰتُ يُبَايِعْنَكَ عَلَىٰٓ أَن لَّا يُشْرِ‌كْنَ بِٱللَّـهِ شَيْـًٔا وَلَا يَسْرِ‌قْنَ وَلَا يَزْنِينَ وَلَا يَقْتُلْنَ
    أَوْلَـٰدَهُنَّ وَلَا يَأْتِينَ بِبُهْتَـٰنٍ يَفْتَرِ‌ينَهُۥ بَيْنَ أَيْدِيهِنَّ وَأَرْ‌جُلِهِنَّ وَلَا يَعْصِينَكَ فِى مَعْرُ‌وفٍ ۙ فَبَايِعْهُنَّ وَٱسْتَغْفِرْ‌ لَهُنَّ
    ٱللَّـهَ ۖ إِنَّ ٱللَّـهَ غَفُورٌ‌ۭ رَّ‌حِيمٌ

    ﴿١٢﴾...سورة الممتحنہ
    ''اے پیغمبر! جب مسلمان عورتیں آپ سے ان باتوں پربیعت کرنے آئیں کہ وہ اللہ کے ساتھ کسی کوشریک نہ کریں گی، چوری نہ کریں گی، زنا کاری نہ کریں گی، اپنی اولاد کو نہ مار ڈالیں گی اورکوئی ایسا بہتان نہ باندھیں گی جو خود اپنے ہاتھوں پیروں کے سامنے گھڑ لیں اور کسی نیک کام
    میں تیری حکم عدولی نہ کریں گی تو آپ اُن سے بیعت کرلیا کریں اور اُن کے لئے اللہ سے مغفرت طلب کریں ۔بے شک اللہ تعالیٰ بخشنے اور معاف کرنے والا ہے۔''

    انفرادی بیعت __ عمروبن العاصؓ اپنے اسلام لانے کا واقعہ بیان کرنے کے بعد کہتے ہیں :
    ''جب اللہ تعالیٰ نے میرے دل میں اسلام کی محبت ڈال دی تو میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور میں نے کہا: اپنا دایاں ہاتھ پھیلائیے تاکہ میں آپ کی بیعت کرسکوں ۔ تو آپؐ نے اپنا ہاتھ پھیلا دیا، لیکن میں نے اپنا ہاتھ کھینچ لیا۔ آپؐ نے کہا: عمرو! کیا ہوا؟ میں نے کہا: میں ایک شرطرکھنا چاہتا ہوں ۔ آپؐ نے کہا:کون سی شرط؟ میں نے کہاکہ اللہ میری مغفرت فرمائیں ! تو آپؐ نےارشاد فرمایا: کیا تمہیں معلوم نہیں کہ اسلام لانے سے پچھلے (تمام گناہ)ختم ہوجاتے ہیں اور ایسا ہی ہجرت کرنے اور حج کرنے سے جو کچھ پہلے کیا تھا، سب معاف ہوجاتا ہے؟''1

    بیعت سے متعلق چند دیگر احادیث بھی ملاحظہ ہوں :
    حاکم وقت کی اطاعت کا عہد
    عبادة بن صامتؓ روایت کرتے ہیں کہ ہم نے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے ان باتوں پر بیعت کی:
    ''آپ کی سمع و اطاعت کریں گے چاہے تنگی کا عالم ہو یا فراخی کا، چاہے پسندیدہ بات ہویاناپسندیدہ، چاہے ہمارے اوپر کسی کو ترجیح ہی کیوں نہ دی گئی ہو، اس شرط کے ساتھ کہ ہم صاحب ِامر کے ساتھ جھگڑانہیں کریں گے، اور یہ کہ ہم جہاں کہیں ہوں حق بات کہیں گے اور اللہ
    کے بارے میں کسی ملامت گر کی ملامت کی پرواہ نہ کریں گے۔''2
    ابن کثیر نے البدایة والنھایة میں ان الفاظ کا اضافہ کیا ہے، جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ یہ بیعت وہ ہے جو حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ سے آنے والوں سے مقامِ عقبہ (منیٰ) میں لی تھی:
    ''اور یہ کہ جب محمد صلی اللہ علیہ وسلم یثرب آئیں تو ہم ان کی مدد کریں گے اور جس طرح ہم اپنی جانوں ، اپنی اَرواح اور اپنی اولاد کا دفاع کرتے ہیں ، ویسا ہی اُن کا بھی دفاع کریں گے اورہمارے لئے جنت ہوگی۔'' 3
    یہ اطاعت مشروط ہے
    حضرت ابن عمرؓ راوی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:''ایک مسلمان کے لیے سمع و اطاعت کرنا لازم ہے، چاہے پسندیدہ امر ہو یاناپسندیدہ امر میں ، الایہ کہ اسے کسی گناہ کا حکم دیا جائے۔ ایسی صورت میں سمع و اطاعت نہیں ۔''4
    ایک امام کی بیعت کے بعد دوسرے امام کی بیعت جائز نہیں :
    عبداللہ بن عمرو بن العاص آنحضورصلی اللہ علیہ وسلم کا ایک طویل خطبہ نقل کرتے ہیں ، جس میں یہ الفاظ شامل ہیں :
    ''جس کسی نے کسی امام کی بیعت کی یا اس کے ہاتھ میں ہاتھ دے دیا اور اپنا دل اس کے حوالہ کردیاتو جب تک استطاعت ہے، اس کی اطاعت کرے۔ پھر اگر کوئی دوسرا شخص (امامت میں ) اسکے ساتھ نزاع کرے تو دوسرے شخص کی گردن مار دو۔'' 5
    جماعت سے خروج ناجائز ہے
    حضرت ابوہریرہؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
    ''جو شخص حلقہ اطاعت سے نکل گیا اور جماعت کو چھوڑ گیا تو وہ جاہلیت کی موت مرتا ہے اورجوشخص کسی اندھے جھنڈے کے نیچے قتال کرتا ہے، یا کسی عصبیت کی بنا پر غصہ میں آجاتاہے یا عصبیت کی طرف دعوت دیتا ہے یا عصبیت کی مدد کرتا ہے اور اس دوران قتل ہوجاتا ہے تو
    اس کی موت بھی جاہلیت کی موت ہوگی اور جو شخص میری اُمت پر خروج کرتاہے، نیکو کار یاگناہ گار، سب کومارتا ہے اور کسی مؤمن کے ساتھ برائی کرنے سے باز نہیں آتا اور جس سے عہدکیا ہے اُس عہد کو پورا نہیں کرتا تو وہ مجھ سے نہیں اور میں اُس سے نہیں ۔'' 6

    آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد بیعت کے سلسلہ میں صحابہ کرامؓ کا بھی یہی طرزِ عمل تھا۔نافع روایت کرتے ہیں کہ
    ''عبداللہ بن عمرؓ، عبداللہ بن مطیع کے پاس آئے اور یہ وہ وقت تھا جب یزید بن معاویہؓ کے زمانہ میں حرہ کا واقعہ پیش آیا۔ ابن مطیع نے کہا: ''ابوعبدالرحمن کے لئے تکیہ بچھا دو۔''
    عبداللہ بن عمرؓ نے کہا: میں بیٹھنے کے لئے نہیں آیا، تمہیں صرف ایک حدیث سنانے آیا ہوں ،جومیں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی ہے اور وہ یہ کہ
    ''جس نے اپنا ہاتھ، حلقہ اطاعت سے ہٹا لیا تو وہ قیامت کے دن اللہ تعالیٰ سے اس عالم میں ملے گاکہ اس کے پاس کوئی دلیل(عذر خواہی) نہ ہوگی، اور جوشخص اس عالم میں مرے کہ اس کی گردن میں بیعت نہ ہو تو وہ جاہلیت کی موت مرے گا۔'' 7
    مذکورہ بالا آیات و احادیث سے یہ باتیں معلوم ہوئیں :
    اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ پربیعت کسی دوسرے خلیفہ یا امام کی بیعت سے مختلف ہے،اورآنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ پر بیعت گویا اللہ سے بیعت ہے۔
    آپؐ نے عقبہ میں جب انصارِ مدینہ سے بیعت لی تھی تو گو اس وقت آپؐ کے پاس اقتدار نہ تھا،لیکن بحیثیت ِرسول صلی اللہ علیہ وسلم آپ ؐ نے یہ بیعت لی تھی، اور یہ بھی ایک خاص مقصد کےلئے تھی کہ جب آپ مدینہ پہنچ جائیں گے توانصار آ پؐ کی پوری پوری حفاظت کریں گے ۔
    مدینہ پہنچ کر آپؐ بلاشرکت ِغیرے اقتدار کے مالک تھے۔ آپؐ نے صحابہ کرام ؓسے مختلف مواقع پرسمع و اطاعت کی بیعت لی، اور بعض مواقع پر خاص خاص باتوں پربیعت لی۔ حدیبیہ کے مقام پرجب یہ افواہ پھیلی کہ مکہ والوں نے آپؐ کے ایلچی حضرت عثمانؓ کو شہید کردیا ہے تو آپؐ نے
    اپنے پندرہ سو رفقا سے اس بات پر بیعت لی تھی کہ وہ راہِ فرار اختیار نہ کریں گے اور دوسری روایت کے مطابق یہ بیعت موت پر تھی۔

    صلح حدیبیہ کے بعد جو خواتین ہجرت کرکے مدینہ آئیں یا فتح مکہ کے موقع پر مسلمان ہوئیں ، اُن سے سورہ الممتحنہ کی آیت کے مطابق چند مخصوص باتوں پر بیعت لی گئی۔ یہ عورتیں چونکہ نئی نئی مسلمان ہوئیں تھیں ، اس لئے اُن چیزوں کا خاص طور پر ذکر کیا گیا جو ایامِ جاہلیت میں عام تھیں ۔ آپؐ نے تومسلم مردوں سے بھی انہی باتوں پربیعت لی تھی۔
    آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت ہر حال میں واجب ہے اور بعد کے امراء و خلفا کے لئےبھی سمع و اطاعت کی بیعت کا حکم دیاگیا ہے، لیکن اس شرط کے ساتھ کہ اگر وہ گناہ کی طرف بلائیں گے تو ان کی اطاعت نہیں ہوگی۔
    خلیفہ کی بیعت اتنی اہم ہے کہ اگر کوئی دوسرا دعویدارِ خلافت پیدا ہوجائے تو اُس کی گردن مارنےکا حکم دیا گیاہے۔ اور یہ اس لئے ہے کہ اسلامی مملکت میں بدامنی کی اجازت نہیں دی جاسکتی،اور یہ تب ہی ممکن ہے جب خلیفہ کے پاس مکمل اقتدار ہو، وہ حدود نافذ کرسکتا ہو، جنگ اور
    صلح کے معاہدے کرسکتا ہو۔
    خلیفہ کے ہوتے ہوئے اس کی اطاعت نہ کرنا اورجماعت سے خروج کرنا قابل مؤاخذہ جرم ہیں اورایسے آدمی کی موت جاہلیت کی موت ہے اور ایسے ہی اُن لوگوں کی بھی جو کسی مذموم عصبیت(برادری، قومیت، زبان، رنگ اور پارٹی) کی بنا پر قتل و قتال پر آمادہ ہوجائیں ۔
    بنی اُمیہ کے دور کے بعد جب بنی عباس سریر آراے خلافت ہوئے، لیکن اندلس جیسے دور درازعلاقہ میں بنی اُمیہ کے امرا نے اپنی حکومت قائم کرلی، تو علماے امت نے فتنہ و فساد کا دروازہبند کرنے کے لئے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایک وقت میں دور دراز کے علاقوں میں دو علیحدہ
    علیحدہ خلافتیں ہوسکتی ہیں ۔ اور پھر اس اُصول کے تحت، بعد کے ادوار میں ، خراسان اورہندوستان کی مملکتیں بھی برداشت کی گئیں ۔

    صحابہ کرامؓ نے اس شخص کی بیعت نہیں کی جس نے خلیفہ وقت کے خلاف خروج کیا ہو۔
    اس تمام تفصیل سے یہ تو واضح ہوگیا کہ بیعت کا دائرہ 'امامت ِکبریٰ' تک محدود ہے، ایسے امام کی بیعت ہی کی جاسکتی ہے جو واقعی اقتدار رکھتا ہو، حدود نافذ کرسکتا ہو، صلح و جنگ کےمعاہدے کرسکتا ہو۔ وہ چاہے جہاد پربیعت لے یا کسی فعل خیر پر یا کسی برائی سے رُکنے پر۔ بیعت
    لینا اس کا حق ہے، البتہ اگر وہ کسی غیر اسلامی کام پربیعت لینا چاہے تو اس کی بات ہرگز نہ مانیجائے گی۔
    پیر و مرشد کی بیعت
    صوفیاے کرام کے حلقہ میں 'بیعت ِاصلاح و ارشاد' کے نام سے ایک نئی روایت ڈالی گئی ہے جس کا خیرالقرون میں وجود نہیں ملتا۔ اگر اس فعل کا مقصود لوگوں کی اصلاح ہے تو وہ مسجد کےمنبر سے، خطیب کے خطبات سے، معلم کی تعلیم سے اوربڑے بوڑھوں کی فہمائش سے بھی حاصل ہوسکتی ہے اور ان سب سے بڑھ کر نیک لوگوں کی صحبت اس کام کیلئے ایک نسخہ کیمیا ہے۔
    شریعت اپنے ماننے والوں کو کوئی ایسا حکم نہیں دیتی جوغیر ضروری اور بے فائدہ ہو، وہ شیخ یامرشد جسے کوئی اختیار حاصل نہ ہو، اس کے ہاتھ پر بیعت کرنے سے آخر کون سافائدہ حاصل ہوسکتا ہے؟ بالفرض اگر ایک لمحہ کے لئے یہ مان بھی لیا جائے کہ لوگوں کی اصلاح کے لئے یہ
    طریقہ کارگر ہوسکتا ہے، تب بھی مندرجہ ذیل قباحتوں کی بنا پر اسے قبول نہیں کیا جاسکتا :
    وَأَنَّ هَـٰذَا صِرَ‌ٰ‌طِى مُسْتَقِيمًا فَٱتَّبِعُوهُ ۖ وَلَا تَتَّبِعُوا۟ ٱلسُّبُلَ فَتَفَرَّ‌قَ بِكُمْ عَن سَبِيلِهِۦ ۚ ذَ‌ٰلِكُمْ وَصَّىٰكُم بِهِۦ لَعَلَّكُمْ
    تَتَّقُونَ

    ﴿١٥٣﴾...سورة الانعام
    ''اور یہ دین میرا راستہ ہے جومستقیم ہے، سو اس راہ پر چلو اور دوسری راہوں پرمت چلوکہ وہ راہیں تم کو اللہ کی راہ سے جدا کردیں گی۔ اس کا تم کو اللہ نے تاکیدی حکم دیا ہے تاکہ تم پرہیزگاری اختیار کرو۔''
    اور فرمایا:
    وَلَا تَكُونُوا۟ كَٱلَّذِينَ تَفَرَّ‌قُوا۟ وَٱخْتَلَفُوا۟ مِنۢ بَعْدِ مَا جَآءَهُمُ ٱلْبَيِّنَـٰتُ ۚ وَأُو۟لَـٰٓئِكَ لَهُمْ عَذَابٌ عَظِيمٌ ﴿١٠٥﴾...سورة
    آل عمران
    ''تم ان لوگوں کی طرح نہ ہوجانا جنہوں نے اپنے پاس روشن دلیلیں آجانے کے بعد بھی تفرقہ ڈالا اور اختلاف کیا۔ان کے لئے بڑا عذاب ہے۔''
    اُمت ِمسلمہ میں ایک طرف مذہبی فرقہ بندی شروع ہوگئی تھی تو دوسری طرف طریقت کے نام پربے شمار سلسلے وجود میں آگئے اور پھرہرسلسلہ ایک مستقل فرقہ اور جماعت بنتی گئی۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے توناجی جماعت کی نشانی یہ بتائی تھی:
    (ما أنا علیہ وأصحابي )''جس پر میں ہوں اورمیرے صحابہ''
    لیکن اس کے بالکل برعکس ہر صاحب ِسلسلہ اور ہر وہ جماعت جو بیعت کی بنیاد پرکھڑی ہوتی ہے، اپنے طرزِعمل سے یہ کہہ رہی ہوتی ہے: ''ما أنا علیہ وسلسلتي أو حزبي'' ''یعنی جس پر میں ہوں اور میرا طریقہ یا میری جماعت۔'' چنانچہ اس سلسلہ یا جماعت کو چھوڑنے کا مطلب ہے کہ
    گویا وہ شخص اسلام سے خارج ہوگیا ہے۔
    یہاں مولانا ثناء اللہ امرتسری رحمة اللہ علیہ کا ذکر کردہ ایک واقعہ پیش کرتا ہوں،
    جو ان کے جریدہ'اہل حدیث' امرتسر کے شمارہ 17؍ مارچ 1924ء میں شائع ہوا تھا، لکھتے ہیں :
    ''یہاں پر ایک واقعہ بلاکم و کاست ناظرین کے سامنے رکھتا ہوں ۔ حافظ عزیز الدین صاحب مرادآبادی (جو میرے گمان میں مردِ صالح ہیں ) مولوی اشرف علی تھانوی کے مرید تھے۔بعد بیعت آپ مسئلہ تقلید کی تحقیق کرکے مقلد سے غیر مقلد ہوگئے مگر مولانا مرحوم کے حق میں اُنہوں نےکسی قسم کی بدگمانی نہیں کی۔ اس پر بھی مولانا کا ایک پوسٹ کارڈ (جو میں نے بچشم خود دیکھاہے) موصوف کو پہنچا جس کا مضمون یہ تھاکہ غیر مقلد ہوجانے کی وجہ سے میں تم کو اپنےحلقہ بیعت سے خارج کرتا ہوں ۔ اب میرا تمہارا پیری مریدی کا تعلق نہیں رہا۔ (اوکما قال) ایسا کیوں ہوا؟ اس کا جواب ہماری سمجھ سے بالاتر ہے۔'' 8
    شیخ سے بیعت کرنا عذابِ قبر سے چھٹکارا دلاتا ہے، پہلے یہ واقعہ پڑھئے اور پھر تبصرہ ملاحظہ کیجئے :
    ''شیخ الاسلام خواجہ فرید الدین احمد نے فرمایا کہ اُن کے داداپیر شیخ معین الدین حسن سنجری چشتی اجمیری قدس سرہ العزیز کی یہ رسم تھی کہ جو کوئی ہمسایہ میں سے اس دنیا سے نقل (انتقال) کرتا، اس کے جنازہ کے ساتھ جاتے اور خلق کے لوٹ جانے کے بعد اس کی قبر پر بیٹھتے
    اور جو درود، کہ ایسے وقت میں پڑھتے آئے ہیں ، پڑھتے۔ پھر وہاں سے آتے۔چنانچہ اجمیر میں آپ کے ہمسایوں میں سے ایک نے انتقال کیا۔دستور کے مطابق آپ جنازہ کے ساتھ گئے، جب اُسےدفن کرچکے، خلق لوٹ آئی اور خواجہ وہیں ٹھہر گئے اور تھوڑی دیر کے بعد آپ اُٹھے۔ شیخ الاسلام قطب الدین فرماتے ہیں کہ میں آپ کے ساتھ تھا۔ میں نے دیکھاکہ دم بدم آپ کا رنگ متغیرہوا، پھر اسی وقت برقرار ہوگیا۔ جب آپ وہاں سے کھڑے ہوئے تو فرمایا:الحمدﷲ! بیعت بڑی اچھی چیز ہے۔''
    شیخ الاسلام قطب الدین اوشی نے آپ سے سوال کیا تو آپ نے فرمایا کہ جب لوگ اس کو دفن کرکےچلے گئے تھے تو میں بیٹھاہوا تھا۔میں نے دیکھا کہ عذاب کے فرشتے آئے اورچاہا کہ اس کوعذاب کریں ، اسی وقت شیخ عثمان ہارونی (آپ کے پیر، م634ھ) قدس سرہ العزیز حاضر ہوئےاور کہا کہ یہ شخص میرے مریدوں میں سے ہے۔ جب خواجہ عثمان نے یہ کہا تو فرشتوں کوفرمان ہوا کہ کہو: ''یہ تمہارے برخلاف تھا۔'' خواجہ نے فرمایا: بے شک اگرچہ برخلاف تھا مگرچونکہ اس نے اپنے آپ کو اس فقیر کے پلے باندھا تھا، تو میں نہیں چاہتا کہ اس پر عذاب کیا
    جائے، فرمان ہوا: اے فرشتو! شیخ کے مرید سے ہاتھ اُٹھاؤ، میں نے اس کو بخش دیا۔ پھر شیخ الاسلام کی آنکھوں میں آنسو بھر آئے اور فرمانے لگے کہ اپنے آپ کو کسی کے پلے باندھنا بہت ہی اچھی چیز ہے۔''9
    سبحان اللہ !نہ شریعت پرعمل کرنے کی ضرورت نہ کتاب و سنت کا کوئی لحاظ، شیخ کی بیعت جنت کا پروانہ ہوگیا۔ اور پھر جس طرح سے یہاں کتاب و سنت کی دھجیاں اُڑائی گئی ہیں وہ بھی ملاحظہ فرمالیں ، اللہ عالم الغیب ہے، لیکن یہاں شیخ عذابِ قبر کا سارا انتظام دیکھ رہے ہیں ۔اللہ کے رسول فرشتہ جبرئیل ؑ سے ہم کلام ہوتے تھے، یہاں شیخ عذاب کے فرشتوں سے مجادلہ کررہے ہیں۔
    حدیث کے مطابق انبیااور صلحا کو قیامت کے دن شفاعت کاموقع دیا جائے گا، یہاں عین عذابِ قبرسے پہلے شفاعت کی جارہی ہے جو فوراً ہی اجابت کے مراحل طے کرگئی۔ جس صحیح حدیث میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے دو قبروں پر سے گزرنے، دونوں کوعذابِ قبر ہونے، آپ ؐ کے اندونوں قبروں پر ٹہنی لگانے کا واقعہ نقل ہوا ہے اور پھرٹہنیوں کے خشک ہونے تک ان کے عذاب میں تخفیف کا ذکر ہے، اُسے ذرا ذہن میں تازہ کیجئے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم جنہیں الہامِ خداوندی سے دو اشخاص کے عذابِ قبر کے بارے میں بتایا گیا،
    وہ یقینا مسلمان تھے، آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی بیعت میں داخل تھے، لیکن اُنہیں تو یہ بیعت کام نہ آئی۔ یہاں تک کہ رسول اللہ صلی
    اللہ علیہ وسلم نے ان کے لئے دعا کی اور بطورِ علامت دو ٹہنیاں بھی لگائیں کہ جن کے خشک ہونے تک دونوں کے عذاب میں تخفیف کی گئی تھی۔
    کیا یہ ایک قباحت ہی کافی نہیں کہ جس سے مزعومہ بیعت کی قلعی کھل جاتی ہے؟
    طریقت اور بیعت چونکہ لازم و ملزوم ہیں ،چنانچہ اس تعلق سے بھی نئے نئے شگوفے کھلتےرہتے ہیں ۔ مولانا عبدالرحمن کیلانی رحمة اللہ علیہ لکھتے ہیں :
    ''بیعت کے سلسلہ میں صوفیا نے ایک اور شاندار کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ اُنہوں نے جب دیکھا کہ اویس قرنی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو نہ دیکھا، نہ بیعت کی، تو اُن کی ارواح کی آپس میں بیعت کرا دی اور اسے نسبت ِاُویسیہ کا نام دیا اور راستہ کی اس رکاوٹ کو ہمیشہ کے لئے ختم
    کردیا۔ وہ جب دیکھتے ہیں کہ فلاں شیخ کی فلاں شیخ سے ملاقات ہی ثابت نہیں یا پیرکی وفات کےبہت عرصہ بعد مرید کی پیدائش ہو تو وہ یہی نسبت ِاُویسیہ قائم کرکے اپنا سلسلہ جاری فرما کر کام چلا لیتے ہیں
    ۔''10
    انہی غلط رسموں کو جائز کرنے کے لئے قرآن و سنت کی نصوص کی ایسی تاویلاتِ فاسدہ کی جاتی ہیں کہ انسان اپنا سرپکڑ کر بیٹھ جاتا ہے۔
    ابن الجوزی رحمة اللہ علیہ لکھتے ہیں :
    محمد بن طاہر اپنی کتاب میں لکھتے ہیں :''پھٹے ہوئے کپڑے (مرقعہ) پہننے کے بارے میں شیخ کامرید پرشرط رکھنا، اور بطورِ دلیل عبادة بن صامت کی حدیث پیش کی کہ ہم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ پر بیعت کی کہ ہم تنگی اور فراخی ہر حال میں سمع و اطاعت کریں گے۔''
    دیکھئے کیا خوب نکتہ نکالا ہے، کہاں شیخ کا مرید پر مذکورہ شرط رکھنا اور اُسے جوڑنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیعت ِاسلام سے جو کہ نہ صرف لازم ہے بلکہ خود رسول کی اطاعت بھی واجب ہے۔''11
    اگر اُمت ِمسلمہ ایک بڑے جہاز کی مانند ہے تو یہ مختلف فرقے اور طریقے چھوٹی چھوٹی کشتیوں کی مانند ہیں ۔ شدید طوفان کی صورت میں جہاز تو بچ جاتا ہے، لیکن چھوٹی کشتیاں غرقِ آب ہوجاتی ہیں ۔ تعجب ہے کہ کتاب وسنت کے جہاز کو چھوڑ کر لوگ ان بجروں (چھوٹی کشتیوں ) پر
    کیوں سوار ہوتے ہیں !؟ جب کہ سمندر میں تلاطم ہی تلاطم ہے اور کشتی کسی وقت بھی ڈوب سکتی ہے۔

    قائلین بیعت کے شبہات
    اور آخر میں ان چند شبہات کا جائزہ بھی لے لیا جائے جو قائلین بیعت کی طرف سے پیش کئےجاتے ہیں :
    ''تین آدمی بھی سفر کررہے ہوں تو ایک کو امیربنانے کا حکم ہے، چہ جائیکہ پوری جماعت ہو اوراس کا امیرنہ ہو۔''
    سفر میں امیر بنانا توآنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث سے ثابت ہے، لیکن وہاں بیعت کاذکرنہیں ہے، اور یہ امارت سفر کے ختم ہونے کے ساتھ تمام ہوجاتی ہے۔ گویا وقتی طور پر نظم و ضبط کا پابند بنانے کے لئے ایسے امیر کی اطاعت لازمی قرار دی گئی لیکن اس کا قیاس امامت
    ِکبریٰ پر نہیں کیا جاسکتا جہاں دوسرے مدعی ٔامارت کو برداشت نہیں کیا جاتا بلکہ اس کی گردن مار دی جاتی ہے۔
    ''بیعت ِاصلاح و ارشاد کو نماز کی امامت کی طرح سمجھا جائے ،یعنی امامت ِکبریٰ کے ساتھ امامت صغریٰ کو جدا نہیں کیا جاسکتا۔''
    امارتِ سفر کی طرح نماز کی امامت بھی نماز کے ساتھ ختم ہوجاتی ہے۔جونہی امام نے 'السلام علیکم ورحمتہ اﷲ' کہا، مقتدی اور امام کا تعلق ختم ہوگیا۔ دوسرے یہ کہ خلیفہ وقت کی موجودگی میں کیا صرف ایک ہی نماز باجماعت کا اہتمام کیا جاتا تھا یا ہر علاقے بلکہ ہر محلے کی مسجد میں
    نماز نہیں ہوتی تھی؟
    حضرت معاذؓ بن جبل عشاء کی نماز آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ پڑھتے اور پھر عوالی جاکر اہل محلہ کو نماز پڑھایا کرتے تھے۔ لیکن امامِ وقت یا خلیفہ حاضر سے بیعت کرنے کے بعدکیا ہر شہر یا ہر محلہ میں جزوی بیعت ہواکرتی تھی جو ہر مرشد اپنے لئے روارکھتا ہو؟ کم از کم
    خیرالقرون کے زمانہ میں تو ایسی بیعت کا نام و نشان نہ تھا۔ قرونِ ثلاثہ (زمانۂ رسول ؐ اور زمانۂ صحابہؓ ، زمانۂ تابعین رحمة اللہ علیہ اور تبع تابعین رحمة اللہ علیہ ) کے بعد جہاں فرقہ بازی کی بدعت پیدا ہوئی، وہاں تصوف کے سلسلوں کے نام پر مشائخ کے ہاتھ پربیعت اصلا ح و ارشاد کا
    دروازہ بھی کھول دیا گیا۔
    فرمانِ نبویؐ ہے: ''جو شخص اس حال میں مرا کہ اس کی گردن میں طوقِ بیعت نہ تھا، وہ جاہلیت کی موت مرا۔''12
    شریعت کے تمام احکامات استطاعت سے مشروط ہیں ۔ایک شخص حج کی استطاعت رکھتا ہو لیکن بیت اللہ تک پہنچنے کے تمام راستے مسدود ہوں ، چاہے جنگ و جدال کی بنا پر یا کسی دوسرےسبب کی بنا پر، تو ایسے شخص پر حج کرنا واجب نہ ہوگا جب تک کہ راستے کھل نہ جائیں ۔
    حالانکہ ایسی ہی وعید حج پر نہ جانے والوں کے لئے بھی ہے، ایسے ہی زکوٰة نہ ادا کرنے والوں کو سخت عذاب کی وعید سنائی گئی ہے، لیکن جس شخص کے پاس اتنا مال ہی نہ ہو کہ جس میں زکوٰة واجب ہو تو وہ زکوٰة دینے سے مستثنیٰ ہے۔ وضو میں ہاتھ پیر دھونے لازم ہیں ، لیکن اگر
    کسی کا ہاتھ یا پیر کٹا ہوا ہو تو وہ اُسے کیسے دھوئے گا؟
    بعینہٖ اگر ایسا خلیفہ موجود ہو جو صاحب ِاقتدار ہو، حدود کو نافذ کرسکتا ہو، صلح و جنگ کےجھنڈے بلند کرسکتا ہو، قرآن و سنت کو نافذ کرسکتا ہو تو جہاں جہاں اس کااقتدار ہے، وہاں وہاں تمام لوگوں پر اس کی بیعت لازم ہے۔ بیعت نہیں کریں گے تو بموجب ِحدیث ِمذکور جاہلیت کی موت
    مریں گے۔ لیکن اگر ایسا خلیفہ سرے سے موجود ہی نہ ہو تو پھر بیعت کا محل نہ ہونے کی بنا پر یہ حکم بھی ساقط ہوجائے گا، اور ایسے ہی وہ لوگ جو ایک خلیفہ کے دائرئہ اقتدار سے خارج رہتے ہوں ، اُن کے لئے بھی ایسے خلیفہ کی بیعت لازم نہ ہوگی۔
    ۱۹۲۴ء میں خلافت ِعثمانیہ کے ختم کئے جانے کے بعد اوّل تو مسلم ممالک پر استعمار کاغلبہ ہوگیا، خود ہندوستان بھی سو ڈیڑھ سو سال انگریزی استعمار کاہراول دستہ بنا رہا، جب خلیفہ ہی نہ رہا تو بیعت کس کے ہاتھ پرکی جاتی؟مسلم ممالک آزاد ہوناشروع ہوئے تو اکثر نے جمہوری یا
    آمرانہ نظام اپنایا، بیعت کے اُس طریقہ کو خیر باد کہہ دیا گیا جو اہل حل و عقد کی مشاورت سےمنعقد ہوتی ہے، لہٰذا نظامِ بیعت بھی معطل ہوتا چلا گیا۔ اب جہاں جہاں کسی درجے میں بھی ایسانظام قائم ہو جو کتاب وسنت کو نافذ کرتا ہو، لیکن بادشاہ کی بیعت کے بعد ہی اس کی حکومت کا
    آغاز ہوتا ہے۔
    بیعت ِاصلاح و ارشاد کا ایک 'عہدنامہ ' کی طرح اعتبار کیا جائے تو کیا حرج ہے؟ کیایہاں بھی یہی کہا جائے گا کہ سلف صالح میں اس کا رواج نہ تھا؟
    ابونعیم اصبہانی اپنی کتاب حلیة الأولیاء (2؍204) میں اپنی اسناد ذکر کرنے کے بعد مطرف بن عبداللہ بن شخیر (تابعی) کی یہ روایت بیان کرتے ہیں کہ ہم زید بن صوحان کے پاس جایا کرتےتھے جو کہاکرتے تھے:
    ''اے اللہ کے بندو! اکرام کرو اور (عمل میں ) خوبصورتی پیداکرو!بندے اللہ تک ان دو وسیلوں سےپہنچ سکتے ہیں : خوف اور طمع''
    ایک دن ہم ان کے پاس آئے تو دیکھاکہ (شاگردوں )نے ایک عبارت اس مضمون کی لکھی ہے:
    ''اللہ ہمارا ربّ ہے، محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے نبیؐ ہیں ، قرآن ہمارا امام ہے، جو ہمارے ساتھ ہوگا،ہم اس کے ساتھ ہیں اور اس کے لئے ہیں ۔جو ہمارے مخالف ہوگا، ہمارا ہاتھ اس کے خلاف ہوگا اور ہم ایسا ویساکریں گے۔''
    پھر اُنہوں نے یہ مکتوب لیا اور ہر شخص سے باری باری یہ کہا:اے فلاں ! کیاتم اس بات کا اقرارکرتے ہو؟ یہاں تک کہ میری باری آگئی اور اُنہوں نے کہا:اے لڑکے! تم بھی اقرار کرتے ہو؟ میں نے کہا:نہیں ۔ کہنے لگے: اس لڑکے کے بارے میں جلد بازی نہ کرو، پھر مجھ سے پوچھا: بچے! تم کیا کہنا چاہتے ہو؟ میں نے کہا: اللہ نے اپنی کتاب میں مجھ سے ایک عہد لیا ہے اور میں اس عہد کے بعد کسی اور عہد کا پابند نہیں ہوں ۔'' یہ سننا تھا کہ تمام کے تمام لوگ اس عہد نامے سےرجوع کرگئے، کسی ایک نے بھی اقرار نہ کیا۔میں نے مطرف سے پوچھا: تمہاری تعداد کیا تھی؟
    بولے: ''تیس کے قریب آدمی تھے۔''13
    امام ابن تیمیہ رحمة اللہ علیہ نے اس مسئلہ کو بڑی وضاحت سے بیان کیا ہے۔ وہ ایک فتویٰ کےضمن میں کہتے ہیں :
    ''اگر لوگ اللہ اور اس کے رسولؐ کی اطاعت اور بر وتقویٰ پر تعاون کرنے پر جمع ہوں تو بھی ہرشخص دوسرے شخص کے ساتھ ہر بات میں معاون نہ ہوگا بلکہ صرف اس حد تک جہاں اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت ہوگی، اگر اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی ہورہی ہو تو وہ ساتھ نہ
    دے گا، یہ لوگ سچائی، انصاف، احسان، امربالمعروف، نہی عن المنکر، مظلومین کی مدد اور ہر اس کام میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے جو اللہ اور اس کے رسول کو پسند ہیں ۔ وہ نہ ظلم کرنے پر، نہ کسی جاہلی عصبیت پر، نہ ہی خواہشات کی پیروی پرتعاون کریں گے، نہ ہی فرقہ بازی اور اختلاف پر، اور نہ ہی اپنی کمر کے گرد پیٹی باندھ کر کسی شخص کی ہر بات ماننے پر تعاون کریں گے اورنہ ہی کسی ایسے حلف نامے میں شریک ہوں گے جو اللہ اور اس کے رسول کے حکم کے خلاف ہو۔''
    ''ان میں سے کسی شخص کے لئے جائز نہیں کہ اپنے یا کسی دوسرے کے استاد کی خاطر اپنی کمر کے گرد پیٹی باندھے اور جیسے سوال میں پوچھا گیا ہے، کسی ایک معین شخص کے لئے پیٹی باندھنا یا اس کی طرف نسبت کرنا، جاہلیت کی بدعات میں سے ہے اور ان حلف ناموں کی مانند
    ہے جواہل جاہلیت کیا کرتے تھے یا قیس و یمن کی فرقہ بازیوں کی طرح ہے۔ اگر اس کے باندھنےسے مراد بر و تقویٰ پر تعاون ہے تو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے بغیر کسی ایسے بندھن کے اس کا حکم دیا ہے اور اگر اس سے مراد گناہ اور سرکشی کے کاموں میں تعاون
    ہے تو وہ ویسے ہی حرام ہے، یعنی اگر اس طرح خیر کا کام کرنا مقصود ہے تو اللہ اور اس کےرسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات میں اس کام کی پوری رہنمائی ملتی ہے، استاد کے ساتھ(اس نسبت) کی کوئی ضرورت نہیں ۔ اگر برائی مقصود ہے تو اللہ اور اس کے رسول اُسے حرام قرار
    دے چکے ہیں ۔۔۔
    کسی کے لئے یہ جائز نہیں کہ کسی دوسرے شخص سے اپنی ہر بات منوانے پر عہد لے یا اس بات پر کہ جس کامیں دوست ہوں ، اس سے دوستی رکھو اور جس کا میں دشمن ہوں ، اُ س سےدشمنی رکھو، بلکہ ایسا کرنے والا چنگیز خان اور اس کے حواریوں جیسا ہے جو ہر اس شخص کو
    اپنا دوست اور حمایتی سمجھتے ہیں جو ان کی ہاں میں ہاں ملاتا ہو اور ہر اس شخص کو اپنا بدترین دشمن سمجھتے ہیں جو ان کی مخالفت کرتا ہو، بلکہ اُنہیں اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کیا ہوا عہد یاد رکھنا چاہئے کہ اطاعت صرف اللہ اور اس کے رسولؐ کی ہے۔
    اسے وہی کام کرنا ہے جس کا حکم اللہ اور اس کے رسولؐ نے دیا ہے، ہر اُس چیز کو حرام ٹھہرانا ہے جسے اللہ اور اس کے رسولؐ نے حرام ٹھہرایا ہے۔ وہ اپنے اساتذہ (ومشائخ) کے حقوق کاضرور خیال رکھے،لیکن اُتنا جتنا کہ اللہ اور اس کے رسولؐ نے خیال رکھنے کا حکم دیا ہے۔ اگر
    کسی کا اُستاد مظلوم ہو تو اس کی مدد کرے، اگر ظلم کرے تو اس کی ظلم پراعانت نہ کرے بلکہ اُسے ظلم کرنے سے روکے،
    جیسا کہ صحیح حدیث سے ثابت ہے: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نےارشاد فرمایا:''اپنے بھائی کی مدد کرو چاہے وہ ظالم ہو یامظلوم!''
    آپؐ سے کہا گیا:مظلوم ہو تو ہم اس کی مدد کرتے ہیں ، لیکن ظالم ہو تو اس کی مدد کیسے ہوگی؟
    آپؐ نے ارشاد فرمایا:''تم اُسے ظلم کرنے سے روکو، یہی اس کی مدد ہے۔''14
    باقی یہ کہنا کہ ''جس کا کوئی پیر نہیں اس کا پیرومرشد شیطان ہے۔'' یہ بات اُس شخص کے لئے تودرست ہے جس نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کا طوق اپنی گردن سے اُتار پھینکا ہو، لیکن وہ شخص جو صرف اپنی نسبت اللہ کے رسولؐ اور اُن کی حدیث کی طرف کرتا ہو، اُسے شیطان کی طرف منسوب کرنا، اپنے ایمان کوضائع کرنا ہے، ''ما أنا علیہ وأصحابي'' کا تقاضا یہی ہے کہ ہراُس عمل سے اجتناب کیا جائے جس پر مہرنبوت ثبت نہ ہو اور جسے صحابہ کرامؓ نے نہ کیا ہو۔اللہ تعالیٰ تمام کلمہ گو حضرات کو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کے عہد کو
    پورا کرنے کی توفیق عطافرمائیں ۔ وآخر دعوانا ان الحمدﷲ رب العالمین
    --------------------------------------------------------------------------------
    حوالہ جات
    1. صحیح مسلم:121
    2. صحیح بخاری:7199،صحیح مسلم:1709، سنن نسائی:4160
    3. البدایة والنہایة:3؍189
    4. صحیح مسلم:1839
    5. صحیح مسلم:1844
    6. صحیح مسلم:1848
    7. صحیح مسلم:1851
    8. فتاویٰ ثنائیہ:1؍356
    9. بحوالہ شریعت و طریقت از مولانا عبدالرحمن کیلانی: ص305
    10. شریعت و طریقت:ص433
    11. تلبیس ابلیس: ص192
    12. صحیح مسلم :1851
    13. بحوالہ عربی کتابچہ: ''بیعت،سنت و بدعت کے مابین'' از شیخ علی حسن
    14. فتاویٰ ابن تیمیہ:8؍16تا18
    ____________________________
     
  5. ‏مارچ 26، 2019 #5
    اسحاق سلفی

    اسحاق سلفی فعال رکن رکن انتظامیہ
    جگہ:
    اٹک ، پاکستان
    شمولیت:
    ‏اگست 25، 2014
    پیغامات:
    6,372
    موصول شکریہ جات:
    2,398
    تمغے کے پوائنٹ:
    791

    پاکستان میں اہل حدیث کثر اللہ سوادہم کے علماء میں حافظ ثناء اللہ مدنی حفظہ اللہ ممتاز مقام رکھتے ہیں
    اس مسئلہ پر ان کا فتوی دیکھئے ؛

    بیعت کی شرعی حیثیت
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
    سوال :
    (الف) بیعت کی شرعی حیثیت کیا ہے؟(ب) کیا کسی عالم دین کے ہاتھ پر بیعت ضروری ہے کہ مسائل دین ودنیا سے واقفیت رہے؟(ج) بیعت کو تقلید سے تعبیر کیا جاسکتا ہے؟

    الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال
    وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
    (الف) بیعت حاکم وقت خلیفہ سے شریعت کی پیروی کے عہد کا نام ہے جو ہاتھ پر ہاتھ رکھنے اور زبانی کلامی عہد وپیمان سے بھی ہوسکتی ہے۔

    (ب) کسی عالم دین کے ہاتھ پر شریعت میں بیعت کا تصور نہیں۔کیونکہ بیعت کا تعلق نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات سے ہوتا ہے یا جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے قائم مقام ہو۔جیسے خلیفہ حاکم دین ودنیا کے مسائل میں کسی بھی صاحب علم سے راہنمائی حاصل ہوسکتی ہے بیعت شرط نہیں۔

    (ج) بیعت کو تقلید سے تعبیر نہیں کیا جاسکتا کیونکہ بیعت اطاعت شریعت کے عہد کا نام ہے جب کہ تقلید کا مفہوم یہ ہے کہ غیر کے قول کوبلا دلیل قبول کرلینا۔

    ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب
    فتاویٰ ثنائیہ مدنیہ
    ج1ص497
    _______________________
    اوپر شیخ صہیب حسن کے مضمون میں قابل توجہ :

    کسی کے لئے یہ جائز نہیں کہ کسی دوسرے شخص سے اپنی ہر بات منوانے پر عہد لے یا اس بات پر کہ جس کامیں دوست ہوں ، اس سے دوستی رکھو اور جس کا میں دشمن ہوں ، اُ س سےدشمنی رکھو، بلکہ ایسا کرنے والا چنگیز خان اور اس کے حواریوں جیسا ہے جو ہر اس شخص کو اپنا دوست اور حمایتی سمجھتے ہیں جو ان کی ہاں میں ہاں ملاتا ہو اور ہر اس شخص کو اپنا بدترین دشمن سمجھتے ہیں جو ان کی مخالفت کرتا ہو، بلکہ اُنہیں اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کیا ہوا عہد یاد رکھنا چاہئے کہ اطاعت صرف اللہ اور اس کے رسولﷺ کی ہے۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
     
    Last edited: ‏مارچ 26، 2019
  6. ‏مارچ 26، 2019 #6
    اسحاق سلفی

    اسحاق سلفی فعال رکن رکن انتظامیہ
    جگہ:
    اٹک ، پاکستان
    شمولیت:
    ‏اگست 25، 2014
    پیغامات:
    6,372
    موصول شکریہ جات:
    2,398
    تمغے کے پوائنٹ:
    791

    ہندی مکتب

    شاعر مشرق
    اقبال! یہاں نام نہ لے علمِ خودی کا ۔۔ موزوں نہیں مکتب کے لیے ایسے مقالات
    بہتر ہے کہ بے چارے ممولوں کی نظر سے! ۔۔۔ پوشیدہ رہیں باز کے احوال و مقامات
    آزاد کی اک آن ہے محکوم کا اک سال! ۔۔۔ کس درجہ گراں سَیر ہیں محکوم کے اوقات
    آزاد کا ھر لحظہ پیامِ ابدیت! ۔۔۔ محکوم کا ھر لحظہ نئی مرگِ مفاجات
    آزاد کا اندیشہ حقیقت سے منّور ۔۔۔ محکوم کا اندیشہ گرفتارِ خرافات
    محکوم کو پیروں کی کرامات کا سودا! ۔۔۔ ہے بندۂ آزاد خود اک زندہ کرامات
    محکوم کے حق میں ہے یہی تربیت اچھی
    موسیقی و صورت گری و علمِ نباتات
     
  7. ‏مارچ 28، 2019 #7
    طالب علم 1981

    طالب علم 1981 رکن
    شمولیت:
    ‏فروری 05، 2019
    پیغامات:
    23
    موصول شکریہ جات:
    2
    تمغے کے پوائنٹ:
    30

    جزاك الله خيرًا كثيرا و احسن الجزاء
    اللہ تعالٰی آپ کو سلامت رکھے اور خیر و برکت عطا فرمائے. اللھم آمین یا رب العالمین
     
  8. ‏مارچ 28، 2019 #8
    اسحاق سلفی

    اسحاق سلفی فعال رکن رکن انتظامیہ
    جگہ:
    اٹک ، پاکستان
    شمولیت:
    ‏اگست 25، 2014
    پیغامات:
    6,372
    موصول شکریہ جات:
    2,398
    تمغے کے پوائنٹ:
    791

    آمین یا رب العالمین
    وجزاک اللہ احسن الجزاء
     
  9. ‏مارچ 29، 2019 #9
    zahra

    zahra مبتدی
    شمولیت:
    ‏دسمبر 04، 2018
    پیغامات:
    144
    موصول شکریہ جات:
    6
    تمغے کے پوائنٹ:
    25

    nice sharing thanks its amazing
     
لوڈ کرتے ہوئے...

اس صفحے کو مشتہر کریں