• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

پیغام قرآن: اٹھارہویں پارے کے مضامین

سٹیٹس
مزید جوابات پوسٹ نہیں کیے جا سکتے ہیں۔

شاکر

تکنیکی ناظم
رکن انتظامیہ
شمولیت
جنوری 08، 2011
پیغامات
6,595
ری ایکشن اسکور
21,396
پوائنٹ
891
۳۶۔ہر جاندارکو پانی سے پیدا کیاگیا
اور اللہ نے ہر جاندار ایک طرح کے پانی سے پیدا کیا۔ کوئی پیٹ کے بل چل رہا ہے تو کوئی دو ٹانگوں پر اور کوئی چارٹانگوں پر۔جو کچھ وہ چاہتا ہے پیدا کرتا ہے، وہ ہرچیز پر قادر ہے۔ہم نے صاف صاف حقیقت بتانے والی آیات نازل کردی ہیں ، آگے صراط مستقیم کی طرف ہدایت اللہ ہی جسے چاہتا ہے ، دیتا ہے۔ (النور۴۶)

۳۷۔تنازعات میں اللہ کی طرف رجو ع کرنا
لوگ کہتے ہیں کہ ہم ایمان لائے اللہ اور رسول ﷺ پر اور ہم نے اطاعت قبول کی، مگر اس کے بعد ان میں سے ایک گروہ (اطاعت سے) منہ موڑ جاتا ہے۔ ایسے لوگ ہرگز مومن نہیں ہیں ۔جب ان کو بلایا جاتا ہے اللہ اور رسول ﷺکی طرف، تاکہ رسول ﷺ ان کے آپس کے مقدمے کا فیصلہ کرے تو ان میں سے ایک فریق کتراجاتا ہے۔ البتہ اگر حق ان کی موافقت میں ہو تو رسول ﷺ کے پاس بڑے اطاعت کیش بن کر آجاتے ہیں ۔ کیا ان کے دلوں کو (منافقت کا) روگ لگا ہوا ہے؟ یا یہ شک میں پڑے ہوئے ہیں ؟ یا ان کو یہ خوف ہے کہ اللہ اور اس کا رسول ﷺ ان پر ظلم کرے گا؟ اصل بات یہ ہے کہ ظالم تو یہ لوگ خود ہیں ۔(النور۵۰)

۳۸۔ اللہ اور رسول کے تابع فرمان بنو
ایمان لانے والوں کا کام تو یہ ہے کہ جب وہ اللہ اور رسول ﷺ کی طرف بلائے جائیں تاکہ رسول ﷺ ان کے مقدمے کا فیصلہ کرے تو وہ کہیں کہ ہم نے سُنا اور اطاعت کی۔ایسے ہی لوگ فلاح پانے والے ہیں ، اور کامیاب وہی ہیں جو اللہ اور رسول ﷺ کی فرمانبرداری کریں اور اللہ سے ڈریں اور اس کی نافرمانی سے بچیں ۔ یہ (منافق)اللہ کے نام سے کڑی کڑی قسمیں کھاکر کہتے ہیں کہ ’’آپ حکم دیں تو ہم گھروں سے نکل کھڑے ہوں ‘‘۔ ان سے کہو ’’قسمیں نہ کھاؤ، تمہاری اطاعت کا حال معلوم ہے، تمہارے کرتوتوں سے اللہ بے خبر نہیں ہے‘‘۔ کہو،’’اللہ کے مطیع بنو اور رسول ﷺ کے تابع فرمان بن کر رہو۔ لیکن اگر تم منہ پھیرتے ہو تو خوب سمجھو لو کہ رسولﷺپر جس فرض کا بار رکھا گیا ہے اس کا ذمہ دار وہ ہے اور تم پر جس فرض کا بار ڈالا گیا ہے اس کے ذمہ دار تم۔ اس کی اطاعت کروگے تو خود ہی ہدایت پاؤ گے ورنہ رسولﷺکی ذمہ داری اس سے زیادہ کچھ نہیں ہے کہ صاف صاف حکم پہنچادے‘‘۔ (النور۵۴)

۳۹۔اللہ حالتِ خوف کو امن سے کب بدلتا ہے
اللہ نے وعدہ فرمایا ہے تم میں سے ان لوگوں کے ساتھ جو ایمان لائیں اور نیک عمل کریں کہ وہ ان کو اسی طرح زمین میں خلیفہ بنائے گا جس طرح ان سے پہلے گزرے ہوئے لوگوں کو بنا چکا ہے، ان کے لیے ان کے اس دین کو مضبوط بنیادوں پر قائم کردے گا۔ جسے اللہ تعالیٰ نے ان کے حق میں پسند کیا ہے، اور ان کی (موجودہ) حالتِ خوف کو امن سے بدل دے گا، بس وہ میری بندگی کریں اور میرے ساتھ کسی کو شریک نہ کریں ۔ اور جو اس کے بعد کفر کرے تو ایسے ہی لوگ فاسق ہیں ۔نماز قائم کرو،زکوٰۃ دو اور رسول کی اطاعت کرو، امید ہے کہ تم پر رحم کیا جائے گا۔ جو لوگ کفر کررہے ہیں ان کے متعلق اس غلط فہمی میں نہ رہو کہ وہ زمین میں اللہ کو عاجز کردیں گے۔ ان کا ٹھکانا دوزخ ہے اور وہ بڑا ہی بُرا ٹھکانا ہے(النور۵۷)

۴۰۔والدین کے کمرے میں بلااجازت نہ جاؤ
اے لوگو جو ایمان لائے ہو، لازم ہے کہ تمہارے لونڈی غلام اور تمہارے وہ بچے جو ابھی عقل کی حد کو نہیں پہنچے ہیں ، تین اوقات میں اجازت لے کر تمہارے پاس آیا کریں ۔ صبح کی نماز سے پہلے اور دوپہر کو جبکہ تم کپڑے اتارکر رکھ دیتے ہو، اور عشاء کی نماز کے بعد۔یہ تین وقت تمہارے لیے پردے کے وقت ہیں ۔ان کے بعد وہ بلااجازت آئیں تو نہ تم پر کوئی گناہ ہے نہ ان پر،تمہیں ایک دوسرے کے پاس بار بار آنا ہی ہوتا ہے۔ اس طرح اللہ تمہارے لیے اپنے ارشادات کی توضیح کرتاہے، اور وہ علیم و حکیم ہے۔ اور جب تمہارے بچے عقل کی حد کو پہنچ جائیں تو چاہیے کہ اسی طرح اجازت لے کر آیا کریں جس طرح ان کے بڑے اجازت لیتے رہے ہیں ، اس طرح اللہ اپنی آیات تمہارے سامنے کھولتا ہے اور وہ علیم و حکیم ہے۔ (النور۵۹)
 

شاکر

تکنیکی ناظم
رکن انتظامیہ
شمولیت
جنوری 08، 2011
پیغامات
6,595
ری ایکشن اسکور
21,396
پوائنٹ
891
۴۱۔عمر رسیدہ عورتوں کو حجاب میں رخصت
اور جو عورتیں جوانی سے گزری بیٹھی ہوں ، نکاح کی امیدوار نہ ہوں ، وہ اگر اپنی چادریں اتار کر رکھ دیں تو ان پر کوئی گناہ نہیں ، بشرطیکہ زینت کی نمائش کرنے والی نہ ہوں ۔ تاہم وہ بھی حیاداری ہی برتیں تو ان کے حق میں اچھا ہے، اور اللہ سب کچھ سُنتا اور جانتا ہے۔ (النور۶۰)

۴۲۔کن گھروں میں بلا تکلف کھانا پینا روا ہے
کوئی حرج نہیں اگر کوئی اندھا، یا لنگڑا، یا مریض (کسی کے گھر سے کھالے) اور نہ تمہارے اوپر اس میں کوئی مضائقہ ہے کہ اپنے گھروں سے کھاؤ یا اپنے باپ دادا کے گھروں سے، یا اپنی ماں نانی کے گھروں سے، یا اپنے بھائیوں کے گھروں سے، یا اپنی بہنوں کے گھروں سے، یا اپنے چچاؤں کے گھروں سے،یا اپنی پھوپھیوں کے گھروں سے، یا اپنے ماموؤں کے گھروں سے، یا اپنی خالاؤں کے گھروں سے، یا ان کے گھروں سے جن کی کنجیاں تمہاری سپردگی میں ہوں ، یا اپنے دوستوں کے گھروں سے۔ (النور۶۱)
۴۳۔گھروں میں داخل ہوتے وقت سلام کرو
اس میں بھی کوئی حرج نہیں کہ تم لوگ مل کر کھاؤ یا الگ الگ۔البتہ جب گھروں میں داخل ہوا کرو تو اپنے لوگوں کو سلام کیاکرو، دعائے خیر، اللہ کی طرف سے مقررفرمائی ہوئی، بڑی بابرکت اور پاکیزہ۔ اس طرح اللہ تعالیٰ تمہارے سامنے آیات بیان کرتا ہے، توقع ہے کہ تم سمجھ بوجھ سے کام لوگے۔ مومن تو اصل میں وہی ہیں جو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو دل سے مانیں اور جب کسی اجتماعی کام کے مواقع پر رسول ﷺ کے ساتھ ہوں تو اس سے اجازت لیے بغیر نہ جائیں ۔ اے نبیﷺ، جو لوگ تم سے اجازت مانگتے ہیں وہی اللہ اور رسول ﷺ کے ماننے والے ہیں ، پس جب وہ اپنے کسی کام سے اجازت مانگیں تو جسے تم چاہو اجازت دے دیاکرو اور ایسے لوگوں کے حق میں اللہ سے دعائے مغفرت کیا کرو، اللہ یقینا غفور و رحیم ہے۔(النور۶۲)

۴۴۔رسول کے حکم کی خلاف ورزی
مسلمانو، اپنے درمیان رسول ﷺ کے بُلانے کو آپس میں ایک دوسرے کا سا بلانا نہ سمجھ بیٹھو۔اللہ ان لوگوں کو خوب جانتا ہے جو تم میں ایسے ہیں کہ ایک دوسرے کی آڑ لیتے ہوئے چپکے سے سٹک جاتے ہیں ۔ رسول ﷺ کے حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ڈرنا چاہیے کہ وہ کسی فتنے میں گرفتار نہ ہوجائیں یا ان پر دردناک عذاب نہ آجائے۔خبردار ہو، آسمان و زمین میں جو کچھ ہے اللہ کا ہے۔ تم جس روش پر بھی ہو اللہ اس کو جانتا ہے۔جس روز لوگ اس کی طرف پلٹائے جائیں گے وہ انہیں بتا دے گا کہ وہ کیا کچھ کرکے آئے ہیں ۔وہ ہرچیز کا علم رکھتا ہے۔(النور۶۴)

۴۵۔ہر مخلوق کی ایک تقدیر ہے
سورۂ فرقان: اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔نہایت متبرک ہے وہ جس نے یہ فرقان اپنے بندے پر نازل کیا تاکہ سارے جہان والوں کے لیے خبردار کردینے والا ہو… وہ جو زمین اور آسمانوں کی بادشاہی کا مالک ہے، جس نے کسی کو بیٹا نہیں بنایا ہے، جس کے ساتھ بادشاہی میں کوئی شریک نہیں ہے، جس نے ہر چیزکو پیدا کیا پھر اس کی ایک تقدیر مقرر کی۔ لوگوں نے اسے چھوڑ کر ایسے معبود بنالیے جو کسی چیز کو پیدا نہیں کرتے بلکہ خود پیداکیے جاتے ہیں ،جو خود اپنے لیے بھی کسی نفع یا نقصان کا اختیار نہیں رکھتے، جو نہ مارسکتے ہیں نہ جِلاسکتے ہیں ، نہ مرے ہوئے کو پھر اٹھاسکتے ہیں ۔ (الفرقان…۳)
 

شاکر

تکنیکی ناظم
رکن انتظامیہ
شمولیت
جنوری 08، 2011
پیغامات
6,595
ری ایکشن اسکور
21,396
پوائنٹ
891
۴۶۔جن لوگوں نے نبی کی بات نہ مانی
جن لوگوں نے نبی ﷺ کی بات ماننے سے انکار کردیا ہے وہ کہتے ہیں کہ ’’یہ فرقان ایک من گھڑت چیز ہے جسے اس شخص نے آپ ہی گھڑ لیا ہے اور کچھ دوسرے لوگوں نے اس کام میں اس کی مدد کی ہے‘‘۔بڑا ظلم اور سخت جھوٹ ہے جس پر یہ لوگ اتر آئے ہیں ۔ کہتے ہیں ’’یہ پرانے لوگوں کی لکھی ہوئی چیزیں ہیں جنہیں یہ شخص نقل کراتا ہے اور وہ اسے صبح و شام سنائی جاتی ہیں ‘‘۔ اے نبیﷺ، ان سے کہو کہ اسے نازل کیا ہے اس نے جو زمین اور آسمانوں کا بھید جانتا ہے‘‘۔ حقیقت یہ ہے کہ وہ بڑا غفور و رحیم ہے۔(الفرقان۶)

۴۷۔اگر اللہ چاہے تو سب کچھ دے سکتا ہے
کہتے ہیں ’’یہ کیسا رسول ﷺ ہے جو کھانا کھاتا ہے اور بازاروں میں چلتا پھرتا ہے؟ کیوں نہ اس کے پاس کوئی فرشتہ بھیجا گیا جو اس کے ساتھ رہتا اور (نہ ماننے والوں کو)دھمکاتا؟ یا اور کچھ نہیں تو اس کے لیے کوئی خزانہ ہی اتار دیا جاتا، یا اس کے پاس کوئی باغ ہی ہوتا جس سے یہ (اطمینان کی) روزی حاصل کرتا ‘‘۔ اور یہ ظالم کہتے ہیں ’’تم لوگ تو ایک سحرزدہ آدمی کے پیچھے لگ گئے ہو‘‘۔ دیکھو، کیسی کیسی حجتیں یہ لوگ تمہارے آگے پیش کررہے ہیں ، ایسے بہکے ہیں کہ کوئی ٹھکانے کی بات ان کو نہیں سوجھتی۔ بڑا بابرکت ہے وہ جو اگر چاہے توان کی تجویز کردہ چیزوں سے بھی زیادہ بڑھ چڑھ کر تم کو دے سکتا ہے، (ایک نہیں ) بہت سے باغ جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں ، اور بڑے بڑے محل۔ (الفرقان۱۰)

۴۸۔ جب لوگ موت کو پکارنے لگیں گے
اصل بات یہ ہے کہ یہ لوگ ’’اس گھڑی‘‘ کو جھٹلا چکے ہیں … اورجو اس گھڑی کو جھٹلائے اس کے لیے ہم نے بھڑکتی ہوئی آگ مہیا کررکھی ہے۔ وہ جب دور سے ان کو دیکھے گی تو یہ اس کے غضب اور جوش کی آوازیں سن لیں گے۔ اور جب یہ دست و پابستہ اس میں ایک تنگ جگہ ٹھونسے جائیں گے تو اپنی موت کو پکارنے لگیں گے، (اس وقت ان سے کہاجائے گا) آج ایک موت کو نہیں بہت سی موتوں کو پکارو۔ (الفرقان۱۴)

۴۹۔پر ہیزگاروں سے ابدی جنت کا وعدہ
ان سے پوچھو یہ انجام اچھا ہے یا وہ ابدی جنت جس کا وعدہ خدا ترس پرہیزگاروں سے کیاگیا ہے جو ان کے عمل کی جزا اور ان کے سفر کی آخری منزل ہوگی، جس میں ان کی ہر خواہش پوری ہوگی، جس میں وہ ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے،جس کا عطا کرناتمہارے رب کے ذمے ایک واجب الادا وعدہ ہے۔ (الفرقان:۱۶)

۵۰۔ جھوٹے معبود کاپجاریوں کے خلاف ہونا
اور وہی دن ہوگا جب کہ (تمہارا رب) ان لوگوں کو بھی گھیر لائے گا اور ان کے ان معبودوں کو بھی بلالے گا جنہیں آج یہ اللہ کو چھوڑ کر پُوج رہے ہیں ، پھر وہ ان سے پوچھے گا ’’کیا تم نے میرے ان بندوں کو گمراہ کیا تھا؟ یا یہ خود راہ راست سے بھٹک گئے تھے‘‘؟ وہ عرض کریں گے ’’پاک ہے آپ کی ذات ہماری تو یہ بھی مجال نہ تھی کہ آپ کے سوا کسی کو اپنا مولیٰ بنائیں ۔ مگر آپ نے ان کو اور ان کے باپ دادا کو خوب سامان زندگی دیا حتیٰ کہ یہ سبق بھول گئے اور شامت زدہ ہوکررہے۔‘‘یُوں جھٹلادیں گے وہ (تمہارے معبود) تمہاری ان باتوں کو جوآج تم کہہ رہے ہو، پھر تم نہ اپنی شامت کو ٹال سکو گے نہ کہیں سے مدد پاسکو گے اور جو بھی تم میں سے ظلم کرے اسے ہم سخت عذاب کا مزا چکھائیں گے۔ (الفرقان…۱۹)
۵۱۔سارے رسول انسان ہی تھے
اے نبی ﷺ، تم سے پہلے جو رسول بھی ہم نے بھیجے تھے وہ سب بھی کھانا کھانے والے اور بازاروں میں چلنے پھرنے والے لوگ ہی تھے۔ دراصل ہم نے تم لوگوں کو ایک دوسرے کے لیے آزمائش کا ذریعہ بنادیا ہے۔ کیا تم صبر کرتے ہو؟ تمہارا رب سب کچھ دیکھتا ہے۔ (الفرقان۲۰)

---------------------------٭---------------------------
 
سٹیٹس
مزید جوابات پوسٹ نہیں کیے جا سکتے ہیں۔
Top