• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

پیغام قرآن: تیسویں پارے کے مضامین

سٹیٹس
مزید جوابات پوسٹ نہیں کیے جا سکتے ہیں۔

شاکر

تکنیکی ناظم
رکن انتظامیہ
شمولیت
جنوری 08، 2011
پیغامات
6,595
ری ایکشن اسکور
21,395
پوائنٹ
891
۳۶۔نبی جبر نہیں صرف نصیحت کیاکرتے ہیں
اچھا تو (اے نبیﷺ) نصیحت کیے جاؤ، تم بس نصیحت ہی کرنے والے ہو، کچھ ان پر جبر کرنے والے نہیں ہو۔ البتہ جو شخص منہ موڑے گا اور انکار کرے گا تو اللہ اس کو بھاری سزا دے گا۔ اِن لوگوں کو پلٹناہماری طرف ہی ہے، پھر ان کا حساب لینا ہمارے ہی ذمہ ہے۔(الغاشیہ ۲۶)

۳۷۔دنیا میں سرکشی اور فساد پھیلانے والے
سورۃالفجر:اللہ کے نام سے جو بے انتہامہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔قسم ہے فجر کی، اور دس راتوں کی، اور جُفت اور طاق کی، اور رات کی جبکہ وہ رخصت ہو رہی ہو۔ کیا اس میں کسی صاحب عقل کے لیے کوئی قسم ہے؟ تم نے دیکھا نہیں کہ تمہارے رب نے کیا برتاؤ کیا اونچے ستونوں والے عادِ ارم کے ساتھ جن کے مانند کوئی قوم دنیا کے ملکوں میں پیدا نہیں کی گئی تھی؟ اور ثمودکے ساتھ جنہوں نے وادی میں چٹانیں تراشی تھیں ؟ اورمیخوں والے فرعون کے ساتھ؟ یہ وہ لوگ تھے جنہوں نے دنیا کے ملکوں میں بڑی سرکشی کی تھی اور ان میں بہت فساد پھیلایا تھا۔ آخرکار تمہارے رب نے ان پر عذاب کا کوڑا برسادیا۔ حقیقت یہ ہے کہ تمہارا رب گھات لگائے ہوئے ہے۔( الفجر :۱۴)

۳۸۔ یتیم کی عزت کرنااور مسکین کو کھانا کھلانا
مگر انسان کا حال یہ ہے کہ اس کا رب جب اُس کو آزمائش میں ڈالتا ہے اور اُسے عزت اور نعمت دیتا ہے تو وہ کہتا ہے کہ میرے رب نے مجھے عزت دار بنادیا۔ اور جب وہ اس کو آزمائش میں ڈالتا ہے اور اُس کا رزق اُس پر تنگ کردیتا ہے تو وہ کہتا ہے میرے رب نے مجھے ذلیل کردیا۔ ہر گز نہیں ، بلکہ تم یتیم سے عزت کا سلوک نہیں کرتے، اور مسکین کو کھانا کھلانے پر ایک دوسرے کو نہیں اُکساتے،اور میراث کا سارا مال سمیٹ کر کھاجاتے ہو، اور مال کی محبت میں بُری طرح گرفتار ہو۔(الفجر ۲۰)

۳۹۔اللہ فرشتوں کی قطار کے ساتھ جلوہ فرما ہوگا
ہرگز نہیں ، جب زمین پے درپے کوٹ کوٹ کر ریگ زار بنادی جائے گی، اور تمہارا رب جلوہ فرما ہوگا اس حال میں کہ فرشتے صف درصف کھڑے ہوں گے، اور جہنم اُس روز سامنے لے آئی جائے گی، اُس دن انسان کو سمجھ آئے گی اور اُس وقت اُس کے سمجھنے کا کیا حاصل؟ وہ کہے گا کہ کاش میں نے اپنی اس زندگی کے لیے کچھ پیشگی سامان کیا ہوتا! پھر اُس دن اللہ جو عذاب دے گا ویسا عذاب دینے والا کوئی نہیں ، اور اللہ جیسا باندھے گا ویسا باندھنے والا کوئی نہیں ۔ (سورۃ الفجر ۲۶)

۴۰۔ نفسِ مطمئن خوش اور رب کی پسندیدہ ہوگی
(دوسری طرف ارشاد ہوگا) اے نفس مطمئن، چل اپنے رب کی طرف اس حال میں کہ تو (اپنے انجام نیک سے) خوش(اور اپنے رب کے نزدیک) پسندیدہ ہے۔ شامل ہوجا میرے (نیک) بندوں میں اور داخل ہوجا میری جنت میں ۔ (سورۃ الفجر ۳۰)
 

شاکر

تکنیکی ناظم
رکن انتظامیہ
شمولیت
جنوری 08، 2011
پیغامات
6,595
ری ایکشن اسکور
21,395
پوائنٹ
891
۴۱۔اللہ نے انسان کو مشقت میں پیدا کیا ہے
سورۃ البلد:اللہ کے نام سے جو بے انتہامہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔نہیں ، میں قسم کھاتا ہوں اس شہر (مکہ) کی اور حال یہ ہے کہ (اے نبیﷺ) اس شہر میں تم کو حلال کرلیاگیا ہے ، اور قسم کھاتا ہوں باپ (یعنی آدم علیہ السلام) کی اور اُس اولاد کی جو اُس سے پیدا ہوئی، درحقیقت ہم نے انسان کو مشقت میں پیدا کیا ہے۔ کیا اُس نے یہ سمجھ رکھا ہے کہ اُس پر کوئی قابو نہ پاسکے گا؟ کہتا ہے کہ میں نے ڈھیروں مال اڑادیا۔ کیاوہ سمجھتا ہے کہ کسی نے اس کو نہیں دیکھا؟ (سورۃ البلد ۷)

۴۲۔ بھوکے کو کھانا کھلانا دشوار گزار گھاٹی ہے
کیا ہم نے اسے دو آنکھیں اور ایک زبان اور دو ہونٹ نہیں دیئے؟ اور (نیکی اور بدی کے) دونوں نمایاں راستے اُسے (نہیں ) دکھا دیئے ؟ مگر اس نے دشوار گزار گھاٹی سے گزرنے کی ہمت نہ کی۔ا ور تم کیاجانو کہ کیا ہے وہ دشوار گزار گھاٹی؟ کسی گردن کو غلامی سے چھڑانا، یا فاقے کے دن کسی قریبی یتیم یا خاک نشین مسکین کو کھانا کھلانا۔ پھر (اس کے ساتھ یہ کہ) آدمی اُن لوگوں میں شامل ہو جو ایمان لائے اور جنہوں نے ایک د وسرے کو صبر اور (خلق خدا پر) رحم کی تلقین کی۔ یہ لوگ ہیں دائیں بازو والے۔اور جنہوں نے ہماری آیات کو ماننے سے انکار کیا وہ بائیں بازو والے ہیں ، ان پر آگ چھائی ہوئی ہوگی۔(سورۃ البلد ۲۰)

۴۳۔ نفس کا تذکیہ کامیابی اور دبانا نامرادی ہے
سورۃالشمس :اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔سُورج اور اُس کی دھوپ کی قسم، اور چاند کی قسم جبکہ وہ اس کے پیچھے آتا ہے، اور دن کی قسم جبکہ وہ (سورج کو) نمایاں کردیتا ہے،ا ور رات کی قسم جبکہ وہ (سورج کو) ڈھانک لیتی ہے، اور آسمان کی اور اُس ذات کی قسم جس نے اُسے قائم کیا،ا ور زمین کی اور اُس ذات کی قسم جس نے اُسے بچھایا، اور نفسِ انسانی کی اور اُس ذات کی قسم جس نے اسے ہموار کیا پھر اُس کی بدی اور اس کی پرہیزگاری اُس پرالہام کردی، یقینا فلاح پاگیا وہ جس نے نفس کا تزکیہ کیا اور نامراد ہوا وہ جس نے اُس کو دبادیا۔ (سورۃ الشمس ۱۰)

۴۴۔قومِ ثمود نے اللہ کی اُونٹنی کو مار ڈالا
ثمود نے اپنی سرکشی کی بنا پر جھٹلایا۔ جب اُس قوم کا سب سے زیادہ شقی آدمی بپھر کر اُٹھا تو اللہ کے رسول نے اُن لوگوں سے کہاکہ خبردار، اللہ کی اونٹنی کو (ہاتھ نہ لگانا) اور ا س کے پانی پینے (میں مانع نہ ہونا)۔ مگر انہوں نے اُس کی بات کو جھوٹا قرار دیا اور اونٹنی کو مار ڈالا۔ آخرکار ان کے گناہ کی پاداش میں ان کے رب نے ان پر ایسی آفت توڑی کہ ایک ساتھ سب کو پیوندخاک کردیا اور اُسے (اپنے اِس فعل کے) کسی بُرے نتیجے کا کوئی خوف نہیں ہے۔(الشمس ۱۵)

۴۵۔ بخل پرسخت ،خرچ پر آسان راستہ کی سہولت
سورۃ لیل :اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔قسم ہے رات کی جبکہ وہ چھاجائے، اور دن کی جب کہ وہ روشن ہو، اور اُس ذات کی جس نے نر اور مادہ کو پیدا کیا، درحقیقت تم لوگوں کی کوششیں مختلف قسم کی ہیں ۔ تو جس نے (راہ خدا میں ) مال دیا اور (خدا کی نافرمانی سے) پرہیز کیا، اور بھلائی کو سچ مانا، اس کو ہم آسان راستے کے لیے سہولت دیں گے۔ اور جس نے بُخل کیا اور (اپنے خدا سے) بے نیازی برتی اور بھلائی کو جھٹلایا، اس کو ہم سخت راستے کے لیے سہولت دیں گے۔ اور اس کا مال آخر اُس کے کس کام آئے گا جبکہ وہ ہلاک ہوجائے؟ (سورۃ الیل …۱۱)
 

شاکر

تکنیکی ناظم
رکن انتظامیہ
شمولیت
جنوری 08، 2011
پیغامات
6,595
ری ایکشن اسکور
21,395
پوائنٹ
891
۴۶۔بے شک راستہ بتانا اللہ کے ذمہ ہے
بے شک راستہ بتانا ہمارے ذمہ ہے، اور درحقیقت آخرت اور دنیا، دونوں کے ہم ہی مالک ہیں ۔ پس میں نے تم کو خبردار کردیا ہے بھڑکتی ہوئی آگ سے۔ اس میں نہیں جھلسے گا مگر وہ انتہائی بدبخت جس نے جھٹلایا اور مُنہ پھیرا۔اور اس سے دُور رکھا جائے گا وہ نہایت پرہیزگار جو پاکیزہ ہونے کی خاطر اپنا مال دیتا ہے۔ اُس پر کسی کا کوئی احسان نہیں ہے جس کا بدلہ اُسے دینا ہو۔ وہ تو صرف اپنے رب برتر کی رضاجوئی کے لیے کام یہ کام کرتا ہے۔اور ضرور وہ (اس سے)خوش ہوگا۔(سورۃ الیل ۲۱)

۴۷۔ یتیم پر سختی نہ کرو، اور سائل کو نہ جھڑکو
سورۃالضحٰی:اللہ کے نام سے جو انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔قسم ہے روز روشن کی اور رات کی جبکہ وہ سکون کے ساتھ طاری ہوجائے، (اے نبیﷺ) تمہارے رب نے تم کو ہرگز نہیں چھوڑا اور نہ وہ ناراض ہوا۔ اور یقینا تمہارے لیے بعد کا دور پہلے دور سے بہتر ہے، اور عنقریب تمہارا رب تم کو اتنا دے گا کہ تم خوش ہوجائو گے۔ کیا اس نے تم کو یتیم نہیں پایا اور پھر ٹھکانافراہم کیا؟ اور تمہیں ناواقف پایا اور پھر ہدایت بخشی۔ اور تمہیں نادار پایا اور پھر مالدار کردیا۔ لہٰذا یتیم پر سختی نہ کرو، اور سائل کو نہ جھڑکو، اور اپنے رب کی نعمت کا اظہار کرو۔ (سورۃ الضحیٰ ۱۱)

۴۸۔ تنگی کے ساتھ فراخی بھی ہے
سورۃ الم نشرح :اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔(اے نبیﷺ) کیا ہم نے تمہارا سینہ تمہارے لیے کھول نہیں دیا؟ اور تم پر سے وہ بھاری بوجھ اُتار دیا جو تمہاری کمر توڑے ڈال رہا تھا۔ اور تمہاری خاطر تمہارے ذکر کا آوازہ بلند کردیا۔ پس حقیقت یہ ہے کہ تنگی کے ساتھ فراخی بھی ہے۔ بے شک تنگی کے ساتھ فراخی بھی ہے۔لہٰذا جب تم فارغ ہو تو عبادت کی مشقت میں لگ جاؤ۔ اور اپنے رب ہی کی طرف راغب ہو۔ (سورۃ الم نشرح ۸)

۴۹۔اللہ نے انسان کو بہترین ساخت پر پیدا کیا
سورۃالتّین:اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔قسم ہے انجیر اور زیتون کی اور طُور سینا اور اس پُرامن شہر (مکہ) کی،ہم نے انسان کو بہترین ساخت پر پیدا کیا، پھر اُسے الٹا پھیر کر ہم نے سب نیچوں سے نیچ کردیا، سوائے ان لوگوں کے جو ایمان لائے اور نیک عمل کرتے رہے کہ اُن کے لیے کبھی ختم نہ ہونے والا اجر ہے۔ پس (اے نبیﷺ) اس کے بعد کون جزا و سزا کے معاملہ میں تم کو جھٹلا سکتا ہے؟ کیا اللہ سب حاکموں سے بڑا حاکم نہیں ہے؟ (سورۃ التین۸)

۵۰۔اللہ نے قلم کے ذریعہ سے علم سکھایا
سورۃ علق:اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔پڑھو (اے نبیﷺ) اپنے رب کے نام کے ساتھ جس نے پیدا کیا، جمے ہوئے خون کے ایک لوتھڑے سے انسان کی تخلیق کی۔ پڑھو، اور تمہارا رب بڑا کریم ہے جس نے قلم کے ذریعہ سے علم سکھایا، انسان کو وہ علم دیا جسے وہ نہ جانتا تھا۔ (سورۃ العلق ۵)
 

شاکر

تکنیکی ناظم
رکن انتظامیہ
شمولیت
جنوری 08، 2011
پیغامات
6,595
ری ایکشن اسکور
21,395
پوائنٹ
891
۵۱۔خود کو بے نیاز دیکھ کرانسان سرکشی کرتا ہے
ہرگز نہیں ، انسان سرکشی کرتا ہے اس بنا پر کہ وہ اپنے آپ کو بے نیاز دیکھتا ہے (حالانکہ) پلٹنا یقینا تیرے رب ہی کی طرف ہے۔ تم نے دیکھا اُس شخص کو جو ایک بندے کو منع کرتا ہے جبکہ وہ نماز پڑھتا ہو؟تمہارا کیا خیال ہے اگر (وہ بندہ) راہِ راست پر ہو یا پرہیزگاری کی تلقین کرتا ہو؟ تمہارا کیا خیال ہے اگر (یہ منع کرنے والا شخص حق کو) جُھٹلاتا اور منہ موڑتا ہو؟ کیا وہ نہیں جانتا کہ اللہ دیکھ رہا ہے؟ ہر گز نہیں ، اگر وہ باز نہ آیا تو ہم اس کی پیشانی کے بال پکڑ کر کھینچیں گے، اُس پیشانی کو جو جھوٹی اور سخت خطاکار ہے۔ وہ بُلالے اپنے حامیوں کی ٹولی کو، ہم بھی عذاب کے فرشتوں کو بلالیں گے۔ہرگز نہیں ، اس کی بات نہ مانو اور سجدہ کرو اور (اپنے رب کا) قرب حاصل کرو۔ (سورۃ العلق ۱۹)

۵۲۔شب قدر ہزار مہینوں سے زیادہ بہتر ہے
سورۃ القدر:اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اوررحم فرمانے والا ہے۔ہم نے اس (قرآن) کو شب قدر میں نازل کیا ہے۔ اور تم کیا جانو کہ شب قدر کیا ہے؟ شب قدر ہزار مہینوں سے زیادہ بہتر ہے۔ فرشتے اور رُوح اس میں اپنے رب کے اذن سے ہر حکم لیکر اترتے ہیں ۔ وہ رات سراسر سلامتی ہے طلوع فجر تک۔ (سورۃ القدر ۵)

۵۳۔اہلِ کتاب کو نماز اور زکوٰۃ کا حکم دیا گیا تھا
سورۃ البیّنہ:اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔اہل کتاب اور مشرکین میں سے جو لوگ کافر تھے، (وہ اپنے کفر سے) باز آنے والے نہ تھے جب تک کہ ان کے پاس دلیل روشن نہ آجائے (یعنی) اللہ کی طرف سے ایک رسول جو پاک صحیفے پڑھ کر سنائے جن میں بالکل راست اور درست تحریریں لکھی ہوئی ہوں ۔پہلے جن لوگوں کو کتاب دی گئی تھی اُن میں تفرقہ برپا نہیں ہوا مگر اس کے بعد کہ ان کے پاس (راہِ راست کا) بیان واضح آچکا تھا۔ اور اُن کو اس کے سوا کوئی حکم نہیں دیاگیا تھا کہ اللہ کی بندگی کریں ،ا پنے دین کو اُس کے لیے خالص کرکے، بالکل یک سُو ہوکر،اور نماز قائم کریں اور زکوٰۃ دیں ۔یہی نہایت صحیح و درست دین ہے۔(البینہ:۵)

۵۴۔اہل کتاب :کفراور ایمان لانے والے
اہل کتاب اور مشرکین میں سے جن لوگوں نے کفر کیا ہے وہ یقینا جہنم کی آگ میں جائیں گے اور ہمیشہ اس میں رہیں گے، یہ لوگ بدترین خلائق ہیں ۔ جو لوگ ایمان لے آئے اور جنہوں نے نیک عمل کیے، وہ یقینابہترین خلائق ہیں ۔ ان کی جزا ان کے رب کے ہاں دائمی قیام کی جنتیں ہیں جن کے نیچے نہریں بہ رہی ہوں گی،وہ ان میں ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے۔ اللہ ان سے راضی ہوا اور وہ اللہ سے راضی ہوئے۔ یہ کچھ ہے اُس شخص کے لیے جس نے اپنے رب کا خوف کیا ہو۔ (سورۃ البینہ۸)

۵۵۔ زمین اپنے اندر کا بوجھ نکال باہرکرے گی
سورۃ زلزال:اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔جب زمین اپنی پوری شدت کے ساتھ ہلا ڈالی جائے گی، اور زمین اپنے اندر کے سارے بوجھ نکال کر باہر ڈال دے گی، اور انسان کہے گا کہ یہ اس کو کیا ہورہا ہے؟ اُس روز وہ اپنے (اوپر گزرے ہوئے) حالات بیان کرے گی کیونکہ تیرے رب نے اُسے (ایسا کرنے کا) حکم دیا ہوگا۔ اُس روز لوگ متفرق حالت میں پلٹیں گے تاکہ ان کے اعمال اُن کو دکھائے جائیں ۔ پھر جس نے ذرہ برابر نیکی کی ہوگی وہ اس کو دیکھ لے گا۔ اور جس نے ذرہ برابر بدی کی ہوگی وہ اس کو دیکھ لے گا۔ (سورۃ الزلزال۸)
 

شاکر

تکنیکی ناظم
رکن انتظامیہ
شمولیت
جنوری 08، 2011
پیغامات
6,595
ری ایکشن اسکور
21,395
پوائنٹ
891
۵۶۔مال و دولت کی محبت میں مُبتلا انسان
سورۃ عادیات :اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اوررحم فرمانے والا ہے۔قسم ہے اُن (گھوڑوں ) کی جو پُھنکارے مارتے ہوئے دوڑتے ہیں ، پھر (اپنی ٹاپوں سے) چنگاریاں جھاڑتے ہیں ، پھر صبح سویرے چھاپہ مارتے ہیں ، پھر اس موقع پر گرد و غبار اڑاتے ہیں ، پھر اسی حالت میں کسی مجمع کے اندر جاگھستے ہیں ، حقیقت یہ ہے کہ انسان اپنے رب کا بڑا ناشکرا ہے، اور وہ خود اس پر گواہ ہے، اور وہ مال و دولت کی محبت میں بُری طرح مُبتلا ہے۔ تو کیا وہ اس وقت کو نہیں جانتا جب قبروں میں جو کچھ (مدفون) ہے اُسے نکال لیا جائے گا، اور سینوں میں جو کچھ (مخفی) ہے اُسے برآمد کرکے اُس کی جانچ پڑتال کی جائے گی؟ یقینا ان کا رب اُس روز اُن سے خوب باخبر ہوگا۔ (سورۃ العٰدیٰت۱۱)

۵۷۔تم کیاجانو کہ وہ عظیم حادثہ کیا ہے؟
سورۃ القارعہ:اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے ۔عظیم حادثہ! کیا ہے وہ عظیم حادثہ؟ تم کیاجانو کہ وہ عظیم حادثہ کیا ہے؟ وہ دن جب لوگ بکھرے ہوئے پروانوں کی طرح اور پہاڑ رنگ برنگ کے دُھنکے ہوئے اُون کی طرح ہوں گے۔پھر جس کے پلڑے بھاری ہوں گے وہ دل پسند عیش میں ہوگا، اور جس کے پلڑے ہلکے ہوں گے اُس کی جائے قرار گہری کھائی ہوگی۔ اور تمہیں کیا خبر کہ وہ کیاچیز ہے؟ بھڑکتی ہوئی آگ۔ (سورۃ القارعہ۱۱)

۵۸۔ دنیا حاصل کرنے کی دُھن میں قبر تک پہنچنا
سورۃالتکاثر :اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔تم لوگوں کو زیادہ سے زیادہ اور ایک دوسرے سے بڑھ کر دنیا حاصل کرنے کی دُھن نے غفلت میں ڈال رکھا ہے یہاں تک کہ (اسی فکر میں ) تم لب گور تک پہنچ جاتے ہو۔ ہرگز نہیں ، عنقریب تم کو معلوم ہوجائے گا۔ پھر (سُن لو کہ) ہرگز نہیں ، عنقریب تم کو معلوم ہوجائے گا۔ ہرگز نہیں ، اگر تم یقینی علم کی حیثیت سے (اس روش کے انجام کو) جانتے ہوتے (تو تمہارا یہ طرزِ عمل نہ ہوتا)۔ تم دوزخ دیکھ کر رہو گے، پھر (سُن لو کہ) تم بالکل یقین کے ساتھ اُسے دیکھ لو گے۔ پھر ضرور اُس روز تم سے ان نعمتوں کے بارے میں جواب طلبی کی جائے گی۔ (سورۃ التکاثر۸)
۵۹۔کون لوگ خسارے میں نہیں ہیں
سورۃالعصر:اللہ کے نام سے جو بے انتہامہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔زمانے کی قسم، انسان درحقیقت خسارے میں ہے، سوائے اُن لوگوں کے جو ایمان لائے، اور نیک اعمال کرتے رہے، اور ایک دوسرے کو حق کی نصیحت اور صبر کی تلقین کرتے رہے۔ (سورۃ العصر۳)

۶۰۔طعنہ دینا، چغلی کھانا، مال جمع کرنا تباہی ہے
سورۃ ہمزہ:اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔تباہی ہے ہر اس شخص کے لیے جو (منہ در منہ) لوگوں پر طعن اور (پیٹھ پیچھے) برائیاں کرنے کا خوگر ہے، جس نے مال جمع کیا اور اُسے گن گن کر رکھا۔ وہ سمجھتا ہے کہ اس کا مال ہمیشہ اس کے پاس رہے گا۔ ہرگز نہیں ، وہ شخص تو چکناچُور کردینے والی جگہ میں پھینک دیا جائے گا۔ اور تم کیاجانو کہ کیا ہے وہ چکناچُور کردینے والی جگہ؟ اللہ کی آگ، خوب بھڑکائی ہوئی، جو دلوں تک پہنچے گی۔وہ اُن پر ڈھانک کر بند کردی جائے گی (اس حالت میں کہ وہ) اونچے اونچے ستونوں میں (گھرے ہوئے ہوں گے)۔ (سورۃ الہمزہ۹)
 

شاکر

تکنیکی ناظم
رکن انتظامیہ
شمولیت
جنوری 08، 2011
پیغامات
6,595
ری ایکشن اسکور
21,395
پوائنٹ
891
۶۱۔کعبہ پر حملہ کرنے والے ہاتھی والوں کا حشر
سورۃالفیل:اللہ کے نام سے جو بے انتہامہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔تم نے دیکھا نہیں کہ تمہارے رب نے ہاتھی والوں کے ساتھ کیاکیا؟ کیا اس نے اُن کی تدبیر کو اکارت نہیں کردیا؟ اور اُن پرپرندوں کے جُھنڈ کے جھنڈ بھیج دیئے جو ان کے اوپر پکی ہوئی مٹی کے پتھر پھینک رہے تھے، پھر اُن کا یہ حال کردیا جیسے (جانوروں کا) کھایا ہوا بھوسا۔( الفیل۵)

۶۲۔بھوک و خوف میں کھاناو اَمن دینے والا رب
سورۃ قریش :اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔چوں کہ قریش مانوس ہوئے، (یعنی) جاڑے اور گرمی کے سفروں سے مانوس، لہٰذا اُن کو چاہیے کہ اس گھر کے رب کی عبادت کریں جس نے انہیں بُھوک سے بچاکر کھانے کو دیا اور خوف سے بچاکر امن عطاکیا۔ (سورۃ القریش۴)

۶۳۔ یتیم کو دھکے دینا۔ضرورت کی چیزیں نہ دینا
سورۃ الماعون:اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔تم نے دیکھا اُس شخص کو جو آخرت کی جزا و سزا کو جھٹلاتا ہے؟ وہی تو ہے جو یتیم کو دھکے دیتا ہے، اورمسکین کا کھانا دینے پر نہیں اُکساتا۔ پھر تباہی ہے اُن نماز پڑھنے والوں کے لیے جو اپنی نماز سے غفلت برتتے ہیں ، جو ریاکاری کرتے ہیں ، اور معمولی ضرورت کی چیزیں (لوگوں کو) دینے سے گریز کرتے ہیں ۔ (سورۃ الماعون۷)

۶۴۔نماز پڑھو اور قربانی کرو
سورۃ کوثر:اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔(اے نبیﷺ) ہم نے تمہیں کوثر عطا کردیا۔ پس تم اپنے رب ہی کے لیے نماز پڑھو اور قربانی کرو۔ تمہارا دشمن ہی جڑ کٹا ہے۔ (سورۃ الکوثر۳)

۶۵۔کافروں کا دین الگ ہے، مومنوں کا الگ
سورۃ الکافرون: اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔کہہ دو کہ اے کافرو، میں اُن کی عبادت نہیں کرتا جن کی عبادت تم کرتے ہو، نہ تم اُس کی عبادت کرنے والے ہو جس کی عبادت میں کرتا ہوں ۔ اور نہ میں اُن کی عبادت کرنے والا ہوں جن کی عبادت تم نے کی ہے، اور نہ تم اُس کی عبادت کرنے والے ہو جس کی عبادت میں کرتا ہوں ۔ تمہارے لیے تمہارا دین ہے اورمیرے لیے میرا دین۔(سورۃ الکافرون۶)
 

شاکر

تکنیکی ناظم
رکن انتظامیہ
شمولیت
جنوری 08، 2011
پیغامات
6,595
ری ایکشن اسکور
21,395
پوائنٹ
891
۶۶۔جب اللہ کی مدد آجائے فتح نصیب ہوجائے
سورۃ النصر:اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے ۔جب اللہ کی مدد آجائے اور فتح نصیب ہوجائے اور (اے نبیﷺ) تم دیکھ لو کہ لوگ فوج در فوج اللہ کے دین میں داخل ہورہے ہیں تو اپنے رب کی حمد کے ساتھ اُس کی تسبیح کرو، اور اُس سے مغفرت کی دعا مانگو، بے شک وہ بڑا توبہ قبول کرنے والا ہے۔ (سورۃ النصر۳)

۶۷۔ابولہب کے ہاتھ ٹوٹ گئے ، وہ نامُراد ہوگیا
سورۂ لہب :اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔ٹوٹ گئے ابولہب کے ہاتھ اور نامُراد ہوگیا وہ۔ اُس کا مال اورجو کچھ اُس نے کمایاوہ اُس کے کسی کام نہ آیا۔ ضرور وہ شعلہ زن آگ میں ڈالا جائے گا اور (اُس کے ساتھ) اُس کی جورُو بھی، لگائی بجھائی کرنے والی، اُس کی گردن میں مونجھ کی رسی ہوگی۔ (سورۃ لہب۵)

۶۸۔ اللہ سب سے بے نیاز ، سب اُس کے محتاج
سورۃ الاخلاص:اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔کہو، وہ اللہ ہے، یکتا۔ اللہ سب سے بے نیاز ہے اور سب اُس کے محتاج ہیں ۔ نہ اُس کی کوئی اولاد ہے اور نہ وہ کسی کی اولاد۔ اور کوئی اس کا ہمسر نہیں ہے۔ (سورۃ الاخلاص۴)

۶۹۔اللہ کی پناہ تاریکی کے شر اور حاسد کے شرسے
سورۂ فلق:اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔کہو، میں پناہ مانگتا ہوں صبح کے رب کی، ہر اُس چیز کے شر سے جو اس نے پیدا کی ہے، اور رات کی تاریکی کے شر سے جب کہ وہ چھاجائے، اور گروہوں میں پھونکنے والوں (یا والیوں ) کے شر سے، اور حاسد کے شر سے جبکہ وہ حسد کرے۔ (سورۃ الفلق۵)

۷۰۔ جنوں اور انسانوں کا شرسے اللہ کی پناہ مانگنا
سورۃ الناس:اللہ کے نام سے جو بے انتہا مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔کہو، میں پناہ مانگتا ہوں انسانوں کے رب، انسانوں کے بادشاہ، انسانوں کے حقیقی معبُود کی اُس وسوسہ ڈالنے والے کے شر سے جو بار بار پلٹ کر آتا ہے، جو لوگوں کے دلوں میں وسوسے ڈالتا ہے خواہ وہ جنوں میں سے ہو یا انسانوں میں سے۔ (سورۃ الناس۶)

……… تمت با لخیر ………
 
سٹیٹس
مزید جوابات پوسٹ نہیں کیے جا سکتے ہیں۔
Top