• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

کیا صرف رمضان المبارک؟

شمولیت
اگست 11، 2013
پیغامات
17,117
ری ایکشن اسکور
6,783
پوائنٹ
1,069
بسم اللہ الرحمن الرحیم

کیا صرف رمضان المبارک؟

ابو عمار

عزیز مسلمان بھائی اور بہن !
السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

رمضان المبارک کا عظمتوں اوربرکتوں والا مہینہ ہم سے رخصت ہوا چاہتا ہے۔ اس مہینے میں ہم سب نے خوب محنت کی اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری محنتوں کو قبول فرمائے۔ آمین۔ دیگر عبادات کی طرح رمضان کی عبادات کی قبولیت کے آثار بھی نمایاں ہوتے ہیں۔ ہم میں سے ہر ایک کو چاہیئے کہ وہ اس حوالے سے اپنے اندر آنے والی تبدیلیوں کا بغور جائزہ لے اگر ہم یہ محسوس کرتے ہیں کہ ہمارے اندر کوئی مثبت اور مستحکم تبدیلی نہیں آئی تو یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ ہماری محنت میں کہیں کوئی خامی رہ گئی ہے۔ آپ سے درخواست ہے کہ رمضان کے اختتام کے حوالے سے کچھ نکات ذہن میں رکھیئے۔دعا ہے کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ ہمیں اس ماہ ِمبارک سے فائدہ حاصل کرنے کی توفیق بخشے۔ آمین ۔

بنیادی سوالات :

«کیا ہم نے اپنے نفسوں کی تربیت کر لی؟ اور کیا ہمیں تقویٰ کی دولت حاصل ہوگئی ؟

«کیا ہم نے اپنی شہوات پر فتح پالی؟ یا ہماری عادتوں اور دل نے ہمیں شکست دیدی؟

«کیا ہم نے اطاعت کرکے اور گناہ سے کنارہ کش ہوکر سکون حاصل کرلیا؟

«کیا ہم نے اس ماہ مبارک میں صبر کی تعلیم پالی؟

«کیا ہم نے قرآن کریم کی تلاوت کی سعادت حاصل کی اور اس کی آیات پر غور بھی کیا؟

« کیا ہم نے رحمت و مغفرت اور جہنم سے آزادی کا سبب بننے والے اعمال کئے ؟

یہ سوالات ہر ایک کو اپنے آپ سے پوچھنے چاہئیں کہ میں نے رمضان سے کیا فائدہ حاصل کیا ؟


مقاصدِ رمضان ۔۔۔۔۔۔۔۔۔پرہیزگاری کا حصول

روزوں کی فرضیت بیان کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے اس کا مقصد بھی واضح فرمادیایعنی

’’ تاکہ تم پرہیز گار بن جاؤ ‘‘ (البقرہ 2آیت183)

رمضان المبارک کا مہینہ ایمانی درسگاہ میں تربیت کا ایک 30روزہ دورانیہ ہے جس دوران مسلمان بقیہ گیارہ مہینوں میں نفس و شیطان کے خلاف معرکہ آرائی کے لئے تیار ی کرتا ہے ایسا شخص جو اس ماہِ مبارک میں بھی کچھ نہ کر پایا وہ کب اپنی زندگی کو بدلے گا ؟ رمضان المبارک واقعی اپنے آپ کو بدلنے کا مہینہ ہے۔ ہمیں چاہیئے کہ اس ماہِ مبارک میں ہم اپنی عادات و اطوار جو شریعت الہٰی کے خلاف ہوں بدلیں۔

ارشاد باری تعالیٰ ہے ۔

’’یقینا اللہ تعالیٰ کسی قوم کی حالت اس وقت تک نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنے آپ کو نہ بدلیں‘‘(الرعد13:آیت 11)

غور کریں ! کہ ایک عورت نے رسی بٹی، جب مکمل رسی بنالی اور وہ بھی بڑی مضبوط و خوبصورت! پھربغیر کسی وجہ کے وہ اس رسی کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے لگی اور ایک ایک دھاگہ الگ الگ کردیا ۔ اب لوگ اس عورت کو پگلی نہیں تو اور کیا کہیں گے ؟ یہ اس شخص کی مثال ہے جو رمضان المبارک کے بعد غیبت ،جھوٹ، چغل خوری ، بد گمانی اوردیگر نافرمانیوں کی طرف واپس لوٹتا ہے اور دوبارہ اللہ تعالیٰ کی بغاوت پر اُتر آتا ہے ، دوبارہ گناہوں کے گندے تالاب میں غوطہ لگانا چاہتا ہے ۔ کل تک تو وہ اپنے رب کے سامنے سربسجود تھا آج اس کی ناراضگی پر تُلاکھڑا ہے لیکن شاید اُسے یاد نہیں کہ آنے والے کل (روزِ قیامت) اس نے پھر اسی رب کے حضور لاچار کھڑے ہونا ہے اور نامۂ اعمال میں یہ سب نافرمانیاں بھی تحریر ہونگی۔

عدمِ قبولیت کی نشانیاں:

ماہِ رمضان تو شیطان کی قید ، مسلمان کی تربیت اور گناہوں سے بچنے کیلئے دفاعی حصار کی مضبوطی اور استحکام کا مہینہ ہے مگر رمضان کے گذرنے کے بعد ابلیس کی آزادی کے اثرات ہم مسلمانوںپر واضح طور پر نظر آتے ہیں۔لہٰذا رمضانی عبادت گذار بننے سے بچیں ۔

کتنے افسوس کا مقام ہے کہ ہمیں صرف رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ یاد آتا ہے اور پھر رمضان المبارک کے بعد !! مؤ من روزے دار کا یہ وطیرہ ہوتا ہے کہ وہ عید کے دن خوش ہوتا ہے اور رمضان کے روزوں کی تکمیل پر اللہ تعالیٰ کی تعریف و تحمید کرتا ہے وہ روتا بھی ہے اس ڈر سے کہ کہیں اس کے روزے نمازیں درجہ قبولیت سے رہ نہ جائیں جیسا کہ بعض سلف صالحین کے بارے میں منقول ہے کہ وہ رمضان کے بعد مہینوں روتے رہتے تھے اور اللہ تعالیٰ سے روزوں کی قبولیت کی دعائیں مانگتے رہتے تھے ۔جبکہ ہمارا حال یہ ہے کہ عید کے دن جس سے ایک دن قبل رمضان کا اختتام ہوا، لہو و لعب کا آغاز ہوجاتا ہے ۔ ہم دیکھتے ہیں کہ عید کے روز سے ہی ہم فرض نمازیں ضائع کرنا شروع کردیتے ہیں رمضان المبارک میں نمازِ تروایح جو کہ نوافل ہیں اس کے لئے تو مسجدیں بھرجاتی ہیں لیکن افسوس وہ فرض نماز جس کو قصداً اور شرعی عذر کے بغیر چھوڑنے والاکافربن جاتاہے اس کیلئے مسجدوں میں نمازیوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے ۔ نیز عید کے دن ہی سے فلمیں ، گانے ، فحاشی کی محفلیں اور تفریح گاہوں میں مرد وزن کے اختلاط کا آغاز شروع ہوجاتا ہے ۔ اس انداز سے ہم اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرتے ہیں !! اور یہ ہوتا ہے ہمارے رمضان کا اختتام ۔۔۔ !! یہ شکر کا طریقہ نہیں اور روزوں کی قبولیت کی علامت بھی نہیں بلکہ یہ رمضان جیسی نعمت کی ناشکری ہے یہ واقعی روزوں اور تراویح کی عدمِ قبولیت کی نشانی ہے ۔

عبادات میں سستی اور عدم دلچسپی کی بنیادی وجوہات اور سد باب :

وجہ یہ ہے کہ ہم رمضانی عبادات گذاروں کا اصل مقصدصرف زیادہ ثواب کی جستجو ہوتی ہے یعنی ہماری عبادت محض طمع کی کیفیت کے تحت ہوتی ہے جبکہ اوّلین ترجیح اللہ تعالیٰ کا خوف ہوناچاہیئے اور پھر اس کے بعد طمع رکھے ۔

جیسا کہ ارشاد فرمایا:

’’ا ور وہ اپنے رب کو خوف اور امید کے ساتھ پکارتے ہیں ۔ ‘‘(السجدہ 32آیت 16)

خوف سے مراد حساب و کتاب کی فکر اور لقائے رب کا احساس ہے ۔ چنانچہ اگر عبادت خوفِ الہٰی کے تحت کی جاتی ہے تو عبادت کی جستجو بقیہ مہینوں میں بھی برقرار رہتی ہے۔ویسے بھی لازمی فرائض کی ادائیگی اور جوابدہی سے بے خوف رہتے ہوئے اضافی انعام کیلئے محنت ایک قسم کی حماقت بلکہ سرکشی ہے۔ صرف رمضان المبارک میں زیادہ ثواب کے غرض سے پابندِ عبادت انسان کی مثال ایسی ہے جو کسی ایک خاص مہینے میں بونس(Bonus) کی خاطر اضافی محنت کرتا ہے اور دیگر تمام مہینوں میں وہ اپنے لازمی فر ائض بھی ادا نہیں کرتا۔ یقینا ایسے شخص کو سال کے گیارہ مہینے میں فرائض کی عدم ادائیگی کی وجہ سے بونس تو کیا تنخواہ بھی نہیں ملے گی ۔

آخراس بے خوفی کی بنیادی وجہ کیا ہے؟ وجہ یہ ہے کہ ہم غلاموں (انسانوں ) کو آقائے حقیقی (اللہ ربّ العالمین) کا خوف ، اس کے مرتبے و مقام کی پہچان، اس کی رضا کی اہمیت کا احساس اور اس کے سامنے حاضری کا دلی یقین نہیں ہے۔ یہ احساسِ خوف کس طرح ممکن ہے؟ یہ احساسِ خوف صرف صحیح عقیدۂ توحید کی پہچان ہی سے ممکن ہے ۔

صرف صحیح عقیدۂ توحید ہی انسان کو دیگر خوفِ باطلہ اور اپنے جیسے دیگر غلاموں(انسانوں) کی غلامی اور اس غلامی کے ذیلی اثرات اورمطالبات سے بے خوف اور بے نیاز کرتا ہے اور اکیلے اللہ کی خوشنودی کے حصول اور اس کی ناراضگی سے بچنے کے کاموں کے لئے وقت کی قید سے بالا تر ہوکر چاہے رمضان ہو یا غیر رمضان مستعد رکھتا ہے ۔

چنانچہ ہر مسلمان کو چاہئیے کہ وہ دو بنیادی نکات ہمیشہ ذہن میں رکھے :

  • اس بات کا زبان سے اقرار اور دل کی گہرائیوں سے یقین کہ اللہ تعالیٰ اکیلا ہے ہر قسم کی عبادت، شکر گذاری اور تعریف کے لائق اور ہمارا خالق و مالک اور پالنے والا ہے ، ہر قسم کا سوال التجا براہِ راست اللہ تعالیٰ سے کرنی چاہئے(ملاحظہ ہو:الفاتحہ 1 آیت 4، الاعراف 7 آیت 29، المومن40 آیات,65 14) ہر قسم کا خوف ، احترام اور عزت صرف اللہ تعالیٰ کی ذات کے لئے ہے ۔ (ملاحظہ ہو :البقرہ 2آیت 41،النحل16 آیت 51،الفاطر 35 آیت 10) ہر قسم کی نذر و نیاز اور دیگر مالی عبادات صرف اللہ وحدہٗ لاشریک کے لئے ہیں۔(ملاحظہ ہو : انعام 6آیت 162-163)
  • چنانچہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی صفات میں کوئی بھی حیات یا فوت شدہ انسان بشمول انبیاءعلیہم السلام، ائمہ دین رحمہم اللہ ، بزرگان دین رحمہم اللہاور اولیاء اللہ رحمہم اللہ، وغیرہ شامل نہیں یعنی صفاتِ خالق میں شراکت کے اعتبار سے ساری مخلوق بے حیثیت ہے (ملاحظہ ہو : شوریٰ 42آیت 11) اللہ تعالیٰ کے ان حقوق اور صفات کی وضاحت قرآن کریم پر غور و فکر سے ہی ممکن ہے چنانچہ عقیدۂ توحید کی سمجھ کے لئے قرآن کریم کو سمجھ کر پڑھنا انتہائی اہم ضرورت ہے اور دنیا کے کسی انسان کے افکاروملفوظات کو کلام اللہ پر فوقیت حاصل نہیں اور انبیاء کرام علیہم السلام، سمیت سارے انسان کلام ِالہٰی کی پیروی کرنے کے پابند ہیں۔(ملاحظہ ہو :الانعام 6آیت 106)
  • اس دنیا میں زندگی گذارنے کے لئے عملی نمونہ صرف محمد مصطفی ﷺ کا اسوہ حسنہ ہے اور کسی بھی انسان بشمول ائمہ دین رحمہم اللہ،ا ولیاء اللہ رحمہم اللہ، صوفی ، بزرگ کے افکار اور طریقوں کو محمد مصطفی ﷺ کے اسوۂ حسنہ پر مقدم نہیں کیا جاسکتا۔ (ملاحظہ ہو :الاحزاب 33آیت 21)
الغرض عقیدہ توحید کے بنیادی نکات اور اس کے متعلقات کی عدم پہچان اور معاملات میں اسوہ حسنہ کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے عبادات میں وہ اثر پیدا نہیں ہوتا جو مزاج میں مطلوبہ تبدیلی لانے کے لئے ضروری ہے ۔ اور جس کے اثرات بعد از رمضان بھی باقی رہیں۔

عبادت کی قبولیت کی علامات:

روزوں کی قبولیت کی علامت یہ ہے کہ روزے دار اپنی سابقہ کیفیت سے بہتر حالت میں آجائے یعنی گناہوں سے اجتناب جاری رکھے اور نیکیوں میں آگے آگے جا رہا ہو۔ اگر آپ نے اپنے آپ کو پرہیزگاروں کے اوصاف سے متصف کرلیا تو آپ نے حقیقی روزے رکھے ، حقیقی قیام اللیل کیا اوراپنے نفس سے حقیقی مجاہدہ کر لیا۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیجئے اور اُسی سے ہمیشہ ثابت قدمی کی دعا مانگتے رہیئے ۔

لائحہ عمل :

انسان کو چاہیے کہ وہ مسلسل اپنے رب کا فرمانبردار رہے ، شریعت پر ثابت قدم رہے ، ایسا نہ ہو کہ ایک مہینے میں اللہ کی عبادت کو ہی اوڑھنا بچھونا بنالیا اور دوسرے مہینوں میں عبادت کا راستہ ہی بھول گیا۔ کبھی بڑا نیک اور عبادت گذار بنا پھر رہا ہے اور کبھی عبادت کی جگہ کسی اور غیر شرعی مصروفیت نے لے لی۔ زیادہ ثواب کی جستجو میں رمضان المبارک میں عبادات کی کثرت اور بعد از رمضان لازمی عبادات سے پہلو تہی بہت بڑا جرم ہے ۔ ایسا نہ کریں! بلکہ یہ ذہن میں رکھیں کہ جو رمضان المبارک میں ہمارا رب تھا دوسرے مہینوں میں بھی وہی رب ہے، اگر یہ تصور اپنے ذہن میں پختہ کرلیں گے تو ہمیشہ ہی شریعت الہٰی پر کاربند رہیںگے یہاں تک کہ آپ اپنے رب سے جاملیں گے اور وہ آپ سے بہت خوش ہوگا ۔ محترمی ! یہ حدیث رسول ﷺ ذہن میں رکھیئے

’’اللہ تعالیٰ کو محبوب ترین وہ عمل ہے جس پر ہمیشگی ہو چاہے وہ عمل تھوڑا ہی ہو۔‘‘ ( بخاری)

اب اگر رمضان کے فرض روزے ختم ہوگئے تو روزوں سے چھٹی نہیں ہوگئی بلکہ نفلی روزوں کو اپنا شعار بنا ئیے۔ جیسا کہ شوال کے چھ روزے، یوم عرفہ اور عاشورہ وغیرہ کے روزے ۔ اسی طرح اگررمضان میں راتوں کا قیام ختم ہوگیا تو قیام اللیل تو اب بھی ہےاس پر پابندی کریں اور تہجد گذار بن جایں۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ مومنوں کے متعلق ارشاد فرماتے ہیں :

اور وہ راتوں کو بہت کم سوتے ہیں ۔ (الذاریات51آیت17)

اسی طرح رمضان المبارک میں آپ نے زکوٰۃ اور صدقۃ الفطر ادا کر لیا تو مال خرچ کرنے کے لئے اور بھی بہت سے مصارف ہیں۔ یتیموں ، مسکینوں پر خرچ کیجئے۔ اسی طرح تعمیر مساجد اور مدارس میں اپنا حصہ ڈالتے رہیئے۔اسی طرح کیا رمضان میں ہی تلاوت قرآن مجید فرض ہے باقی دنوں میں قرآن سے اس قدر دوری۔۔۔ !! بلکہ ہمیں تو اس کو اپنا مشعلِ راہ بنانا چاہیئے ۔ الغرض رمضان کے بعد کسی بھی نیکی کا دروازہ بند نہیں ہوتا بس آپ کی رغبت اورشوق ہونا چاہئے۔ اگر آپ نوافل پر زور نہیں دے سکتے تو رمضان کے بعد فرض نمازوں سے چھٹی تو مت کریں کم از کم فرض نماز تو جماعت کے ساتھ ادا کرتے رہیں اور گناہوں میں لت پت ہونے سے اپنے آپ کو بچا کے رکھیں۔ اور جس طرح رمضان المبارک میں ہم نے TV، ڈش، کیبل وغیرہ سے اجتناب کیا اسی طرح بقیہ مہینے بھی گناہوں سے اجتناب کریں ایسا نہ ہو ہمیں موت آئے اور ہم گناہوںمیں مصروف ہوں ؟؟؟؟

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے روزے قبول فرمائے ہماری نمازوں، قرآن کریم کی تلاوت اور دیگر تمام اعمال کو شرفِ قبولیت بخشے ۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ہر رمضان سے بھرپور نیکیاں سمیٹنے کی توفیق بخشے اور رمضان کے بعد ہماری حالت پہلے سے بہتر ہو۔ آمین یا رب العالمین ۔

 
Top