• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

گھر میں جب کچھ گم ہو جائے!

کنعان

فعال رکن
شمولیت
جون 29، 2011
پیغامات
3,564
ری ایکشن اسکور
4,423
پوائنٹ
521
گھر میں جب کچھ گم ہو جائے!
بلاگر: صہیب جمال
پير 24 اگست 2015

چھٹی اور سب سے اہم چیز جو اب گم ہو گئی ہے،
وہ ہے ہمارا ملکر بیٹھنا ہمارا ملکر دسترخوان پر کھانا.

گھر میں ہر دن کچھ چیزوں کے نہ ملنے کا نعرہ لگتا ہے۔ جن میں سہرِ فہرست ہے ناخن کاٹنے والا آلہ، ایک آواز اٹھتی ہے ’’یہ نیل کٹر کہاں رکھا ہے؟ کسی نے دیکھا ہے‘‘؟ یقین کریں جس نے ایک گھنٹے پہلے بھی ناخن کاٹے ہوں وہ بھی ایسا بن جائے گا جیسے اس نے ناخن اپنے دانتوں سے کاٹے ہوں، اور بقیہ لوگ ایک ہی بات کرتے ہیں۔ یہاں ہی تھا، ریک پر دیکھو، فریج پر ہو گا۔

ایک تو یہ فریج بھی کیا چیز ہے۔ اپنے اندر باسی کھانوں کا بوجھ بھی اٹھاتا ہے اور اپنے اوپر ردی اور فالتو اشیاء بھی اٹھائے گھرررر گھررر چلتا رہتا ہے۔ خیر بات ہو رہی تھی ناخن تراش کی، چار چار ہونگے مگر وقت پر ایک بھی نہیں ملے گا۔ پھر اچانک ملے گا بھی تو اس وقت جب ڈھونڈنے والا ڈھوںڈ ڈھونڈ کر تھک جائے اور عین کہیں جانے کی جلدی ہو۔ پھر مجال ہے کہ کوئی یہ ماننے کو تیار ہو کہ کس نے رکھا تھا؟

دوسری چیز ہے ازاربند ڈالنے کی سلائی، یہ بھی بہت جلدی غائب ہوتی ہے ۔ بالکل بے وقعت کوڑیوں کے دام ملتی ہے مگر جب ضرورت ہو تب نہیں ملے گی۔ آپ چیخ چیخ کر تھک جائیں، پاجامہ، شلوار اور ازاربند ہاتھ میں لئے گھر کا چپہ چپہ چھان ماریں۔ آپ کو وہ ہر چیز ملے گی جس کی آپ کو ضرورت نہیں مگر اگر کچھ نہیں ملے گا تو یہ نوابی شے ازاربند کی سلائی۔ بس پھر کیا ہے۔ اِس بار بھی کام آئے گا تو وہی بال پوائنٹ، توتھ برش یا پنسل۔

تیسری چیز ہے چابی۔ اگر یقین نہیں آرہا تو تجربہ کر لیجیے۔ کہیں جانے کے لیے آپ موٹرسائیکل پر تشریف آور ہو جائیں یا پھر گاڑی میں سوار ہونے کے لیے دروازے تک پہنچیں اور چابی نکالنے کی نیت سے جیب میں ہاتھ ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ کم بخت تو اِدھر اُدھر ہو گئی ہے۔ بس پھر کیا ہے۔ جلدی جلدی واپس گھر جانا پڑتا ہے، پھر گھر چھاننا پڑا ہے اور اگر غلطی سے خواتین سے پوچھ لیا جائے کہ کیا آپ نے چابی دیکھی ہے تو وہ اِس طرح مکر جاتی ہیں کہ کبھی اُنہوں نے چابی دیکھی ہی نہیں۔ آپ چابی ڈھونڈنے سے زیادہ چڑچڑانے پر زور دیں گے اور آپ کو چابی ملے گی تو بچوں کے کھلونوں کے قریب یا کسی بچے کی تین پہیوں کی سائیکل سے، جسے وہ انہی چابیوں سے اسٹارٹ کرنے کی کوشش کر رہا ہو گا۔

چوتھی چیز، جس کی تلاش پر ہم اور آپ اکثر پریشان رہتے ہیں اور وہ ہے چپل۔ یا تو کبھی بائیں پیر کا چپل غائب ہو جاتا ہے یا پھر دائیں پیر کا۔ مگر اس کی تلاش کا دورانیہ تھوڑا کم ہوتا ہے کیونکہ یہ کبھی صوفے کے نیچے سے مل جاتی ہے یا سفر کرتے کرتے نامعلوم لوگوں کی ٹھوکروں کی وجہ سے سیڑھیوں سے نیچے گر جاتی ہے۔ اور جب بھی ایسا ہوتا ہےتو ہم کسی اور کی چپل پہن کر نکل پڑتے ہیں، اب ڈھونڈنے والا اپنی چپ ڈھونڈتا رہے۔ ان چپلوں کی گمشدگی کی بڑی وجوہات میں بڑا کردار کام والی مائی کا ہوتا ہے جو صفائی کرتے ہوئے چپل کو صحیح جگہ پر رکھ دیتی ہے، اور ہم عادی نہیں چیزوں کو صحیح جگہ پر رکھا جائے۔

پانچویں چیز ہے ٹی وی کا ریموٹ۔ اس کی تلاش سے پہلے بھی نعرہ لگتا ہے جو کبھی تکیہ کے نیچے ملتا ہے یا زیادہ تر اس کی پسندیدہ چھپنے کی جگہ صوفے کی دراڑ ہی ہوتی ہے اور یہ فرار اختیار کرتے کرتے صوفے کی تہہ تک پہنچ جاتا ہے۔ ویسے گھر کے کچھ افراد کو اسے ہاتھ میں لیے گھومنے کا بھی شوق ہوتا ہے اور جن کا لاؤنج کچن سے جڑا ہو تو کچن سے بھی مل جاتا ہے اور اگر ٹی وی بیڈ روم میں ہے تو اس ریموٹ کی آرام کی جگہ بستر کے نیچے بھی ہوسکتی ہے۔

چھٹی اور سب سے اہم چیز جو اب گم ہو گئی ہے، وہ ہے ہمارا ملکر بیٹھنا ہمارا ملکر دسترخوان پر کھانا،

’’اب ہم اپنے اپنے کمروں میں کھاتے ہیں اور الگ الگ بیٹھ کر ٹی وی پروگرام دیکھتے ہیں‘‘۔

ایکسپریس نیوز
 
Top