• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

سلف صالحین( صحابہ کرام و تابعین )رمضان کیسے گزارتے تھے

شمولیت
اگست 11، 2013
پیغامات
17,117
ری ایکشن اسکور
6,783
پوائنٹ
1,069
سلف صالحین( صحابہ کرام و تابعین )رمضان کیسے گزارتے تھے

نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حال تو معروف ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس ماہ کے لیے باقاعدہ اتنے مستعد رہتے کہ شعبان کے اکثر ایام روزےرکھتے:

’’كَانَ يَصُومُ شَعْبَانَ كُلَّهُ، كَانَ يَصُومُ شَعْبَانَ إِلَّا قَلِيلًا‘‘([1])

(آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پورا شعبان روزہ رکھتے یا کچھ ایام چھوڑ کر تقریبا ًپورا شعبان روزہ رکھتے)۔

جیسا کہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی حدیث میں آیا ہے۔

پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس ماہ مبارک کے روزے رکھتے اور اس میں اہتمام اور شدید تر ہوجاتا تھا خصوصاً اس کے آخری عشرے میں۔ کیونکہ جب اس ماہ مبارک کا آخری عشرہ آتا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنی کمر کس لیتے اور عبادت میں بہت محنت فرمایا کرتے تھے۔ اعتکاف فرماتے اور ساتھ ہی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ازواج مطہرات بھی اعتکاف کیا کرتی تھیں اور بہت سے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم بھی۔ یہ تمام عظیم اعمال وہ ماہ رمضان میں سرانجام دیا کرتے تھے۔ جیسے روزےکی اصل روح کے مطابق روزے رکھنا، عمل صالح ، عبادت میں محنت واحسان کرنا وغیرہ۔

اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ویسے ہی جواد و سخی تھے لیکن جب رمضان آتا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سخاوت کی حد کر دیتے اور تیز ہوا کی مانند اللہ کی راہ میں خرچ کرتے خصوصاً جب جبرئیل علیہ الصلاۃ والسلام آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ملاقات کے لیے آتے ۔

جیسا کہ ابن عباس رضی اللہ عنہما کی حدیث([2]) میں ہے۔
اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر رمضان ایک بار قرآن کریم جبرئیل علیہ الصلاۃ والسلام پر پڑھتے یا سناتے(اس کا دور کرتے تھے)، لیکن جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ کا آخری سال تھا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جبرئیل علیہ الصلاۃ والسلام کو دو بار قرآن کریم سنایا۔

جیسا کہ ابوہریرہ وعائشہ رضی اللہ عنہما کی حدیث([3]) میں ہے۔
اور یہ اس بات کی علامت تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنی قرب وفات کا احساس ہوگیا تھا۔


الغرض سلف صالحین اس ماہ مبارک میں خاص اہتمام وعنایت فرمایا کرتےتھے۔ باکثرت تلاوت قرآن کرتے، ذکر کرتےاورگناہوں سے پرہیزکرتے۔ کیونکہ روزہ اسی بات کا متقاضی ہے۔ روزہ محض کھانے پینے سے رکنے کا نام نہیں بلکہ یہ تو ہر اس چیز سے رکنے کا نام ہے جو غضب الہی کا موجب ہو جیسے گناہ وغیرہ۔ اور اللہ تعالی کی اطاعت کی جانب اور عمل میں اخلاص پیدا کرنے کی جانب پیش قدمی کرنے کا نام ہے۔

سلف رضی اللہ عنہم جیسا کہ امام مالک رحمہ اللہ کے بارے میں بیان کیا جاتا ہےکہ وہ لوگوں کو تعلیم دیا کرتے تھے لیکن جب رمضان آتا تو اپنا اکثر وقت روزے اور تلاوت قرآن کے لیے خاص کردیتے۔آپ اس ماہ میں تلاوت قرآن کا خاص اہتمام کریں ساتھ ہی اس پر تدبروغوروفکر بھی کریں اور اس کی نصیحتوں ومواعظ سے نصیحت پکڑیں اور اس کے ڈراوں اور زواجر سے ڈریں وعبرت لیں۔ ساتھ ہی اس میں بیان کردہ حلال وحرام ، اور وعد ووعید اور اس جیسی دوسری باتوں کو سمجھیں۔ اسی طرح سے نفس کا تزکیہ ہوتا ہے اور دل منور ہوتے ہیں۔ یہ قرآن حیات ہے، نور ہے، ہدایت ہے۔ جیسا کہ اللہ تبارک وتعالی نے اس کا وصف بیان فرمایا:

﴿وَكَذٰلِكَ اَوْحَيْنَآ اِلَيْكَ رُوْحًا مِّنْ اَمْرِنَا ۭ مَا كُنْتَ تَدْرِيْ مَا الْكِتٰبُ وَلَا الْاِيْمَانُ وَلٰكِنْ جَعَلْنٰهُ نُوْرًا نَّهْدِيْ بِهٖ مَنْ نَّشَاۗءُ مِنْ عِبَادِنَا ۭ وَاِنَّكَ لَـــتَهْدِيْٓ اِلٰى صِرَاطٍ مُّسْتَقِيْمٍ﴾ (الشوری: 52)

(اور اسی طرح ہم نے آپ کی طرف اپنے حکم سے اس روح (وحی) کو اتارا ہے، آپ اس سے پہلے یہ بھی نہیں جانتے تھے کہ کتاب اور ایمان کیا چیز ہے ، لیکن ہم نے اسے نور بنایا جس کے ذریعے سے ہم اپنے بندوں میں جس کو چاہتے ہیں ہدایت دیتے ہیں۔ بے شک آپ راہ راست کی رہنمائی کر رہے ہیں)

یعنی آپ سلف صالحین کے بارے میں پڑھیں ان کا جہاد، صبر، اللہ کے لیے اخلاص اور اس ماہ مبارک میں اور اس کے علاوہ بھی انتھک محنت کرنا۔ یعنی ہمیں ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ ہم صرف ماہ رمضان میں ہی عبادت میں محنت کریں پھر اس کے بعد سب بھول جائیں اور اطاعت کے کام چھوڑ دیں! نہيں، بلکہ ہمیں اللہ کی عبادت، قیام اللیل اور ان تمام اطاعت الہی پر مبنی کاموں میں پیش قدمی کرتے رہنا چاہیے جو ہم تقرب الہی کے لیے رمضان میں کیا کرتے تھے۔ انہيں بھولنا نہیں چاہیے۔ بعض لوگ اس ماہ میں تو اطاعت الہی کی طرف خوب مائل ہوتے ہیں لیکن جیسے ہی یہ مہینہ ختم ہوتا ہے تقصیروسستی کا شکار ہوکر بہت سے اطاعت پر مبنی کاموں کو بھول جاتے ہيں، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

اس میں کوئی شک نہيں کہ اس ماہ میں ہمیں دیگر ایام سے زیادہ اہتمام کرنا چاہیے لیکن سارا سال اور ساری زندگی ہمیں اللہ تعالی کو یاد رکھنا چاہیے، اس کا ذکر کرنا چاہیے۔

﴿يٰٓاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوا اذْكُرُوا اللّٰهَ ذِكْرًا كَثِيْرًا، وَّسَبِّحُــوْهُ بُكْرَةً وَّاَصِيْلًا﴾ (الاحزاب: 41-42)

(مسلمانوں اللہ تعالیٰ کا باکثرت ذکر کیا کرو، اور صبح وشام اس کی تسبیح وپاکی بیان کرو)

پس ایک مومن ہمیشہ اللہ تعالی کو یاد رکھتا ہے اور اس کی اطاعت کرتا ہے، اس کا تقویٰ اختیار کرتا ہے، اور اس سے ڈرتا ہے، اور اپنی زندگی کے ہر لمحے میں اس کا مراقبہ (یعنی خیال رکھتاہے کہ وہ مجھے دیکھ رہا ہے) کرتا ہے۔([4])۔( شیخ محمد بن ربیع حفظ اللہ)

شیخ صالح فوزان لکھتے ہیں!

سلف کا حال جیسا کہ ثقات کی اسانید سے مروی شدہ کتب میں مدون ہے کہ وہ رمضان داخل ہونے سے پہلے اللہ تعالی سے دعاء فرمایا کرتے تھے کہ انہیں رمضان تک پہنچا دے اس خیر عظیم اور عام نفع کو جانتے ہوئے کہ جو اس میں پنہاں ہیں۔ پھر جب رمضان داخل ہوجاتا تو اللہ تعالی سے دعاء فرماتے ہیں کہ وہ انہیں اس میں عمل صالح کرنے میں مدد فرمائے۔ اور جب رمضان ختم ہوجاتا تو دعاء فرماتے کہ ان کے یہ اعمال بارگاہ الہی میں شرف قبولیت پاجائیں۔ جیسا کہ ارشاد الہی ہے:

﴿وَالَّذِيْنَ يُؤْتُوْنَ مَآ اٰتَوْا وَّقُلُوْبُهُمْ وَجِلَةٌ اَنَّهُمْ اِلٰى رَبِّهِمْ رٰجِعُوْنَ، اُولٰۗىِٕكَ يُسٰرِعُوْنَ فِي الْخَــيْرٰتِ وَهُمْ لَهَا سٰبِقُوْنَ﴾ (المؤمنون: 60-61)

(اور جو لوگ (اللہ کی راہ میں) دیتے ہیں جو کچھ دیتے ہیں مگر اس کے باوجود ان کے دل کپکپاتے ہیں کہ وہ اپنے رب کی طرف لوٹنے والے ہیں، یہی ہیں جو بھلائیوں میں جلدی کرتے ہیں اور یہی ہیں جو ان کی طرف سبقت کرنے والے ہیں)

یعنی وہ عمل میں خوب محنت کرتے تھے پھر بھی عمل کرلینے کے بعد انہیں فکر لاحق ہوتی کہ آیا یہ قبول بھی ہوا کہ نہیں؟ یہ اس لیے کہ وہ اللہ تعالی کی کماحقہ عظمت کو پہچانتے تھے اور یہ کہ وہ صرف اور صرف اسی عمل کو قبول فرماتا ہے جو خالصتاً لوجہ اللہ کیا جائے، اور برمبنئ صواب یعنی سنت کے مطابق بھی ہو۔ پس وہ اپنے آپ کی پارسائی بیان نہیں کرتے تھے، بلکہ ڈرتے تھے کہ ان کے اعمال باطل نہ ہوجائیں، پس اعمال قبول ہوں یا نہ ہوں اس کی فکر انہیں عمل کی ادائیگی سے زیادہ دشوار لگتی تھی۔

کیونکہ فرمان الہی ہے:

﴿اِنَّمَا يَتَقَبَّلُ اللّٰهُ مِنَ الْمُتَّقِيْنَ﴾ (المائدۃ: 27)

(اللہ تعالیٰ تو صرف تقویٰ والوں کا ہی عمل قبول کرتا ہے)

وہ اس ماہ میں عبادت کے لیے اپنے آپ کو فارغ کردیتے اور دنیاوی مصروفیات کم کردیا کرتے تھے۔ زیادہ وقت اللہ کے گھروں میں گزارتے اور کہتے کہ ہم اپنے روزوں کی حفاظت کررہے اور کسی کی غیبت نہيں کرناچاہتے۔ اپنے ساتھ مصاحف لاتے اور کتاب اللہ کو پڑھتے پڑھاتے۔ وہ اپنے اوقات کوضائع ہونے سے بچاتے۔ فضولیات میں وقت ضائع نہیں کرتے جیسا کہ آجکل بہت سے لوگوں کا حال ہے۔ رات کے اوقات کی حفاظت کرتے قیام اللیل کے ساتھ اور دن کے اوقات کی روزے، تلاوت قرآن، ذکر الہی اور دیگر اعمال خیر کے ساتھ۔ اس میں سے ایک منٹ یا ایک لحظہ بھی وہ ضائع نہیں کیا کرتے تھےبلکہ اس میں بھی کوئی عمل خیر کرلیا کرتے تھے([5])۔

[1] صحیح بخاری 1970، صحیح مسلم 1157۔
[2] صحیح بخاری 1902، صحیح مسلم 2309۔
[3] صحیح ابن ماجہ 1444۔
[4] کیسٹ: إزالة الإلباس عما اشتبه في أذهان الناس۔
[5] فتاویٰ رمضانیہ

استفادہ: بشکریہ توحید خالص ویب َسائٹ
 
Top