• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

نیت کو خالص رکھنا

شمولیت
اکتوبر 25، 2014
پیغامات
350
ری ایکشن اسکور
27
پوائنٹ
85
نیت کو خالص رکھنا

ہمیں اپنے دل کو ٹٹولتے رہنا چاہئے اور دیکھنا چاہئے کہ ہماری نیت میں اخلاص ہے کہ نہیں۔ اگر نیت میں کوئی کھوٹ پیدا ہو یا اخلاص کی کمی ہو تو اسے صحیح اور خالص کرنا چاہئے۔ یہ کام باربار کرنا چاہئے اور باربار کرتے رہنا چاہئے کیونکہ ہماری نیتوں کو بگاڑنے کیلئے شیطان ہمارے ساتھ لگا ہوا ہے جو اللہ تعالٰی کیلئے ہماری نیت کو خالص رہنے نہیں دیتا۔ شیطان کو یہ بات معلوم ہے کہ ہمارے اعمال کا دارومدار ہماری نیتوں پر ہے۔

جیسا کہ اللہ کے پیارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ’’اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے اور ہر شخص کو وہی ملتا ہے جس کی وہ نیت کرے‘‘۔ (صحيح البخاري)

’’نیت ‘‘کہتے ہیں دل کے پکے ارادے کو۔ اگر نیت ٹھیک نہ ہو تو کسی بڑے سے بڑا نیک عمل بھی خاک کے سوا کچھ نہیں۔ جیسے

a) اللہ تعالٰی کے راستے جان قربان کرنا
b) دین کا علم سیکھنا اور سکھانا
c) صدقہ خیرات کرنے والا سخی

یہ تینوں بڑے بڑے نیک اعمال ہیں لیکن نیت میں کھوٹ اور ریاکاری کی وجہ کر قیامت کے دن سب سے پہلے ایسے اعمال کرنے والے لوگوں کو ہی جہنم میں ڈالا جائے گا۔

جیسا کہ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ رسول اللہ کا یہ ارشاد نقل کرتے ہیں کہ قیامت کے دن لوگوں میں فیصلے کیلئے سب سے پہلے جنہیں بلایا جائے گا (وہ یہ ہیں:)

(1) ۔ ۔ وہ آدمی جو شہید ہوا، اسے لایا جائے گا، اللہ تعالیٰ اپنی نعمتوں کا تعارف کرائے گا اور وہ اقرار کرے گا، پھر اللہ تعالیٰ پوچھے گا: تو نے کون سا عمل کیا ہے؟ وہ کہے گا: میں نے تیری خاطر لڑائی کی، حتی کہ شہید ہو گیا۔ اللہ تعالیٰ فرمائے گا: تو جھوٹ بولتا ہے، تو اس لیے لڑا تھا تاکہ تجھے بہادر کہا جائے، اور وہ (دنیا میں) کہا جا چکا ہے، پھر اس کے بارے میں حکم ہو گا اور اسے چہرے کے بل گھسیٹ کر جہنم میں ڈال دیا جائے گا۔

(2) ۔ ۔ وہ آدمی، جس نے علم سیکھا اور سکھایا اور قرآن مجید پڑھا، اسے لایا جائے گا، اللہ تعالیٰ اسے اپنی نعمتوں کا تعارف کروائیں گے، وہ اقرار کرے گا۔ پھر اللہ تعالیٰ پوچھے گا: کون سا عمل کر کے آیا ہے؟ وہ کہے گا: میں نے تیری خاطر علم سیکھا اور سکھایا اور قرآن مجید پڑھا۔ اللہ تعالیٰ فرمائے گا: تو جھوٹا ہے، تو نے تو علم اس لیے حاصل کیا تھا تاکہ تجھے عالم کہا جائے اور قرآن مجید پڑھا، تاکہ تجھے قاری کہا جائے اور (دنیا میں) وہ کہہ دیا گیا۔ پھر اس کے بارے میں حکم دیا جائے گا اور اسے چہرے کے بل گھسیٹ کر آگ میں پھینک دیا جائے گا۔

(3) ۔ ۔ پھر وہ آدمی، جسے اللہ تعالیٰ نے رزق میں فراوانی دی اور ہر قسم کا مال عطا کیا، اس کو لایا جائے گا، اللہ تعالیٰ اپنی نعمتوں کا تعارف کروائیں گے، وہ اقرار کر لے گا۔ پھر للہ تعالیٰ پوچھے گا: تو کون سا عمل کر کے لایا ہے؟ وہ کہے گا: میں نے ہر اس مصرف میں مال خرچ کیا جہاں خرچ کرنا تجھے پسند تھا۔ اللہ تعالیٰ فرمائے گا: تو جھوٹا ہے، تو نے تو اس لیے کیا تھا کہ (دنیا میں) تجھے سخی کہا جائے اور وہ کہہ دیا گیا، پھر اس کے بارے میں حکم دیا جائے گا اور چہرے کے بل گھسیٹ کر جہنم میں پھینک دیا جائے گا۔“

(سلسله احاديث صحيحه: 2139، سلسله احاديث صحيحه ترقیم البانی: 3518)​

گویا سب سے پہلے جہنم میں داخل ہونے والے دنیا میں بڑے بڑے نیک اعمال کرنے والے ’’ ریاکار لوگ ‘‘ ہوں گے جن کی نیتوں میں کھوٹ کی وجہ کر اعزاز و اکرام اور جنت سے نوازنے کے بجائے اللہ رب العزت انہیں جہنم میں جھونک دے گا۔

کسی بھی نیک عمل پر اجر و ثواب کا تعلق اخلاص نیت پر ہے۔ جو بھی کام ہم کریں گے اس میں نیت کی اچھائی و برائی دیکھی جائے گی اور اللہ رب العزت کی بارگاہ میں نیت کے اعتبار سے ہی سزا و جزا کا فیصلہ ہوگا۔

حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے نقل کیا ہے کہ ’’لوگوں کو قیامت میں ان کی نیتوں کے مطابق اٹھایا جائے گا‘‘۔ (صحيح البخاري)

ہمارا کوئی بھی عمل اخلاص نیت کے بغیر قابل اعتبار نہیں۔ ہمارے سارے اعمال کا دارو مدار ہماری نیت پر ہے۔ خالص اپنے رب کو خوش اور راضی کرنے کی نیت سے کام کرنا ہی فلاح کا ضامن ہے۔

نیت دل کے اردے کا نام ہے، یہ دل کا عمل ہے جسے اللہ ہی بہتر جانتا ہے یعنی کوئی شخص ظاہری طور پر کتنا ہی اچھا عمل کرے لیکن اس کے پیچھے کیا جذبہ اور کیا نیت کا رفرما ہے، یہ اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:

رَّبُّكُمْ أَعْلَمُ بِمَا فِي نُفُوسِكُمْ ۚ إِن تَكُونُوا صَالِحِينَ فَإِنَّهُ كَانَ لِلْأَوَّابِينَ غَفُورًا (سورة الإسراء : ٢٥)

’’جو کچھ تمہارے دلوں میں ہے اسے تمہارا رب خوب جانتا ہے اگر تم نیک ہو ئے تو وہ توبہ کرنے والوں کو بخشنے والا ہے‘‘۔ (سورة الإسراء : ٢٥)

اس لئے ہمیں اپنے دل کو باربار ٹٹولتے رہنا چاہئے اور جوں ہی نیت میں کوئی کھوٹ پیدا ہو اسے کو صحیح اور خالص کرتے رہنا چاہئے۔ ہر نیک عمل نبی کریم ﷺ کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق صرف اللہ تعالٰی کی رضا و خوشنودی کیلئے اور صرف اللہ تعالٰی سے اجر و ثواب پانے کی نیت سے کرنا چاہئے۔

اللہ تعالٰی ہمیں اخلاصِ نیت کی دولت عطا فرمائے۔ آمین

تحریر: #محمد_اجمل_خان
۔
 
Top