• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

بیوہ کی عدت + سلسلۂ جنبانی + نسوانی حرمت وعزت ۔ ۔ تفسیر السراج۔ پارہ:2

محمد آصف مغل

سینئر رکن
شمولیت
اپریل 29، 2013
پیغامات
2,677
ری ایکشن اسکور
4,006
پوائنٹ
436
وَالَّذِيْنَ يُتَوَفَّوْنَ مِنْكُمْ وَيَذَرُوْنَ اَزْوَاجًا يَّتَرَبَّصْنَ بِاَنْفُسِہِنَّ اَرْبَعَۃَ اَشْہُرٍ وَّعَشْرًا۝۰ۚ فَاِذَا بَلَغْنَ اَجَلَہُنَّ فَلَا جُنَاحَ عَلَيْكُمْ فِيْمَا فَعَلْنَ فِيْٓ اَنْفُسِہِنَّ بِالْمَعْرُوْفِ۝۰ۭ وَاللہُ بِمَا تَعْمَلُوْنَ خَبِيْرٌ۝۲۳۴
اور جو لوگ تم میں سے عورتیں چھوڑ کر مرجاتے ہیں تو وہ عورتیں چار مہینے دس دن تک اپنے آپ کو روکیں۔۱؎ پھر جب وہ اپنی عدت کو پہنچیں تو تم پر کچھ گناہ نہیں ہے جو وہ اپنے حق میں حسب دستور کرتی ہیں اور خدا تمھارے کاموں سے خبردار ہے۔(۲۳۴)
بیوہ کی عدت
۱؎ قرآن حکیم کی اصطلاح میں زوج کا اطلاق بیوی اور خاوند پر یکساں ہوتا ہے ، اس لیے کہ دونوں ایک دوسرے کے لیےسرمایۂ راحت وسکون ہیں اور دونوں کا وجود ایک دوسرے کے لیے ضروری وناگزیر ہے ۔ موجودہ تہذیب عورت کو ''نصف بہتر'' سے زیادہ حیثیت دینے کے لیے تیار نہیں مگر قرآن حکیم عورت کو '' کل بہتر'' کہتا ہے اور اس لیے اس کے لیے زوج کے لفظ کو استعمال کرتا ہے، تاکہ معلوم ہو کہ خاوند بیوی سے الگ ومستقل کوئی وجود ہی نہیں رکھتا کہ اس کا کوئی دوسرا نام ہے ۔

ان آیات میں ازواج کا ذکر ہے ۔ اس سے مراد بیوہ عورتیں ہیں۔ ان کی عدت کا ذکر ہے ۔ چار مہینے دس دن تک انتظار کریں۔ اس کے بعد انھیں اختیار ہے ۔اس مدت میں جنین کا پتہ چل سکتا ہے ۔ تین ماہ کے بعد عام طورپر جنین مذکر میں حرکت پیدا ہوجاتی ہے اور جنین مونث بھی چار ماہ تک متحرک ہوجاتا ہے ۔ دس دن اس لیے بڑھا دیے ہیں، تاکہ اگر جنین زیادہ کمزور ہوتو بھی ظاہر ہوجائے۔

جمہور فقہا کا مذہب یہ ہے کہ حاملہ کی عدت الگ ہے ۔ یعنی اگر ایک عورت بیوہ اور حاملہ ہوتو اس کی عدت بیوہ کی عدت نہیں ہوگی، چار مہینے اور دس دن بلکہ وضع حمل کی عدت ہوگی۔ چنانچہ خود حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے سبیعہ، سلمیہ کو وضع حمل کے بعد نکاح کی اجازت دے دی۔ بعض اہل علم کا خیال ہے کہ اسے بعدالاجلین کو عدت ٹھہرانا چاہیے، تاکہ عموم وخصوص میں جمع ہوجائے۔ یعنی اگر وضع حمل کی مدت زیادہ ہے تو وہ عدت ٹھہرے گی اور اگر عدت کی مدت زیادہ ہے تو وہ۔
سلسلۂ جنبانی
بیوہ سے نکاح کے لیے یہ ہدایات دیں کہ تعریض یعنی اشاروں، کنایوں میں اظہار مطلب کرنا گناہ نہیں،البتہ ان کی رائے پر جبر کرکے الگ ان سے کوئی وعدہ لے لینا مذموم ہے اور یہ کہ اثنائے عدت میں نکاح کے لیے کوئی پختہ عہد کرنا بھی درست نہیں۔ جب عدت گزرجائے تو پھراختیار ہے ۔ اس میں حکمت یہ ہے کہ ایسے معاملات میں جلدی اور انجام کا رعجلت اچھی نہیں ہوتی۔ بیوہ کو موقع دینا چاہیے کہ وہ اچھی طرح سوچ سمجھ لے۔ اس کی رائے آزادانہ ہونی چاہیے۔دباؤ کسی صورت بھی مفید نہیں ہوسکتا۔ان آیات سے یہ بھی معلوم ہوا کہ قرآن حکیم نے نکاح کے معاملے میں عورت کی آزادی ٔرائے کی کس قدر حفاظت کی ہے اور نسوانی حرمت وعزت کا کس قدر خیال رکھا ہے ۔ وہ لوگ جو معاملات میں ان باریکیوں کا خیال نہیں رکھتے،بالعموم تکلیف اٹھاتے ہیں اور پشیمان ہوتے ہیں۔

نکاح بیوگان ایک ایسا قانون ہے جس کی صحت اب مخالف حلقوں میں بھی تسلیم کی جارہی ہے ۔اسلام چونکہ دین فطرت ہے ، اس لیے اس نے آج سے چودہ سوسال پہلے اجازت مرحمت فرما دی اور بات بھی معقول ہے ۔ جب نکاح ایک دفعہ درست ہے اور سوسائٹی اسے معیوب قرار نہیں دیتی توپھر یہ دوسری دفعہ کیوں درست نہیں؟

نکاح بیوگان کی مخالفت قانونِ فطرت کے خلاف ہے جس سے بہت سی برائیاں پیدا ہونے کا امکان ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہمسایہ قومیں اس کو بشدت محسوس کرنے لگی ہیں اور عملاً اسلام کی اس سچائی کی معترف ہورہی ہیں۔
 
Top