• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

تعزیت – احکام اور فضائل

شمولیت
اپریل 06، 2015
پیغامات
9
ری ایکشن اسکور
2
پوائنٹ
43
ترجمہ: مبصرالرحمن قاسمی

نظر ثانی: علاء الدین عین الحق مکی


تعزیت – احکام اور فضائل


تعزیت کا مفہوم :

باری تعالی کا ہم پر یہ عظیم احسان وانعام ہے کہ اس نے ہمیں ایسا دین دیا ، جو ہمیں اعلی ترین کاموں اور اعلی ترین اخلاق کی دعوت دیتا ہے، عزاداری کی مشروعیت دین اسلام کی خوبیوں میں سے ایک خوبی ہے، میت کے رشتے داروں اور اقرباء کے ساتھ غمخواری وہمدردی،ان کے غم والم میں شرکت اور انہیں صبراور اجر وثواب پر آمادہ کرنا اور میت کے لئے دعاء مغفرت ورحمت تعزیت وعزاداری کے مفہوم میں شامل ہیں۔

بندہ مسلم کی موت پر اس کی تجہیز وتکفین اور تدفین میں شرکت کرنا ایک مسلمان پر فرضِ کفایہ ہے۔

فقہاء کرام ؒ صاحب میت کی تعزیت کے مستحب ہونے پر اپنے اس قول کو بطور دلیل پیش کرتے ہیں'' وتسن تعزیۃ المصاب بالمیت''۔ لہٰذا تعزیت حسب حال مستحب، سنت مؤکدہ اور اگر رشتے دار ہوں تو واجب کے درجے میں ہے۔


تعزیت کا طریقہ:

تعزیت کے لئے شریعت نے کوئی مخصوص طریقہ مقرر نہیں کیا ہے، ہاں تعزیت کی چند شکلیں ہیں جو ہم ذیل میں بیان کررہے ہیں:

۱)۔تعزیت کے لئے جائے تو میت کی مغفرت اور اس کے وارثین کو صبر پر اجر کی دعا کرے ، اور اس موقع پر سب سے بہتر دعا یہی ہوسکتی ہے، جسے نبی ﷺنے پڑھی ہے: " إن لله ما أخذ وله ما أعطى وكل شيء عنده بأجل مسمى " (ترجمہ) لی ہوئی چیز بھی اسی کی ہے اور دی ہوئی چیز بھی اسی کی تھی اور ہر چیز اس ذات کے پاس وقت مقررہ کے مطابق لکھی ہوئی ہے۔

اس موقع پر میت کے رشتے داروں اور اقرباء کو صبر وثواب کی امید کی ترغیب دی جائے۔ نبی کریم ﷺ نے اپنی صاحبزادی کوجب ان کے محبوب کی وفات ہوئی تو حکم دیتے ہوئے فرمایا:

'' مرها فلتصبر ولتحتسب فإن لله ما أخذ وله ما أعطى وكل شيء عنده بأجل مسمى '' [متفق عليه]

تعزیت کے موقع پر میت کے رشتے داروں کو یہ کلمات بھی کہے جاسکتے ہیں:

'' أحسَنَ اللهُ عَزَاءَكُم وَجَبرَ مُصَابَكُم وَغَفَرَ لمَِيتكُم" ۔

یا ان کلمات کی طرز پر کوئی مناسب دعائیہ کلمات جس میں میت کے لئے تسلی، صبر اور اجر وثواب ہو کہے جاسکتے ہیں۔

۲)۔ تعزیت کی ایک صورت یہ بھی ہے کہ میت کے گھر والوں کے لئے کھانے کا انتظام کرکے یا اس سلسلے میں ان کی ضرورتوں کو پوری کرکے انہیں تسلی دی جائے، نبی کریم ﷺ کو جب اپنے چچا حضرت جعفر بن ابی طالب کی جنگ موتہ میں شہادت کی اطلاع ہوئی تو آپ نے اپنے گھر میں حکم دیا: '' اصنعوا لآل جعفر طعاما، فقد اتاھم ما يشغلهم (جعفر کے اہل خانہ کے لیے کھانا تیار کرو، غم کے سبب ان کے اہل خانہ یہ نہیں کرسکتے)

اسی طرح اہل میت کے لئے چائےبنانے، کپڑوں کے دھونے، گھر کی صفائی کرنے اور اس طرح کے روزمرہ کے کاموں میں ان کی مدد کی جائے چونکہ یہ کام بھی گھر میں وفات ہونے کے سبب اہل میت انجام دینے سے رک جاتے ہیں۔

۳)۔اہل میت کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں صبر وثواب کی ترغیب دی جائے،اور اچھی باتیں کرکے ان کے غم کو ہلکا کرنے کوشش کی جائے، نیز اس موقع پر انبیاء اور صالحین کے قصے سنائے، اور شجاعت پر مبنی امثال اور کہانیاں سنائی جائے۔

اس موقع پر اہل میت کے سامنے ہمارے نبی ﷺ کے صبر اور آپ پر آنے والی مصیبتوں کا مذاکرہ کیا جائے۔

۴)۔تعزیت میں یہ بھی شامل ہے کہ اہل میت کے بچوں کی نگہداشت کا اہتمام ہو ، ان کا دل بہلایا جائے اور انہیں اپنے گھر کے بچوں میں شامل کیا جائے، کیونکہ چھوٹے بچوں کو گھر میں کسی کے فوت ہونے کا کوئی احساس نہیں ہوتا ہے، لہٰذا اہل میت کے بچوں کی تربیت اور ان کا خیال رکھنا بھی تعزیت کی ایک صورت ہے۔

۵)۔اگر صاحب میت کافر ہو، جیسے پڑوسی یا کوئی قریبی ، تو اسے صبر کی ترغیب دی جائے، اور زندوں کے لئے یہ دعاء دی جائے نہ کہ میت کے لئے:

"أحسن الله عزاءكم وجبر مصابكم وهداكم وفتح على قلوبكم"


تعزیت کی مشروعیت کی حکمت:

اہل میت کی تعزیت کی مشروعیت سے عظیم حکمتوں کا ظہور اور بیشمار منافع کا اندازہ ہوتا ہے:

۱)۔ گھر میں وفات کے سبب غم وحزن کے شکار افراد کی تسلی ،غمخواری وہمدردی کے لئے ان کی تعزیت کرنے سے دین اسلام کی عظمت اور اس کی خوبیوں کا مظاہرہ ہوتا ہے۔

۲)۔مسلمانوں میں یکجہتی اور ایک دوسرے سے ہمدردی کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ کافروں کے ساتھ بھی یہ معاملہ ہوتو مسلمانوں کے ساتھ ان کی ہمدردی پیدا ہوتی ہے۔

۳)۔ اہل میت کی مصیبت میں تخفیف ہوتی ہے، ان کی ضرورتوں کی تکمیل کی راہ پیدا ہوتی ہے اور اس طرح کے حالات میں انہیں خوشی ومسرت کا سامان مہیا ہوتا ہے۔

۴)۔ اس موقع پر میت اگر مسلمان ہوتو اس کی رحمت ومغفرت اور گناہوں سے معافی کی دعا کا موقع ملتا ہے۔

تعزیت کے موقع پر زندہ اور مردہ افراد دونوں کے لئے خیر اور دعا نیز تعزیت کے ذریعے تسلی وہمدردی کا موقع ملتا ہے۔ تعزیت دین اسلام کا ایک مظہر جلیل ہے جسے شریعت اسلامی نے مشروع قرار دیا ہے۔


کیا تعزیت کے لئے کوئی وقت متعین ہے؟

دراصل تعزیت کے لئے وقت کی کوئی تعیین نہیں ہے، بلکہ تعزیت مصیبت کے وقت سے مربوط ہے، یعنی جب تک مصیبت ہے اس وقت تک تعزیت کی جاسکتی ہے اور جب تک میت کے آثار باقی ہے اس وقت تک تعزیت کی جاسکتی ہے۔لیکن یہ الگ بات ہے کہ انسان کومیت کی مصیبت کو بھلانا نہیں چاہیے، بلکہ اس پر آنے والی مصیبت سے عبرت حاصل کرنا چاہیے، تاہم میت کی تدفین سے قبل اور اسی طرح تدفین کے بعد تعزیت کرنا شریعت سے ثابت ہے۔

جبکہ مصیبت کے ختم ہوجانے اور ایک مدت گذرنے جانے کے بعد تعزیت کرنا شریعت سے ثابت نہیں بلکہ یہ مکروہ عمل ہے، جس سے اہل میت کی مصیبت اور ان کے غم میں اضافہ اور اس کی تجدید ہوتی ہے اور انھیں اپنے فوت ہونے والے کی یاد ستانے لگتی ہے اور ایسی تعزیت ان کے جذبات کو بھڑکانے کا کام کرتی ہے، لہٰذا تعزیت کا صحیح وقت میت کی تدفین سے قبل اور تدفین کے بعداتنی مدت تک ہے جب تک کہ اہل میت اپنی مصیبت سے متاثر ہیں۔

بعض فقہاء کرام نے کہا ہے کہ تین دن کے بعد تعزیت نہیں ہے، لیکن صحیح بات یہی ہے کہ میت کے فوت ہونے کے بعد زیادہ قریب دنوں تک تعزیت کی جاسکتی ہے یہی قول شیخ الاسلام ابن تیمیہ کا بھی ہے۔


تعزیت کے موقع پر نہ کرنے کے کام :

زیب وزینت، صفائی اور اچھے کپڑوں کو ترک کرکے تین دن سے زیادہ سوگ منانا سوائے میت کی بیوی کے کسی کے لئے جائز نہیں ہے، میت کی بیوی اپنے شوہر کی وفات پر چار ماہ دس دن کی مدت میں اپنی عدت کو پورا کرے گی۔



تعزیت کے فضائل:

تعزیت کے فضائل میں متعدد احادیث وآثار منقول ہیں اور مسلمانوں کا اس پر عمل بھی ہے، تعزیت کے باب میں جو احادیث نقل کی گئی ہیں ان سے اندازہ ہوتا ہے کہ تعزیت سنت مؤکدہ کے درجہ رکھتی ہے۔

ترمذی اور ابن ماجہ نے حضرت ابن مسعود ؓ سے نقل کیا ہے آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا:

'' من عزى مصابا فله مثل أجره"

(ترجمہ )جس نے کسی مصیبت زدہ کی تعزیت کی تو اس کے لئے مصیبت زدہ کے برابر ثواب ملتا ہے۔

ابن ماجہ اور دیگر نے حضرت عمرو بن حزم سے نقل کیا ہے کہ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا:

"ما من مؤمن يعزي أخاه بمصيبه إلا كساه الله من حلل الكرامة يوم القيامة"

(ترجمہ )جو مومن اپنے بھائی کی مصیبت کے وقت اس کی تعزیت کرتا ہے ، اللہ تعالیٰ اسے قیامت کے دن عزت وشرف کا لباس پہنائیں گے۔

طبرانی اور دیگر محدثین نے نبی ﷺ کا یہ قول نقل کیا ہے: "جس نے کسی مصیبت زدہ کی تعزیت کی اللہ تعالیٰ اسے جنت کے کپڑوں میں سے ایسے دو جوڑے پہنائیں گے ، دنیامیں جو عدیم المثال ہے۔

تعزیت کے بارے میں مذکورہ فضائل اور اس کے ثواب کے علاوہ تعزیت کی سب بڑی فضیلت ہونے کے لئے یہی کافی ہے کہ یہ عمل نبی ﷺ کی قولا، فعلا، اور حالا واقرارا سنت ہے۔


تعزیت کے مقصد سے اجتماعی طور پر جمع ہونے کا حکم:

فقہاء کرام نے تعزیت کے لئے اجتماعی طور پر جمع ہونے کو مکروہ کہا ہے، دوسری بات یہ ہے کہ یہ سلف صالحین کا طریقہ بھی نہیں رہا ہے،لہٰذا آج کے دور میں تعزیت کا طریقہ بدل گیا ہے ، اور تعزیت کے موقع پر جاہلیت کے رسم ورواج دہرائے جارہے ہیں۔


تعزیت کے لئے منعقد کی جانے والی مجالس کی رائج شکلیں :


۱)۔ایک مجلس وہ ہے جو بغیر کسی مقصد اور پہلے سے ترتیب کے ساتھ منعقد ہوئی ہو، ایسے موقع پر میت کے برادران، اس کی اولاد وغیرہ اپنے بڑوں سے تسلی حاصل کرتے ہیں،اور بڑوں کا سفر بغیر کسی ترتیب کا ہوتا ہے ۔، یہ طریقہ جاہلیت کے طریقوں میں سے نہیں ہے،(صاحب کتاب کے بقول) میں شیخ ابن باز ؒ سے سنا کرتا تھا کہ آپ کہتے تھے کہ اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔

۲)۔تعزیت کی دوسری شکل یہ ہے کہ میت کے اہل خانہ، اس کے رشتہ داروں اور دیگر اقارب کے اجتماع کے لئے ایک جگہ کا تعین کیا جاتا ہے، اور مرد حضرات کے لئے فلاں مقام اور خواتین کے لئے فلاں مقام کا اعلان کیا جاتا ہے، یہ اعلان ذرائع ابلاغ کے ذریعے نشر کیا جاتا ہےاور مردوخواتین کے گھروں کے فون نمبرات پر اس اعلان کو بطور میسیج ارسال کیا جاتا ہے نیز شاہراہوں پر پوسٹروں کے ذریعے اس اعلان کو آویزاں کیا جاتا ہے، مزید یہ کہ تعزیت کے لئے بعض لوگ تو فنکش ہال اور عالیشان مقامات بطور کرایہ لیتے ہیں۔اورخیمے لگائے جاتے ہیں، کرسیاں بچھائی جاتی ہیں اور تعزیت کے لئے آنے والوں کے استقبال کے لئے لائٹنگ کی نمائش کی جاتی ہے، اور دیکھنے والے کو شک ہوتا ہے کہ آیا یہ تعزیتی نشست ہے یا پھر شادی کی تقریب۔۔؟

تعزیت کی یہ شکل جاہلیت کے مظاہر سے مشابہ ہونے کی صورت میں حرام وناجائز ہے، امام احمد ؒ وابن ماجہ ؒنے ثقہ رواۃ کی سند سے جریر بن عبداللہ ؓ کی روایت کو نقل کیا ہے کہ صحابہ میت کے اہل خانہ کے پاس اجتماع اور کھانا بنانے کو نوحہ شمار کرتے تھے۔

آج ہم خصوصا عرب ممالک میں یہ صورتحال دیکھ رہے ہیں کہ لوگ تعزیتی نشستوں میں حد سے بڑھ رہے ہیں، تعزیت کے لئے اعلانات کا مختلف طریقے سے اہتمام اور پھر انعقاد کے لئے بے پناہ اہتمام یہ سب باتیں کبیرہ گناہوں میں پڑنے کا اشارہ دیتی ہیں، ان امور سے نوحہ خوانی، اور جاہلیت کے رسم وراوج کا مظاہرہ ہوتا ہے۔


اہل میت اور تعزیت کرنے والوں کے لئے ان آداب کو ملحوظ رکھنا چاہیے:

۱)۔اہل میت کی نفسیاتی، اجتماعی اورمعاشی حالت کا خیال رکھنا ضروری ہے، باربار ان کے پاس آنے سے انھیں زحمت نہ ہو،ان کے پاس قیام کرنے سے ضیافت کا بوج نہ پڑے، اسی طرح گھر کی تنگی کے سبب تکلیف نہ ہو۔ اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ تعزیت کے وقت اہل میت کی نفسیات کا خیال رکھا جائے اور اس موقع پر مناسب بات چیت کا بھی خیال رکھا جائے، ایسا نہ ہو کہ گفتگو سے ان کے غم میں مزید اضافہ ہو۔

خاص طور پر خواتین کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ تعزیت کے موقع پر آوازوں کو بلند کرنے، چہروں کو نوچنے، کپڑوں کے پھاڑنے اور بالوں کو نوچنے یا میت کی خوبیوں کو بلند آواز کے ساتھ گنانے یا اس کے مناقب کو یاد کرکرکے رونے سے کلی طور پر پرہیز کریں کیونکہ یہ سب باتیں حرام نوحہ میں شامل ہیں۔نبی کریم ﷺ نے ان باتوں کو جاہلیت کے اعمال بتایا ہے۔

۲)۔ اہل میت اس موقع پر صبر، اللہ تعالیٰ کی حمد وثناء، اس مصیبت میں ثواب کی امید،کثرت سے میت کے لئے دعا و استغفار،اگر میت پر کسی کے حقوق ہیں تو اس کی تلافی،اور اگر اس پر قرض ہیں تو غسل ونماز جنازے سے قبل ان کی ادائیگی کی کوشش کریں۔

۳)۔اسی طرح میت کے متعلقین کے لئے ضروری ہے کہ وہ کھیل کود، ہنسی مذاق،حرام مشروبات کے پینے اور حرام چیزوں کے کھانے سے قطعی طور پر پرہیز کریں۔


تعزیت کے وقت واقع ہونے والے خلاف شریعت اعمال:

تعزیت کے موقع پر مختلف قسم کے خلاف شریعت اعمال کئے جاتے ہیں، جن کے کرنے پر میت کو تکلیف ہوتی ہے، نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے:

"الميت يعذب ببكاء أهله"

میت کو اس کے اہل خانہ کی آہ وبکا کی وجہ سے عذاب دیا جاتا ہے۔

اور ایک روایت میں ہے " الميت يعذب بنياح عليه" یعنی میت کو اس پر نوحہ خوانی کرنے کے سبب عذاب دیا جاتا ہے۔


لوگوں میں رائج خلاف شریعت اعمال کو ہم یہاں مختصراً ذکر کررہے ہیں:

۱)۔ تعزیت کے لئے مخصوص مقامات کا تعین کرنا، یا خیمہ لگانا، لائٹنگ لگانا، کرسیاں بچھانا، تعزیت کے لئے اعلانات چسپاں کرنا یہ سب اعمال ممنوعہ نوحہ میں شامل ہیں ، اور یہ سب باتیں جاہلیت کے اعمال میں شامل ہیں۔جن سے باز رہنے کا نبی کریم ﷺ نے حکم دیا ہے۔

۲)۔قرآن کریم کی تلاوت کے لئے اس موقع پر قراء کو اجرت پر لانا، یا اس موقع پر قرآن کریم کی تلاوت پر مشتمل آڈیو کیسیٹ بنانا اور اسے مجلس میں سننا، گویا قرآن کریم صرف ان جیسے مواقع کے لئے ہی نازل ہوا، آج ہم عرب ذرائع ابلاغ میں دیکھتے ہیں کہ کسی نامور اور شہرت یافتہ شخصیت کی وفات ہوتی ہے تو ذرائع ابلاغ کے ذریعے اس کے لئے تلاوت کلام پاک کا اہتمام کیا جاتا ہے اور کئی کئی قرآن ختم کئے جاتے ہیں۔

۳)۔قرآن کریم پڑھانے والوں کو میت کی جانب سے تلاوت کے اجر کے طور پر ہدیہ دینا، یہ سراسر بدعت عمل ہے، ہمیں نبی کریم ﷺ اور آپ کے صحابہ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔دوسری بات یہ ہے کہ میت کو وہی اعمال نفع دیتے ہیں جو قرآن وحدیث سے ثابت ہیں، جن میں حج، عمرہ، صدقہ، روزہ ، میت کے لئے اس کے اقرباء کی دعائیں وغیرہ شامل ہیں۔

۴)۔میت کے پاس ایک ہفتے یا چالیس روز بعد جانا، یا ایک برس بعد برسی منانا، اور میت کے مناقب بیان کرکے نوحہ خوانی کرنا، اسی طرح میت کی تدفین کے تین راتوں بعد محفل منعقد کرنا یا اس کے بعد مخصوص مدت میں میت کی یاد میں محفلیں منعقد کرنا یہ سب بدعت اور نوحہ میں شامل ہیں۔

۵)۔مردوں اور خواتین کا سیاہ لباس زیب تن کرنا، یا اس موقع پر غم والم پر مشتمل تعویذ لٹکانا۔

۶)۔ میت کی تصاویر کو آویزاں کرنا اور اس پر سیاہی ڈالنا یہ سب حرام کے مشابہ اعمال ہیں، جن کو کرنے سے شریعت اسلامی نے ہمیں سختی سے روکا ہے۔


ترجمہ: مبصرالرحمن قاسمی


http://www.wathakker.info/ur/flyers/view.php?id=752
 
Top