• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

جنازہ سے متعلق چند سوالوں کے جواب

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,400
ری ایکشن اسکور
461
پوائنٹ
209
جنازہ سے متعلق چند سوالوں کے جواب
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
جنازہ کے متعلق کچھ سوالات کے جوابات مطلوب ہیں ۔
پہلا سوال : کیا کسی کا انتقال ہو جائے تو ان کی چارپائی قبلہ رخ ہونی چاہیے؟
دوسراسوال : جب جنازہ کو گھر سے مسجد لے جاتے ہیں یا مسجد سے قبرستان لے جاتے ہیں اس وقت میت کا سر شمال کی جانب ہوناچاہئے یا جنوب کی جانب؟.
تیسرا سوال : میت کو قبر میں اتارنے سے پہلے قبر میں عبیر کا پاوڈر ,گلاب کا پانی یا بعض لوگ زمزم کا پانی چھڑکتے ہیں کیا یہ صحیح ہے؟
چوتھا سوال : خبر میں میت کو رکھنے کے بعد بعض لوگ لکڑی یا بعض جگہ پتھر دیتے ہیں کیا یہ وہ کچی اینٹوں کی طرح ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں قبرمیں رکھی جاتی تھی جیساکہ سعودیہ میں آج بھی اس کا رواج ہے۔ کیا یہ صحیح ہے ؟ اور میت کو دفنانے کے بعد قبر کو کوہان کے مانند بنانا صحیح ہے؟
پانچواں سوال : کیا قبرستان میں میت کی تدفین کے وقت آنے والے افراد کی نصیحت کے لیے کوئی عالم یا کوئی جاننے والا کچھ دیر فکر آخرت دلاتے ہوئے بیان کرے تو یہ جائز ہے؟
چھٹا سوال: میت کے گھر پہ دفنانے کے بعد دو دن یا تین دن یا ہفتہ کے بعد میت کے گھر والوں کو وعظ و نصیحت کے لیے جمع ہونا، میت کے گھر والوں کی طرف سے دی گئی کھانے کی دعوت تناول فرمانا شریعت کی نظر میں کیا حکم رکھتا ہے؟
ساتواں سوال : عورتوں کے لئے کفن کا کپڑا تین ہے یا پانچ ؟
آٹھواں سوال : عورتوں کے سر کی چوٹی کو کتنے حصے کیا جائے اور بال پیٹ یا پیچھے یا سینے پر رکھے جائیں ؟
نواں سوال : بیری کے پتوں کی کیا خصوصیت ہے اور اس میں کیا حکمت ہے میت کو غسل دینے کے لئے اس کے استعمال کا کیوں حکم دیا گیا؟
مہربانی فرما کر ان سوالات کے جواب قرآن و سنت کی روشنی میں دے کر عنداللہ ماجور ہوں ۔
سائل : عبداللہ تلنگانہ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الحمدللہ :
ان میں سے اکثر سوالات کے مدلل ومفصل جواب میری کتاب جنازہ کے اہم مسائل واحکام میں موجود ہیں پھر بھی سائل کے اصرار پہ ان کا مختصر جواب دیا جارہاہے ۔

پہلے سوال کا جواب : جس پارپائی پہ کسی کی وفات ہوئی ہے اس چارپائی کا کوئی مسئلہ نہیں وہ جوں کا توں رہے گی البتہ اچھا ہے کہ میت کا چہرہ قبلہ رخ کردیا جائے ۔ ابن حزم نے کہا:
وتوجيه الميِّت إلى القِبلة حسَنٌ، فإن لَم يُوجَّه، فلا حرَج؛ قال الله تعالى: فَأَيْنَمَا تُوَلُّوا فَثَمَّ وَجْهُ اللَّهِ [البقرة: 115]،ولَم يأتِ نصٌّ بتوجيهه إلى القِبلة(المحلى :1/ 256).
ترجمہ: میت کو قبلہ کی طرف کرنا اچھا ہے اوراگر نہ کیا جائے تو بھی کوئی حرج نہیں ہے۔اللہ کا فرمان ہے : تم جدھر بھی منہ کرو ادھر ہی اللہ کا منہ ہے۔ میت کو قبلہ رخ کرنے سے متعلق کوئی دلیل وارد نہیں ہے۔
شیخ ابن باز رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ سنت یہ ہے کہ میت کو قبلہ رخ کیا جائے ، کعبہ زندہ اور مردہ تمام مسلمانوں کا قبلہ ہے۔ (موقع شیخ ابن باز)
ابوقتادہ سے مروی قبلہ رخ کرنے والی روایت کو شیخ البانی نے ضعیف کہا ہے ۔(إرواء الغليل: 3 / 153)
خلاصہ یہ ہوا کہ صرف میت کو وفات کے وقت قبلہ رخ کردیا جائے یہ بہتر ہے اور نہ بھی کیا گیا تو کوئی حرج نہیں ہے۔

دوسرے سوال کا جواب : جنازہ لے جاتے ہوئے راستہ میں شمال وجنوب کا بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے ، بس اتنی سی بات ہو کہ میت کولے جاتے ہوئے سر کا حصہ آگے کی طرف ہو۔
تیسرے سوال کا جواب : میت کو قبر میں اتارنے سے پہلے کوئی چیز چھڑکنے کی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی اس کی کوئی دلیل ہے البتہ میت کو غسل دیتے وقت بیری اور کافور (خوشبو) کا استعمال کیا جائے۔کافور آخری مرتبہ غسل دیتے وقت استعمال کریں تاکہ خوشبو باقی رہے ، اسی طرح غسل کے بعد کستوری، عنبر اور کافور والی خوشبومیت کے بدن کو لگائی جائے بطور خاص سجدہ والی جگہوں کو اور کفن کو بھی خوشبو کی دھونی دی جائے ۔ میت کےلئےخوشبو کے تعلق بس یہی عمل مسنون ہے۔ اور قبر کے اندر گلاب وعنبراور زمزم چھڑکنا یا قبر کے اوپر چھڑکنا اپنی من مانی ہے ۔ قبر کے اوپر دفن کے فورا بعدصرف پانی چھڑک سکتے ہیں یہ مستحب ہے ضروری نہیں ہے۔
چوتھے سوال کا جواب : نبی ﷺ نے حضرت عثمان بن مظعون کی قبر کو پتھر سے نشان زد کیاتھا اس سے دلیل پکڑتے ہوئےکسی قبر کو نشان زد کرنے کے لئے اس کے پاس پتھر یا تختی نصب کرنا درست ہے مگر قبر پہ لکھنا یا کتبہ لگانا یا قبر کو ایک بالشت سے زیادہ اونچی کرنا جائز نہیں ہے۔ اورجمہور علماء کا قول ہے کہ کوہان نما قبر سنت ہے جیساکہ صحیح بخاری میں روایت ہے :
عَنْ سُفْيَانَ التَّمَّارِ، أَنَّهُ حَدَّثَهُ: أَنَّهُ رَأَى قَبْرَ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مُسَنَّمًا.(1405)
ترجمہ: حضرت سفیان تمار سے روایت ہے،انھوں نےبتایا:میں نے نبی کریم ﷺ کی قبر مبارک کو کوہان شتر(اونٹ کے کوہان) کی طرح ابھری ہوئی دیکھا ہے۔

پانچویں سوال کا جواب : نمازجنازہ سے قبل خطبہ دینا یا وعظ ونصیحت کو لازم پکڑنا جائز نہیں ہے ۔ جنازہ کا تقاضہ ہے کہ بلاتاخیر نمازجنازہ پڑھ کر جلدسے جلد میت کو دفن کردیا جائے ۔ بسااوقات جنازہ کے لئے کافی لوگ جمع ہوتے ہیں اور کچھ کا انتظار کیا جارہا ہوتا ہےاس صورت میں بغیر خطبے کی شکل کے چند ناصحانہ کلمات کہنے میں کوئی حرج نہیں مگر یاد رہے وعظ ونصیحت کے نام پہ جنازہ میں تاخیر کرنا خلاف سنت ہے، نصیحت کے لئے کسی کا جنازہ اٹھنااور قبرستان جانا کافی ہے ۔(تفصیل کے لئے میری کتاب دیکھیں )
چھٹے سوال کا جواب : اہل میت کے یہاں جمع ہونا اور پھر ان لوگوں کے لئے اہل میت کا کھانا پکانا نہ صرف زمانہ جاہلیت کے عمل میں سے ہے بلکہ یہ نوحہ میں شمار ہے ۔
كنَّا نرى الاجتماعَ إلى أَهلِ الميِّتِ وصنعةَ الطَّعامِ منَ النِّياحة(صحيح ابن ماجه:1318)
ترجمہ: ہم گروہِ صحابہ اہل میّت کے یہاں جمع ہونے اور ان کے کھانا تیار کرانے کو مردے کی نیاحت سے شمار کرتے تھے۔
امام نووی رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ اہل میت کا کھانا بنانا، دوسروں کا ان کے یہاں جمع ہونا اس سلسلے میں کوئی چیز منقول نہیں ہے اس لئے یہ کام بدعت اور غیرمستحب ہے ۔ (روضة الطالبين:2/145).
اس لئے اہل میت کا میت کی وفات پہ تیجا، دسواں، تیرہواں ، چالیسواں یا کوئی اوراس طرح کا دن منانا بدعت ہے البتہ گھر آئے مہمان کی ضیافت کرنا اس سے مستثنی ہے ۔اہل میت کو چاہئے کہ میت کی طرف سے فقراء ومساکین میں بغیر دن کی تعیین کے صدقہ کرے ۔

ساتویں سوال کا جواب : عورت کو بھی مردوں کی طرح تین چادروں میں دفن کیا جائے گا ، عورت ومرد کے کفن میں فرق کرنے کی کوئی صحیح حدیث نہیں ہے ۔ ابوداؤد میں پانچ کپڑوں سے متعلق ایک روایت ہے جسے لیلیٰ بنت قائف ثقفیہ بیان کرتی ہیں جنہوں نے نبی ﷺ کی بیٹی ام کلثوم کو غسل دیا تھا۔ اس روایت کو شیخ زبیرعلی زئی رحمہ اللہ ضعیف قرار دیتے ہیں اور شیخ البانی نے بھی ضعیف کہا ہے ۔ دیکھیں : (ضعيف أبي داود:3157)
اس لئے شیخ البانی نے احکام الجنائز میں عورت ومردکے لئے یکسان کفن بتلایا ہے اور کہا کہ فرق کی کوئی دلیل نہیں ہے ۔ شیخ ابن عثیمین رحمہ اللہ شرح ممتع میں ذکر کرتے ہیں کہ عورت کو مرد کی طرح کفن دیا جائے گا یعنی تین کپڑوں میں ، ایک کو دوسرے پر لپیٹ دیا جائے گا۔

آٹھویں سوال کا جواب : ام عطیہ رضی اللہ عنہا نبی ﷺ کی ایک صاحبزادی کی وفات پر ان کے غسل سے متعلق ایک حدیث بیان کرتی ہیں اس حدیث کے آخری الفاظ ہیں : فَضَفَرْنَا شَعَرَهَا ثَلَاثَةَ قُرُونٍ وَأَلْقَيْنَاهَا خَلْفَهَا(صحيح البخاري: 1276)
ترجمہ: ہم نے ان کے بال گوندھ کر تین چوٹیاں بنائیں اور انھیں پیٹھ کے پیچھے ڈال دیا۔

نویں سوال کا جواب : بیری کے پتے کی یہی بڑی خصوصیت ہے کہ نبی ﷺ نے میت کو اس سے غسل دینے کا حکم دیا ہے ، علماء نے اس کی حکمت بتاتے ہوئے لکھا ہے کہ اس سے بدن کی اچھی صفائی ہوتی ہے۔
واللہ اعلم بالصواب
کتبہ
مقبول احمد سلفی
اسلامک دعوۃ سنٹر، شمالی طائف (مسرہ) سعودی عرب
 

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,400
ری ایکشن اسکور
461
پوائنٹ
209
جنازہ سے متعلق چند سوالوں کے جواب (دوسری قسط)

جوابات از شیخ مقبول احمد سلفی
اسلامک دعوۃ سنٹر، شمالی طائف (مسرہ)

11/اکتوبر 2018 کو جنازہ سے متعلق چند سوالوں کے جواب میں نے دئے تھے ، اس کے بعدمزید چند سوالات آگئے جن کا مختصر جواب نیچے دیا جارہاہے ۔

(1) کیا میت کو زمین والی قبر میں ہی دفن کرنا ضروری ہے یا زمین کے اوپر بھی دفن کیاجاسکتا ہے؟
جواب : اسلام میں سدا سے مردوں کو زمین میں دفن کرنے کا عمل رہا ہے ، اس طریقہ پر ہمیشہ مسلمان عمل پیرا رہے۔ اللہ تعالی نے بھی اس حقیقت کا ذکر کیا ہے کہ انسانوں کی تخلیق مٹی (زمین)سے ہے، وہ مرکر اسی زمین میں جاتا ہے اور اسی زمین سے قیامت میں اٹھایا جائے گا۔ فرمان باری تعالی ہے:
مِنْهَا خَلَقْنَاكُمْ وَفِيهَا نُعِيدُكُمْ وَمِنْهَا نُخْرِجُكُمْ تَارَةً أُخْرَى (طه:55 ).
ترجمہ:اس زمین میں سے ہم نے تمہیں پیدا کیا اور اسی میں پھر واپس لوٹائیں گے اور اسی سے پھر دوبارہ تم سب کو نکال کھڑا کریں گے ۔
عہدرسالت میں جن کی بھی وفات ہوئی نبیﷺ نے زمین میں قبر کھود کر دفنانے کا حکم دیا ۔آج بھی صحابہ کرام کی قبریں حتی کہ خود آپ ﷺ کی قبر مبارک اس بات کا ثبوت ہیں۔
جب نبی ﷺ کی بیٹی ام کلثوم رضی اللہ عنہا کو (زمین والی )قبرمیں دفنایا جارہاتھا تو آپ ﷺ نےپوچھا تھا کہ کیا تم میں کوئی ایسا شخص بھی ہے کہ جو آج کی رات عورت کے پاس نہ گیا ہو۔ اس پر ابوطلحہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں ہوں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ پھر قبر میں تم اترو چنانچہ وہ ان کی قبر میں اترے۔(صحیح بخاری:1285)
سیدنا ہشام بن عامر ؓ سے مروی ہے کہ احد کے روز انصاری لوگ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور کہا : ہم زخمی ہیں اور تھکے ہوئے بھی تو آپ ﷺ کیا ارشاد فرماتے ہیں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا:احفُروا وأوسِعوا ، واجعَلوا الرَّجُلَيْنِ والثَّلاثةَ في القبرِ (صحيح أبي داود:3215,3216)
ترجمہ: قبریں کھودو اور کھلی کھلی بناؤ اور دو دو اور تین تین کو ایک ایک قبر میں دفنا دو ۔
عبداللہ بن عباس ؓ کہتے ہیں کہ نبی اکرمﷺ نے فرمایا:اللَّحدُ لَنا والشَّقُّ لغيرِنا(صحيح الترمذي:1045)
ترجمہ: بغلی قبرہمارے لیے ہے اور صندوقی قبر اوروں کے لیے ہے۔
بغلی والی قبر کہتے ہیں کہ زمین میں میت کے قد برابر مستطیل گڑھا کھودا جائے پھر قبلہ کی جانب نیچے والی دیوار میں میت کے جسم کے مطابق گڑھا کھودا جائے اورشق(شگاف) ہیں کہ زمین میں میت کے برابر لمبا گڑھا کھودا جائے ۔
ان سارے دلائل سے معلوم ہوتا ہے کہ میت کے لئے قبر زمین میں ہی کھودی جائے اور اسی میں دفن کیا جائے ۔
بعض علاقوں میں تھوڑی سی زمین کھودنے پر نیچے سے پانی آجاتا ہے ، وہاں قبر کھودکر مردوں کو دفن کرنا مشکل ہے ، ایسی صورت میں زمین کے اوپر دفن کرنے کی جو مناسب صورت بنے دفن کیا جاسکتا ہے مگر پہلے کوشش یہی ہو کہ زمین میں دفن کی صورت اختیار کی جائے اور آج کازمانہ ترقی یافتہ ہے، قبرستان کی مشکلات کو دور کرسکتے ہیں۔ کہیں پر قبرستان بناکر اس میں مٹی ڈال کر اس قدراونچا کرلیا جائے کہ قبر کے برابر زمین کھودنے پرپانی نہ نکلے اس طرح ہم اپنے مردوں کوزمین میں دفن کرسکیں گے ۔

(2) کیا میت کو دفنانے کے بعد اذان دینا صحیح ہے کیونکہ میں نے دو جگہ ایسا کرتے ہوئے دیکھاہے؟۔
جواب : قبر پر یا قبرستان میں اذان دینا بدعت ہے اور بدعت گمراہی کا نام ہے ۔ رسول اللہ ﷺ کے فرامین میں قبرستان میں اذان دینے کا کوئی ذکر نہیں ہےبلکہ چار فقہی مذاہب میں بھی اس کا کوئی ذکر نہیں ہے ۔ قبرستان میں اذان دینے کا عمل بریلوی طبقہ میں رائج ہے کیونکہ اس کے گرو اعلی حضرت نے قبرپہ اذان دینے کی کتاب لکھا ہے ۔ ہمارے لئے رب کا قرآن اور نبی کافرمان کافی ہے ان دونوں کتابوں میں قبر پر اذان کاکوئی ثبوت نہیں ہے جو قرآن وحدیث کے خلاف عمل کرتا ہے اس کا وہ عمل مردودوباطل ہے۔
(3) دفنانے کے بعد میت کے سر کی طرف اور پاؤں کی جانب کھڑے ہوکر سورۃ بقرہ کا آخری حصہ پڑھا جاتا ہے اس عمل کی کیا حیثیت ہے؟ ۔
جواب : امام طبرانی نے المعجم الکبیر(13613) میں اور بیہقی نے شعب الایمان(8854) میں ایک روایت ذکر کی ہے۔
إذا ماتَ أحدُكم فلا تحبِسوهُ ، وأسرِعوا بهِ إلى قبرِهِ ، وليُقرَأْ عندَ رأسِه بفاتحةِ الكتابِ ، وعندَ رجلَيهِ بخاتمةِ البقرةِ في قبرِه۔
ترجمہ: جب تم میں سے کوئی مر جائے تو اسے روک نہ رکھو بلکہ اسے قبر کی طرف جلدی لے جاؤ اور اس کی قبر پر اس کے سر کی جانب سورہ فاتحہ اور اس کے پاؤں کی جانب سورہ بقرہ کی آخری آیات پڑھی جائیں۔
ہیثمی نے مجمع الزوائد(3/47) میں اس روایت کو ضعیف کہا ہے اور شیخ البانی نے السلسلة الضعيفة(4140) میں بہت ہی ضعیف کہا ہے ۔ اس لئے میت کو دفنانے کے بعد اس کے سرہانے یا پیر کی جانب سورہ فاتحہ یا سورہ بقرہ کی آیات پڑھنا غیرمسنون عمل ہے اس سے بچنا چاہئے بلکہ قبرستان میں قرآن پڑھنے کی سرے سے کوئی صحیح دلیل نہیں ہے۔

(4) میت کو لحد کے اندر لے جاتے وقت کچھ مٹی گر جاتی ہیں تو کچھ لوگ فوراً چیخ اٹھتے ہیں کہ مٹی کو اندر نہ گرنے دیں بلکہ جو مٹی گر جاتی ہے اسکو بھی نکال لی جاتی ہے یہ بات مجھے حیرت میں ڈال رہی ہے۔
جواب : میرے خیال سے قبر کے پاس لوگوں کو احتیاط برتنے کو کہاجاتا ہوگا تاکہ میت پر مٹی نہ گرے ،بد احتیاطی میں قبر کا سرا بھی ٹوٹ سکتا ہے ، آدمی بھی اس میں گرسکتا ہے۔ شاید یہی نیت ہوگی ۔ تھوڑی بہت مٹی قبر میں گرجائے تو اسے نکالنے کی ضرورت نہیں ہے خواہ میت کو دفن کرتے وقت گرے یا اس سے قبل ۔ جو گورکن ہوتے ہیں وہ بڑی محنت سے قبر کھودتے ہیں اس کے سامنے کسی سے ذرہ برابر بھی مٹی قبر میں گرے برداشت نہیں ہوتا اس لئے لوگوں پر چلا اٹھتے ہیں ، اگر آپ اپنے گھر کو صاف ستھراکریں اور کوئی دوسرا وہاں گندا کرے تو شاید آپ کو بھی برداشت نہیں ہوگا۔
(5) میت کو لحد میں لٹانے کے بعد لکڑی کے پھٹوں یا کنکریٹ کی بنی سلوں سے ڈھانپ دیا جاتا ہے تو کچھ جگہوں پر چھوٹے سوراخ رہ جانے کی بنا پر انکو پتھر، اینٹوں یا کاغذ کے ٹکڑوں سے بند کیا جاتا ہے کیا یہ ضروری عمل ہے؟۔
جواب : یہ اس لئے ایسا کیا جاتا ہے تاکہ جب مٹی ڈالی جائے تو قبرکے اندر نہ گرے اور اسی طرح مردہ خور جانور کمزور مقامات سے قبر میں داخل ہوکر میت کو چیرپھاڑسکتا ہے جبکہ ہمیں میت کی بے حرمتی سے منع کیا گیا ہے اس لئے ضروری ہے کہ قبر کو پہلے مضبوطی سے بند کیا جائے پھر اس پر مٹی ڈالی جائے ۔
(6) کیا جنازہ اٹھاتے وقت اور قبرستان تک لے جاتے ہوئے پورے راستے میں کلمہ شہادت پڑھنا ضروری ہے؟
جواب : جنازہ کے ساتھ چلتے ہوئے خاموشی اختیار کی جائے ، بعض لوگ کلمہ شہادت اور بلند آواز سے ذکر کرتے ہیں جوکہ دین میں نئی ایجاد ہے ۔ صحابہ کرام جنازہ کے پیچھے آواز بلند کرنے کو ناپسند فرماتے تھے ۔كان أصحابُ النَّبيِّ صلَّى اللهُ علَيهِ وسلَّمَ يكرهونَ رفعَ الصَّوتِ عند الجنائزِ .(أحكام الجنائزللالبانی : 92)ترجمہ: نبی ﷺ کے اصحاب جنازہ کے پیچھے آواز بلند کرنے کو ناپسند فرماتے تھے ۔
٭ شیخ البانی نے کہا کہ اس کی سند کے رجال ثقہ ہیں ۔
نبی ﷺ کا فرمان ہے : لا تُتبَعُ الجَنازةُ بصَوتٍ ولا نارٍ(سنن أبي داود:3171)ترجمہ: جنازے کے پیچھے آواز اور آگ کے ساتھ نہ آ۔
شیخ البانی نے کہا کہ اس کی سند میں غیر معروف ہے مگر مرفوع شواہد اور بعض موقوف آثارسے اسے تقویت ملتی ہے ۔ (احکام الجنائز:91)
اس کا مطلب یہ ہوا کہ جنازہ کے پیچھے جس طرح آواز لگانا منع ہے اسی طرح آگ لے کر جانا منع ہے کیونکہ اس میں اہل کتاب کی مشابہت ہے ۔

(7) مسجد میں مائیک سے یا رکشتہ وغیرہ میں لاؤڈسپیکر لیکر جنازہ کی خبر دینا جائز ہے ، یہ ہمارے علاقہ میں رواج کی شکل اختیار کرلیا ہے؟
جواب: اصل وفات کی تشہیر کرنا منع ہےجوکہ نعی میں داخل ہے لیکن تجہیزوتکفین میں شامل ہونے اور دعائے مغفرت کے لئے اعزاء واقارب اور مسلمانوں کو خبر دینے کی غرض سے موبائل سے فون کرنے یا مسجد کے اسپیکر سے اعلان کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ رکشہ اور گاڑی وغیرہ میں اسپیکر لگاکر گاؤں گاؤں میت کا اعلان کرنا درست نہیں ہے۔
(8) جس وقت میت کے لئے نماز جنازہ ہوتی ہے اس وقت میت کا چہرہ کس طرف ہونا چاہئے ؟
جواب : اس وقت میت کا چہرہ قبلہ رخ ہویا غیرقبلہ کوئی حرج نہیں ہے البتہ اہم با ت یہ ہے کہ امام کس جگہ کھڑا ہو ؟ میت مرد ہو تو امام سر کے پاس اور عورت ہو تو درمیان میں کھڑا ہو۔ اگر میت میں کئی مردوعورت اور بچے ہوں تو عورتوں کو قبلہ کی طرف پھر بچوں کو،اس کے بعد مردوں کو امام کی جانب رکھا جائے ۔
(9) کیا عورتیں الگ سے جماعت بناکر گھر میں جنازہ کی نماز ادا کرسکتیں ہیں ؟
جواب : بعض لوگوں کا خیال ہے کہ عورت نماز جنازہ نہیں پڑھ سکتی اور اس خیال سے متعلق ثبوت کے طور پر ایک روایت بیان کی جاتی ہے وہ اس طرح ہے :لَيْسَ للنِّسَاءِ في الجنازَةِ نصيبٌ(مجمع الزوائد:16/3)
ترجمہ: عورتوں کے لئے جنازہ میں کوئی حصہ نہیں ہے ۔
اس سے استدلال نہیں کیا جائے گا کیونکہ یہ ضعیف ہے ۔ شیخ البانی نے اسے بہت ہی ضعیف کہا ہے ۔(ضعيف الترغيب:2069)
حقیقت یہ ہے کہ عورتیں بھی میت کا جنازہ پڑھ سکتی ہیں ۔ حضرت ابوسلمی بن عبدالرحمن روایت کرتے ہیں کہ جب سعد بن وقاص رضی اللہ عنہ کا انتقال ہوا تو حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: ادخُلوا به المسجدِ حتى أصليَ عليه(صحيح مسلم:973)
ترجمہ: سعد کا جنازہ مسجد میں لاؤ تاکہ میں بھی نماز جنازہ ادا کرسکوں ۔
عورتوں کی افضل نماز تو گھر میں ہی ہے ، اس لحاظ سے عورتیں میت کے غسل اور کفن کے بعد جمع ہوکر جماعت سے میت کی نماز جنازہ گھر ہی میں پڑھ لے تو کوئی حرج نہیں اور وہ مردوں کے ساتھ مسجد میں ادا کرنا چاہے تو بھی کوئی حرج نہیں ہے جیساکہ اوپر والی حدیث عائشہ گزری جس سے مسجد میں عورت کا نماز جنازہ پڑھنا ثابت ہوتا ہے۔
اس بارے میں شیخ ابن عثیمین رحمہ اللہ سے سوال کیا گیا کہ کیا عورتوں کے لئے جائز ہے کہ گھر کی ساری عورتیں جمع ہوکر گھر ہی میں میت کی نماز جنازہ پڑھ لے؟
توشیخ رحمہ اللہ نے جواب کہ کوئی حرج نہیں عورتیں نماز جنازہ مردوں کے ساتھ مسجد میں ادا کرے یا جنازہ والے گھر میں ادا کرلے کیونکہ عورتوں کو نماز جنازہ پڑھنے سے منع نہیں کیا گیا بلکہ قبروں کی زیارت کرنے سے منع کیا گیا ہے ۔ ("مجموع فتاوى" ابن عثيمين:17/157)

(10) ایک بھائی کا اعتراض ہے کہ ایصال ثواب کا لفظ استعمال کرنا غلط ہے کیونکہ یہ قرآن وحدیث میں کہیں نہیں آیا ہے ، بدعتیوں میں اس کا مخصوص طریقہ اور مخصوص ماحول ہے اس سلسلے میں آپ کی رہنمائی درکار ہے ؟
جواب : لفظ "ایصال ثواب" کے استعمال میں کوئی حرج نہیں ہے ۔ مروجہ طریقہ تو بہت ساری چیزوں میں ہے اس کی وجہ سے ہم صحیح الفاظ استعمال نہیں کر سکتے ہیں ایسا نہیں ہے۔ میت کو زندہ شخص اپنے بعض اعمال سے فائدہ پہنچاتا ہے یہ ایصال ثواب ہی ہے۔ بدعتیوں کے نزدیک وسیلہ کا مروجہ طریقہ شرکیہ ہے تو کیا ہم وسیلہ کا استعمال ترک کر دیں گے؟ ۔ نہیں۔
جیسے وسیلہ میں مشروع و غیر مشروع وسیلہ ہے اسی طرح ایصال ثواب میں بھی مشروع وغیرمشروع ایصال ثواب ہے اس وجہ سے ایصال ثواب کے استعمال میں حرج نہیں ہے ۔ اس لفظ کو بہت سے سلفی علماء نے بھی استعمال کیا ہے اور عربی میں تو اس کا استعمال عام ہے ۔
 
شمولیت
مارچ 19، 2012
پیغامات
165
ری ایکشن اسکور
207
پوائنٹ
82
سوال


کیا قبر پر سیمنٹ کی بنی ہوئی سلیب استعمال کر سکتے ہیں یا نہیں؟ یاد رہے سلیب کی مضبوطی کے لیے اس میں لوہے کا سریا بھی استعمال ہوتا ہے۔
 

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,400
ری ایکشن اسکور
461
پوائنٹ
209
سوال

کیا قبر پر سیمنٹ کی بنی ہوئی سلیب استعمال کر سکتے ہیں یا نہیں؟ یاد رہے سلیب کی مضبوطی کے لیے اس میں لوہے کا سریا بھی استعمال ہوتا ہے۔
دائمی فتوی کمیٹی کے فتاوی جات (دوسرا ایڈیشن) (7/386)میں ہے کہ:
"سیمنٹ سے بنی ہوئی اینٹوں کیساتھ قبر بنانا، یا قبر کو سیمنٹ سے بنی ہوئی سلیپ سے ڈھانپنا سنت کے خلاف ہے، افضل یہی ہے کہ گزشتہ دلائل کی بنا پر کچی اینٹوں سے قبر کو بند کیا جائے، لیکن اگر زمین کی ساخت کے مد نظر رکھتے ہوئے ایسے کرنے کی ضرورت پڑ جائے تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے"
 

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,400
ری ایکشن اسکور
461
پوائنٹ
209
شیخ @مقبول احمد سلفی ، کیا نماز جنازہ میں سورہ فاتحہ سے پہلے دعا استفتاح پڑھی جاے گی یا نہیں؟
نماز جنازہ میں فاتحہ سے پہلے ثنا پڑھنے کی صراحت نہیں ملتی ہے اس لئے نہ پڑھا جائے تاہم عمومی طورپر نماز میں ثنا پڑھنا مسنون ہے اس لحاظ سے ثنا پڑھتے ہیں تو کوئی حرج کی بات نہیں ہے۔
 

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,400
ری ایکشن اسکور
461
پوائنٹ
209
جنازہ سے متعلق ایک بہن کے تین سوالات
جواب از مقبول احمد سلفی
دعوہ سنٹر جدہ


پہلا سوال : میت کو غسل سے پہلے اس کا سر یا پیر قبلہ کی طرف کیا جائے گا؟

جواب: جب کسی آدمی پر عالم نزاع طاری ہوجائے یعنی موت کے وقت یا کسی کی وفات ہوجائے تو میت کو قبلہ کی جانب دائیں پہلو پر لٹایا جائے یا چت ہی لٹادیں اس طور پر کہ دونوں پیر کعبہ کی طرف ہوں۔
حنفی مسلک میں بھی یہی بتایا گیا ہے ، اس مسئلہ سے یہ بات بھی واضح ہوجاتی ہے کہ لوگوں کے لئے قبلہ رخ پیر کرکے سونے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
یہاں یہ بھی واضح رہے کہ عالم نزاع یا وفات کے بعد میت کا چہرہ قبلہ رخ کرنا کوئی واجبی حکم نہیں ہے، نہ ہی اس بارے میں کوئی مرفوع روایت ملتی ہے ،البتہ آثار ملتے ہیں اوریہ استحبابی حکم ہے، اگر ایسا نہ کیا گیا تو بھی کوئی حرج نہیں ہے۔ اور غسل میت کے وقت جس جانب غسل کرانا آسان ہو اسی جانب میت کو غسل دیاجائے ۔

دوسرا سوال: میت کو لے جاتے وقت اس کا سر قبلہ کی طرف ہوگا یا پیر؟
جواب: میت کو جنازہ اور دفن کے لئے لے جاتے وقت قبلہ رخ نہیں دیکھا جائے کیونکہ راستے سیدھے نہیں ہوتے ، اتنا ہی کافی ہے کہ میت کا سر آگے کی طرف ہو کیونکہ یہی انسان کا اگلا حصہ ہے اور پیر پیچھے کی طرف۔ جب جنازہ پڑھنے کے لئے رکھا جائے تو جس کیفیت میں دفن کرنا ہے اس کیفیت میں رکھا جائے یعنی چہرہ قبلہ رخ اس طور کہ سر شمال اور پیر جنوب کی طرف ہو اور امام نماز جنازہ کے لئے مرد میت کے سرہانے کھڑا ہو اور عورت میت ہو تو امام میت کے وسط میں کھڑا ہو۔

تیسرا سوال: میت کو اٹھانے بٹھانے میں دشواری ہوتی ہے تو اسے زمین پر ہی لٹا رہنا چاہئے یا چارپائی وغیرہ پر رکھ دینا چاہئے؟
جواب: عموما لوگ میت کا چہرہ دیکھنے آتے ہیں اس بنا پر میت کو چارپائی یعنی اونچی چیز پر رکھنے میں فائدہ ہے تاکہ آسانی سے لوگ دیکھ سکیں ، تاہم میت کو زمین پر ہی رہنے دیں یا چارپائی پر رکھیں ، ان دونوں صورتوں میں کوئی حرج نہیں ہے۔

واللہ اعلم بالصواب(21.09.2022)
 

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,400
ری ایکشن اسکور
461
پوائنٹ
209
قبروالوں کو کیوں سلام کیا جاتا ہے؟

مقبول احمد سلفی
دعوہ سنٹر جدہ- حی السلامہ(21.09.2022)


رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں تعلیم دی ہے کہ جب ہم کسی مسلمان بھائی سے ملاقات کریں یا اس کے پاس سے گزریں تو اسے سلام کریں ۔ سلام کرنا مسنون عمل ہے اور کسی پر سلام کیا جائے تو اس کا جواب دینا واجب ہے ۔ جو کوئی مسلمان سلام سن کر جواب نہ دے وہ واجب چھوڑنے کی وجہ سے گنہگار ہوگا۔ سلام سے محبت بڑھتی ہے اور آپس کی نفرت کا خاتمہ ہوتا ہے اس لئے ہمیں رسول اللہ ﷺ نے سلام عام کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔ اس تحریر میں قبرستان میں سلام کرنے سے متعلق وضاحت مقصود ہے کہ قبرستان میں کیوں سلام کرکے داخل ہوا جاتا ہے؟ کیا مردے ہمارا سلام سنتے ہیں اور سلام کا جواب دیتے ہیں؟

تو اس سوال کا جواب یہ ہے کہ مردے سلام سنتے ہیں یا سلام کا جواب دیتے ہیں یہ غیب کا معاملہ ہے اس کے لئے قرآن وحدیث سے واضح دلیل چاہئے۔ جب قرآن وحدیث میں اس سوال کا جواب تلاش کرتے ہیں تو قرآن کی ایک آیت یا ایک بھی صحیح حدیث میں یہ بات نہیں ملتی ہے کہ مردے سلام سنتے ہیں یا سلام کا جواب دیتے ہیں۔ اس کے برعکس بہت ساری آیات اور صحیح احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ مردے نہ سنتے ہیں، نہ بولتے ہیں، نہ جواب دے سکتے ہیں ۔ ان عمومی دلائل کی روشنی میں ہم یہ کہیں گے کہ مردے نہ تو سلام سنتے ہیں اور نہ ہی سلام کا جواب دیتے ہیں ۔

ایک اشکال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب مردے نہ سلام سنتے ہیں اور نہ ہی جواب دیتے ہیں تومردوں کو سلام کیوں کیا جاتا ہے؟

اس کا جواب یہ ہے کہ اہل قبور کو سلام کرنا ، ان کے حق میں سلامتی کی دعا کرنا ہے ۔ رسول اللہ ﷺ نے ہمیں مردوں سے سلام کرنے کا طریقہ نہیں سکھایا ہے بلکہ قبرستان میں داخل ہونے یا اہل قبور کے حق میں دعاکرنے کی تعلیم دی ہے ۔ چنانچہ پہلے وہ دعا دیکھیں پھر مزید وضاحت کرتا ہوں۔ صحیح مسلم میں کتاب الجنائز کے تحت ایک باب ہے :باب مَا يُقَالُ عِنْدَ دُخُولِ الْقُبُورِ وَالدُّعَاءِ لأَهْلِهَا(باب: قبر میں داخل کرتے وقت کیا کہنا چاہئیے اور قبر والوں کے لئے دعا کا بیان)

اس باب کے تحت تین احادیث مروی ہیں جن میں قبرستان میں داخل ہونے کی دعا وارد ہے ۔

(1)پہلی حدیث:السلام عليكم دار قوم مؤمنين، واتاكم ما توعدون، غدا مؤجلون، وإنا إن شاء الله بكم لاحقون، اللهم اغفر لاهل بقيع الغرقد(صحیح مسلم:2255)
ترجمہ:سلام ہے تمہارے اوپر اے گھر والے مؤمنو! آ چکا تمہارے پاس جس کا تم سے وعدہ تھا کہ کل پاؤ گے ایک مدت کے بعد اور ہم اگر اللہ نے چاہا تو ملنے والے ہیں۔ یا اللہ! بخش بقیع غرقد والوں کو۔

(2)دوسری حدیث:السلام على اهل الديار من المؤمنين والمسلمين، ويرحم الله المستقدمين منا والمستاخرين، وإنا إن شاء الله بكم للاحقون(صحیح مسلم:2256)
ترجمہ:سلام ہے ایماندار گھر والوں پر اور مسلمانوں پر اللہ رحمت کرے ہم سے آگے جانے والوں پر اور پیچھے جانے والوں پر اور ہم، اللہ نے چاہا تو تم سے ملنے والے ہیں۔

(3)تیسری روایت:السلام عليكم اهل الديار من المؤمنين والمسلمين، وإنا إن شاء الله للاحقون اسال الله لنا ولكم العافية (صحیح مسلم:2257)
ترجمہ: سلام ہو تم پر اے صاحب گھروں کے مؤمنوں اور مسلمانوں سے اور تحقیق ہم اگر اللہ نے چاہا تو تمہارے ساتھ ملنے والے ہیں، ہم اپنے اور تمہارے لیے عافیت مانگتے ہیں۔

ان تینوں دعا کے الفاظ اور صحیح مسلم میں جس باب کے تحت یہ دعا درج ہے وہ باب اس باب کی طرف اشارہ کناں ہیں کہ یہاں سلام سے مقصود مردوں کو سلامتی کی دعا دینا ہے اس لئے صرف سلام کے الفاظ وارد نہیں ہوئے بلکہ سلام کے الفاظ کے بعد مزید دو تین جملے ہیں جن کو آپ کلام کہہ سکتے ہیں ۔

اگر مردوں کو سلام کرنا مقصود ہوتا تو ان کا جواب دینا بھی واجب ہوجاتا ہے جبکہ ہم میں کسی کو مردوں کا جواب نہیں سنائی دیتا ۔ اگر کوئی یہ دعوی کرے کہ مردے سلام سنتے اور جواب دیتے ہیں پھر ان کی بات کی روشنی میں مردے گنہگار ٹھہریں گے کیونکہ ان کی طرف سے جواب نہیں آتا۔ اور پھر سلام کرنے کا طریقہ یہ ہوتا ہے کہ پہلے سلام کیا جائے پھر دوسرا کلام کیا جائے جبکہ قبرستان میں داخل ہونے والی دعا میں سلام کے ساتھ مزید دوتین جملے ایک ساتھ وارد ہوئے ہیں جو واضح طور پر بتاتے ہیں کہ یہ جملے میت کے حق میں سلامتی اور عافیت کے لئے ہیں۔

صحیح مسلم کی علاوہ بھی جس کتاب حدیث میں قبرستان کی دعا وارد ہے وہاں بھی دعا یا مغفرت کے باب میں وارد ہے ، میت سے سلام کرنا مقصود ہوتا ہے تو باب باندھا جاتا کہ میت سے سلام کرنے کا باب یا میت سے سلام کرنے کا طریقہ جیساکہ سلام کرنے والی احادیث کے تحت کتب حدیث میں ابواب ملتے ہیں ۔ امام نسائی کا قبرستان میں داخل ہونے والی دعا پر باب یہ ہے: بَابُ: الأَمْرِ بِالاِسْتِغْفَارِ لِلْمُؤْمِنِينَ(باب: مسلمانوں کے لیے مغفرت طلب کرنے کے حکم کا بیان)

خلاصہ کلام یہ ہوا کہ میت کو سلام کرنا گویا اس کو سلامتی کی دعا دینا ہے ، یہ سلام ٹھیک اسی طرح ہے جیسے ہم رسول اللہ ﷺ کے علاوہ دوسرے تمام مسلمانوں پر نماز کے تشہد میں سلامتی کی دعا دیتے ہوئے کہتے ہیں ۔ السَّلاَمُ عَلَيْنَا وَعَلَى عِبَادِ اللَّهِ الصَّالِحِينَ(صحیح البخاری:831)یعنی ہم پر بھی سلامتی ہو اور اللہ کے نیک بندوں پر بھی۔ یہاں پر ہم کسی کو سلام نہیں کررہے ہوتے ہیں بلکہ اپنے لئے اور دوسرے نیک بندوں کے لئے اللہ سے سلامتی کی دعا کرتے ہیں ۔

بات بالکل واضح ہوگئی کہ قبرستان میں میت کو سلام کرنا گویا اس کو سلامتی کی دعا دینا ہےاور میت ہمارا سلام نہ سنتا ہے اور نہ جواب دیتا ہے ۔ یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ بعض احادیث میں اس طرح کا ذکر ملتا ہے کہ مردے سلام سنتے اور جواب دیتے ہیں جیساکہ الجامع الصغیر (8043) میں ایک روایت آئی ہے ۔
ما منْ عبدٍ يمرُّ بقبرِ رجلٍ كان يعرفُهُ في الدُّنيا فسلَّمَ عليهِ إلا عرفهُ وردَّ عليهِ السلامَ(السلسلة الضعيفة:4493)
ترجمہ:قبر والا دنیا میں جس شخص کا واقف تھا،وہ اگر اس کی قبر کے پاس سے گزرتے ہوئے اسے سلام کہتا ہے تو وہ اسے پہچان لیتا ہے اور اس کے سلام کا جواب دیتا ہے ۔

اس حدیث کو علامہ سیوطی سمیت بہت سے محدثین نے ضعیف قرار دیا ہے ، شیخ البانی نے اسے ضعیف الجامع اور سلسلہ ضعیفہ میں درج کیا ہے۔ اس طرح کی مزید اور روایات مروی ہیں مگر کوئی بھی سندا صحیح نہیں ہے ۔
 

ایوب

رکن
شمولیت
مارچ 25، 2017
پیغامات
92
ری ایکشن اسکور
-3
پوائنٹ
62
نماز جنازہ میں فاتحہ سے پہلے ثنا پڑھنے کی صراحت نہیں ملتی ہے اس لئے نہ پڑھا جائے تاہم عمومی طورپر نماز میں ثنا پڑھنا مسنون ہے اس لحاظ سے ثنا پڑھتے ہیں تو کوئی حرج کی بات نہیں ہے۔
السلام علیکم ، آپ کون ہے جو شیخ مقبول احمد سلفی کی طرف سے جواب دے رہے ہیں ؟
 

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,400
ری ایکشن اسکور
461
پوائنٹ
209
السلام علیکم ، آپ کون ہے جو شیخ مقبول احمد سلفی کی طرف سے جواب دے رہے ہیں ؟
وعلیکم السلام
میں کسی کی طرف سے جواب نہیں لکھتا بلکہ وہی ہوں جن کا نام آپ نے لکھا ہے ۔
 
Top