• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

رخصت اور عزیمت

ناصر رانا

رکن مکتبہ محدث
شمولیت
مئی 09، 2011
پیغامات
1,171
ری ایکشن اسکور
5,451
پوائنٹ
306
رخصت اور عزیمت:

عزیمت:
لغت میں عزیمت ’پختہ ارادے‘ کو کہتے ہیں۔

اصطلاح میں اس حکم کو عزیمت کہتے ہیں جو کسی شرعی دلیل سے ثابت ہو اور اپنے سے معارض (مخالف) راجح دلیل سے خالی ہو۔ جیسا کہ زناکا حرام ہونا منہیات (جن سے روکا گیاہو)میں سے عزیمت ہے اور نماز کا واجب ہونا مامورات (جن کے کرنے کا حکم دیا گیا ہو)میں سے عزیمت ہے۔

رخصت:
لغت میں نرمی اور سہولت کو کہتے ہیں،

اصطلاح میں رخصت اس حکم کو کہتےہیں جو کسی راجح معارض کی وجہ سے شرعی دلیل کے خلاف ثابت ہو۔جیسا کہ مریض کا اپنے مرض کی وجہ سے پانی کی موجودگی کے باوجودتیمم کرنا اور مجبوری کے وقت مردار کھانا (یہ رخصت ہے )۔

تیمم شرعی دلیل کے خلاف ثابت ہے ۔شرعی دلیل اللہ سبحانہ وتعالیٰ کا یہ فرمان ہے: ﴿ يا أَيهَا الَّذِينَ آمَنُوا إذَا قُمْتُمْ إلَى الصَّلاةِ فَاغْسِلُوا وُجُوهَكُمْ ﴾ [المائدة:6]

ترجمہ: اے ایمان والو! تم جب نماز پڑھنے کےلیے کھڑے(ہونے کا ارادہ کرو) تو اپنے چہروں کودھو لو۔

اس کے خلاف جو راجح معارض ہے وہ اللہ رب العالمین کا یہ فرمان ہے: ﴿ وَإن كُنتُم مَّرْضَى أَوْ عَلَى سَفَرٍ ﴾ [النساء:34]

ترجمہ: اور اگر تم مریض ہو یا مسافر ہو (اور پانی نہ ملے تو تیمم کرلیا کرو)

اسی طرح مجبور آدمی کا مردار کھانا بھی شرعی دلیل کے خلاف ثابت ہے ۔ شرعی دلیل اللہ مالک الملک کا یہ فرمان گرامی ہے: ﴿ حُرِّمَتْ عَلَيكُمُ الْمَيتَةُ ﴾ [المائدة:3]

ترجمہ: تم پر مردار حرام کردیا گیا ہے۔

اس (مردار) کو کھانے کی اجازت اس کے خلاف راجح دلیل کی وجہ سے دی گئی ہے جو رب ذوالجلال والاکرام کا یہ فرمان ہے: ﴿ فَمَنِ اضْطُرَّ فِي مَخْمَصَةٍ ﴾ [المائدة:3]

ترجمہ: تو جو بھوک کی وجہ سے مجبور ہوجائے (تو اس کےلیے مرداروغیرہ کھانا جائز ہے۔)

ایک مجبور شخص کا مردار کھا کر اپنی ذات سے موت (ہلاکت) کی طرف لے جانی والی بھوک کو دور کرلینا ، مردار کی خباثت کی بناء پر حاصل ہونے والے نقصان کی نسبت کہیں زیادہ راجح (یعنی بہتر )ہے۔

ترجمہ کتاب تسہیل الوصول از محمد رفیق طاہر
 
Top