• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

رسول اللہ ﷺ بحیثیت مثالی شوہر -- ابتدائی بات

deewan

رکن
شمولیت
اپریل 29، 2014
پیغامات
70
ری ایکشن اسکور
8
پوائنٹ
57
خاندانی نظام کا آغاز مرد اور عورت کے نکاح سے شروع ہوتا ہے۔ یہ دنیا کا سب سے مقدس رشتہ ہوتا ہے۔ اس لیے کہ یہ رشتہ اپنے اختیار سے اللہ رب العزت کے نام پر جوڑا جاتا ہے۔ دین نے اس رشتے کے قیام کے جو مقاصد بتائے ہیں ان میں اہم ترین سکون ہے۔ یہ سکون اور خوش گواری کس طرح حاصل ہو سکتی ہے اس کے لیے ضروری ہے کہ شوہر اور بیوی دونوں ہی ازدواجی زندگی کے اسلامی آداب سے نہ صرف واقف ہوں بلکہ پورے احساس ذمہ داری اور تندہی سے ان کو اپنی زندگیوں میں رائج کریں۔ جب ان اصولوں کو خانگی زندگی میں برتا جائے گا تو وہ ٹکراؤ جو آج کل ہر گھر کا حصہ ہے شوہر اور بیویاں اس سے بچ سکیں گے اور گھر کا ماحول پرسکون اور زندگی خوشگوار ہو جائے گی۔

آپ کے ہاتھوں میں موجود کتاب رسول اللہ ﷺ بحیثیت ایک مثالی شوہر میں رسول اللہ ﷺ کی سیرت پاک سے آپ ﷺ کی گھریلو زندگی کے چند زر پارے جمع کیے گئے ہیں۔ آپ کہہ سکتے ہیں کہ یہ رسول اللہ ﷺ کی سیرت پاک کا وہ حصہ ہے جو آپ ﷺ کی گھریلو زندگی سے متعلق ہے۔ گھریلو زندگی اور سیرت؟ کچھ انہونی بات لگتی ہے اس لیے کہ ہمارا تصورِ سیرت اتنا ہی ہے جو میلاد کی مجالس میں پیشہ ور واعظین یا نعت خواں اور عالم لوگ بیان کرتے ہیں جو آپ ﷺ کی پیدائش، آپ ﷺ کی جوانی، کار نبوت انجام دیتے ہوئے پہنچنے والی مشکلات وغیرہ پر مبنی ہوتا ہے۔ جو سیرت رسول ﷺ کا ایک پہلو ہے؛ یعنی آپ ﷺ کی زندگی کے تاریخی حالات۔ رسول اللہ ﷺ انسانوں کی رہنمائی کے لیے تشریف لائے تھے اور انسانوں کی زندگی میں خانگی زندگی ایک بہت ہی اہم حصہ ہے۔ اور ہم کو اپنی خانگی زندگی کے لیے بھی رسول اللہ ﷺ کی سیرت سے رہنمائی درکار ہے۔ آپ ﷺ رسول تھے، مربی تھے، حاکم تھے، جرنیل تھے، قاضی تھے اور ساتھ ساتھ آپ ﷺ شوہر تھے، آپ ﷺ باپ تھے۔ ان میں ہرسے حیثیت میں آپ ﷺ نے ہماری رہنمائی کے لیے تعلیمات اور عملی مثالیں پیش کی ہیں۔ یہ رسول اللہ ﷺ کی سیرت کا عملی پہلو ہے جس کا جاننا بھی انتہائی ضروری ہے۔ رسول اللہ ﷺ کی گھریلو زندگی بھی آپ ﷺ کی سیرت کا حصہ ہے جس میں آپ ﷺ نے اپنے طرز عمل سے اپنی امت کے تمام افراد پر واضح کر دیا کہ زوجہ سے کیا رویہ اختیار کیا جانا چاہیے۔

اس کتاب رسول اللہ ﷺ بحیثیت ایک مثالی شوہر میں رسول اللہ ﷺ کی خانگی زندگی کی جھلکیاں پیش کی گئی ہیں۔ ان جھلکیوں میں آپ دیکھیں گے کہ رسول اللہ ﷺ اپنے اہل خانہ سے معاملات کس طرح فرماتے تھے۔ اس میں آپ کو رسول اللہ ﷺ کا اپنی زوجہ سے اظہار محبت ملے گا۔ اس میں آپ کو رسول اللہ ﷺ کا اپنی زوجہ کی تعریف کرنا نظر آئے گا اس میں آپ کو رسول اللہ ﷺ کا اپنی زوجہ کی خوشی میں خوش ہونا اور اس کی پریشانی کے وقت اس کو دلاسا دینا نظر آئے گا۔ آپ کو اس میں رسول اللہ ﷺ کا اپنی زوجہ سے اپنی مشکل بیان کرنا اور ان کا آپ ﷺ کو دلاسا دینا نظر آئے گا۔ اس میں آپ کو رسول اللہ ﷺ کو اپنی زوجہ سے مشورہ کرنا اور اس کو ماننا نظر آئے گا۔ اس میں آپ کو رسول اللہ ﷺ کا اپنی زوجہ سے وفا اور پاسداری کرنا نظر آئے گا۔ اس میں آپ کو رسول اللہ ﷺ کا اپنی زوجہ کی ناز برداری کرنا نظر آئے گا۔ اس میں آپ ﷺ کو اپنی زوجہ کو اعمال کی ترغیب دینا نظر آئے گا۔ اس میں آپ کو رسول اللہ ﷺ کا اپنی زوجہ کی لغزش پر ان کی اصلاح کرنا بھی نظر آئے گا۔ اس میں آپ کو رسول اللہ ﷺ کا اپنی بیویوں کے ساتھ وقت گزارنا نظر آئے گا۔ اس میں آپ ﷺ کا اپنی زوجہ کے نان نفقے کا انتظام کرنا نظر آئے گا۔ الغرض یہ کہ رسول اللہ ﷺ کی گھریلو زندگی کی بہت سی جھلکیاں نظر آئیں گی جن کو سامنے رکھ کر شوہر اور بیوی اپنی ازدواجی زندگی کے آداب و فرائض سے واقفیت حاصل کر سکتے ہیں اور اپنی گھریلو زندگی کی نوک پلک سنوار سکتے ہیں بلکہ اس کو راہ راست پر لا سکتے ہیں تاکہ خانگی زندگی پرسکون ہو اور ایک ایسا ماحول گھر میں بن سکے جس میں رہنے والے شیر و شکر ہوں نہ کہ دست و گریباں، آج جس کا ہر گھر شکار ہے! ان باتوں کو توجہ سے پڑھیں اور سمجھیں اور ان پر عمل کریں پھر آپ کو فائدہ ہو گا بلکہ مناسب ہو گا کہ گھر میں اس کی تعلیم کریں۔
پوری کتاب یہاں سے ڈاؤنلوڈ کیجیے
رسول اللہ ﷺ بحیثیت مثالی شوہر
 
Top