• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

عذاب کا آنکھوں دیکھا حال !

شمولیت
اگست 11، 2013
پیغامات
17,117
ری ایکشن اسکور
6,783
پوائنٹ
1,069
12391365_912978858770384_156059314000247257_n.jpg


بسم اللہ الرحمن الرحیم :

عذاب کا آنکھوں دیکھا حال !

حضرت سمرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول تھا جب صبح کی نماز پڑھ لیتے تو ہماری طرف منہ کر کے فرماتے: کیا آپ میں سے کسی نے آج رات کوئی خواب دیکھا ہے۔ حضرت سمرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں اگر کسی نے کچھ دیکھا ہوتا (تو) بیان کرتا۔ تو جو اللہ کو منظور ہوتا آپ صلی اللہ علیہ وسلم بھی (تعبیر) بتاتے۔ ایک دن (پھر) ہم سے پوچھا اور فرمایا کہ کیا آپ میں سے کسی نے کوئی خواب دیکھا ہے؟ ہم نے کہا: نہیں!

فرمایا لیکن میں نے آج کی رات دیکھا کہ دو شخص میرے پاس آئے اور میرا ہاتھ پکڑ کر مجھے ''ارض مقدس'' کی طرف لے گئے تو میں کیا دیکھتا ہوں کہ:

1. گدی تک چیر ڈالتا ہے:

ایک آدمی بیٹھا ہے اور دوسرا کھڑا ہے،(جو کھڑا ہے) اس کے ہاتھ میں لوہے کا زنبور ہے،وہ اسے اس (بیٹھے ہوئے) کے جبڑے میں ڈال کر (اسے چیرتے ہوئے) اس کی گدی تک لے جاتا ہے، پھر یہی معاملہ اس کے دوسرے جبڑے کے ساتھ کرتا ہے اور وہ جبڑا پھر مل جاتا ہے، پھر اس کے ساتھ مکرر وہی معاملہ کرتا ہے، میں نے پوچھا یہ کیا (معاملہ) ہے؟ ان دونوں نے کہا آگے چلیے۔

2. اس کا سر توڑا جاتا ہے:

چنانچہ ہم آگے چل پڑے، یہاں تک کہ ایک ایسے شخص پر آدھمکے جو چت لیٹا ہوا ہے اور دوسرا سر پر پتھر لیے کھڑا ہے اور اس سے اس کا سر پھوڑتا ہے جب وہ اسے مارتا ہے تو پتھر لڑھک جاتا ہے، پھر وہ اسے لینے کے لئے اس کی طرف جاتا ہے اور اس کے آتے آتے اس کا سر پھر مل جاتا ہے، جیسا پہلے تھا، اب ویسا ہو جاتا تھا ہے۔ پھر وہ لوٹ کر آتا ہے اور اسے مارتا ہے۔ میں نے پوچھا کہ یہ کیا (قصّہ) ہے؟ جواب دیا آگے چلیے!

3. آگ کا گڑھا:

چنانچہ ہم چل پڑتے ہیں یہاں تک کہ ہم ایک تنّور جیسے گڑھے پر جا پہنچے جس کا منہ تنگ اور نیچے سے کشادہ ہے، اس کے نیچے آگ جل رہی ہے، جب وہ (آگ) کنارے کے قریب آتی تو (اس میں پڑے ہوئے لوگ) اتنے اُوپر آجاتے کہ نکلنے کے قریب آجاتے، لیکن جب وہ دھیمی پڑ جاتی تو وہ (لوگ) بھی نیچے لوٹ کر آجاتے، اس میں ننگے مرد اور ننگی عورتیں تھیں۔ اب پھر میں نے پوچھا کہ یہ کیا (ماجرا) ہے؟ وہ بولے آگے چلیے۔

4. خون کی نہر میں غوطے:

چنانچہ ہم پھر آگے چل پڑے، یہاں تک کہ ہم ایک خون کی ندی پر پہنچے (دیکھا کہ) اس میں ایک شخص کھڑا ہے اور نہر کے کنارے (یا وسط) میں ایک اور شخص کھڑا ہے، اس کے سامنے پتھر پڑے ہیں، جو شخص ندی کے اندر تھا وہ جب باہر نکلنے کے لئے آگے بڑھتا ہے تو دوسرا شخص اس کے منہ پر پتھر مارتا ہے، اور اسے اسی طرح پھر دھکیل دیتا ہے، جہاں وہ تھا۔ (اسی طرح) جب کبھی وہ باہر نکلنے کی کوشش کرتا ہے (تو) وہ اس کے منہ پر پتھر دے مارتا ہے۔ چنانچہ وہ ہیں لوٹ کر آجاتا ہے، جہاں وہ تھا۔ اس پر میں نے کہا کہ یہ کیا (قصہ) ہے۔ وہ بولے آگے چلیے۔

5. باغیچے میں ایک بزرگ:

پھر ہم رواں ہو گئے، یہاں تک کہ جب ہم ایک سبز باغیچے پر پہنچے، جس میں ایک بڑا درخت تھا اور اس کے تنہ کے پاس ایک بزرگ بابا اور (اس کے آس پاس) بچے ہیں۔ کیا دیکھتا ہوں کہ ایک اور شخص ہے جو درخت کے قریب ہے، ان کے سامنے آگ ہے اسے وہ چلا رہا ہے، چنانچہ وہ دونوں مجھے اس درخت پر چڑھا کر لے گئے اور مجھے ایک ایسے مکان میں لے گئے جس سے زیادہ حسین اور عمدہ میں نے کبھی نہیں دیکھا، اسی میں بوڑھے اور جوان تھے۔
کچھ بتاؤ بھی:
میں نے ان سے کہا کہ آپ نے مجھے رات بھر پھرایا ہے تو جو کچھ میں نے دیکھا ہے۔ وہ بتاؤ کہ وہ کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ بہت اچھا۔

1. وہ جھوٹے لوگ تھے:

سو وہ جو آپ نے دیکھا تھا کہ اس کا جبڑا چیرا جا رہا تھا وہ جھوٹا شخص ہے جو جھوٹ بولا کرتا تھا اور یہ جھوٹ اس سے روایت ہو کر چار دانگ عالم (یعنی ہر طرف) پھیل جاتا، اس لئے اس کے ساتھ یہ معاملہ قیامت تک ہوتا رہے گا۔

2. وہ عالم بے عمل تھا:

اور وہ شخص جو آپ نے ملاحظہ فرمایا کہ اس کا سر پھوڑا جاتا ہے، سو وہ یہ شخص ہے، جس کو اللہ نے قرآن سکھایا مگر رات بھر سو کر گزار دیتا اور دن بھر اس پر کوئی عمل نہیں کیا کرتا تھا اس لئے قیامت تک اس کو یہی سزا دی جاتی رہے گی۔

3. وہ بدکار تھے:

اور وہ جو آپ نے آگ کے گڑھے (تنور) میں دیکھا تھا وہ بدکار (زانی و فحاشی پھیلانے والے) لوگ تھے۔

4. وہ سود خور تھے:

وہ شخص جس کو آپ نے نہر میں دیکھا تھا وہ سود خور ہیں۔

5. وہ بابا ،، حضرت ابراہیم علیہ السلام تھے:

وہ بابا جو درخت کے تنے کے پاس تھا وہ حضرت ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام تھے اور جو بچے ان کے ارد گرد تھے وہ لوگوں کے (کم سن) بچے تھے (یعنی جو دنیا میں بالغ ہونے سے پہلے مر جاتے تھے)۔

اور جو صاحب آگ سلگا رہے تھے وہ ،، مالک ،، دوزخ کا داروغہ ہے۔

اور وہ پہلا گھر جس میں آپ داخل ہوئے تھے وہ عام مسلمانوں کا گھر ہے۔

اور یہ (دوسرا) احاطہ (مکان) وہ دار الشہداء ہے اور میں جبرائیل ہوں اور وہ میکائیل۔


آپ اپنا سر (مبارک) اوپر کو اٹھائیے! چنانچہ میں نے اپنا سر اٹھایا تو کیا دیکھتا ہوں کہ ابر کی طرح کی کوئی شے میرے اوپر تھی، انہوں نے کہا کہ وہ آپ کی رہائش گاہ ہے، اس پر میں نے کہا کہ: تو مجھے چھوڑیے تاکہ اس میں داخل ہوں، انہوں نے کہا کہ ابھی آپ کی عمر باقی ہے جسے آپ نے ابھی مکمل نہیں کیا۔ اگر اسے پورا کر چکے ہوتے تو اپنے مکان میں آجاتے۔

صحیح بخاری ، کتاب الجنائز : 1386

---------------------------------------

یہ رسول اللہ صلی الہ علیہ وسلم نے اپنا ایک خواب بیان فرمایا ہے۔ لیکن انبیاء کے خواب اور بیداری کی باتیں یکساں ہوتی ہیں۔ أضغاث أحلام (پراگندہ خواب) نہیں ہوتے کیونکہ انبیاء کرام علیہم الصلوٰۃ والسلام کی پوری زندگی سراپا حق ہوتی ہے۔ اس میں خواب اور بیداری کا کوئی امتیاز نہیں ہے بلکہ ان کا سراپا اس قدر حق و صداقت کی چٹان ہوتا ہے۔ کہ باطل کے انتزاع کے لئے ان کی مبارک زندگی میں کوئی گنجائش باقی نہیں رہتی۔ انبیاء جو خواب دیکھتے ہیں وہ بھی سچ ہوتا ہے۔ اگر کوئی انہیں ہو بہو خواب میں دیکھے تو وہ بھی حق اور سچ ہوتا ہے۔ کیونکہ باطل کے لئے یہ ناممکن ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حلیے کی نقالی کر سکے۔

بعض سزاؤں کے ذکر میں کہا گیا ہے کہ:سزا کا یہ سلسلہ قیامت تک جاری رہے گا۔ اس سے برزخی جزا و سزا پر روشنی پڑتی ہے، بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ برزخ ایک خاموش وقفہ اور پیریڈ ہے، وہاں بے خبری اور بے حسی طاری ہے۔ اس سے ان کی تردید ہوتی ہے۔ باقی رہی یہ بات کہ اس جزا و سزا کا تعلق کس سے ہے ، جسم سے، روح سے یا دونوں سے؟ اس مخمصہ میں پڑنے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ عالمِ برزخ میں مثلاً زید جسے کہتے ہیں یا جیسا وہ مشخص ہوتا ہے، جزا و سزا اسے ہوتی ہے۔

باچھیں چیر کر گدی تک زنبور کی سزا، صورتِ حال کے عین مطابق ہے، کیونکہ ایسا متصنع آدمی اسی طرح بتکلف باتیں بناتا ہے اور باچھیں پھلا پھلا کر لوگوں کو جھوٹ پر مطمئن کرنے کی سعی کرتا ہے۔

ہم نے دیکھا ہے کہ:اس مرض میں
''واعظ سیاسئین سوء'' سب سے زیادہ مبتلا ہوتے ہیں دوسرے نمبر پر ''متعصب فرقہ پرست لوگ'' ان لوگوں کی وجہ سے بہت سے جھوٹ عوام میں ''دین'' بن گئے ہیں۔ خاص کر حضور کی طرف جھوٹی روایات کا انتساب بہت بڑی رندی اور آخرت کی جوابدہی سے بے خوفی کی بات ہے۔

باقی رہے
''بے عمل علماء'' ؟ یقین کیجئے! یہ منصب جس قدر عظیم منصب ہے، اسی قدر انجام کے لحاظ سے ان کے لئے یہ منصب حد درجہ کا فتنہ اور وبال بھی ہے۔

بدکاروں کے لئے تنگ منہ والا آگ کا گڑھا دراصل ان چوروں کی تنگ و تاریک خلوتوں کا ایک مکروہ منظر ہے۔

خون کی نہر میں سود خور کے غوطے اور اس پر پتھروں کی بارش، اس امر کی غماز ہے کہ ہر سود خور، مقروض کا ناحق خون کرنا اور اس کا خون پینا ہے اور لوگوں کی نگاہ میں مخضوب ہوتا ہے۔

حضرت خلیل اللہ علیہ الصلوٰۃ والسلام اور بچوں کا منظر دراصل یہ بتاتا ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام ''دین حنیف'' کے عظیم داعی تھے اور انہی کا پیش کردہ دین، دینِ فطرت بھی ہے۔ جو بچے بلوغت سے پہلے اللہ کو پیارے ہوجاتے ہیں، ان کو ''دینِ فطرت'' پرتصور کیا گیا ہے۔ اس لئے ان کو اس ''عظیم بزرگ اور بابا'' کے گرد جمع کر دیا گیا ہے۔ جو دینِ فطرت کے عظیم داعی تھے۔

اس روایت سے پتہ چلتا ہے کہ پورا عالم آب و گل اور دنیا کی تمام قدریں اور اعمال، اپنا ایک تمثل رکھتے ہیں جو برزخ اور آخرت میں ہوبہو مشخص ہو کر سامنے آجاتے ہیں۔ جن امور کو ہم ایک ''معنی'' تصور کرتے ہیںِ آخرت میں وہ بھی ایک مرئی پیکر میں آپ کے سامنے جلوہ گر ہوں گے، جزا و سزا دراصل خارج سے کسی پر مسلط نہیں کرے گا بلکہ وہ شے انسان کے خود اندر سے اُدھر کر اس میں چھا جائے گی یا اس کا بالکل قدرتی رد عمل ہوا اس لئے آپ نے پڑھا یا سنا ہوگا کہ قیامت میں یا برزخ میں بہشت کے انعامات اور دوزخ کے عذاب میں بلا کا تنوع اور تفاوت ہو گا ، یہ تفاوت اور تنوع دراصل انسانی اعمال کے معنوی خواص کے تنوع کا نتیجہ ہے۔

جہاں بعض خواب اضغاث اعلام اور گندم نجار کی حیثیت رکھتے ہیں، وہاں صحیح واقعات کا عکس اور فوٹو بھی ہوتے ہیں۔ غالباً اس میں انسان کی شخصی افتادِ طبع، خصوصی مزاج اور سنجیدگی کو بڑا دخل ہوتا ہے۔ جو لوگ بیداری میں جس قدر ''سنجیدہ اور متین'' ہوتے ہیں ان کے خوابوں میں اتنی ہی واقعیت کا عنصر زیادہ شامل ہوتا ہے۔ چونکہ انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام اس باب میں سب سے بڑھ کر سنجیدہ اور پاکیزہ ہوتے ہیں اس لئے ان کے خواب بھی ''جھوٹ'' کے ہر شائبہ سے منزہ ہوتے ہیں۔ اس لئے خوابوں کی تعبیر میں بھی ان کو منفرد مقام حاصل ہے۔

چونکہ نیکیوں کے خواب عموماً ایک کیمرے کی حیثیت رکھتے ہیں جس میں بعض اوقات واقعات کی تصویر منعکس ہوجاتی ہے اس لئے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ان کے خوابوں کے آئینے میں جھانکنے میں دلچسپی کا اظہار کیا کرتے تھے۔ مقصد یہ تھا کہ مناسب اقدامات کے لئے غور کیا جا سکے اور جو چیزیں معاشرہ کی صلاح و فلاح سے تعلق رکھتی ہیںِ ان سے ان کو بھی آگاہ کیا جا سکے


 
Last edited:
Top