• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

عقلمند اور بے وقوف لوگوں کے اوصاف

محمد ارسلان

خاص رکن
شمولیت
مارچ 09، 2011
پیغامات
17,861
ری ایکشن اسکور
41,093
پوائنٹ
1,155
ترجمہ: شفقت الرحمن​
فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر صلاح البدیر حفظہ اللہ نے 30-ربیع الاول- 1435کا خطبہ جمعہ بعنوان " عقلمند اور بیوقوف لوگوں کے اوصاف"ارشاد فرمایا،جس میں انہوں نے عقل کے متعلق گفتگو کی کہ یہ غور و فکر کا مرکز ہے، ساتھ میں انہوں نے عقلمند لوگوں کے اوصاف ذکر کرتے ہوئے، بیوقوف جاہل لوگوں کی خاصیتوں سے دور رہنے پر زور دیا۔
پہلا خطبہ:
ہمہ قسم کی حمد اللہ کیلئے ہے، جس نے اپنی چاہت کے مطابق جسے چاہا نعمتِ عقل عطا کر کے اپنی کرم نوازی فرمائی، میں اسکی وافر اور بے شمار نعمتوں پر حمد خوانی کرتا ہوں، میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی حقیقی معبود نہیں وہ یکتا ہے اسکا کوئی شریک نہیں، ایسی گواہی ہے جو سیدھے راستے کی جانب راہنمائی کرتی ہے،اور یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ ہمارے نبی محمداسکے بندے اور رسول ہیں جنہیں اللہ تعالی نے جوامع الکلم ، حکمت بھری باتوں، علم، حِلم، اور سخاوت سے نوازا، اللہ تعالی ان پر، انکی اولاد ، اور صحابہ کرام پر رحمت و سلامتی بھیجے۔
حمد و صلاۃ کے بعد، مسلمانو!
اللہ سے ڈرو، کہ تقویٰ الہی افضل ترین نیکی ہے، اور اسکی اطاعت سے ہی قدرو منزلت بڑھتی ہے، اسی کا اللہ تعالی نے ہمیں حکم دیتے ہوئے فرمایا: يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ حَقَّ تُقَاتِهِ وَلَا تَمُوتُنَّ إِلَّا وَأَنْتُمْ مُسْلِمُونَ اے ایمان والو! اللہ سے ایسے ڈرو جیسے ڈرنے کا حق ہے، اور تمہیں موت صرف اسلام کی حالت میں آئے۔[آل عمران: 102]
مسلمانو!
"عقل" فکر، تدبر، شرف، اور مکلف بننے کا سبب بنتی ہے، اور "عقل "کو عقل اس لئے کہا جاتا ہے کہ عقل صاحبِ عقل کو نقصان سے محفوظ رکھتی ہے، اور مذموم قول وفعل سے روکتی ہے، اور نامناسب ٹامک ٹویاں مارنے سے بچاتی ہے، انسان کے پاس عقل سے بڑھ کر ہدایت پانے اور بری چیزوں سے روکنے والی کوئی چیز نہیں ہے۔
انسان کیلئے بنیادی کردار عقل کا ، حسب نسب کیلئے دینداری، اور مروءت کیلئے اخلاق کا ہے۔
کسی نے کہا: عقل ہی اچھی امید ، اور جہالت بری نوید ہے۔
اور کسی نے کہا: عنائتِ عقل بہترین ، اور جہالت و بیوقوفی بد ترین ۔
کسی بات کو فورا سمجھ جانا عقلمندی کی علامت ہے، علم حاصل کرنے سے مزید عقلمندی آتی ہے، اور زندگی کے تجربات مزید نکھار پیدا کرتے ہیں، شریعت عقلمندی کا مجموعہ ہے، اور دین عقل کیلئے روشنی کا مرتبہ رکھتا ہے۔
عقل شریعت پر ہی قائم رہے تو سیدھی رہتی ہے؛ جبکہ شریعت اور شرعی مقاصد عقل سے ہی سمجھے جا سکتے ہیں۔ ؏
لا يستقِلُّ العقلُ دون هدايةٍ بالوحيِ تأصيلاً ولا تفصيلاً
ابتداء ہو یا انتہاء کسی بھی جگہ پر عقل وحی سے راہنمائی لئے بغیر نہیں رہ سکتی
وإذا النبوَّةُ لم ينَلْكَ ضياؤُها فالعقلُ لا يهدِيك قطُّ سبيلاً
اگر آپ نبوت کی روشنی نہیں پا سکے تو کسی صورت میں عقل آپکو سیدھے راستے پر نہیں چلائے گی
نورُ النبوةِ مثلُ الشمسِ للـ ـعينِ البصيرة فاتخِذْه دليلاً
نورِ نبوت روشن آنکھ کیلئے سورج کی طرح ہے، چنانچہ نورِ نبوت کو اپنے لئے دلیل بناؤ
طرقُ الهُدى مسدودةٌ إلا على من أمَّ هذا الوحيَ والتنزيلاً
ہدایت کے سارے راستے بند ہیں، صرف ان لوگوں کیلئے کھلے ہیں جنہوں نے اس وحی اور قرآن کو اپنا مقصد بنا لیا
فإذا عدلتَ عن الطريقِ تعمُّدًا فاعلَم بأنك ما أردتَّ وُصولاً
چنانچہ اگر آپ خود ہی جان بوچھ کر راستے سے ہٹ رہے ہو؛ تو یقین مانو! آپ منزل پر پہنچنا ہی نہیں چاہتے
يا طالِبًا دركَ الهُدى بالعقلِ دو ن النقلِ لن تلقَى بذاك دليلاً
اےکتاب وسنت کے بغیر صرف عقل پر اعتماد کرتے ہوئے ہدایت کے متلاشی!تمہیں کبھی ہدایت نہیں ملے گی
كم رامَ قبلَك ذاك من مُتلذِّذٍ حيرانَ عاشَ مدَى الزمانِ جَهولاً
تم سے پہلے کتنے ہی مزے لینے والوں نے یہی طریقہ اپنایا، اور ہمیشہ حیران و پریشان ہی زندگی گزارنے پر مجبور رہا
ما زالَت الشُّبُهاتُ تغزُو قلبَه حتى تشحَّط بينهنَّ قتيلاً
اس کے دل پر شبہات نے پے در پے حملے کئے، اور آخر کار ان شبہات کے مقابلے میں زندگی کی بازی ہار گیا
سفیان بن عیینہ رحمہ اللہ کہتے ہیں: "عقل مندی یہی نہیں ہے کہ اچھی بری چیز میں فرق کر لے، بلکہ عقلمند وہ ہے جو اچھائی کو پہچان کر اپنا لے، اور برائی کو دیکھ کر اُس سے بچ جائے"
ایک سو بیس سال عمر ہونے کے بعد ایک آدمی سے کہا گیا: عقل مندی کیا ہے؟ تو اس نے جواب دیا: "جہالت، اور خواہشات پر تمہارا حلم غالب آجائے"
کسی دیہاتی سے پوچھا گیا: عقل کا سب سے بڑا فائدہ کیا ہے؟ تو اس نےکہا: "گناہوں سے بچنا"
ابو حاتم کہتے ہیں کہ: "عقلمند افراد کی درجہ بندی میں سب سے افضل وہ شخص ہے جو ہمیشہ اپنا محاسبہ کرتا ہے"
جس شخص کی عقل پختہ ہوجائے، سمجھداری انتہا درجے کی ہو، اور امتیاز کرنے کی صلاحیت رکھے وہ شخص اپنے رب کا مطیع بھی ہوگا، اسی کے ساتھ اپنا تعلق رکھے گا، اور عقل کے مطابق اس میں اطاعتِ الہی اور عبادت گزاری ہوگی، اسی لئے اللہ تعالی نے فرمایا: وَمَا يَذَّكَّرُ إِلَّا أُولُو الْأَلْبَابِ صرف عقل والے ہی نصیحت پکڑتے ہیں[آل عمران: 7]
چنانچہ اللہ تعالی نے یہ صاف لفظوں میں بیان کردیا کہ وعظ ونصیحت اسی شخص کو فائدہ دیتی ہیں جو عقل وحلم والا ہو اور سمجھدار ،و دانشور ہو۔
عقلی، سمعی، اور نظری ہر اعتبار سے کفار اور مشرکین لوگوں میں کمتر عقل کے مالک ہیں، کیونکہ انہوں نے زندگی کا باعث، اور نجات کا سبب بننے والے تمام اسباب کو پسِ پشت ڈال دیا، اسی لئے جہنم میں گرایا جانے والا گروہ جہنم کے داروغوں سے حسرت اور ندامت کرتے ہوئے کہے گا: وَقَالُوا لَوْ كُنَّا نَسْمَعُ أَوْ نَعْقِلُ مَا كُنَّا فِي أَصْحَابِ السَّعِيرِ (10) فَاعْتَرَفُوا بِذَنْبِهِمْ فَسُحْقًا لِأَصْحَابِ السَّعِيرِ اور وہ کہیں گے: اگر ہم سنتے ہوتے یا عقل کرتے تو ہم کبھی بھی آگ والوں میں سے نہ ہوتے، [10]چنانچہ وہ اپنے گناہوں کا اعتراف کر لینگے، اسی لئے اہل جہنم کیلئے بربادی ہے۔[الملك: 10، 11]
ابن عباس رضی اللہ عنہما اس آیت کے معنی کے بارے میں کہتے ہیں کہ: "کاش کہ ہم ہدایت کی بات سنتے یا سمجھ لیتے ، یا ان لوگوں کی طرح سن لیتے جو غور خوض کرتے ہیں، یا ان لوگوں کی طرح سمجھ لیتے جو فکر ونظر کے ذریعے سمجھ لیتے ہیں، تو کبھی بھی جہنم کے حقدار نہ ہوتے" اس سے پتہ چلتا ہے کہ کافر کو عقل نہیں دی گئی۔
ایک آدمی نے نصرانی شخص کو عقلمند کہہ دیا، تو اسے کہا گیا: خاموش ہوجاؤ؛ عقلمند تو وہ ہے جو اللہ کو ایک مانے اور اسکی اطاعت کرے۔
اسی لئے تو اللہ تعالی نے فرمایا: أَفَلَمْ يَسِيرُوا فِي الْأَرْضِ فَتَكُونَ لَهُمْ قُلُوبٌ يَعْقِلُونَ بِهَا أَوْ آذَانٌ يَسْمَعُونَ بِهَا فَإِنَّهَا لَا تَعْمَى الْأَبْصَارُ وَلَكِنْ تَعْمَى الْقُلُوبُ الَّتِي فِي الصُّدُورِ کیا یہ لوگ زمین میں چلے پھرے نہیں کہ ان کے دل ایسے ہوجاتے جو کچھ سمجھتے سوچتے اور کان ایسے جن سے وہ کچھ سن سکتے۔ بات یہ ہے کہ آنکھیں اندھی نہیں ہوتیں، اندھے تو وہ دل ہوجاتے ہیں جو سینوں میں ہیں۔ [الحج: 46]
ابن کثیر رحمہ اللہ کہتے ہیں: "یہاں اندھے پن سے مراد قوتِ بصارت کا اندھا پن مراد نہیں ہے، بلکہ قوتِ بصیرتِ کا اندھا پن مراد ہے، چنانچہ اگر قوتِ بصارت درست ہو بھی سہی تو عبرت حاصل نہیں ہوتی، اور پتہ ہی نہیں چلتا کہ معاملہ کیا ہے؟"
ابن قیم رحمہ اللہ کہتے ہیں: "تمام لوگ بچپن والی عقل رکھنے میں مساوی ہیں، ہاں وہی دانشور اور عقلمند لوگوں کے مقام پر پہنچتا ہے جو حق کو علمی، عملی، اور معرفت کے انداز سے پہچان لیتا ہے"
چنانچہ حقیقت میں وہی عاقل ہے جو ایک اللہ کی عبادت کرے اور کسی کو اسکے ساتھ شریک مت ٹھہرائے، اپنے آپکو شہوات سے محفوظ رکھے، اہل فسق و فجور ، بے عقل اور بیوقوف لوگوں کے ساتھ نہ گرائے، جاہلوں، گناہوں میں ملوث او ر حرام کاموں کے دلدادہ افراد سے بچ کر صرف اپنے مولا کی طرف متوجہ رہے، اور اگر کوئی گناہ ہو بھی جائے تو توبہ کر لے، انہی لوگوں کے بارے میں اللہ تعالی نے فرمایا: أُولَئِكَ الَّذِينَ هَدَاهُمُ اللَّهُ وَأُولَئِكَ هُمْ أُولُو الْأَلْبَابِ یہی لوگ ہیں جنہیں اللہ تعالی نے ہدایت دی، اور یہی لوگ حقیقت میں عقلمند ہیں [الزمر: 18]
یا اللہ! ہمیں راہنمائی الہام کردے، یا اللہ! ہمیں راہنمائی الہام کردے، اور ہمیں اپنے نفسوں کے شر سے محفوظ فرما دے، شیطان مردود کے شر سے محفوظ فرما دے، یا کریم! یا عظیم! یا رحیم!
دوسرا خطبہ:
عظیم الشان نعمتوں پر تمام تعریفیں اللہ کیلئے ہیں ، کرم نوازیوں پر وہ شکر کا مستحق ہے، میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے علاوہ کوئی معبودِ برحق نہیں وہ یکتا ہے ،جس کیلئے اللہ کافی ہو وہ کسی کا محتاج نہیں ہوتا، اور جسے اللہ ہدایت دے وہ کبھی گمراہ نہیں ہوسکتا، اور یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ ہمارے نبی اور سربراہ محمد اللہ کے بندے اور اسکے رسول ہیں ، وہی خاتم الانبیاء اور بہترین چنیدہ بندے ہیں، اللہ تعالی اُن پر ، آل ،و صحابہ کرام اور آپکی امت میں سے قیامت تک حق پر قائم رہنے والوں سب پر رحمتیں نازل فرمائے۔
حمدوثناء اور درود و سلام کے بعد:
مسلمانو!
اللہ سے ڈرو اور اسی کو اپنا نگہبان جانو، اسکی اطاعت کرو، نافرمانی مت کرو يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ وَكُونُوا مَعَ الصَّادِقِينَ اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو ، اور سچے لوگوں کا ساتھ اپناؤ[التوبة: 119]
مسلمانو!
"حُمق"یعنی بیوقوفی عقلمندی کا متضاد ہے، بلکہ عقل کی خرابی کا نام ہے، عربی زبان میں " حمُقَت السوق "اس وقت کہا جاتا ہے جب بازار میں مندی ہو، اسی طرح پاگل شخص بھی عقلی طور پر مندی کا شکار ہوتا ہے۔
کچھ دانا لوگوں کا کہنا ہے کہ: "بیوقوف کو چھ چیزوں سے پہچانا جا سکتا ہے، 1) بلاوجہ غصہ میں آنا،2) غیر مناسب جگہ پر مال اڑانا، 3) بلا فائدہ باتیں کرنا،4) ہر ایرے غیرے پر اعتماد کرنا،5) راز فاش کرنا، 6)دوست دشمن میں فرق نہ کرنا، اور اپنے آپ کو دانشور تصور کرتے ہوئے جو دل میں آئے کہہ دینا"
اور بیوقوف کے بارے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ: "اگر بات کرے تو جلد بازی میں، پھر بات کرتے ہوئے گھبرا جائے، اور اگر کسی برے کام کا کہا جائے تو کر گزرے"
بیوقوف کی علامات یہ ہیں: ہلکا پن، سریع الغضب، جہالت، بے حیائی، بد گوئی، تکبر، خود پسندی، غفلت، سستی، نعمتوں کا ضیاع،کم علمی، اچھے لوگوں سے دشمنی، برے لوگوں سے یارانہ، بنا تحقیق خبریں پھیلانا، ہر وقت لڑائی جھگڑا، بڑوں کی عزت نہ کرنا، اور دوست احباب کو بھی چونا لگا دیناشامل ہیں۔
چنانچہ ان مذموم صفات سے اپنے آپ کو بچاؤ، اور کامل عقلمند افراد کے نقشِ قدم پر چلو، جو ہر چیز کی حقیقت کو پہچان کر اسکے فوائد حاصل کرتے ہیں، اور اسکے نقصانات سے محفوظ رہتے ہیں۔
سطحی سوچ ، غافل، اور حیران وپریشان لوگوں کے پیچھے لگنے سے اپنے آپ کو بچاؤ، جن کے بارے میں اللہ تعالی نے فرمایا: إِنَّ شَرَّ الدَّوَابِّ عِنْدَ اللَّهِ الصُّمُّ الْبُكْمُ الَّذِينَ لَا يَعْقِلُونَ یقینا اللہ کے ہاں بدترین جانور وہ ہیں جو بہرے، گونگےاور بے عقل ہیں۔[الأنفال: 22]
شفیع الوری، ہادی جنکا نام احمد ہے اُن پر درود پڑھو، جس نے ایک بار درود پڑھا اللہ تعالی اس کے بدلے میں دس رحمتیں بھیجے گا۔
للخلقِ أُرسِلَ رحمةً ورحيمًا صلُّوا عليه وسلِّموا تسليمًا
وہ مخلوق جنہیں رحمت کرتے ہوئے، نہایت مہربان بنا کر بھیجا گیا، ان پر درود و سلام بھیجو
یا اللہ! اپنے بندے اور رسول محمد پر درود و سلام بھیج ، یا اللہ! سنت پر عمل پیرا ، چاروں خلفاء ، ابو بکر ، عمر، عثمان، اور علی ، صحابہ کرام، تابعین عظام، اور تبع تابعین سے راضی ہوجا، اور انکے ساتھ ساتھ اپنے احسان اور سخاوت کے صدقے ہم سے راضی ہوجا۔
یا اللہ!اسلام اور مسلمانوں کو غلبہ عطا فرما، یا اللہ!اسلام اور مسلمانوں کو غلبہ عطا فرما، یا اللہ!اسلام اور مسلمانوں کو غلبہ عطا فرما، یا اللہ! شرک اور مشرکین کو ذلیل و رسوا فرما، یا اللہ! دشمنان دین کو تباہ وبرباد فرما، یا رب العالمین!
یا اللہ !ملک ِحرمین شریفین کا امن ، شان و شوکت اور استقرار ہمیشہ بر قرار رکھ، یا اللہ! اس ملک کے قائدین کو ہر اس کام کی توفیق دے جس میں اسلام اور مسلمانوں کیلئے بھلائی ہو۔
یا اللہ! ہمارے حکمران خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد کو اپنے پسندیدہ اعمال کرنے کی توفیق دے، یا اللہ! انکی نیکی اور بھلائی کے کاموں پر رہنمائی فرما، جن میں اسلام اور مسلمانوں کیلئے بھلائی ہو۔
یا اللہ! تمام مسلم حکمرانوں کو نفاذِشریعت ، اور تیرے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع کرنے کی توفیق دے۔
یا اللہ !تمام مسلم ممالک کو امن و سلامتی عطا فرما ۔ یا اللہ !تمام مسلم ممالک کو امن و سلامتی عطا فرما۔
یا اللہ! فلسطین میں ہمارے اہل خانہ کی مدد فرما، یا اللہ! شام میں ہمارے اہل خانہ کی مدد فرما، یا اللہ! برما میں ہمارے اہل خانہ کی مدد فرما، یا اللہ! ہر جگہ پر ہمارے اہل خانہ ، اہل سنت والجماعت کی مدد فرما، یا رب العالمین!، یا اللہ! انہیں بت پرست، اور مشرکوں پر غلبہ عطا فرما، یا رب العالمین!
یا اللہ! تمام مریضوں کو شفا یاب فرما، مصیبت زدہ افراد کی مشکل کشائی فرما، فوت شدگان پر رحم فرما، قیدیوں کو رہا فرما، اور جو بھی ہم پر زیادتی کرے اسکے خلاف ہماری مدد فرما، یا رب العالمین۔
یا اللہ! بھوکے مسلمانوں کیلئے کھانے پینے کا بندوبست فرما، یا اللہ! بھوکے مسلمانوں کیلئے کھانے پینے کا بندوبست فرما، یا اللہ! انکے لئے کپڑوں کا بندوبست فرما، یا اللہ!جلاوطنوں کو محفوظ پناہ گاہ عطا فرما، یا اللہ! زخمیوں کو شفا یاب فرما، یا اللہ! ہماری دعاؤں کو سن لے، یا اللہ! ہماری دعاؤں کو سن لے، اور ہماری صداؤں کو قبول فرما، یا سمیع! یا قریب! یا مجیب!

لنک
 

خضر حیات

علمی نگران
رکن انتظامیہ
شمولیت
اپریل 14، 2011
پیغامات
8,773
ری ایکشن اسکور
8,473
پوائنٹ
964
اللہ تعالی خطیب صاحب مترجم ، ناشر اور اس کار خیر میں حصہ لینے والے تمام مسلمانوں کو بہترین اجر عطا فرمائے ۔
 

محمد ارسلان

خاص رکن
شمولیت
مارچ 09، 2011
پیغامات
17,861
ری ایکشن اسکور
41,093
پوائنٹ
1,155
اللہ تعالی خطیب صاحب مترجم ، ناشر اور اس کار خیر میں حصہ لینے والے تمام مسلمانوں کو بہترین اجر عطا فرمائے ۔
آمین ثم آمین
اور اللہ تعالیٰ مجھے بہترین اجر کے ساتھ پاکیزہ روزی اور نیک بیوی بھی عطا فرمائے آمین
 
شمولیت
اگست 11، 2013
پیغامات
17,117
ری ایکشن اسکور
6,783
پوائنٹ
1,069
آمین ثم آمین
اور اللہ تعالیٰ مجھے بہترین اجر کے ساتھ پاکیزہ روزی اور نیک بیوی بھی عطا فرمائے آمین

آمین یارب العالمین

ارسلان بھائی ھمیں آپ کی شادی کا شدت سے انتیظار ہیں-
 

محمد ارسلان

خاص رکن
شمولیت
مارچ 09، 2011
پیغامات
17,861
ری ایکشن اسکور
41,093
پوائنٹ
1,155
آمین یارب العالمین

ارسلان بھائی ھمیں آپ کی شادی کا شدت سے انتیظار ہیں-
انتظار
۔۔۔۔۔۔۔۔

جزاک اللہ خیرا بھائی
اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے
دعا کیا کریں
 
شمولیت
اگست 11، 2013
پیغامات
17,117
ری ایکشن اسکور
6,783
پوائنٹ
1,069
انتظار
۔۔۔۔۔۔۔۔

جزاک اللہ خیرا بھائی
اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے
دعا کیا کریں
الحمدللہ بھائی ان شاءاللہ آپ کا ساتھ رہا تو میری اردو ضرور صحیح ھو جائے گی-

جزاک اللہ خیرا بھائی طویل انتتتتتتتتظار نہ کرائے - ابتسام
 

محمد ارسلان

خاص رکن
شمولیت
مارچ 09، 2011
پیغامات
17,861
ری ایکشن اسکور
41,093
پوائنٹ
1,155
الحمدللہ بھائی ان شاءاللہ آپ کا ساتھ رہا تو میری اردو ضرور صحیح ھو جائے گی-

جزاک اللہ خیرا بھائی طویل انتتتتتتتتظار نہ کرائے - ابتسام
ان شاءاللہ

جلد ہی آپ کو ضرور خوشخبری سنائیں گے۔ ان شاءاللہ
 
Top