• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

(قسط:15)سرور کونین ﷺ کا سراپا اقدس ( ((رسول مقبول ﷺ کے بازو، بغلیں اور کلائیاں مبارک ))

شمولیت
نومبر 14، 2018
پیغامات
305
ری ایکشن اسکور
48
پوائنٹ
79
رسول اللہ ﷺ کا حلیہ مبارک

(( حافظ محمد فیاض الیاس الأثری ، ریسرچ فیلو: دارالمعارف لاہور ))

آنحضرت ﷺ کے بازو، بغلیں اور کلائیاں مبارک

♻ رسول اللہ ﷺ کے دیگر تمام اعضاءِ جسم کی طرح آپ کے بازو مبارک بھی خوبصورت، پُرگوشت اور موٹے تھے۔(الدیار بکری، تاریخ الخمیس:210/1)

♻ رسول مقبول ﷺ کے تمام جسد اطہر کی طرح آپ ﷺ کی بغلیں مبارک بھی خوشنما ، صاف اور چمکدار تھیں۔ آپ کی بغلوں کی سفیدی بعض صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو مختلف مواقع پر دیکھنے کا شرف حاصل ہوا۔

♻حضرت انس رضی اللہ عنہ نے نماز استسقاء کے موقع پر آپ کی چمکدار بغلیں دیکھیں ، جب آپ نے دعا کے لیے بازو بلند کیے ہوئے تھے۔ (صحیح البخاری:١٠٣١)

♻ حضرت ابو ُحمید ساعدی رضی اللہ عنہ نے بھی آپ کے دست مبارک بلند کرنے پر آپ کی خوبصورت بغلوں کی سفیدی دیکھی۔(صحیح مسلم:١٨٣٢)

♻ سیدنا عبدﷲ بن اقرم رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: میں نے دیکھا کہ نبی کریم ﷺ نماز پڑھ رہے تھے۔ آپ نے دورانِ نماز سجدے کی حالت میں اپنے بازو مبارک کھولے۔ آپ بازو اس قدر کھولا کرتے تھے کہ آپ کی بغلوں کی سفیدی دکھائی دینے لگتی تھی۔ (سنن الترمذی:٢٧٤)

♻ ان احادیث مبارکہ سے بالکل واضح ہے کہ رسول اللہ ﷺ کی بغلیں مبارک صاف، چمکدار اور سفید تھیں۔

♻ آپ ﷺ کی بغلیں مبارک ظاہری حسن وجمال میں بھی خوبصورت اور خوشنما تھیں اور آپ کی بغلوں کا پسینہ بھی کستوری کی طرح خوشبودار تھا۔

♻ بنو حریش کے ایک آدمی بیان کرتے ہیں کہ حضرت ماعزبن مالک رضی اللہ عنہ کو جب رجم کیا گیا ، تب میں بھی اپنے والد کے ہمراہ وہاں موجود تھا۔ حضرت ماعز کو پتھر لگنے پر میں گھبرا گیا ، جس پر رسول اللہ ﷺ نے مجھے اپنے ساتھ لگا لیا۔ تب آپ کی بغل کا پسینہ مجھے لگا ، جس کی خوشبو کستوری سے بھی بڑھ کر تھی۔ (الدارمی، السنن:٦٤والصالحی، سبل الہدیٰ:87/2)

♻ آپ کی کی بغلوں اور بازو کی طرح آپ کلائیاں بھی مناسب اور خوبصورت تھیں۔

♻ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کی کلائیاں بھری ہوئی، لمبی اور چوڑی تھیں۔(أحمد بن حنبل،المسند:٨٣٥٢)

♻ حضرت ہند بن ابی ہالہ اور حضرت ابو امامہ باہلی رضی اللہ عنھما کے بیان کے مطابق آپ کی خوبصورت کلائیوں پر معمولی سے بال بھی تھے۔(بن سعد، الطبقات الکبریٰ:415/1، 422)

♻ سرتاج رسل ﷺ حسن وجمال اور سیرت وصورت میں تمام انسانیت میں یگانہ مقام پر فائز تھے ، آپ کی ظاہری خوبصورتی کی طرح آپ کا اخلاق و کردار بھی مثالی تھا،

♻ مضبوط بازو اور صحت وتندرستی اللّٰہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے ، رسول اللہ ﷺ نے طاقتور مومن کو ضعیف مومن کی نسبت زیادہ بہتر قرار دیا ہے ،

♻ صحت وتندرستی اور قوت وطاقت کا تبھی فائدہ ہے ، جب اللّٰہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں سے اللّٰہ تعالیٰ کو راضی کرنے کا سامان کیا جائے اور غلبہ دین کی سرگرمیوں میں بھرپور انداز میں شامل ہوا جائے

♻ مذہب بیزار جدید فکرو تہذیب نے صحت وتندرستی کو معاشرے کے لیے مصائب و مشکلات کا ذریعہ بنا دیا ہے ، جس قدر کوئی حسن وجمال اور قوت وطاقت کا مالک ہوتا ہے ، اسی قدر وہ غرور و تکبر اور ظلم وزیادتی میں تمام اخلاقی حدیں عبور کر جاتا ہے ،

""""""""''''''"""""""""""'''''''''''''''"""""""""""""
عصر حاضر میں سیرت طیبہ سے ہمہ گیر رہنمائی اور سیرت النبی سے فکری وعملی مضبوط وابستگی بہت اہمیت وافادیت کی حامل ہے
 
Top