• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

لا الہ الا للہ کامعنیٰ‘ شرائط اور نواقض

قاری مصطفی راسخ

علمی نگران
رکن انتظامیہ
شمولیت
مارچ 07، 2012
پیغامات
664
ری ایکشن اسکور
741
پوائنٹ
301
لا الہ الا للہ کامعنیٰ
’’ لآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ ‘‘کا معنیٰ ہے۔’’لا معبود بحقّ الا اللّٰہ ‘‘کہ اللہ کے سوا کوئی معبود بر حق نہیں۔
یہ جملہ نفی اور اثبات دونوں پر مشتمل ہے۔اس میں ’’لاالہ‘‘ نفی ہے ‘جبکہ ’’الا اللّٰہ‘‘ اثبات ہے۔جبکہ لفظ جلالہ(اللّٰہ) ’’لا‘‘ کی محذوف خبر سے بدل ہے۔لہذا تقدیر عبارت یوں ہو گی’’لا الہ حقّ الا اللّٰہ‘‘اس ’’حق‘‘ کی تقدیر ماننے سے ان لوگوں کا اشکال دور ہو جاتا ہے جوکہتے ہیں کہ۔
’’تم کیسے دعویٰ کرتے ہو کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں حالانکہ اللہ کے سوا بھی کئی معبودوں کی عبادت کی جارہی ہے‘اور اللہ تعالیٰ نے بھی ان کا نام (الہ) معبود رکھا ہے۔جیسے قرآن مجید میں موجود ہے کہ:
(فما اغنت عنھم اٰلھتھم الّتی یدعون من دون اللہ من شییٔ لمّا جاء امر ربّک )[ھود:۱۰۱]
انہیں ان کے معبودوں نے کوئی فائدہ نہ پہنچایا‘جنہیں وہ اللہ کے سوا پکارا کرتے تھے ‘جبکہ تیرے پروردگار کا حکم آ پہنچا۔
اسی طرح اللہ فرماتے ہیں کہ
(ولا تجعل مع اللہ الھاً اٰخر)[الاسرائ:۳۹]
اللہ کے ساتھ کسی کو معبود مت بنانا۔
’’تو ان لوگوں کا اشکال خبر مقدّر ماننے سے دور ہو جاتاہے۔کہ اللہ کے سوا معبود تو ہیں‘لیکن تمام کے تمام معبودباطل ہیں۔پس یہ کلمہ اللہ کے علاوہ کسی اور کے معبود ہونے کی نفی کرتا ہے ‘ جبکہ اللہ کے معبود بر حق ہونے کا اثبات کرتا ہے۔پس اللہ کے علاوہ کسی بشر‘ جن‘فرشتے وغیرہ کی عبادت کرنا باطل ہے۔کیونکہ معبود بر حق صرف اور صرف اللہ تعالیٰ ہی ہے۔
جیسا کہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ
(ذٰلک بانّ اللہ ھو الحقّ وانّما یدعون من دونہ ھو الباطل ) [حج:۶۲]
اللہ بر حق ہے ‘اور اس کے سوا جسے بھی وہ پکارتے ہیں وہ سب باطل ہے۔
اسی طرح اللہ فرماتے ہیں کہ
(ومن یدع مع اللہ الٰھاً اٰخر لا برھان لہ بہ فانّما حسابہ عند ربّہ انّہ لا یفلح الکٰفرون)[المؤمنون:۱۱۷]
جو شخص اللہ کے ساتھ کسی دوسرے کو معبود پکارے ‘جسکی کوئی دلیل اس کے پاس نہیں‘پس اس کا حساب تو اس کے رب کے اوپر ہی ہے۔بے شک کافر لوگ نجات سے محروم ہیں۔
اس معنیٰ میں اور بہت ساری آیات موجود ہیں ‘ جو اس بات پر دلالت کرتی ہیں کہ یہ ایک عظیم کلمہ ہے ۔اور اپنے قائل کو اس وقت تک فائدہ نہیں دے سکتا ‘اور شرک سے نہیں نکال سکتا جب تک وہ اس کے معنیٰ کو نہ سمجھ لے ‘اور اس پر عمل کرتے ہوئے اس کی تصدیق نہ کر دے۔منافقین بھی اس کلمہ کو پڑھتے تھے لیکن عدم تصدیق کی وجہ سے جہنم کے نچلے درجے میں ہوں گے ۔اسی طرح مشرکین بھی یہ کلمہ پڑھتے ہیں‘لیکن عدم تصدیق اور بے عملی کی وجہ سے نجات سے محروم ہیں۔
کلمہ کی شروط

اس کلمہ (لا الہ الا اللّٰہ)کے مفید ہونے کی درج ذیل شروط ہیں۔
(۱) علم :۔اس کلمہ کے معنیٰ کا علم ہو ‘جو جہالت کے منافی ہو۔جیسا کہ اس کا معنیٰ گزر چکا ہے کہ’’اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں‘‘پس اللہ کے سوا تمام معبود جن کی لوگ عبادت کرتے باطل ہیں۔
(۲) یقین :۔اس کلمہ پر یقین ہو ‘جس میں شک نہ ہو۔یعنی اللہ کے معبود برحق ہونے پر پختہ یقین ہو۔
(۳) اخلاص:۔ یعنی بندہ اپنی تمام عبادات کو خالصتاً اللہ ہی کے لئے کرے ۔جب آدمی اپنی عبادات کو اللہ کے علاوہ کسی نبی ‘ولی‘جن‘فرشتہ‘بت وغیرہ کی طرف پھیر دیتا ہے‘تو یہ اخلاص کے منافی ہے۔
(۴) تصدیق:۔ یعنی جو کلمہ وہ اپنی زبان سے ادا کر رہا ہے‘اس میں وہ سچّا ہو۔اس کی زبان اس کے دل‘ اور اس کا دل اس کی زبان کے موافق ہو۔اگر صرف زبان سے کلمہ پڑھتا ہے لیکن دل سے اس کی تصدیق نہیں کرتا‘تو یہ کلمہ اس شخص کو کوئی فائدہ نہیں دے گا۔اور وہ شخص منافقین کی طرح کافر ہی ہو گا۔
(۵)محبت:۔ یعنی کلمہ پڑھنے کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ سے محبت بھی کرے۔ کیونکہ اگر کلمہ پڑھتا ہے لیکن اللہ سے محبت نہیں کرتا ‘تو وہ بھی منافقین کی طرح کافر ہی ہے۔جو حقیقتاً اسلام میں داخل ہی نہیں ہوا۔دلیل یہ آیٔت ہے کہ
(قل ان کنتم تحبون اللہ فاتبعونی یحببکم اللہ)[آل عمران:۳۱]
اے نبی کہہ دیجئے!اگر تم اللہ تعالیٰ سے محبت رکھتے ہوتو میری اتباع کرو۔خود اللہ تعالیٰ تم سے محبت کرے گا۔
اسی طرح یہ آیٔت ہے
(ومن الناس من یتخذ من دون اللہ انداداً یحبونھم کحب اللہ والذین اٰمنوا اشدّ حبّا للہ)[البقرۃ:۱۶۵]
بعض لوگ ایسے بھی ہیں جو اللہ کا شریک اور لوگوں کو ٹھہرا کر ان سے ایسی محبت رکھتے ہیں ‘جیسی محبت اللہ سے ہونی چاہیئے۔اور ایمان والے اللہ کی محبت میں بہت سخت ہوتے ہیں۔
(۶) انقیاد:۔ یعنی آدمی اس کلمہ کے سامنے سر تسلیم خم کر دے۔اگر کلمہ تو پڑھتا ہے لیکن اس کے تقاضوں پر عمل کرنے سے تکبر کرتا ہے ‘تو وہ شخص ابلیس کی ہی طرح کافر ہے۔
(۷) قبولیت:۔یعنی کلمہ کے تقاضوں کو دل ودماغ سے قبول کر لے۔اور اپنی عبادات کو خالصتاً اللہ کے لئے کرے ‘غیر اللہ کے لئے نہ کرے۔
(۸) غیر اللہ کا انکار کرنا:۔یعنی غیر اللہ کی عبادت سے براء ت کا اظہار کرے اور عقیدہ رکھے کہ یہ باطل ہے۔جیسا کہ اللہ فرماتے ہیں کہ
(فمن یکفر بالطاغوت ویؤمن باللہ فقد استمسک بالعروۃ الوثقیٰ)[البقرۃ:۲۵۶]
جو شخص اللہ تعالیٰ کے سوا دوسرے معبودوں کا انکار کرکے اللہ پر ایمان لائے اس نے مضبوط کڑے کو تھام لیا۔
لہذا تمام مسلمانوں پر فرض ہے کہ وہ اس کلمہ کی تمام شروط کی رعایٔت رکھتے ہوئے اس کلمہ کو ثابت کریں۔اگر کسی آدمی کے اندر یہ شرائط ہیں تو وہ مسلمان ہے‘ اور اگر کسی کے اندر مذکورہ شرائط نہیں تو وہ غیر مسلم ہی ہے۔
امام حسن بصری ؒ سے پو چھا گیا کہ لوگ کہتے ہیں کہ لا الہ الا اللہ کا پڑھنے والا جنت میں ضرور داخل ہو گا ‘ تو انہوں نے جواب دیا کہ ہاں مگر جس نے اس کے شروط و تقاضوں کو پورا کیا۔
امام وہب بن منبہ ؒ سے ہوچھا گیا کہ کیا لا الہ الا اللہ جنت کی کنجی نہیں ہے؟تو انھوں نے فرمایا کیوں نہیں ہے !مگر کنجی میں دندانے ہوتے ہیں اگر تم دانت والی کنجی لاؤ گے تو اس سے جنت کا دروازہ کھلے گا ورنہ نہیں۔
کلمہ کے نواقض
اس کلمہ (لا الہ الا اللہ)کے منافی اور اس کو باطل کر دینے والے امور درج ذیل ہیں۔
٭ہر وہ قول وفعل یا عقیدہ جو انسان کو شرک اکبر میں ڈال دے‘وہ اس کلمہ کے منافی اوراس کلمہ کوباطل کردینے والاہے ۔ مثلاًمردوں‘فرشتوں ‘بتوں‘درختوں‘پتھروں‘ستاروںوغیرہ کوپکارنا‘یا ان سے اپنی حاجات پوری ہونے کی امید رکھنا‘ یا ان کے لئے ذبح کرنا‘یا ان کے لئے نذر ماننا ‘یا ان کے سامنے جھکنا(رکوع وسجدہ کرنا)وغیرہ وغیرہ۔یہ تمام امور اس کلمہ کے منافی ہیں اور اس کے مقصد کو باطل کر دیتے ہیں۔
٭ اسی طرح اللہ تعالیٰ کی حرام کردہ چیزوں کو حلال جاننا۔جیسے زنا ‘شراب‘والدین کی نافرمانی‘سود وغیرہ کو حلال جاننا۔
٭یا اللہ تعالیٰ کی طرف سے واجب کردہ چیزوں کا انکار کرنا۔جیسے نماز کی فرضیت ‘زکوٰۃ‘ روزہ‘ حج‘والدین کی فرمانبرداری‘شہادتین کا زبان سے نطق وغیرہ کا انکار کرنا۔
مذکورہ تمام امور اس کلمہ کو باطل کر دینے والے ہیں۔اس میں مذاق کرنے والا ‘سنجیدہ اور خائف تمام برابر ہیں۔البتہ مکرہ (یعنی جس کو زبر دستی مجبور کیا گیا ہو)مستثنیٰ ہے۔
٭سو وہ اقوال وافعال اور اعتقادات جو توحید اور ایمان کو کمزور کر دیتے ہیں‘اور اس کے کمال واجب کے منافی ہیں‘وہ بہت زیادہ ہیں۔مثلاًشرک اصغر جیسے ریا کاری ‘ غیر اللہ کی قسم ‘ما شاء اللہ وشاء فلان کہنا‘ یا ھذا من اللہ ومن فلان کہناوغیرہ وغیرہ۔
٭اسی طرح تمام گناہ توحید اور ایمان کو کمزور کر دیتے ہیں۔جو توحید کے کمال واجب کے منافی ہیں۔لہذا انسان کو ایسے تمام امور سے بچنا چاہیئے ‘جو توحید اور ایمان کو کمزور کر دیں اور ثواب میں کمی واقع ہو۔
کیونکہ اہل سنت والجماعت کے نزدیک ایمان میں کمی وزیادتی ہوتی رہتی ہے۔ جس پر واضح اور صریح دلائل موجود ہیں۔جیسا کہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ
(واذا ما انزلت سورۃ فمنھم من یقول ایکم زادتہ ھذہ ایمانافاما الذین اٰمنوافزادتھم ایمانا وھم یستبشرون)[التوبۃ:۱۲۴]
جب کوئی سورت نازل کی جاتی ہے توبعض منافقین کہتے ہیں کہ اس سورت نے تم میں سے کسی کے ایمان کو زیادہ کیا ہے‘سو جو لوگ ایمان دار ہیں اس سورت نے ان کے ایماان کو زیادہ کیا ہے‘اور وہ خوش ہو رہے ہیں۔
دوسری جگہ اللہ فرماتے ہیں کہ
(انما المؤمنون الذین اذا ذکر اللہ وجلت قلوبھم واذا تلیت علیھم اٰ یتہ زادتھم ایمانا وعلیٰ ربھم یتوکلون)[الانفال:۲]
پس ایمان والے تو ایسے ہوتے ہیں کہ جب اللہ تعالیٰ کا ذکر آتا ہے تو ان کے دل ڈر جاتے ہیں‘اور جب اللہ کی آیتیں ان کو پڑھ کر سنائی جاتی ہیں تو وہ آیات ان کے ایمان کو اور زیادہ کر دیتی ہیں۔اور وہ اپنے رب پر توکل کرتے ہیں۔اسی طرح اللہ فرماتے ہیں کہ
(ویزید اللہ الذین اھتدوا ھدیً )[مریم:۷۶]
اور ہدایئت یافتہ لوگوں کو اللہ ہدائیت میں بڑھاتا ہے۔
شیخ الاسلام امام ابن تیمیہ ؒفرماتے ہیں کہ : جس شخص نے استطاعت کے باوجود زبان سے کلمہ شہادت ادا نہیں کیا وہ متفقہ طور پرکافر ہے۔ہاں اگر وہ حسی یا حکمی طور پر کلمہ پڑھنے سے عاجز و بے بس ہے تو اس کا حکم اس کی حالت پر موقوف ہے۔
الله تعالی ہم سب كو لا الہ الا للہ کامعنیٰ‘ شرائط اور نواقض كو سمجھنے كی توفيق عطا ء فرمائے۔آمین
 
Last edited by a moderator:

اسحاق سلفی

فعال رکن
رکن انتظامیہ
شمولیت
اگست 25، 2014
پیغامات
6,372
ری ایکشن اسکور
2,562
پوائنٹ
791
لا الہ الّا اللہ کی فضیلت اور فوائد

ڈاکٹر جسٹس عبد المحسن بن محمد القاسم حفظہ اللہ
ترجمہ شفقت الرحمن مغل
پہلا خطبہ
بسم اللہ الرحمن ارحیم
یقیناً تمام تعریفیں اللہ کیلیے ہیں، ہم اس کی تعریف بیان کرتے ہیں، اسی سے مدد کے طلب گار ہیں اور اپنے گناہوں کی بخشش بھی مانگتے ہیں، نفسانی و بُرے اعمال کے شر سے اُسی کی پناہ چاہتے ہیں، جسے اللہ تعالی ہدایت عنایت کر دے اسے کوئی بھی گمراہ نہیں کر سکتا، اور جسے وہ گمراہ کر دے اس کا کوئی بھی رہنما نہیں بن سکتا، میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبودِ بر حق نہیں ، وہ تنہا ہے اس کا کوئی شریک نہیں، اور میں یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ محمد اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں، اللہ تعالی آپ پر ، آپ کی آل ، اور صحابہ کرام پر ڈھیروں درود و سلامتی نازل فرمائے۔

حمد و صلاۃ کے بعد:
اللہ کے بندو! کما حقہ اللہ سے ڈرو اور اسلام کے کڑے کو مضبوطی سے تھام لو۔
مسلمانو!
مخلوق کیلیے شرف کا مقام ہے کہ وہ اللہ تعالی کی اطاعت اور اسی کی بندگی پر کار بند رہے، احکامات الہیہ اور تخلیق کی یہی حکمت ہے، اسی بندگی کی بنا پر دنیا اور آخرت میں کامیابی ملے گی، فرمانِ باری تعالی ہے: {وَمَنْ يُطِعِ اللَّهَ وَرَسُولَهُ فَقَدْ فَازَ فَوْزًا عَظِيمًا} اور جو بھی اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے وہ یقیناً بہت عظیم کامیابی پا گیا۔[الأحزاب: 71]
خوشی، سرور، لذت اور خوشگوار لمحات صرف اللہ تعالی کی معرفت، اسے ایک ماننے اور اس پر ایمان لانے میں ہے، افضل اور محبوب ترین کلام وہ ہے جس میں اس کی حمد و ثنا ہو، اور اللہ تعالی کی بہترین ثنا کلمہ توحید: لا الہ الا اللہ ہے۔
اسی کلمے کی بنیاد پر آسمان و زمین قائم ہیں، اسی کے لیے موجودات کو وجود دیا گیا، اللہ تعالی نے اپنی کتابیں بھی اسی کیلیے نازل کیں اور رسولوں کو مبعوث فرمایا، فرمانِ باری تعالی ہے:
{وَمَا أَرْسَلْنَا مِنْ قَبْلِكَ مِنْ رَسُولٍ إِلَّا نُوحِي إِلَيْهِ أَنَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا أَنَا فَاعْبُدُونِ}
اور آپ سے پہلے ہم نے جو بھی رسول بھیجا اس کی طرف یہی وحی کرتے رہے کہ " میرے سوا کوئی الٰہ نہیں۔ لہذا صرف میری ہی عبادت کرو " [الأنبياء: 25]
لا الہ الا اللہ کے ذریعے رسولوں نے اپنی اقوام کو ڈرایا، فرمانِ باری تعالی ہے: { أَنْ أَنْذِرُوا أَنَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا أَنَا فَاتَّقُونِ} متنبہ کر دو کہ میرے سوا کوئی الٰہ نہیں لہذا مجھ ہی سے ڈرو [النحل: 2]
اس کلمے کے ذریعے اللہ تعالی نے اپنے بارے میں گواہی دی اور اس پر اپنی افضل ترین مخلوقات کو گواہ بنایا، فرمانِ باری تعالی ہے: {شَهِدَ اللَّهُ أَنَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ وَالْمَلَائِكَةُ وَأُولُو الْعِلْمِ قَائِمًا بِالْقِسْطِ لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ} اللہ نے خود بھی اس بات کی شہادت دی ہے کہ اس کے سوا کوئی الٰہ نہیں، اور فرشتوں نے بھی اور اہل علم نے بھی راستی اور انصاف کے ساتھ یہی شہادت دی ہے کہ اس کے سوا کوئی الٰہ نہیں۔ وہی غالب ہے، حکمت والا ہے [آل عمران: 18]
علامہ ابن قیم رحمہ اللہ کہتے ہیں: "یہ جلیل القدر، سب سے عظیم، مبنی بر عدل اور سچی گواہی ہے ، اس گواہی کے شاہد اور مشہود دونوں ہی جلیل القدر ہیں"
تمام شریعتوں کی بنیاد یہی کلمہ ہے، اور دین سارے کا سارا اسی لا الہ الا اللہ کے حقوق پر مبنی ہے، ثواب اسی پر موقوف ہے، اور عذاب اس کلمے کو ترک کرنے یا اس کے حقوق میں کمی کرنے پر ہو گا۔
کلمہ توحید عالی مرتبت اور ڈھیروں فضائل والا کلمہ ہے، یہ علی الاطلاق اسلام کی چوٹی ہے، اسلام کا سب سے پہلا رکن اور بنیاد ہے، یہی کلمہ اسلام کے تمام ارکان کی بنیاد ہے، یہ کلمہ اللہ تعالی پر ایمان لانے کا رکن اور ایمان باللہ کا سب سے بڑا حصہ ہے؛ اسی لیے کلمے کے بغیر ایمان صحیح نہیں ہو سکتا اور ایمان میں استحکام بھی اسی سے آتا ہے، کلمہ ہی ملت کی بنیاد اور قبلے کے تعین کی وجہ ہے، یہ تمام بندوں پر اللہ تعالی کا حق ہے، کلمۂ توحید اسلام اور جنت کی چابی ہے، اسی کی بنیاد پر لوگ بد بخت اور نیک بخت ہیں، مقبول اور دھتکارے ہوئے ہیں، یہ کلمہ کفر اور اسلام میں فرق کرتا ہے ۔
قوتِ گویائی رکھنے والے لا الہ الا اللہ سے اچھا بول نہیں بول سکتے، اور نہ ہی عمل کرنے والے اس کے تقاضوں سے اچھا کوئی عمل کر سکتے ہیں، آپ ﷺ کا فرمان ہے: (اللہ تعالی کے ہاں چار الفاظ محبوب ترین ہیں: سُبْحَانَ اللهِ، وَالْحَمْدُ لِلَّهِ، وَلَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ ، وَاللهُ أَكْبَرُ) مسلم
یہی کلمۂ تقوی ہے جسے اللہ تعالی نے اپنے اولیاء کیلیے مختص کیا ، فرمانِ باری تعالی ہے: {وَأَلْزَمَهُمْ كَلِمَةَ التَّقْوَى} اور ان پر کلمۂ تقوی لازم کر دیا۔[الفتح: 26]
اور یہی مضبوط کڑا ہے، جسے تھامنے والا نجات پائے گا، فرمانِ باری تعالی ہے: {فَمَنْ يَكْفُرْ بِالطَّاغُوتِ وَيُؤْمِنْ بِاللَّهِ فَقَدِ اسْتَمْسَكَ بِالْعُرْوَةِ الْوُثْقَى لَا انْفِصَامَ لَهَا} جو شخص طاغوت سے کفر کرے اور اللہ ایمان پر لائے تو اس نے ایسے مضبوط کڑے کو تھام لیا جو ٹوٹ نہیں سکتا ۔[البقرة: 256]
بلندی اس کلمے کی امتیازی صفت اور بقا اس کا خاصہ ہے: {وَكَلِمَةُ اللَّهِ هِيَ الْعُلْيَا} کلمۂ الہی ہی بلند و بالا ہے۔[التوبہ: 40]
یہی کلمہ طیبہ ہے اور اس کیلیے اللہ تعالی نے قرآن مجید میں مثال دیتے ہوئے فرمایا: {أَلَمْ تَرَ كَيْفَ ضَرَبَ اللَّهُ مَثَلًا كَلِمَةً طَيِّبَةً كَشَجَرَةٍ طَيِّبَةٍ أَصْلُهَا ثَابِتٌ وَفَرْعُهَا فِي السَّمَاءِ} آپ دیکھتے نہیں کہ اللہ تعالیٰ نے کلمہ طیبہ کی کیسی عمدہ مثال بیان کی ہے جیسے وہ ایک پاکیزہ درخت ہو جس کی جڑ (زمین میں خوب) جمی ہوئی ہے اور شاخیں آسمان میں ہیں [ابراہیم: 24]
اسی کلمے سے شرح صدر ہوتی ہے: {فَمَنْ يُرِدِ اللَّهُ أَنْ يَهْدِيَهُ يَشْرَحْ صَدْرَهُ لِلْإِسْلَامِ}پس جس کے بارے میں اللہ تعالی ارادہ فرمائے اس کی اسلام کیلیے شرح صدر فرما دیتا ہے۔ [الأنعام: 125] ابن جریج رحمہ اللہ کہتے ہیں: " یعنی لا الہ الا اللہ کے ذریعے شرح صدر ہو جاتی ہے"
اسی سے انسان سلیم القلب بنتا ہے، {يَوْمَ لَا يَنْفَعُ مَالٌ وَلَا بَنُونَ (88) إِلَّا مَنْ أَتَى اللَّهَ بِقَلْبٍ سَلِيمٍ} اس دن دولت اور نرینہ اولاد فائدہ نہیں پہنچا سکتے [88]ماسوائے اس شخص کے جو قلب سلیم لیکر آئے۔[الشعراء: 88، 89] ابن عباس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں یعنی: " قلب سلیم وہ ہوتا ہے جو لا الہ الا اللہ کی گواہی دے، یہی حق کی دعوت ہے جس میں کوئی باطل نہیں، یہی سیدھی بات ہے جس میں کوئی ٹیڑھ پن نہیں، یہی سچی گواہی ہے اس میں جھوٹ کا شائبہ بھی نہیں، یہ اللہ تعالی کو مخلوق سے ممتاز کرنے والا وصف ہے ، اور یہی ابراہیم علیہ السلام کی نسل میں باقی رہنے والا کلمہ ہے، فرمانِ باری تعالی ہے: {وَجَعَلَهَا كَلِمَةً بَاقِيَةً فِي عَقِبِهِ لَعَلَّهُمْ يَرْجِعُونَ} اور اسے اس کی نسل میں باقی رہنے والا کلمہ بنایا، تا کہ وہ رجوع کریں۔[الزخرف: 28]"

مشہور مفسر علامہ ابن کثیر رحمہ اللہ کہتے ہیں: " یعنی لا الہ الا اللہ کو ابراہیم علیہ السلام کی نسل میں دائمی طور پر آباد فرما دیا کہ ابراہیم علیہ السلام کی نسل میں جسے اللہ تعالی ہدایت دے گا وہی اس پر چلے گا"
لا الہ الا اللہ مخلوقات کیلیے عظیم ترین نعمت ہے، فرمانِ باری تعالی ہے: {وَأَسْبَغَ عَلَيْكُمْ نِعَمَهُ ظَاهِرَةً وَبَاطِنَةً} اور اس نے تم پر اپنی ظاہری اور باطنی نعمتیں بہا دی ہیں۔[لقمان: 20] اس کی تفسیر میں سفیان بن عیینہ رحمہ اللہ کہتے ہیں: " اللہ تعالی نے بندوں کو لا الہ الا اللہ کی معرفت سے بڑھ کوئی نعمت عطا نہیں فرمائی"

یہ کلمہ دنیا وما فیہا سے بہتر ہے، آپ ﷺ کا فرمان ہے: (اگر میں : سُبْحَانَ اللهِ، وَالْحَمْدُ لِلَّهِ، وَلَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ، وَاللهُ أَكْبَرُ کہوں تو یہ میرے لیے ان تمام چیزوں سے بہتر ہے جن پر سورج طلوع ہوا) مسلم
علم اور عمل کے اعتبار سے لا الہ الا اللہ سب سے پہلا فریضہ ہے، فرمانِ باری تعالی ہے: {فَاعْلَمْ أَنَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ } پس جان لو کہ بیشک اللہ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں۔[محمد: 19] شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ کہتے ہیں: " سلف صالحین اور ائمہ کرام اس بات پر متفق ہیں کہ بندوں کو جس چیز کا سب سے پہلے حکم دیا جائے گا وہ شہادتین ہیں"
نیز لا الہ الا اللہ سب سے آخری واجب بھی ہے، آپ ﷺ کا فرمان ہے: (جس شخص کے آخری الفاظ لا الہ الا اللہ ہوئے تو وہ جنت میں جائے گا) ابو داود

ایسا عالم جو اس پر عمل پیرا ہو وہی استقامت پر ہے، فرمانِ باری تعالی ہے: {إِنَّ الَّذِينَ قَالُوا رَبُّنَا اللَّهُ ثُمَّ اسْتَقَامُوا فَلَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُونَ} بیشک جن لوگوں نے کہا : ہمارا پروردگار اللہ ہے، پھر اس پر ڈٹ گئے ، تو ان پر نہ خوف ہو گا اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔[الأحقاف: 13] ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں: "یعنی: جو لا الہ الا اللہ کی گواہی پر ڈٹ گئے"
جس قدر آپ یہ کلمہ کہنے میں سچے ہوں گے اپنے دل کو اسی مقدار میں غیر اللہ سے پاک صاف کر لیں گے؛ یہی وجہ ہے کہ جو شخص بھی اس کلمے کو سچے دل سے کہتا ہے وہ اللہ کے سوا کسی سے محبت نہیں کرتا، وہ صرف اسی سے امید لگاتا ہے، وہ اسی سے ڈرتا ہے، اسی پر توکل کرتا ہے، اس کے دل میں نفس یا خواہش پرستی کے معمولی اثرات بھی باقی نہیں رہتے۔
لا الہ الا اللہ مال و جان کے تحفظ کا باعث ہے، آپ ﷺ کا فرمان ہے: (جس شخص نے لا الہ الا اللہ کہہ دیا اور اللہ کے سوا جن کی عبادت کی جاتی ہے ان کا انکار کر دیا تو اس کا مال اور جان محفوظ ہو گئی، اور اب اس کام معاملہ اللہ تعالی کے ساتھ ہے) مسلم
لا الہ الا اللہ ہی سب سے پہلی دعوت ہے، نبی ﷺ نے بھی اپنی دعوت کا آغاز اسی سے فرمایا، اسی پر اپنے صحابہ کرام سے بیعت لیتے تھے، نبی ﷺ اپنے داعیانِ دین کو مختلف علاقوں میں ارسال فرماتے ہوئے اسی کی تلقین فرماتے، چنانچہ آپ ﷺ نے سیدنا معاذ رضی اللہ عنہ کو یمن ارسال کرتے ہوئے فرمایا: (تم اہل کتاب کے پاس جا رہے ہو، سب سے پہلے اس بات کی دعوت دینا کہ اللہ کے سوا کوئی حقیقی معبود نہیں اور میں [محمد ﷺ] اللہ کا رسول ہوں۔)متفق علیہ
کلمہ توحید تمام مخلوقات کے ہاں یکساں مسلمہ ہے، اسی پر اتحاد و اتفاق ممکن ہے، اس کے بغیر گروہ بندی اور اختلاف پیدا ہوتا ہے، فرمانِ باری تعالی ہے: {قُلْ يَا أَهْلَ الْكِتَابِ تَعَالَوْا إِلَى كَلِمَةٍ سَوَاءٍ بَيْنَنَا وَبَيْنَكُمْ أَلَّا نَعْبُدَ إِلَّا اللَّهَ وَلَا نُشْرِكَ بِهِ شَيْئًا} آپ ان سے کہہ دیں: اے اہل کتاب ! اس بات کی طرف آؤ جو ہمارے اور تمہارے درمیان یکساں مسلم ہے۔ اور وہ یہ ہے کہ ہم اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ کریں اور کسی کو اس کا شریک بھی نہ بنائیں۔ [آل عمران: 64]
سچے دل سے کلمہ پڑھنے والا کامیاب ہو گیا، آپ ﷺ کا فرمان ہے: (لوگو! لا الہ الا اللہ کہہ دو؛ تم کامیاب ہو جاؤ گے) احمد
کلمہ توحید پر قائم دائم شخص ایمان کے اعلی ترین درجے پر فائز ہوتا ہے، آپ ﷺ کا فرمان ہے: (ایمان کے ستر سے زائد درجے ہیں ان میں افضل ترین لا الہ الا اللہ کہنا ہے) مسلم
جس آیت میں لا الہ الا اللہ کا ذکر ہے وہ قرآن مجید کی سب سے افضل ترین آیت ہے، اسی طرح سید الاستغفار کے الفاظ میں بھی لا الہ الا اللہ موجود ہے۔
جن اعمال کا ثواب کئی گنا بڑھا چڑھا کر دیا جائے گا ان میں بھی لا الہ الا اللہ کا ذکر ہے، چنانچہ جو شخص ایک دن میں 100 بار کہے: (" لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ، لَهُ الْمُلْكُ، وَلَهُ الْحَمْدُ، وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ "[اللہ کے سوا کوئی معبودِ حقیقی نہیں وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں، اسی کی بادشاہی ہے اور اسی کیلیے تعریفیں ہیں، اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔] تو اس کیلیے یہ کلمات دس غلام آزاد کرنے کے برابر ہوں گے، اس کیلیے 100 نیکیاں لکھی جائیں گی ، اس کے 100 گناہ مٹا دیے جائیں گے، اور اس دن شام تک کیلیے شیطان سے حفاظت میں ہو گا، نیز اس شخص سے افضل عمل صرف وہی شخص کر سکتا ہے جو اس سے بھی زیادہ بار اسے پڑھے) متفق علیہ
اور اسی طرح جو شخص دس بار کہے: (" لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ، لَهُ الْمُلْكُ، وَلَهُ الْحَمْدُ، وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ "[اللہ کے سوا کوئی معبودِ حقیقی نہیں وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں، اسی کی بادشاہی ہے اور اسی کیلیے تعریفیں ہیں، اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔] تو اس کیلیے یہ کلمات اسماعیل علیہ السلام کی اولاد میں سے دس غلام آزاد کرنے کے برابر ہوں گے) مسلم
یہ کلمہ مال خرچ کئے بغیر بہت بڑا صدقہ ہے، آپ ﷺ کا فرمان ہے: (لا الہ الا اللہ کہنا صدقہ ہے)

یہ کلمہ بندے کیلیے قبر میں عذاب سے نجات اور ثابت قدمی کا باعث ہے، چنانچہ : "مسلمان سے قبر میں جب پوچھا جائے گا تو وہ لا الہ الا اللہ اور محمد رسول اللہ کی گواہی دے گا ، اللہ تعالی کے اس فرمان میں یہی ثابت قدمی سے مراد ہے: {يُثَبِّتُ اللَّهُ الَّذِينَ آمَنُوا بِالْقَوْلِ الثَّابِتِ فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَفِي الْآخِرَةِ} جو لوگ ایمان لائے انھیں اللہ قول ثابت (کلمہ طیبہ) سے دنیا کی زندگی میں بھی ثابت قدم رکھتا ہے اور آخرت میں بھی رکھے گا [ابراہیم: 27] بخاری
اللہ تعالی کے حکم سے گناہوں کے رجسٹر کلمہ توحید کے مقابلے میں ہلکے ہو جائیں گے: ( ایک شخص کو لایا جائے گا اور اس کے سامنے اللہ تعالی [اس کے گناہوں کے]ننانوے رجسٹر کھولے گا جن میں سے ہر رجسٹر تا حد نگاہ ہوگا ۔پھر کاغذ کا ایک ٹکڑا نکالا جائے گا جس میں لکھا ہوگا " أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ "[یعنی: میں اس بات کی گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے علاوہ کوئی معبود بر حق نہیں اور یہ کہ محمد-ﷺ-اس کے بندے اور رسول ہیں] پھر ان رجسٹروں کو ایک پلڑے میں رکھا جائے گا ان کا پلڑا اوپر ہو جائے گا اور کاغذ کے اس پرزے والا پلڑا جھک جائے گا)احمد
(اگر ساتوں آسمانوں اور ساتوں زمینوں کو ترازو کے ایک پلڑے میں رکھا جائے اور لا الہ الا اللہ کو دوسرے پلڑے میں تو لاالہ الا اللہ والا پلڑا جھک جائے گا اور اگر ساتوں آسمان اور ساتوں زمین ایک ٹھوس کڑی ہوتی تو لاالہ الا اللہ انہیں بھی توڑ دیتا) احمد
لا الہ الا اللہ کہنے والے شفاعت بھی کریں گے، رحمان نے ان سے وعدہ کیا ہوا ہے، فرمانِ باری تعالی ہے: {لَا يَمْلِكُونَ الشَّفَاعَةَ إِلَّا مَنِ اتَّخَذَ عِنْدَ الرَّحْمَنِ عَهْدًا} کسی کو شفاعت کا اختیار نہ ہوگا سوائے ان کے جنہوں نے اللہ تعالیٰ کی طرف سے وعدہ لے لیا ہے ۔[مريم: 87]
رسول اللہ ﷺ کی شفاعت کے سب سے زیادہ حقدار اخلاص اور سچائی کے ساتھ کلمہ پڑھنے والے ہیں، آپ ﷺ کا فرمان ہے: (قیامت کے دن میری شفاعت کے سب سے زیادہ حقدار وہ ہیں جنہوں نے سچے دل کے ساتھ لا الہ الا اللہ کہا) بخاری
جنت اس شخص کا بدلہ ہے جس نے کلمہ اخلاص اور سچے دل کے ساتھ پڑھا، بغیر کسی شک کے اس پر یقین کیا، اس کے مطابق عمل کیا اور اس سے متصادم چیزوں سے دور رہا، آپ ﷺ کا فرمان ہے: (جس شخص نے بھی لا الہ الا اللہ کہا اور اسی پر فوت ہو گیا تو وہ جنت میں جائے گا) متفق علیہ
لا الہ الا اللہ کہنے والے کے لیے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دئیے جائیں گے وہ جہاں سے چاہے داخل ہو جائے، بلکہ جو شخص سچے دل سے کلمہ پڑھے، اس کے مطابق عمل کرے تو اسے آگ نہیں چھوئے گی، آپ ﷺ کا فرمان ہے: (کوئی بھی شخص سچے دل کے ساتھ یہ گواہی دے کہ اللہ کے سوا کوئی حقیقی معبود نہیں اور بیشک محمد اللہ کے رسول ہیں تو اللہ تعالی اسے جہنم پر حرام کر دیتا ہے) متفق علیہ
لا الہ الا اللہ کہنے والے کو اللہ تعالی جہنم سے ضرور باہر نکالے گا چاہے اس کے دل میں ذرے کے برابر ایمان ہو، حدیث قدسی ہے: (مجھے میرے جلال ، کبریائی اور عظمت کی قسم! جنہوں نے لا الہ الا اللہ کہا میں انہیں جہنم سے ضرور نکالوں گا) بخاری
بندے کی زندگی میں کلمۂ توحید کی اہمیت کے پیش نظر شریعت نے کلمۂ توحید پر قائم رہنے کی ترغیب دلائی ؛چاہے حالات یا معاملات کسی بھی قسم کے ہوں، چنانچہ جو شخص صبح اور شام کے وقت (" لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ، لَهُ الْمُلْكُ، وَلَهُ الْحَمْدُ، وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ "[اللہ کے سوا کوئی معبودِ بر حق نہیں وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں، اسی کی بادشاہی ہے اور اسی کیلیے تعریفیں ہیں، اور وہ ہر چیز پر قادر ہے] کہتا ہے تو اس کیلیے یہ کلمات اسماعیل علیہ السلام کی نسل سے غلام آزاد کرنے کے برابر ہوں گے، اس کیلیے 10 نیکیاں لکھی جائیں گی ، اس کے 10گناہ مٹا دیے جائیں گے، اس کے 10درجات بلند کر دئیے جائیں گے، اور اس دن شام تک کیلیے شیطان سے حفاظت میں ہو گا، اور اگر وہ شام کے وقت کہے تو اس کیلیے صبح تک ایسا ہی اجر ہو گا) ابو داود
اور اگر وضو سے فراغت کے بعد کہے تو: اس کیلیے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دئیے جاتے ہیں، آپ ﷺ کا فرمان ہے: (کوئی بھی شخص اچھی طرح وضو کرے اور پھر کہے: " أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ "[میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبودِ بر حق نہیں وہ یکتا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں اور میں یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ محمد اللہ کے بندے اور رسول ہیں] تو اس کیلیے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دیے جاتے ہیں وہ جہاں سے مرضی داخل ہو جائے) مسلم
کلمے کے الفاظ اذان کی ابتدا اور انتہا میں بھی ہیں۔(جو شخص بھی انہیں سچے دل کے ساتھ مؤذن کی اذان کے بعد پڑھے تو وہ جنت میں داخل ہو گا) مسلم، اور اسی طرح فرمایا: ( جو شخص بھی مؤذن کی اذان سننے کے بعد کہے: "أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ رَضِيتُ بِاللَّهِ رَبًّا وَبِمُحَمَّدٍ رَسُولًا وَبِالْإِسْلَامِ دِيْنًا "[ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں اور بیشک محمد اس کے بندے اور رسول ہیں، میں اللہ تعالی کو اپنا رب، محمد کو رسول اور اسلام کو اپنا دین مان کر راضی ہوں]اس کے گناہ معاف کر دئیے گئے) مسلم
مسلمان نماز کی ابتدا بھی توحید سے کرتا ہے، تشہد [یعنی کلمے کی گواہی]کے بغیر نماز صحیح نہیں ہوتی اور پھر سلام پھیرنے سے پہلے نمازی اللہ تعالی کو اسی کا وسیلہ دے کر مانگتا ہے: (اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي مَا قَدَّمْتُ وَمَا أَخَّرْتُ وَمَا أَسْرَرْتُ وَمَا أَعْلَنْتُ وَمَا أَسْرَفْتُ وَمَا أَنْتَ أَعْلَمُ بِهِ مِنِّي أَنْتَ الْمُقَدِّمُ وَأَنْتَ الْمُؤَخِّرُ لا إِلَهَ إِلا أَنْتَ[اے اللہ میں نے جو پہلے گناہ کیے ہیں اور جو میں نے پیچھے گناہ کیے، اور جو میں نے پوشیدہ کیے اور جو اعلانیہ کیے، اور جو میں نے زیادتی کی جسے تو مجھ سے بھی زیادہ جانتا ہے، تو ہی پہلے اور تو ہی آخر ہے، تیرے علاوہ کوئی معبود بر حق اور الہ نہیں]) مسلم
اور ہر نماز کے بعد رسول اللہ ﷺ فرماتے: (لا إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ وَحْدَهُ لا شَرِيكَ لَهُ لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ[اللہ کے سوا کوئی معبودِ بر حق نہیں وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں، اسی کی بادشاہی ہے اور اسی کیلیے تعریفیں ہیں، اور وہ ہر چیز پر قادر ہے]) متفق علیہ، یہ کلمات کہتے ہوئے سبحان اللہ، الحمد للہ، اور اللہ اکبر کی تسبیح مکمل کرتا ہے تو (اس کے گناہ معاف کر دئیے جاتے ہیں چاہے وہ سمندر کی جھاگ کے برابر ہی کیوں نہ ہوں) مسلم
رسول اللہ ﷺ مناسک میں جس وقت صفا اور مروہ پہاڑی پر چڑھتے تو قبلہ رخ ہو کر اللہ تعالی کی وحدانیت بیان کرتے اور تکبیرات کہتے۔ مسلم
رسول اللہ ﷺ مزدلفہ آ کر مشعر الحرام پر چڑھے، قبلہ رخ ہوئے، اللہ تعالی کی حمد اور کبریائی بیان کی، لا الہ الا اللہ کہا، اور اللہ تعالی کی وحدانیت بیان کی۔ نسائی
جس وقت حج، عمرہ، یا کسی غزوے کے سفر سے واپس ہوتے تو ہر چڑھائی پر تین بار تکبیر کہتے اور پھر فرماتے: (
لا إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ وَحْدَهُ لا شَرِيكَ لَهُ لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ[اللہ کے سوا کوئی معبودِ بر حق نہیں وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں، اسی کی بادشاہی ہے اور اسی کیلیے تعریفیں ہیں، اور وہ ہر چیز پر قادر ہے]) متفق علیہ

نیکیوں کی بہار والے ایام میں لا الہ الا اللہ کا کثرت سے ورد کرنا مستحب ہے، جیسے کہ عشرہ ذو الحجہ کے ایام۔
رسول اللہ ﷺ اپنے خطبے کا آغاز کلمہ توحید سے فرماتے۔
جس وقت آپ ﷺ لوگوں میں گھل مل کر رہتے ہوئے ایسی مجلس میں بیٹھ جاتے جہاں بہت زیادہ باتی ہوئی ہوں تو اپنی جگہ سے اٹھنے سے پہلے فرماتے:(
سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ وَبِحَمْدِكَ، أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ أَسْتَغْفِرُكَ وَأَتُوبُ إِلَيْكَ [یا اللہ! تو پاک ہے اپنی حمد کے ساتھ، میں گواہی دیتا ہوں کہ تیرے سوا کوئی معبود نہیں، میں تجھ سے بخشش کا طلب گار ہوں اور تیری جانب رجوع کرتا ہوں] تو اس مجلس کے گناہ معاف کر دئیے جاتے ہیں) ترمذی

اور (جو شخص رات کے وقت بیدار ہوا اور یہ الفاظ پڑھنے کے بعد دعا مانگی تو اسکی دعا قبول ہوگی، اور اگر وضو کر کے نماز پڑھی تو اس کی نماز بھی قبول ہوگی) بخاری
پریشانی اور دکھ بھرے حالات میں آپ ﷺ فرمایا کرتے تھے: (لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ الْعَظِيمُ الْحَلِيمُ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ رَبُّ السَّمَوَاتِ وَرَبُّ الْأَرْضِ وَرَبُّ الْعَرْشِ الْكَرِيْمِ)[اللہ کے سوا کوئی حقیقی معبود نہیں وہی عظمت والا اور برد بار ہے، اللہ کے سوا کوئی حقیقی معبود نہیں وہی عرش عظیم کا پروردگار ہے، اللہ کے سوا کوئی معبود بر حق نہیں وہی آسمانوں اور زمین کا پروردگار ہے، وہی عرش کریم کا پروردگار ہے] متفق علیہ
اللہ تعالی سے مانگنے سے قبل ثنائے الہی دعا کی قبولیت کا سبب ہے، فرمانِ باری تعالی ہے: {وَذَا النُّونِ إِذْ ذَهَبَ مُغَاضِبًا فَظَنَّ أَنْ لَنْ نَقْدِرَ عَلَيْهِ فَنَادَى فِي الظُّلُمَاتِ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ سُبْحَانَكَ إِنِّي كُنْتُ مِنَ الظَّالِمِينَ[87] فَاسْتَجَبْنَا لَهُ وَنَجَّيْنَاهُ مِنَ الْغَمِّ وَكَذَلِكَ نُنْجِي الْمُؤْمِنِينَ} مچھلی والے [یونس علیہ السلام] کو یاد کرو! جبکہ وہ غصہ سے چل دیئے اور خیال کیا کہ ہم اسے نہ پکڑ سکیں گے، بالا آخر وہ اندھیروں کے اندر سے پکار اٹھا: الٰہی تیرے سوا کوئی معبود نہیں تو پاک ہے بیشک میں ہی ظالموں میں سے تھا [87] تو ہم نے اس کی پکار سن لی اور اسے غم سے نجات دے دی اور ہم ایمان والوں کو اسی طرح بچا لیا کرتے ہیں ۔[الأنبياء: 87-88]آپ ﷺ کا فرمان ہے: (کوئی بھی مسلمان اپنی کسی بھی ضرورت میں ان الفاظ کے ذریعے مانگے تو اس کی دعا قبول ہوتی ہے) ترمذی
کلمہ توحید غیر اللہ کی قسم اٹھانے کا کفارہ ہے، آپ ﷺ کا فرمان ہے: (جو شخص قسم اٹھاتے ہوئے کہہ دے: لات اور عزی کی قسم، تو وہ [اس کے کفارے میں ] کہے: لا الہ الا اللہ) متفق علیہ
قریب المرگ کو کلمے کی تلقین کرنا مستحب ہے، آپ ﷺ کا فرمان ہے: (اپنے مردوں کو لا الہ الا اللہ کی تلقین کرو) مسلم
اگر کوئی شخص کافر ہے تو اسے بھی کلمہ پڑھنے کی دعوت دی جائے گی چاہے وہ قریب المرگ ہی کیوں نہ ہو، (جس وقت ابو طالب کی وفات کا وقت آیا تو نبی ﷺ نے ان سے فرمایا: "چچا لا الہ الا اللہ کہہ دو؛ اس کی وجہ سے میں تمہاری اللہ تعالی کے ہاں گواہی دوں گا") مسلم
ان تمام تر تفصیلات کے بعد: مسلمانو!
عزت اور غلبہ عقیدہ توحید میں ہے، سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: "ہم ایسی قوم ہیں کہ اللہ تعالی نے ہمیں اسلام کی وجہ سے عزت بخشی" کلمے کی گواہی عزت اور غلبے کا پتہ ہے، اور ایسی بات میں کوئی خیر نہیں جس کی پاسداری خود اپنا عمل نہ کرے، جس شخص نے اپنی زبان سے کلمہ نہیں پڑھا تو اس سے دنیا و آخرت کی لذتیں چوک گئیں، مسلمانوں کی ترقی اور تنزلی کا دارو مدار اس کلمے کے ساتھ قولی اور عملی لگاؤ پر ہے، کلمہ ہی اللہ تعالی کے ہاں معیار ہے، چنانچہ اگر کلمے کی جڑیں پختہ ہیں تو اللہ تعالی ان سے راضی ہے، وہ خود بھی معزز اور عالی مرتبت ہوں گے، اور اگر کلمے کی جڑیں کچی ہیں تو وہ اللہ تعالی سے دور اور کمزور ہوں گے۔

أَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيْمِ: {فَاعْلَمْ أَنَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَاسْتَغْفِرْ لِذَنْبِكَ وَلِلْمُؤْمِنِينَ وَالْمُؤْمِنَاتِ وَاللَّهُ يَعْلَمُ مُتَقَلَّبَكُمْ وَمَثْوَاكُمْ} ذہن نشین کر لو: اللہ کے سوا کوئی الٰہ نہیں اور اپنے لئے نیز مومن مردوں و خواتین کے لئے بھی گناہ کی معافی طلب کری۔ اللہ تو تمہارے چلنے پھرنے کے مقامات کو بھی جانتا اور آخری ٹھکانے کو بھی۔ [محمد: 19]
اللہ تعالی میرے اور آپ سب کیلیے قرآن مجید کو خیر و برکت والا بنائے، مجھے اور آپ سب کو ذکرِ حکیم کی آیات سے مستفید ہونے کی توفیق دے، میں اپنی بات کو اسی پر ختم کرتے ہوئے اللہ سے اپنے اور تمام مسلمانوں کے گناہوں کی بخشش چاہتا ہوں، تم بھی اسی سے بخشش مانگو، بیشک وہی بخشنے والا اور نہایت رحم کرنے والا ہے۔
دوسرا خطبہ
تمام تعریفیں اللہ کیلیے ہیں کہ اس نے ہم پر احسان کیا ، اسی کے شکر گزار بھی ہیں کہ اس نے ہمیں نیکی کی توفیق دی، میں اس کی عظمت اور شان کا اقرار کرتے ہوئے گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے علاوہ کوئی معبود بر حق نہیں وہ یکتا اور اکیلا ہے ، اور یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ محمد اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں ، اللہ تعالی ان پر ، ان کی آل و صحابہ کرام پر ڈھیروں رحمتیں و سلامتی نازل فرمائے۔
مسلمانو!
کلمہ توحید کا معنی جاننا ،اس پر عمل کرنا اور اس سے متصادم یا مخالف چیزوں سے دور رہنا اجماعی طور پر شرط ہے تا کہ کلمہ توحید کے بدلے میں نصوص سے ثابت شدہ مقاصد حاصل ہو سکیں ، چنانچہ اس کا معنی یہ ہے کہ اللہ کے سوا ہر کسی سے الوہیت کی نفی کر کے صرف اللہ کیلیے الوہیت ثابت کریں، کفارِ قریش اسی چیز کا انکار کرتے تھے، فرمانِ باری تعالی ہے: {
إِنَّهُمْ كَانُوا إِذَا قِيلَ لَهُمْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ يَسْتَكْبِرُونَ} انہیں جب یہ کہا جاتا ہے کہ '' اللہ کے سوا کوئی الٰہ نہیں '' تو وہ اکڑ بیٹھتے تھے۔ [الصافات: 35]اس لیے صرف توحیدِ ربوبیت کا اقرار ان کیلیے فائدہ مند نہیں ہوا۔

جو بھی کلمہ توحید کا معنی جس قدر جانتا ہو گا کلمہ توحید اس کے میزان اعمال میں اتنا ہی وزنی ہو گا، کلمہ توحید کی شرائط پوری کرنے میں لوگوں کے مختلف درجات ہیں، صرف ایک اللہ کی عبادت کلمہ توحید کی روح اور راز ہے، لہذا اگر کوئی شخص کسی مخلوق کو اللہ تعالی کے حق اور عبادت میں شریک ٹھہرائے تو وہ اپنے لا الہ الا اللہ کے عہد کو توڑ رہا ہے۔
نیک بخت ہے وہ شخص جو مرتے دم تک اپنے عقیدہ توحید کی حفاظت کرے کہ اس کا ایمان کسی ناقض کی وجہ سے نہ ٹوٹے، یا اس میں کمی نہ آئے، اللہ تعالی کے نیک بندوں کی ہمیشہ یہی خواہش ہوتی ہے: {
تَوَفَّنِي مُسْلِمًا وَأَلْحِقْنِي بِالصَّالِحِينَ}مجھے مسلمانی کی حالات میں فوت فرما، اور مجھے نیک لوگوں سے ملا دے۔ [يوسف: 101]

یہ بات جان لو کہ اللہ تعالی نے تمہیں اپنے نبی پر درود و سلام پڑھنے کا حکم دیا اور فرمایا: {إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا} اللہ اور اس کے فرشتے نبی پر درود بھیجتے ہیں۔ اے ایمان والو! تم بھی ان پر درود و سلام بھیجا کرو۔ [الأحزاب: 56]
اللهم صل وسلم وبارك على نبينا محمد، یا اللہ! حق اور انصاف کے ساتھ فیصلے کرنے والے خلفائے راشدین: ابو بکر ، عمر، عثمان، علی سمیت بقیہ تمام صحابہ سے راضی ہو جا؛ یا اللہ !اپنے رحم و کرم اور جو د و سخا کے صدقے ہم سے بھی راضی ہو جا، یا اکرم الاکرمین!
یا اللہ !اسلام اور مسلمانوں کو غلبہ عطا فرما، شرک اور مشرکوں کو ذلیل فرما، یا اللہ !دین کے دشمنوں کو نیست و نابود فرما، یا اللہ! اس ملک کو اور مسلمانوں کے تمام ممالک کو خوشحال اور امن کا گہوارہ بنا دے۔
یا اللہ! ہماری سرحدوں کو پر امن بنا، ہمارے ملک کی حفاظت فرما، ہمارے فوجیوں کو ثابت قدم بنا، اور ان کی دشمنوں کے خلاف مدد فرما، یا رب العالمین! یا اللہ! ان کیلیے اجرو ثواب لکھ دے، یا عزیز! یا غفار! یا ذو الجلال و الاکرام!
یا اللہ! ہمارے حکمران کو تیری رہنمائی کے مطابق توفیق عطا فرما، اور ان کے سارے اعمال اپنی رضا کیلیے مختص فرما، یا اللہ! تمام مسلم حکمرانوں کو تیری کتاب پر عمل کرنے اور نفاذِ شریعت کی توفیق عطا فرما، یا ذو الجلال و الاکرام!
یا اللہ! تو ہی اللہ ہے اور تیرے سوا کوئی معبودِ بر حق نہیں، تو غنی ہے ہم فقیر ہیں، ہمیں بارش عطا فرما، اور ہمیں مایوس مت فرما، یا اللہ! ہمیں بارش عطا فرما، یا اللہ! ہمیں بارش عطا فرما، یا اللہ! ہمیں بارش عطا فرما۔
یا اللہ! ہم نے اپنی جانوں پر ظلم ڈھائے اگر تو ہمیں نہ بخشے تو ہم خسارہ پانے والوں میں سے ہو جائیں گے۔
یا اللہ! ہمیں زندہ رکھ تو اسلام پر، ہمیں موت آئے تو اسلام پر، یا اللہ! ہمیں بغیر کسی رسوائی اور آزمائش کے نیک لوگوں میں شامل فرما دے۔
ہمارے پروردگار! ہمیں دنیا اور آخرت میں بھلائی عطا فرما، اور ہمیں جہنم کے عذاب سے محفوظ فرما۔
اللہ کے بندو!
{
إِنَّ اللَّهَ يَأْمُرُ بِالْعَدْلِ وَالْإِحْسَانِ وَإِيتَاءِ ذِي الْقُرْبَى وَيَنْهَى عَنِ الْفَحْشَاءِ وَالْمُنْكَرِ وَالْبَغْيِ يَعِظُكُمْ لَعَلَّكُمْ تَذَكَّرُونَ} اللہ تعالی تمہیں عدل، احسان اور قرابت داروں کو دینے کا حکم دیتا ہے اور بے حیائی، برے کام اور سرکشی سے منع کرتا ہے۔ وہ تمہیں اس لئے نصیحت کرتا ہے کہ تم اسے [قبول کرو]اور یاد رکھو۔ [النحل: 90]

تم عظیم و جلیل اللہ کا ذکر کرو وہ تمہیں یاد رکھے گا، اللہ تعالی کی نعمتوں کا شکر ادا کرو تو وہ اور زیادہ دے گا ،یقیناً اللہ کا ذکر بہت بڑی عبادت ہے ، تم جو بھی کرتے ہو اللہ تعالی جانتا ہے ۔
 
Last edited:

اسحاق سلفی

فعال رکن
رکن انتظامیہ
شمولیت
اگست 25، 2014
پیغامات
6,372
ری ایکشن اسکور
2,562
پوائنٹ
791
Top