• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

نعت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

شمولیت
جولائی 25، 2020
پیغامات
1
ری ایکشن اسکور
0
پوائنٹ
9
ظہیراحمد کی لکھی ہوئی ایک نعت
٭٭٭

وہ ایک شخص دو عالم کی سروری والا
شعور دے گیا شاہوں کو سادگی والا

ہزاروں چاند ستارے وہ کرگیا روشن
وہ اک چراغ تھا سورج کی روشنی والا

وہ مُہر ِختمِ نبوت ، وہ حرفِ آخرِ حق
وہ اک رسول رسولوں میں آخری والا

قریبِ عرش خدا سے وہ محوِ راز و نیاز!
زمیں پہ نقشِ اطاعت وہ بندگی والا

نگار خانۂ سیرت کا شاہکارِ ہے وہ!
وہ نقشِ خاص خدا کی مصوری والا

کھڑا ہے راہِ خدا میں وہ خلق سے آگے
علَم اٹھائے ہوئے شانِ رہبری والا

ہر ایک چشمۂ عرفاں اُسی سے نکلا ہے
وہی ہے منبعِ اعجاز آگہی والا

شعار اُس کا ہے معراجِ خُلقِ نوعِ بشر
سلوک اُس کا ہے تکریمِ آدمی والا

شعاعِ نورِ ہدایت ہے اُس کی ہر تعلیم
دلوں سے داغ مٹاتی ہے تیرگی والا

وہ بدنصیب جو منکر ہیں اُس کی سنّت کے
مزاج رکھتے ہیں خواہش کی پیروی والا

کٹاؤ گردنِ پندار اُس کے لفظوں پر
پیامِ احمدِ مرسل ہے زندگی والا

مرا امام ہے لوگو وہ انبیاء کا امام
زمانے بھر میں نہیں جس کی ہمسری والا

۔ ق ۔

عدن بناگیا مسجد کو اپنے سجدوں سے
مکینِ خاص مدینے کی اک گلی والا

بڑے ادب سے اُس اُمّی لقب کے قدموں میں
قلم بھی رکھتا ہے قرطاس عاجزی والا

سخن تو حسبِ مراتب نہیں ظہیرؔ کے پاس
درودِ سادہ ہے لیکن یہ شاعری والا

الہٰی جب بھی فرشتے پڑھیں صلوٰۃ و سلام
مرا سلام بھی پہنچے یہ بے بسی والا

بنادے میرا ٹھکانا بھی اِس کی مٹی میں
نبی کے شہر میں آیا ہے بے گھری والا

٭٭٭

(ظہیرؔ احمد )
بشکریہ اردو ویب​
 
Top