• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں انتخابات کی کہانیاں

کنعان

فعال رکن
شمولیت
جون 29، 2011
پیغامات
3,564
ری ایکشن اسکور
4,423
پوائنٹ
521
پاکستان میں انتخابات کی کہانیاں​
وسعت اللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
آخری وقت اشاعت: اتوار 2 جون 2013


پاکستان کے انتخابات کی تاریخ پاکستان سے بھی پہلے شروع ہوتی ہے جب دسمبر انیس سو پینتالیس 1945 میں جداگانہ بنیادوں پر ہندوستان کی مرکزی آئین ساز اسمبلی کے انتخابات ہوئے اور کانگریس نے اسی فیصد سے زائد غیر مسلم نشستیں اور مسلم لیگ نے تیس کی تیس مخصوص مسلم نشستیں پاکستان کے نام پر جیت لیں۔

اس کے علاوہ مسلم لیگ نے صوبہ سرحد کو چھوڑ کر دیگر مسلم اکثریتی صوبوں میں بھی اچھی خاصی نشستیں حاصل کرلیں۔ لیکن یہ انتخابات ون مین ون ووٹ کی بنیاد پر نہیں تھے۔ بلکہ ووٹر بننے کے لئے صاحبِ جائیداد یا ٹیکس دھندہ ہونے کی شرط تھی۔ ہر ایرا غیرا ووٹ نہیں دے سکتا تھا۔

پاکستان کی پہلی انہتر 69 رکنی قانون ساز اسمبلی انہی مسلم اور چند مقامی غیر مسلم نمائندوں کو ملا کر بنائی گئی تھی۔ ان میں سے چوالیس 44 کا مشرقی بنگال سے، سترہ 77 کا مغربی پنجاب سے ، چار 4 کا سندھ سے، تین 3 کا صوبہ سرحد سے اور ایک کا کوئٹہ میونسپلٹی سے تعلق تھا (اس وقت بلوچستان کا وجود نہیں تھا۔ اور ریاست قلات پاکستان میں شامل نہیں تھی)۔

پاکستان بننے کے بعد پہلے انتخابات مارچ انیس سو اکیاون 1951 میں پنجاب اسمبلی کی ایک سو ستانوے 197 نشستوں کے لیے ہوئے۔ جن میں سات 7 جماعتوں نے حصہ لیا اور ووٹرز لسٹ میں صرف ایک ملین ووٹر تھے۔ لیکن ان انتخابات میں ووٹنگ کی شرح تیس فیصد سے بھی کم رہی۔ دسمبر انیس سو اکیاون 1951 میں سرحد اسمبلی کے، مئی تریپن میں سندھ اسمبلی کے انتخابات ہوئے جن میں مسلم لیگ کو اکثریت حاصل ہوئی۔

البتہ اپریل انیس سو چون 1954 میں جب مشرقی پاکستان اسمبلی کے انتخابات ہوئے تو بنگالی قوم پرست جماعتوں کے اتحاد جگتو فرنٹ کے ہاتھوں مسلم لیگ کو پہلی بھر پور انتخابی زک پہنچی کیونکہ مسلم لیگ بنگلہ کو قومی زبان کا درجہ دینے کے حق میں نہیں تھی۔
انیس سو اکیاون 1951 سے چون 54 تک کے عرصے میں ہونے والے ان انتخابات کا معیار کیا تھا اس کا اندازہ جھرلو کی اصطلاح سے ہو سکتا ہے جو پہلے پہل پنجاب اسمبلی کے انتخابات میں دھاندلی کی نشاندھی کے لیے استعمال ہوئی۔

انیس سو چھپن 1956 میں انتخابی اصلاحات کی تجاویز دینے والے سرکاری کمیشن نے اعتراف کیا کہ پاکستان بننے کے بعد سات برس کے عرصے جتنے بھی صوبائی انتخابات ہوئے وہ جعل سازی، فراڈ اور مذاق سے زیادہ نہیں تھے۔

اور پھر انہی منتخب صوبائی اسمبلیوں نے انیس سو چون 1954 میں پاکستان کی دوسری مجلسِ قانون ساز تشکیل دی جس نے ون یونٹ نظام کے تحت انیس سو چھپن 1956 کا پہلا آئین بنایا۔ یہ اسمبلی اسی ارکان پر مشتمل تھی یعنی ملک کے دونوں حصوں سے چالیس چالیس ارکان لیے گئے تھے۔ آئین کے تحت ملک میں پہلی مرتبہ ایک تین رکنی الیکشن کمیشن تشکیل دیا۔

لیکن اس سے پہلے کہ یہ الیکشن کمیشن انتخابات کرا پاتا۔ صدر میجر جنرل سکندر مرزا نے جنرل ایوب خان کی مدد سے سات اکتوبر انیس سو اٹھاون کو مارشل لا لگا کر آئین، اسمبلی اور الیکشن کمیشن کو ہی لپیٹ دیا۔ اور پھر بیس روز بعد جنرل ایوب نے سکندر مرزا کی بساط لپیٹ دی۔ بہت سے سیاستداں اور اسمبلی ارکان کو سات برس کے لیے نا اہل قرار دے دیا گیا۔ ایک اور آئینی کمیشن بنا جس نے سن باسٹھ کا صدارتی آئین بنایا۔

بنیادی جمہوریت کے انتخابات

انیس سو باسٹھ 1962 کے آئین کے تحت ایک سو چھپن 156 ارکان پر مشتمل جو قومی اسمبلی تین 3 برس کے لیے وجود میں آئی، اس کا چناؤ عوام نے نہیں بلکہ صدر ایوب کے بنیادی جمہوریتی نظام کے تحت عوامی ووٹ سے بننے والے اسی ہزار بیسک ڈیموکریٹس نے کیا۔ بعد ازاں آئین میں ترمیم کرکے اسمبلی کے ارکان کی تعداد دو سو اٹھارہ 218 اور الیکٹورل کالج (بیسک ڈیموکریٹس) کے ارکان کی تعداد ایک لاکھ بیس ہزار تک کر دی گئی۔

انہی بیسک ڈیمو کریٹس نے جنوری انیس سو پینسٹھ 1965 کے صدارتی انتخاب میں فاطمہ جناح کے مقابلے میں ایوب خان کو ایک اور مدت کے لئے صدر منتخب کیا۔ ایوب خان اس دوڑ میں مسلم لیگ کنونشن کے حمائیت یافتہ تھے۔ جبکہ فاطمہ جناح کی حمائیت کمبائینڈ اپوزیشن پارٹیز نامی پانچ جماعتی اتحاد کر رھا تھا۔ الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کے لئے ایک ماہ کی انتخابی مہم چلانے کی اجازت دی۔

لیکن جب اسٹیبلشمنٹ کو احساس ہوا کہ عام لوگ فاطمہ جناح کو سننے کے لیے جوق در جوق آ رہے ہیں تو پھر الیکشن کمیشن نے ہر فریق کے لیے زیادہ سے زیادہ نو پروجیکشن میٹنگز منعقد کرنے کی حد لگا دی۔ جن میں صرف الیکٹورل کالج کے بیسک ڈیموکریٹس یا صحافی شریک ہو سکتے تھے۔ عوام کو ان اجلاسوں میں آنے کی ممانعت تھی۔
عجیب بات ہے کہ ایوب خان جنہیں عام طور پر ایک لبرل اور سیکولر شخصیت سمجھا جاتا تھا انہوں نے کئی علماء سے عورت کے سربراہ مملکت ہونے کے خلاف فتویٰ لیا۔ جبکہ جماعتِ اسلامی نے کھل کر محترمہ فاطمہ جناح کی حمایت کی۔ ایوب خان کو یہ سہولت بھی حاصل تھی کہ وہ باسٹھ کے آئین کے تحت اس وقت تک صدر رہ سکتے تھے جب تک انکا جانشین منتخب نہ ہو جائے۔

چنانچہ ایوب خان بحثیت صدر پوری سرکاری مشینری اور ہر طرح کا دباؤ برتنے کے بعد حسبِ توقع بھاری اکثریت سے فاطمہ جناح کو ہرانے میں کامیاب ہوگئے۔ اس کے نتیجے میں سیاسی حلقوں میں جو مایوسی پھیلی اس نے تین برس بعد ایوب خان کے خلاف بھرپور ملک گیر ایجی ٹیشن کی بنیاد رکھ دی۔

جاری ھے
 

کنعان

فعال رکن
شمولیت
جون 29، 2011
پیغامات
3,564
ری ایکشن اسکور
4,423
پوائنٹ
521
انیس سو ستر 1970 کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کو پاکستان کی تاریخ کے سب سے شفاف اور غیر جانبدار انتخابات قرار دیا جاتا ہے۔

پچیس مارچ انیس سو انہتر 1969 کو جب جنرل یحیٰی خان نے ایوب خان کو ایجی ٹیشن کے نتیجے میں آئین سمیت معزول کر کے ون یونٹ توڑ دیا تو ساتھ ہی یہ اعلان بھی کر دیا کہ پہلی دفعہ بالغ رائے دہی کی بنیاد پر ایک آدمی ایک ووٹ کے اصول کے تحت اکتوبر انیس سوستر میں انتخابات منعقد ہوں گے جن میں کسی بھی سیاسی جماعت کو حصہ لینے کی آزادی ہوگی۔

جسٹس عبدالستار کی سربراہی میں ایک انتخابی کمیشن تشکیل دیا گیا۔ اکیس برس سے زائد عمر کے پانچ کروڑ ستر لاکھ ووٹروں کی فہرستیں بنیں۔ لیگل فریم ورک آرڈر کے تحت قومی و صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندی ہوئی اور اٹھائیس سیاسی جماعتوں نے یکم جنوری انیس سو ستر 1970 سے تین سو نشستوں پر مشتمل قومی اسمبلی کے لئے انتخابی مہم شروع کی۔ نئی اسمبلی میں ایک سو باسٹھ نشستیں مشرقی پاکستان کے لئے اور ایک سو اڑتیس مغربی پاکستان کے چاروں صوبوں کے لئے مختص کی گئیں۔

لیکن کوئی ایک جماعت بھی ایسی نہیں تھی جس نے ساری نشستوں پر انتخاب لڑا ہو۔ عوامی لیگ نے سب سے زیادہ یعنی ایک سو ستر امیدوار کھڑے کئے جن میں سے ایک سو باسٹھ مشرقی پاکستان سے انتخاب لڑ رہے تھے۔

عوامی لیگ کے بعد امیدواروں کی تعداد کے حساب سے دوسری بڑی پارٹی جماعتِ اسلامی تھی جس نے قومی اسمبلی کے لئے ایک سو پچپن امیدوار کھڑے کئے۔ خان عبد القیوم خان کی مسلم لیگ نے ایک سو تینتیس ، کنونشن مسلم لیگ نے ایک سو چوبیس اور کونسل مسلم لیگ نے ایک سو انیس امیدوار کھڑے کیے۔

جبکہ ذوالفقار علی بھٹو کی پیپلز پارٹی نے ایک سو بیس امیدواروں کو ٹکٹ دیئے۔ جن میں سے ایک سو تین پنجاب اور سندھ میں اور سترہ صوبہ سرحد اور بلوچستان میں تھے۔ مشرقی پاکستان سے پیپلز پارٹی کا ایک بھی امیدوار نہیں کھڑا ہوا۔

انیس سو ستتر

انیس سو ستر 1977 کے انتخابات کے نتیجے میں مغربی پاکستان کے نمائندوں پر مشتمل جو پارلیمنٹ وجود میں آئی۔ اس نے سب سے اہم کام یہ کیا کہ آئین بنایا اور یہ آئین چودہ اگست انیس سو تہتر 1973 سے نافذ ہوگیا۔ ایک دن بعد ایمرجنسی لگا دی گئی اور بنیادی حقوق معطل کر دیئے گئے۔ اس پارلیمنٹ کی پانچ سالہ مدت دسمبر انیس سو ستتر تک تھی تاہم وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو کو انٹیلی جینس ایجنسیوں اور انکے چند قریبی رفقا نے مشورہ دیا کہ حالات قبل از وقت انتخابات کے لئے سازگار ہیں کیونکہ حزبِ اختلاف انتشار میں مبتلا ہے۔

چنانچہ وزیرِ اعظم نے سات جنوری انیس سو ستتر 1977 کو اعلان کیا کہ قومی اسمبلی کے انتخابات سات مارچ کو اور صوبائی اسمبلیوں کے دس مارچ کو ہوں گے۔ اس اعلان کے چار روز بعد جب یہ خبر آئی کہ حزبِ اختلاف کی نو جماعتوں نے پاکستان قومی اتحاد بنا لیا ہے تو حکومت ششدر رہ گئی۔ قومی اتحاد نے بلوچستان میں جاری فوجی آپریشن کے خلاف بطور احتجاج صوبے میں انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔ حکمراں پیپلز پارٹی کے انیس امیدوار بشمول وزیرِ اعظم بلا مقابلہ کامیاب ہوگئے۔ لیکن یہ سب جن حالات میں منتخب ہوئے اس سے بھٹو حکومت کے بارے میں کوئی بہتر سیاسی تاثر نہیں ابھرا۔

جاری ھے
 

کنعان

فعال رکن
شمولیت
جون 29، 2011
پیغامات
3,564
ری ایکشن اسکور
4,423
پوائنٹ
521
سات مارچ کو قومی اسمبلی کے انتخابات ہوئے اور جب نتائج آنے شروع ہوئے تو سیاسی ماحول کو دیکھتے ہوئے کسی کو بھی یقین نہ آیا۔ پیپلز پارٹی نے ایک سو پچپن نشستیں جیت لیں جن میں بلوچستان کی ساتوں نشستیں بھی شامل تھیں حالانکہ وہاں فوجی آپریشن جاری تھا۔جبکہ پاکستان نیشنل الائنس یا پی این اے کو چھتیس نشستیں ملیں۔

سرکاری طور پر کہا گیا کہ ٹرن آؤٹ تریسٹھ فیصد رھا اور کل ڈالے گئے ووٹوں میں سے اٹھاون فیصد ووٹ پیپلز پارٹی کو پڑے۔ ان حالات میں پی این اے نے دس مارچ کے صوبائی انتخابات کا بائیکاٹ کر دیا اور شہروں میں حکومت کے خلاف بھرپور تحریک شروع ہوگئی۔ خاصی خونریزی کے بعد جولائی کے پہلے ہفتے میں پی این اے اور بھٹو حکومت میں سمجھوتہ ہو گیا کہ آنے والے اکتوبر میں ایک نمائندہ عبوری حکومت کے تحت دوبارہ انتخابات کرائے جائیں گے۔ لیکن پانچ جولائی کی صبح جنرل ضیا الحق نے مارشل لاء نافذ کردیا۔

انیس سو ستتر 1977 کے انتخابات کے بارے میں اس وقت کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس سجاد احمد جان ( وسیم سجاد کے والد) نے بعد میں یہ تبصرہ کیا کہ حکمراں جماعت کے امیدواروں نے اپنی مقتدر پوزیشن اور سرکاری مشینری کے اندھا دھند استعمال سے انتخابی عمل کو تباہ کر دیا۔

فروری انیس سو پچاسی 1985 میں جنرل ضیاء الحق کے مارشل لاء کے سائے میں ملک میں پہلی بار غیر جماعتی پارلیمانی انتخابات منعقد ہوئے۔

اس سے قبل ضیاء الحق جو نوے دن میں اقتدار کی عوام کو منتقلی کے وعدے پر مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر بنے تھے انہوں نے دو مرتبہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرکے انہیں منسوخ کر دیا تھا۔ کیونکہ بقول ان کے وہ ایسی انتخابی فضاء قائم کرنا چاہتے تھے جس میں مثبت نتائج حاصل ہو سکیں اور منتخب نمائندوں کا قبلہ بھی درست ہو۔

حزبِ اختلاف کے اتحاد ایم آر ڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریفرنڈم کا مکمل بائیکاٹ کریں۔ شاعرِ عوام حبیب جالب نے ریفرنڈم کے دن کے بارے میں کہا: شہر میں ہو کا عالم تھا

جن تھا یا ریفرنڈم تھا

تاہم اسلام آباد سے الیکشن کمیشن نے اعلان کیا کہ ریفرنڈم میں ڈالے گئے نوے فیصد سے زائد ووٹ صدر ضیا الحق کے حق میں پڑے ہیں۔ ریفرنڈم کے بعد صدر نے اعلان کیا کہ قومی اور صوبائی انتخابات با لترتیب پچیس اور اٹھائیس فروری انیس سو پچاسی کو منعقد ہوں گے۔ انتخابات کو غیر جماعتی رکھنے کے لئے ایک آئینی ترمیم کا حکم نامہ جاری کیا گیا۔ ہر امیدوار کے لیے لازم تھا کہ وہ پچاس افراد کے تائیدی دستخط ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش کرے۔ اس مقصد کے لیے پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ مجریہ انیس سو باسٹھ میں ترمیم کی گئی۔ ایم آر ڈی نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔ اسکے باوجود ووٹروں کی اچھی خاصی تعداد نے حصہ لیا۔ سرکاری طور پر قومی اسمبلی کے لیے پڑنے والے ووٹوں کی شرح تقریباً چون فیصد اور صوبائی پولنگ کی شرح ستاون فیصد سے زائد رہی۔

ان انتخابات کے نتیجے میں خاصے نئے چہرے سامنے آئے۔ محمد خان جونیجو کو وزیرِ اعظم چنا گیا۔ پارلیمنٹ نے آٹھویں ترمیم کے ذریعے ضیاء الحق کے تمام مارشل لاء احکامات کو آئینی تحفظ دیا اور انہیں اٹھاون ٹو بی کے تحت پارلیمنٹ اور حکومت کو ختم کرنے کے صوابدیدی اختیارات بھی دے دیئے۔ اس کے علاوہ اس غیر جماعتی پارلیمنٹ میں اس مسلم لیگ کا جنم ہوا جو آج تک کسی نہ کسی شکل میں فوجی اسٹیبلشمنٹ کا سیاسی چہرہ بنی ہوئی ہے۔

انیس سو اٹھاسی

سترہ اگست انیس سو اٹھاسی کو صدر جنرل ضیاء الحق اپنے غیر جماعتی نظام سمیت طیارے کے حادثے میں ہلاک ہو گئے اور سینیٹ کے چیئرمین غلام اسحاق خان نے قائم مقام صدارت اور جنرل مرزا اسلم بیگ نے فوج کی کمان سنبھالی۔

نئی حکومت نے سولہ نومبر کو قومی اور انیس نومبر کو صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کا اعلان کیا۔ سن ستتر کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ پیپلز پارٹی باقاعدہ کسی قومی انتخاب میں حصہ لے رہی تھی۔ اس خدشے کے پیشِ نظر کہ پیپلز پارٹی اکثریت سے کامیاب نہ ہو جائے، اسٹیبلشمنٹ نے پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ اور مسلم لیگ کے سربراہ میاں نواز شریف کی قیادت میں ایک نو جماعتی اسلامی جمہوری اتحاد بنوایا۔ نتیجہ ایک معلق پارلیمنٹ کی صورت میں نکلا۔ پیپلز پارٹی کو ترانوے اور آئی جے آئی کو چون ، ایم کیو ایم کو تیرہ، جے یو آئی (ایف) کو سات اور اے این پی کو دو نشستیں ملیں۔ ووٹنگ کی شرح تینتالیس فیصد بتائی گئی۔ کل اڑتیس جماعتوں نے انتخابات میں شرکت کی۔

صدر غلام اسحاق خان نے ان شرائط کے تحت بے نظیر بھٹو کو حکومت سازی کی دعوت دی کہ وہ افغان اور کشمیر پالیسی اور ایٹمی پالیسی میں مداخلت نہیں کریں گی۔ خارجہ پالیسی کے تسلسل کے لئے صاحبزادہ یعقوب علی خان کو وزیرِ خارجہ کا قلمدان دیں گی اور صدارتی انتخاب میں غلام اسحاق خان کی حمایت کریں گی۔ بے نظیر بھٹو نے ایم کیو ایم، فاٹا ارکان اور کچھ آزاد امیدواروں کی مدد سے حکومت تشکیل دی اور کسی مسلمان ملک کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ پھر پاکستانی سیاست نے یہ دن بھی دیکھا کہ نوابزادہ نصراللہ خان کے مقابلے میں جنرل ضیاء الحق کے دستِ راست غلام اسحاق خان پیپلز پارٹی اور آئی جے آئی کے مشترکہ امیدوار کے طور پر پانچ برس کی مدت کے لیے صدر منتخب کر لیے گئے۔ لیکن بے نظیر اور غلام اسحاق خان میں مسلح افواج کے سربرا ہوں اور ججوں کی تقرری کے معاملے پر اختلافات اتنے بڑھے کہ چھ اگست انیس سو نوے 1990 کو صدر نے اٹھاون ٹو بی کے تحت بے نظیر حکومت کو بدعنوانی اور نااہلی کا مرتکب قرار دے کر برخاست کردیا۔

انیس سو نوے

بے نظیر حکومت کی برطرفی کے بعد جب ان کے سیاسی مخالف غلام مصطفیٰ جتوئی کو نگراں وزیرِ اعظم بنایا گیا تو اسی وقت ہوا کے رخ کا اندازہ ہو گیا کہ چوبیس اکتوبر کو ہونے والے مڈ ٹرم انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ اقتدار کی ہوا کو کس طرف لے جانا چاہتی ہے۔ چنانچہ جب انتخابی نتائج سامنے آنے شروع ہوئے تو بات واضح ہوگئی۔ نواز شریف کے اسلامی جمہوری اتحاد کو قومی اسمبلی کی ایک سو چھ اور پیپلز پارٹی کو چوالیس نشستیں ملیں۔ ووٹنگ کی شرح تقریباً چھیالیس فیصد بتائی گئی۔ اڑتالیس جماعتوں نے انتخابات میں حصہ لیا۔ متعدد غیر ملکی مبصرین نے انتخابی عمل کو غیر شفاف قرار دیا۔

لیکن اٹھاون ٹو بی کے اختیارات سے مسلح صدر اور نئے وزیرِ اعظم نواز شریف کے درمیان جلد ہی بالکل اسی انداز کی کشمکش شروع ہو گئی جو بے نظیر حکومت کے زوال کا سبب بنی تھی۔ یعنی مسلح افواج کے سربراہوں اور ججوں کی تقرری کا معاملہ۔ چنانچہ جب یہ اختلافات سڑک پر آ گئے اور ایوانِ وزیرِ اعظم اور ایوانِ صدر دو متحارب کیمپوں میں تبدیل ہو گئے تو غلام اسحاق خان نے ڈیڑھ برس میں دوسری دفعہ آئینی وار کیا اور انیس اپریل انیس سو ترانوے کو نواز شریف حکومت برطرف کر کے میر بلخ شیر مزاری کو نگراں وزیرِ اعظم نامزد کردیا اور پارلیمانی انتخابات کے لیے چودہ جولائی کی تاریخ مقرر کردی۔ نگراں حکومت میں پیپلز پارٹی کو بھی شمولیت کی دعوت دی گئی اور آصف زرداری سمیت پیپلز پارٹی کے کئی وزراء نے حلف اٹھا لیا۔

جاری ھے
 

کنعان

فعال رکن
شمولیت
جون 29، 2011
پیغامات
3,564
ری ایکشن اسکور
4,423
پوائنٹ
521
نواز شریف نے اٹھاون ٹوبی کے تحت برطرفی کے اقدام کو صدر کی بدنیتی قرار دیتے ہوئے اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

سپریم کورٹ نے چودہ مئی کو برطرف حکومت بحال کردی اور صدر غلام اسحاق خان کے اقدام کو غیر آئینی قرار دے دیا۔ تاہم اس فیصلے کے نتیجے میں کاروبارِ حکومت منجمد ہوگیا۔ چنانچہ فوج کے سربراہ جنرل وحید کاکڑ نے وزیرِ اعظم اور صدر کو رضامند کر لیا کہ وہ بحران کے خاتمے کے لئے سبکدوش ہو جائیں۔ اس سمجھوتے کے تحت معین قریشی نئے نگراں وزیرِ اعظم اور غلام اسحاق خان نگراں صدر بن گئے۔ چھ اکتوبر کو قومی اسمبلی اور نو اکتوبر کو صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ہوئے۔ ایم کیو ایم نے اپنے خلاف فوجی آپریشن کے سبب انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔

کراچی اور حیدرآباد میں امن و امان کا آپریشن شدید تر ہوتا چلا گیا۔ بیس ستمبر انیس سو چھیانوے 1996 کو وزیرِ اعظم کے سگے بھائی مرتضی بھٹو کے قتل سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ جو وزیرِ اعظم اپنے بھائی کو نہ بچا سکی وہ عام آدمی کا تحفظ کیسے کرے گی۔ بالاخر یہ افواہیں پھیلنے لگیں کہ حکومت چند دن کی مہمان ہے اور پھر پانچ نومبر انیس سو چھیانوے 1996 کو ایوانِ صدر سے ایک فیکس وزیرِ اعظم ہاؤس بھیج دیا گیا کہ حکومت اور اسمبلیاں توڑ دی گئی ہیں۔ ملک معراج خالد کو نگراں وزیرِ اعظم بنا دیا گیا ہے جو تین فروری انیس سو ستانوے کو انتخابات کروائیں گے۔

انیس سو ستانوے

اگرچہ فروری ستانوے کے انتخابات اناسی سیاسی جماعتوں نے شرکت کی تاہم ووٹنگ کی شرح پچھلے تمام انتخابات کے مقابلے میں بہت کم رہی یعنی تقریباً چھتیس فیصد۔ البتہ پیپلز پارٹی کا گراف اتنا نیچے گرا کہ اسکی نشستیں نواسی سے کم ہو کر صرف اٹھارہ رہ گئیں جبکہ مسلم لیگ نواز کی نشستیں تہتر سے بڑھ کر ایک سو سینتیس تک پہنچ گئیں۔

اتنی اکثریت سے جیتنے کے بعد نواز شریف کا پہلا وار صدر فاروق لغاری پر ہوا جنہیں اٹھاون ٹو بی کے اختیارات سے محروم کر کے پوپلا صدر بنا دیا گیا۔

دوسرا وار بے نظیر بھٹو اور انکے شوہر پر ہوا جن کے پیچھے سینٹر سیف الرحمان کی سربراہی میں احتساب بیورو چھوڑ دیا گیا۔

تیسرا وار فوج پر ہوا جب جنرل جہانگیر کرامت کو نیشنل سیکورٹی کونسل کی تجویز پیش کرنے پر گھر بٹھا دیا گیا۔

چوتھا وار پارلیمنٹ پر ہوا جب چودھویں اور پندرہویں ترمیم کے ذریعے اسے ربر سٹمپ میں تبدیل کرنے کی کوشش ہوئی۔

پانچواں وار عدلیہ پر ہوا جب چیف جسٹس سجاد علی شاہ سے جان چھڑانے کے لئے سپریم کورٹ کی عمارت پر حملہ ہوا اور برادر ججز دو کیمپوں میں بٹ گئے۔ اسکے نتیجے میں صدر فاروق لغاری اور سجاد علی شاہ کو گھر جانا پڑا اور رفیق تارڑ کو صدر بنا کر شریف حکومت نے اپنی دانست میں آخری قلعہ بھی فتح کرلیا۔

اور پھر چھٹا وار نئے چیف آف سٹاف جنرل پرویز مشرف پر اس وقت ہوا جب وہ ہوا میں معلق تھے۔ لیکن یہ وار خود نواز شریف حکومت پر پڑ گیا اور بارہ اکتوبر انیس سو ننانوے کو پارلیمنٹ سمیت پورے سسٹم کی بساط الٹ گئی۔

دو ہزار دو

جنرل پرویز مشرف نے آتے ہی آئین معطل کر کے سات نکاتی اصلاحی پروگرام پیش کیا۔ سیاسی اور انتظامی ڈھانچے کو نئے انداز میں استوار کرنے اور ملک کو نواز شریف اور بے نظیر بھٹو جیسے مبینہ کرپٹ سیاستدانوں سے نجات دلانے، شفاف احتساب کی روایت ڈالنے اور اختیارات کی مرکزیت ختم کرنے اور نئی قیادت ابھارنے اور معاشرے کو اعتدال پسند اور روشن خیال بنانے کا عزم ظاہر کیا۔پہلے مرحلے میں ڈپٹی کمشنری کے فرسودہ نظام کے بجائے بلدیاتی سطح پر ناظموں کا سسٹم متعارف کروایا گیا تاکہ ایک وفادار سیاسی طبقہ تشکیل دیا جاسکے۔ پھر متعدد لیگی دھڑوں کو پولٹیکل انجینرنگ کے ذریعے ایک منظم سیاسی جماعت مسلم لیگ ق کی شکل دی گئی۔ پھر خود کو ایک جائز آئینی صدر بنوانے کے لئے آئین سے بالا صدارتی ریفرنڈم کا انعقاد کیا گیا۔

تیس اپریل دو ہزار دو 2002 کو ہونے والے اس ریفرنڈم کے لئے جیلوں، ہسپتالوں، پٹرول پمپوں، فیکٹریوں، مارکیٹوں، سکولوں اور دیگر سرکاری عمارات میں ستاسی ہزار پولنگ سٹیشن بنائے گئے۔ جس میں کوئی بھی شخص محض اپنے نام کی شناختی دستاویز دکھا کر ووٹ ڈال سکتا تھا۔ چاہے اسکا نام الیکشن کمیشن کی ووٹر لسٹ میں ہے یا نہیں۔ اس ریفرنڈم میں ایک سوال پوچھا گیا۔

کیا آپ بلدیاتی نظام کی بقا، جمہوریت کے قیام ، اصلاحات کے تسلسل، فرقہ واریت اور انتہا پسندی کے خاتمے اور قائدِ اعظم کے خواب کی تکمیل کے لئے صدر جنرل پرویز مشرف کو پانچ برس کے لئے صدرِ مملکت منتخب کرنا چاہیں گے۔

حزبِ اختلاف کے اتحاد اے آر ڈی نے لوگوں سے ریفرنڈم کے بائیکاٹ کی اپیل کی۔ مگر الیکشن کمیشن کے مطابق اٹھتر ملین ووٹروں میں سے ستر فیصد نے ووٹ ڈالے اور ان میں سے اٹھانوے فیصد نے صدر مشرف کے حق میں فیصلہ دیا۔

ریفرنڈم میں کامیابی کے بعد سترہویں آئینی ترمیم کے تحت دس اکتوبر دو ہزار دو کو پارلیمانی اور صوبائی انتخابات کرانے کا اعلان کیا گیا۔ ووٹر کی عمر اکیس سال سے کم کرکے اٹھارہ سال کی گئی۔ قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد بڑھا کر تین سو بیالیس کی گئی۔ ان میں خواتین کے لئے چھیاسٹھ اور اقلیتوں کے لئے آٹھ نشستیں مختص کی گئیں اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستیں سات سو اٹھائیس کی گئیں۔

اقلیتوں کو انیس سو ستتر کے بعد پہلی دفعہ جنرل نشستوں پر ووٹ ڈالنے کا حق دیا گیا۔ عوامی نمائندگی ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے سزا یافتہ افراد کا امیدوار بننا ممنوع قرار پایا ۔ امیدوار کی کم از کم تعلیمی استعداد بی اے مقرر کی گئی۔ ان انتخابات میں ستتر جماعتوں نے حصہ لیا اور سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ووٹنگ کی شرح تقریباً بیالیس فیصد رہی۔

نتائج کا اعلان کرنے میں غیر معمولی تاخیر کی گئی۔ نتائج کے مطابق مسلم لیگ ق نے قومی اسمبلی کی ایک سو اٹھارہ، پیپلز پارٹی نے اسی، ایم ایم اے نے انسٹھ، مسلم لیگ نواز نے اٹھارہ اور ایم کیو ایم نے سترہ، نیشنل الائنس نے سولہ، مسلم لیگ فنگشنل نے پانچ، مسلم لیگ جونیجو نے تین، پی پی شیر پاؤ نے دو اور باقی جماعتوں نے سات نشستیں حاصل کیں اور یوں ایک اور معلق پارلیمنٹ وجود میں آئی۔

صدرِ مملکت نے نئی اسمبلی کا اجلاس اس وقت تک طلب نہیں کیا جب تک پیپلز پارٹی کے دس ارکانِ اسمبلی ٹوٹ کر صدارتی کیمپ میں نہیں آگئے۔ دس میں سے چھ کو وزیر بنایا گیا۔ فلورکراسنگ کے قانون کو معطل کردیا گیا۔ اسکے باوجود مسلم لیگ ق کی قیادت میں مخلوط حکومت کے وزیرِ اعظم میر ظفر اللہ جمالی ایک ووٹ کی اکثریت سے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب ہو سکے۔

جاری ھے
 

کنعان

فعال رکن
شمولیت
جون 29، 2011
پیغامات
3,564
ری ایکشن اسکور
4,423
پوائنٹ
521
دو ہزار دو 2002 کے انتخابات کے موقع پر یوں لگتا تھا کہ فوج اور سیاست کی ساری ڈوریاں جنرل پرویز مشرف کے مضبوط ہاتھوں میں ہیں اور آئندہ جب بھی انتخابات ہوئے ان میں مشرفی بلدیاتی نظام حکمرانوں کی انتخابی حکمتِ عملی میں ترپ کا پتہ ہوگا۔ مگر کیا کیا جائے کہ طوفان ہمیشہ تب آتا ہے جب سمندر انتہائی پرسکون ہوتا ہے۔ چھبیس اگست دو ہزار چھ کو وہ طوفان نواب اکبر بگٹی کی ہلاکت کی شکل میں آ ہی گیا۔ اس دن کے بعد سے قسمت کے ستارے ایسے پلٹے کہ اونٹ پر بیٹھے مشرف کو بھی کتے نے کاٹ لیا۔ ذہانت سے پھینٹے ہوئے کارڈ بکھرتے چلے گئے۔

نو مارچ دو ہزار سات 2007 کو جانے کس کے مشورے پر مشرف نے اپنے ہی مقرر کردہ چیف جسٹس افتخار چوہدری کو برطرف کر دیا۔

ان کی بحالی کی تحریک چل ہی رہی تھی کہ تین جولائی کو لال مسجد پر چڑھائی ہوگئی اور اس کے بعد یہاں سے وہاں تک خودکش حملوں کا ایسا سلسلہ شروع ہوا جو پھر نا تھم سکا۔

اس کے بعد بھی پرویز مشرف کا خیال تھا کہ جاتی ہوئی پارلیمنٹ انہیں اگلے پانچ برس کے لیے صدر منتخب کر لے گی اور وہ وردی اتارے ہوئے سویلین صدر کے طور پر پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت کر سکیں گے۔ چنانچہ ملک کو صاف ستھری حکومت دینے کا خواب بیچنے والے پرویز مشرف نے خود کو اس حال پر پہنچا دیا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ این آر او کرنا پڑ گیا۔ اس کے بعد خود کو صدر منتخب کروانے کے آئینی اثرات سے چھٹکارا پانے کے لیے انہیں ایمرجنسی لگا کے ججوں کو نظربند کرنا پڑا۔ اور قسمت کی مکڑی نے ان کے گرد اپنا جالا مزید تنگ کر دیا۔

چار و ناچار انہیں انتخابات کا اعلان کرنا پڑا۔ اور بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کی شکل میں جن دو سیاسی حریفوں کو وہ انتخابی عمل سے باہر رکھنا چاہتے تھے وہ یکے بعد دیگرے پاکستان میں لینڈ کر گئے اور پرویز مشرف سوائے بے بسی سے یہ لینڈنگ دیکھنے کے کچھ نا کر سکے۔

اگرچہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز چارٹر آف ڈیموکریسی کے دستخطی تھے لیکن انتخابی میدان کھلتے ہی دونوں کو نا صرف چارٹر آف ڈیموکریسی بلکہ آل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے نام سے قائم کردہ وہ سیاسی اتحاد بھی بھول گیا جس کے پلیٹ فارم سے پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نواز اور جمعیت علمائے اسلام نے مشرف حکومت کے تحت ہونے والے انتخابات میں حصہ نا لینے کا عہد کیا تھا۔ اتحاد میں شامل تحریکِ انصاف ، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی اور جماعتِ اسلامی آخری وقت تک اپنے بائیکاٹ کے عہد پر قائم رہیں۔ جبکہ بلوچستان کی قوم پرست تنظیمیں تو اکبر بگٹی کے قتل کے بعد سے ہی انتخابی عمل میں حصہ نا لینے کا عندیہ دے چکی تھیں۔

بے نظیر بھٹو نے این آر او کے سائے میں زور و شور سے انتخابی مہم شروع کر دی۔ مگر ستائیس دسمبر کو لیاقت باغ راولپنڈی کے باہر ان کے منظر سے ہٹ جانے کی خبر سب ہی کا دل دہلا دیا۔ انتخابی عمل بے معنی ہو کر رھ گیا۔ایسے موقع پر فوج چاہتی تو ماضی کی طرح انتخابی عمل کو غیر معینہ مدت کے لیے آگے بڑھا سکتی تھی لیکن ملک میں امن و امان کی سنگین صورتِ حال اور بیرونی دباؤ نے فوجی قیادت کو کسی بھی مہم جوئی سے باز رکھا۔ اور اس نے سیاسی عمل کو لپیٹنے یا مداخلت کے عمل میں فریق بننا گوارہ نہیں کیا۔

دو ہزار آٹھ 2008 کے انتخابات سے قبل امن و امان کے عمومی حالات بھی بہت خراب تھے۔ اس کا اندازہ یوں ہو سکتا ہے کہ اٹھارہ اکتوبر دو ہزار سات کو جب بے نظیر بھٹو کراچی میں اتریں تب سے اٹھارہ فروری دو ہزار آٹھ تک خود کش حملوں میں پانچ سو سترہ افراد ہلاک ہوئے۔ لیکن انتخابی عمل نہیں رکا۔

حسبِ توقع پاکستان پیپلز پارٹی ایک سو بائیس نشستیں لے کر سب سے بڑی پارلیمانی پارٹی کے طور پر ابھری۔ مسلم لیگ نواز نے بانوے ، مسلم لیگ ق نے 53، ایم کیو ایم نے پچیس ، عوامی نیشنل پارٹی نے تیرہ اور دیگر جماعتوں نے پندرہ نشستیں حاصل کیں ۔ جبکہ اٹھارہ نشستیں آزاد امیدواروں نے جیتیں۔

مذہبی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلسِ عمل جس نے دو ہزار دو 2002 کے انتخابات میں ساٹھ نشستیں حاصل کی تھیں۔ دو ہزار آٹھ 2008 کے انتخابات سے زرا پہلے فوت ہو گئی۔ شائد جن ہاتھوں نے اس اتحاد کو تخلیق کیا تھا ان ہاتھوں نے ایم ایم اے کی کمر سے ہاتھ اٹھا لیا۔

اچھی بات یہ ہوئی کہ ان انتخابات میں خواتین نے پہلے کی نسبت زیادہ جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ اکہتر خواتین امیدواروں نے جنرل نشستوں پر دو بدو مقابلہ کیا۔

اتنخابات کے بعد پیپلز پارٹی نے وسیع تر مفاہمتی پالیسی کا نعرہ لگایا اور سوائے مسلم لیگ ق ( عرف قاتل لیگ) ہر ایک کو اقتدار کی دعوتِ شیراز کا نیوتا بھیجا۔ تاہم مسلم لیگ ن سے اس کا رومانس بہت دیر تک نا چل پایا اور آگے چل کر اسے مسلم لیگ ق کا دامن پکڑنا پڑا۔

رہے پرویز مشرف تو اٹھارہ فروری کے بعد وہ صدارتی محل میں اکیلے ہی گنگناتے رہے اور چند ماہ بعد انہیں گارڈ آف آنر دے کر طیارے میں حسرتوں سمیت سوار کروا دیا گیا۔ اگلے پانچ برس میں عام آدمی کے پاس جمہوریت تو آگئی لیکن ہاتھ اور جیب پہلے سے زیادہ خالی ہو گئے۔

تو یہ ہے پاکستان میں ہونے والے طرح طرح کے انتخابات کی کہانی۔

ح

اختتام
 
Top