• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

(45)فقہ السیرۃ النبویہ Fiqh Us Seerat Un Nabavia (( شق صدر؛ تزکیہ نفس اورطہارت باطن))

شمولیت
نومبر 14، 2018
پیغامات
305
ری ایکشن اسکور
48
پوائنٹ
79
فقہ السیرۃ النبویہ: سیرت طیبہ سے فکری ، دعوتی ، تربیتی ، تنظیمی اور سیاسی رہنمائی

(( حافظ محمد فیاض الیاس الأثری ، ریسرچ فیلو: دارالمعارف لاہور ))


شق صدر؛ تزکیہ نفس اورطہارت باطن


(1) شق صدر سیرت طیبہ کا ایک واقعہ ہی نہیں۔ اس میں امت کے لیے کئی طرح کی رہنمائی موجود ہے۔ شق صدر تزکیہ نفس اور طہارت قلب کا مثالی ربانی انتظام ہے۔ تزکیہ نفس رسول مکرم ﷺ کے فرائض نبوت و رسالت میں شامل ہے۔

(2) تزکیہ نفس اور طہارت باطل و روح کا اصل مرکز قلب ہی ہے۔ جسمانی صحت و تندرستی اور روحانی و فکری تربیت و اصلاح میں دل کی غیر معمولی اہمیت ہے۔

(3) رسول مقبول ﷺ کے فرمان ذی شان کے مطابق جسم کی صحت و مرض اور تندرستی و بگاڑ کا انحصار دل پر ہے۔ دل تندرست ہے تو تمام جسم تندرست ہے۔ دل بیمار ہے تو تمام جسم بیمار ہے۔ (صحیح البخاري: 52، و صحیح مسلم: 1599) ۔

(4) رسول مقبول ﷺ نے تقویٰ کا مرکز واصل قلب و سینے کو قرار دیا۔ آپ نے اپنے سینہ مبارک کی طرف تین بار اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ تقویٰ یہاں ہوتا ہے۔ (صحیح مسلم: 2564، و مسند أحمد: 7727)۔

(5) نیت کی اسلام میں بہت اہمیت ہے ۔اس کا تعلق بھی فکر و قلب ہے۔ اہل علم کے ہاں یہ مسلمہ بات ہے کہ نیت کا محل دل ہے نہ کہ زبان ، نماز اور دیگر عبادات کی نیت کے متعلق تفصیلی بحث شروحات احادیث اور فقہی کتب کا حصہ ہے ،

(6) لفظ قلب اور قلوب قرآن کریم میں بے شمار مقامات پر مذکور ہے،اسی طرح لفظ فواد اور افئدہ۔ان مقامات کا شعوری گہرے مطالعہ سے کثیر نکات کی رہنمائی ملتی ہے۔ اتنے فوائد کہ الفاظ میں ان کا بیان یقینا طویل فہرست اور کثیر وقت کا متقاضی ہے، جس کی یہاں گنجائش نہیں۔

(7) فکر و قلب کا نفاق و مرض ،عمل و کردار کے نفاق سے انتہائی سنگین ہے۔ روحانی و قلبی مرض ،جسمانی و ظاہر ی مرض سے بہت زیادہ مہلک ہے۔ طہارت قلب و باطن کی اہمیت و افادیت، جسمانی و ظاہری طہارت و نفاست سے کئی گنا زیادہ اہم ہے۔

(8) عہد مکی میں تزکیہ نفس، طہارت قلب و باطن ، ایمان و عقیدے کی درستی، باطل افکار و نظریات کی اصلاح اور فکر آخرت پر زیادہ زور دیا گیاہے۔

(9) عہد مکی کا نبوی نصاب تعلیم و تربیت اور دعوت و اصلاح کا نمایاں موضوع اعمال قلوب ہی تھا۔اس حقیقت کے ادراک و فہم کے لیے مکی سورتوں کا تحلیلی و تجزیاتی مطالعہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

(10) قرآن وحدیث میں اخلاص و یقین، تفکر و خشوع، ورع و مراقبہ، توکل و محبت، رجاء و خوف، صبر و رضا، شکر و غیرت، حیا و توکل، ایمان و خشیت پر بہت زور دیا گیا ہے،

(11) ان تمام امور کازیادہ تعلق اعمال قلوب اور فکری وروحانی تعلیم وتربیت سے ہے۔ ان امور کی نبوی تعلیمات اور سیرت طیبہ میں بہت اہمیت بیان کی گئی ہے۔

(12) حدیث مبارکہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نہ تو تمھاری صورتیں دیکھتا ہے اور نہ ہی تمھارے اموال۔ وہ تو تمھارے دل اور تمھارے اعمال دیکھتا ہے۔ (صحیح مسلم: 4559)

(13) نجات آخرت کا دار و مدار اصلاح دل پر ہے۔ (یَوْمَ لاَ یَنْفَعُ مَالٌ وَلاَ بَنُوْنَO اِِلَّا مَنْ اَتَی اللّٰہَ بِقَلْبٍ سَلِیْمٍ) ''جس دن نہ مال کوئی نفع دے گااور نہ اولاد ہی، مگر جو کوئی اللہ کے پاس (شرک و بدعت سے پاک) صحیح سالم دل کے ساتھ حاضر ہوا۔'' (الشعراء 88:26، 89)
""""""""''''''"""""""""""'''''''''''''''"""""""""""""
احباب گرامی ! رسول مقبول کی سیرت طیبہ سے عصر حاضر کی ہمہ گیر رہنمائی اور سیرت النبی سے فکری وعملی مضبوط وابستگی بہت اہمیت وافادیت کی حامل ہے ، اسی حوالے سے سیرت النبی ﷺ کا یہ مقدس سلسلہ شروع کیا گیا ہے،اسے خود بھی پڑھیں، اہل خانہ اور طلبہ کو بھی سنائیں اور ثواب کی نیت سے آگے بھی شیئر کریں
 
Top