- شمولیت
- اپریل 27، 2013
- پیغامات
- 26,584
- ری ایکشن اسکور
- 6,762
- پوائنٹ
- 1,207
فقہ اسلامی کے چند مسائل
ذیل میں قرآن وسنت سے ماخوذ چند فقہی مسائل بیان کئے جاتے ہیں جن سے اندازہ ہوگا کہ فقہ کیا ہے۔ مسائل اور ان کے احکام کس طرح بیان کئے جاتے ہیں۔ قرآن مجید میں ہے:
{یأیہاالذین آمنوا إذا قمتم إلی الصلوٰۃ فاغسلوا وجوہکم وأیدیکم إلی المرافق فامسحوا برؤسکم وأرجلکم إلی الکعبین۔}
اے اہل ایمان! جب تم نماز پڑھنے کے لئے کھڑے ہونے کا ارادہ کرو تو اپنے چہروں کودھو لیا کرو اور اپنے ہاتھوں کوکہنیوں سمیت دھولیا کرو۔ پھر اپنے سر کا مسح کرو اور اپنے پاؤں ٹخنوں سمیت دھو لیا کرو۔
اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ نماز کا آغاز کھڑے ہونے سے ہوتا ہے لیکن اس سے قبل وضوء کا کرنا۔اور وضو سے پہلے نیت کا۔وضو کی ترتیب بھی ملحوظ رکھنا ازروئے آیت فرض ہے۔جسمانی صفائی کے بعد وضوء میں منہ دھونا۔ ہاتھوں کو کہنیوں سمیت دھونا۔ سر کا مسح کرنا۔ پاؤں ٹخنوں سمیت دھونا۔بھی واضح کیا گیا ہے۔
نمازکے لئے قیام کرنا تو ہم نے جان لیا مگر رخ کس طرف کریں گے؟ یہ بھی ہمیں قرآن کریم آگا ہ کرتا ہے : {حیث ما کنتم فولوا وجوہکم شطرہ} کہ تم جہاں کہیں بھی ہونماز پڑھتے وقت اس قبلہ کی طرف رخ کرلیا کرو۔ پھر نماز کی تفاصیل رسول اکرم ﷺ پر چھوڑ دی گئیں کہ آپ ﷺ ہی نماز پڑھ کر دکھا دیں۔ چنانچہ آپ ﷺنے اسی روشنی میں فرمایا: صَلُّوا کَمَا رَأَیْتُمُونِی أُصَلِّیْ۔ تم نماز ویسے پڑھو جیسے مجھے پڑھتا دیکھو۔وضو کی بھی مکمل تفاصیل ہمیں حدیث رسولﷺ میں ملیں گی ۔ یہ وضو سے پہلے یا بعد میں یا بیماری وعذر سے متعلق یہ تفاصیل ہیں۔ان تمام مسائل کے مصادر قرآن وسنت ہیں جو نص کہلاتے ہیں۔سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے شاگردوں کو رسول اکرم ﷺ کے وضو کرنے کا وہ عمل بتایا جو انہوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا۔ روایت میں آتا ہے:
أَنَّہُ دَعَا بِوَضُوئٍ فَتَوَضَّأَ، فَغَسَلَ کَفَّیْہِ ثَلاثَ مَرَّاتٍ ثُمَّ مَضْمَضَ وَاسْتَنْثَرَ ثُمَّ غَسَلَ وَجْہَہُ ثَلاَثَ مَرَّاتٍ ثُمَّ غَسَلَ یَدَہُ الْیُمْنٰی إِلٰی الْمَرَافِقِ ثَلاثَ مَرَّاتٍ ثُمَّ غَسَلَ یَدَہُ الْیُسْرٰی مِثْلَ ذَلِکَ، ثُمَّ مَسَحَ رَأْسَہُ ثُمَّ غَسَلَ رِجْلَہُ الْیُمْنٰی إِلَی الْکَعْبَیْنِ ثَلاَثَ مَرَّاتٍ ثُمَّ غَسَلَ رِجْلَہُ الْیُسْرٰی مِثٰلَ ذَلِکَ ثُمَّ قَالَ: رَأَیْتُ رَسولَ اللّٰہِ ﷺ تَوَضَّأَ نَحْوَ وُضُوئِیْ ہَذَا (مسلم)
سیدنا عثمانؓ نے وضوء کا پانی منگوایا، پہلے اپنی ہتھیلیاں تین مرتبہ دھوئیں پھر کلی کی اور ناک میں پانی ڈالا۔ پھر اپنا منہ تین مرتبہ دھویا۔ اس کے بعد اپنا دایاں ہاتھ تین مرتبہ کہنیوں سمیت دھویا اسی طرح بایاں ہاتھ کہنیوں تک تین مرتبہ دھویا۔ پھر سر کا مسح کیا۔ مسح کے بعد اپنا دایاں پاؤں تین مرتبہ ٹخنوں تک دھویا اور اسی طرح بایاں پاؤں ٹخنے تک تین مرتبہ دھویا۔ پھر فرمایا: میں نے رسول اللہﷺ کو اسی طرح وضوء کرتے دیکھا تھا جس طرح تم نے مجھے وضوء کرتے دیکھا ہے۔