• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

قرآن کی شان

محمد ارسلان

خاص رکن
شمولیت
مارچ 09، 2011
پیغامات
17,861
ری ایکشن اسکور
41,093
پوائنٹ
1,155
ترجمہ: شفقت الرحمٰن​
فضیلۃ الشیخ علی بن عبد الرحمن الحذیفی حفظہ اللہ نے 24 رجب 1435 کا خطبہ جمعہ بعنوان: " قرآن کی شان" ارشاد فرمایا جس میں انہوں نے اللہ کے ہاں، پیارے پیغمبر ، سابقہ انبیاء ، صحابہ کرام اور جنوں، کے نزدیک قرآن مجید کی عظمت بیان کی، اور بتلایا کہ مسلمان کے ذہن میں عظمتِ قرآن ہوگی تو اسے اپنی شان کا پتہ چلے گا، پھر انہوں تعظیم قرآن کی علامات ذکر کیں جن میں قرآن مجید کا ادب و احترام ، کثرت سے تلاوت ، فہمِ قرآن کیلئے کوشش ، آیاتِ قرآنیہ پرغور فکر ، اور قرآنی تعلیمات پر عمل کرنا شامل ہے۔
پہلا خطبہ:
تمام تعریفیں اللہ کیلئے ہیں جس نے فرمایا: الَّذِي نَزَّلَ الْفُرْقَانَ عَلَى عَبْدِهِ لِيَكُونَ لِلْعَالَمِينَ نَذِيرًا (1) الَّذِي لَهُ مُلْكُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَلَمْ يَتَّخِذْ وَلَدًا وَلَمْ يَكُنْ لَهُ شَرِيكٌ فِي الْمُلْكِ وَخَلَقَ كُلَّ شَيْءٍ فَقَدَّرَهُ تَقْدِيرًا اللہ وہ ذات ہے جس نے اپنے بندے پر قرآن اس لئے نازل کیا تاکہ وہ تمام جہانوں کو ڈرانے والا بن جائے[1]آسمان و زمین کی بادشاہی اللہ ہی کیلئے ہے، اسکی کوئی اولاد نہیں، اور نہ ہی بادشاہت میں کوئی اسکا شریک ہے، اللہ تعالی نے ہی ہرچیز خاص اندازے کے مطابق پیدا کی [الفرقان: 1، 2]،میں اپنے رب کی تعریف اور لا تعداد شکر کرتا ہوں، میں یہ گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے علاوہ کوئی معبود برحق نہیں وہ یکتا ہے اسکی رحمت تمام اشیاء سے وسیع ہے، وہی علیم و قدیر ذات ہے، میں یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ ہمارے نبی محمد ـصلی اللہ علیہ وسلم ـ اللہ کے بندے اور اسکے رسول ہیں، اللہ تعالی نے انہیں قیامت سے قبل گواہی و خوشخبری دینے والا ، اور ڈرانے والا بنا کر بھیجا، آپ کو داعی الی اللہ اور ہدایت کا روشن چراغ بنا کر بھیجا، یا اللہ اپنے بندے اور رسول محمد پر اورتمام صحابہ کرام پر اپنی ڈھیروں رحمت نازل فرما۔
حمد و صلاۃ کے بعد:
اللہ تعالی سے ایسے ڈرو جیسے ڈرنے کا حق ہے، اللہ کے احکامات کو ضائع مت کرو جو کوئی نعمتِ تقوی سے محروم ہوگیا وہ خسارے میں ہے۔
اللہ کے بندو! قرآن مجید کو اللہ تعالی نے تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا ہے ، یہ قرآن مضبوط دین کی جانب رہنمائی کرتا ہے، ہر بھلائی بتلاتا ہے، اور تمام برائیوں سے روکتا ہے، فرمانِ باری تعالی ہے: يَا أَيُّهَا النَّاسُ قَدْ جَاءَتْكُمْ مَوْعِظَةٌ مِنْ رَبِّكُمْ وَشِفَاءٌ لِمَا فِي الصُّدُورِ وَهُدًى وَرَحْمَةٌ لِلْمُؤْمِنِينَ لوگو! تمہارے رب کی جانب سے تمہارے پاس نصیحت، دلی بیماریوں کیلئے شفاء، اور مؤمنوں کیلئے ہدایت و رحمت آچکی ہے [يونس: 57]، دوسرے مقام پر فرمایا: وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا رَحْمَةً لِلْعَالَمِينَ اور ہم نے آپکو جہانوں پر رحمت کرتے ہوئے رسول بنایا[الأنبياء: 107]
مسلمان کو قرآن مجید کی لا متناہی عظمت کا پتہ ہو تو یقینا پوری کوشش کرتے ہوئے اسے سیکھنے اور سیکھانے کا اہتمام ، اس پر غور و فکر وتدبر کرے، اور بقدر استطاعت اس پر عمل بھی کرے۔
مسلمان کتنے ہی قرآن مجید کے حقوق ادا کرلے، اللہ کی اس عظیم نعمت پر کتنا ہی شکر ادا کرلے، عبادتِ الہی کتنی ہی کرلےانسان پھر بھی کوتاہی کا شکار رہتا ہے، لیکن یہ اللہ کا فضل ہے کہ وہ اپنے بندوں کی تھوڑی عبادت بھی قبول کر تے ہوئے مکمل ثواب عنائت فرماتا ہے۔
اے مسلمان!
کیا توں نے اپنے دل میں قرآن مجید کی عظمت اور شان بیٹھا لی ہے؟ کیا اچھی طرح سے تم نے اسکی خیر و برکات اور حقائق و فضائل کو ذہن نشین کر لیا ہے؟
اے مسلم! تمہیں اسوقت تک عظمتِ قرآن کی پہچان نہیں ہو سکتی جب تک اللہ ، اسکے فرشتوں ، انبیاءکرام ، سابقہ امتوں ، جن و انس اور اہل کتاب کے ہاں اسکی عظمت کا نہ پتہ چل جائے، حقیقت یہ ہے کہ اللہ کے ہاں اسکا مقام سب پر بھاری ہے۔
مسلمانو!
رب العزت نے قرآن مجید کی شان اور رتبہ اسکے مقام کے مطابق بیان کیا، اسکی ہر لحاظ سے تعریف بھی کی، اللہ تعالی نے اپنی کتاب کا ذکر ہر قسم کی اعلی صفات سے کیا تا کہ لوگوں کوقرآن مجید کی عظمت پتہ چل سکے، اور وہ اللہ کی اس عظیم نعمت کو پہچان سکیں، اللہ کی بڑی نعمتیں ایمان اور قرآن ہی ہیں۔
"کلامِ الہی کی فضیلت تمام کلاموں پر ایسے ہی ہے جیسے باری تعالی کی فضیلت اپنی مخلوق پر"
یہ دیکھیں اللہ تعالی نے قرآن مجید کو "عینِ حق" کہا فرمایا: أَمْ يَقُولُونَ افْتَرَاهُ بَلْ هُوَ الْحَقُّ مِنْ رَبِّكَ وہ کہتے ہیں کہ (نعوذ باللہ) اس نبی نے خود گھڑ اہے، بلکہ یہ ہی تمہارے رب کی جانب سے حق ہے[السجدة: 3]
کیونکہ "حق"اس چیز کو کہتےہیں جس میں کوئی تبدیلی نہ ہوسکے، کوئی چیز اسے جھٹلا نہ سکے، کسی قسم کا اس میں نقص نہ آئے اور جس میں جھوٹ کی آمیزش کا امکان بھی نہ ہو:
فرمانِ باری تعالی ہے: وَإِنَّهُ لَكِتَابٌ عَزِيزٌ (41) لَا يَأْتِيهِ الْبَاطِلُ مِنْ بَيْنِ يَدَيْهِ وَلَا مِنْ خَلْفِهِ تَنْزِيلٌ مِنْ حَكِيمٍ حَمِيدٍ یقینا قرآن ایک غالب کتاب ہے[41] باطل اسکے آگےیا پیچھے سے نہیں آسکتا، یہ تو دانا اورقابل تعریف ذات کی جانب سے نازل شدہ ہے۔ [فصلت: 41، 42]
ایک اور جگہ فرمانِ باری تعالی ہے: كِتَابٌ أُحْكِمَتْ آيَاتُهُ ثُمَّ فُصِّلَتْ مِنْ لَدُنْ حَكِيمٍ خَبِيرٍ اس کتاب کی آیات محکم بنائی گئی اور پھر با خبر حکمت والی ذات کی جانب سے اسکی تفصیل بیان کی گئی[هود: 1]
پھر ایک جگہ فرمانِ باری تعالی ہے: وَلَقَدْ جِئْنَاهُمْ بِكِتَابٍ فَصَّلْنَاهُ عَلَى عِلْمٍ اور ہم نے انہیں ایسی کتاب عنائت فرمائی جسکی تفصیل ہم ہی نے علم کی بنا پر کی ہے[الأعراف: 52]
اور فرمانِ باری تعالی ہے: تِلْكَ آيَاتُ الْكِتَابِ الْحَكِيمِ یہ حکمت بھری کتاب کی آیات ہیں [يونس: 1]
ایسے ہی فرمایا:: بَلْ هُوَ قُرْآنٌ مَجِيدٌ یہ قرآن بزرگی والی کتاب ہے [البروج: 21]
اسی طرح فرمایا:: يَا أَيُّهَا النَّاسُ قَدْ جَاءَتْكُمْ مَوْعِظَةٌ مِنْ رَبِّكُمْ وَشِفَاءٌ لِمَا فِي الصُّدُورِ وَهُدًى وَرَحْمَةٌ لِلْمُؤْمِنِينَ لوگو! تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے نصیحت، سینوں کی شفا، اور مؤمنوں کیلئے ہدایت، اور رحمت آگئی ہے۔[يونس: 57]
ایسے ہی فرمایا: فَآمِنُوا بِاللَّهِ وَرَسُولِهِ وَالنُّورِ الَّذِي أَنْزَلْنَا لہذا تم اللہ اور اسکے رسول اور ہمارے نازل کردہ نور پر ایمان لاؤ[التغابن: 8]
ایسے ہی فرمایا: وَهَذَا كِتَابٌ أَنْزَلْنَاهُ مُبَارَكٌ یہ جو کتاب ہم نے نازل کی ہے نہایت بابرکت ہے[الأنعام: 92]
ایسے ہی فرمایا: وَإِنَّهُ فِي أُمِّ الْكِتَابِ لَدَيْنَا لَعَلِيٌّ حَكِيمٌ اور وہ ہمارے ہاں لوحِ محفوظ میں بلند مقام پر اور حکمت سے پھر پور ہے[الزخرف: 4]
یقینا اللہ تعالی نے قرآن مجید میں ہر چیز کی تفصیل بیان کی ہے فرمایا: وَنَزَّلْنَا عَلَيْكَ الْكِتَابَ تِبْيَانًا لِكُلِّ شَيْءٍ وَهُدًى وَرَحْمَةً وَبُشْرَى لِلْمُسْلِمِينَ اور ہم نے آپ پر کتاب نازل کی جس میں ہر چیز کا بیان ،ہدایت ،رحمت، اور مسلمانوں کیلئے خوشخبری ہے۔ [النحل: 89]
اور اسے ہمہ قسم کی کمی اور زیادتی سے بھی محفوظ کیا فرمایا: إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّكْرَ وَإِنَّا لَهُ لَحَافِظُونَ یقینا ہم نے ہی ذکر نازل کیا ہے اور ہم ہی اسکی حفاظت کے ذمہ دار ہیں[الحجر: 9]
قرآ ن مجید کےمتعدد اسماء و صفات جامعیتِ معانی پر دلالت کرتے ہیں، جس میں سے ہم نے بہت ہی تھوڑے بیان کئے ہیں۔
ایسے ہی قرآن مجید کی فرشتے بھی تعظیم کرتے ہیں، جس کے بارے میں اللہ تعالی نے فرمایا: لَكِنِ اللَّهُ يَشْهَدُ بِمَا أَنْزَلَ إِلَيْكَ أَنْزَلَهُ بِعِلْمِهِ وَالْمَلَائِكَةُ يَشْهَدُونَ وَكَفَى بِاللَّهِ شَهِيدًا لیکن اللہ تعالی اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ جو کچھ بھی آپکی جانب نازل کیا گیا وہ علم کی بنیاد پر کیا، (اس بات کی )گواہی فرشتے بھی دیتے ہیں اگرچہ اللہ کی گواہی ہی کافی ہے۔[النساء: 166]
اسی طرح ایک جگہ فرمایا: فِي صُحُفٍ مُكَرَّمَةٍ (13) مَرْفُوعَةٍ مُطَهَّرَةٍ (14) بِأَيْدِي سَفَرَةٍ یہ قرآن قابلِ احترام صحیفوں میں ہے[13]جو (مقام میں)بلند اور پاکیزہ ہیں[14]جو نیکوکار کے ہاتھوں میں ہیں[عبس: 13- 15] انہی کے بارےمیں مفسرین نے بتلایا کہ اس سے مراد فرشتے ہی ہیں۔
عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:( تلاوت کرنے والا ماہر قاری قرآن نیکو کار مکرم فرشتوں کے ساتھ ہوگا) بخاری و مسلم
سابقہ انبیاء کرام نے بھی اپنی اقوام کو تعظیمِ قرآن مجید کی تعلیم دی، اسی کے بارے میں اللہ تعالی نے فرمایا: وَإِنَّهُ لَفِي زُبُرِ الْأَوَّلِينَ اور یقینا اس قرآن کا ذکر سابقہ صحیفوں میں بھی موجود ہے۔ [الشعراء: 196]
ابن کثیر رحمہ اللہ اسکی تفسیر بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں: "قرآن مجید کا تذکرہ اور اسکی طرف اشارہ سابقہ تمام انبیاء کی کتب میں موجود ہے، انہوں نے ہر زمانے میں اس کتاب کی بشارت دی، اور اللہ تعالی نے اس پر ان سے وعدہ بھی لیا"
اسی طرح اللہ تعالی نے فرمایا: قُلْ أَرَأَيْتُمْ إِنْ كَانَ مِنْ عِنْدِ اللَّهِ وَكَفَرْتُمْ بِهِ وَشَهِدَ شَاهِدٌ مِنْ بَنِي إِسْرَائِيلَ عَلَى مِثْلِهِ فَآمَنَ وَاسْتَكْبَرْتُمْ آپ ان کہیں: یہ بتاؤ کہ اگر یہ قرآن اللہ کی جانب سے ہو کیا پھر بھی ایمان نہیں لاؤ گے، جبکہ بنی اسرائیل کے افراد اس جیسی کتاب کے حق میں گواہی دیتے ہوئے ایمان لاچکے ہیں تم پھر بھی تکبر کررہے ہو۔ [الأحقاف: 10]
اسی طرح فرمایا: قُلْ آمِنُوا بِهِ أَوْ لَا تُؤْمِنُوا إِنَّ الَّذِينَ أُوتُوا الْعِلْمَ مِنْ قَبْلِهِ إِذَا يُتْلَى عَلَيْهِمْ يَخِرُّونَ لِلْأَذْقَانِ سُجَّدًا (107) وَيَقُولُونَ سُبْحَانَ رَبِّنَا إِنْ كَانَ وَعْدُ رَبِّنَا لَمَفْعُولًا (108) وَيَخِرُّونَ لِلْأَذْقَانِ يَبْكُونَ وَيَزِيدُهُمْ خُشُوعًا آپ انہیں کہہ دیجئے، ایمان لاؤ یا نہ لاؤ جن لوگوں کو تم سے پہلے علم دیا گیا ہے، جب ان پر آیات پڑھی جاتی ہیں تو وہ اپنے چہرے کے بل سجدہ ریز ہو جاتے ہیں، [107]اور کہتے ہیں: ہمارا رب پاک ہے اور ہمارے رب کا وعدہ پورا ہونے والا ہے [108] اور وہ اپنے چہروں کے بل روتے ہوئے گر پڑتے ہیں، اور یہ (آیات )انہیں خشوع و خضوع میں اور زیادہ کر دیتی ہیں [الإسراء: 107- 109]
اسی طرح اللہ تعالی نے حق تسلیم کرنے والے یہود ی، و عیسائی مذہبی راہنماؤں کے بارے میں فرمایا: وَإِذَا سَمِعُوا مَا أُنْزِلَ إِلَى الرَّسُولِ تَرَى أَعْيُنَهُمْ تَفِيضُ مِنَ الدَّمْعِ مِمَّا عَرَفُوا مِنَ الْحَقِّ يَقُولُونَ رَبَّنَا آمَنَّا فَاكْتُبْنَا مَعَ الشَّاهِدِينَ اور وہ رسول پر نازل شدہ کلام سن کر حق پہچاننے کی وجہ سے آبدیدہ ہو جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ : اے ہمارے رب ہمیں گواہوں میں شامل کر لے۔[المائدة: 83]
ایسے ہی جنّوں نے قرآن مجید کی جب تلاوت سنی تو اسکی تعظیم کرتے ہوئے ایمان لے آئے ، پھر اپنی قوم میں واپس جاکر انہیں دعوت بھی دی، انہی کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا: فَلَمَّا حَضَرُوهُ قَالُوا أَنْصِتُوا فَلَمَّا قُضِيَ وَلَّوْا إِلَى قَوْمِهِمْ مُنْذِرِينَ (29) قَالُوا يَا قَوْمَنَا إِنَّا سَمِعْنَا كِتَابًا أُنْزِلَ مِنْ بَعْدِ مُوسَى مُصَدِّقًا لِمَا بَيْنَ يَدَيْهِ يَهْدِي إِلَى الْحَقِّ وَإِلَى طَرِيقٍ مُسْتَقِيمٍ جنوں نے قرآن کی تلاوت سن کر کہا: "خاموشی سے سنو!" جب تلاوت مکمل ہو گئی تو اپنی قوم کو خبردار کرنے کیلئے ان کے پاس پہنچے [14] انہوں نے کہا: اے قوم! ہم نے موسی کے بعد نازل ہونے والی کتاب سنی ہے، جو سابقہ کتب کی تصدیق کے ساتھ ساتھ صراطِ مستقیم کی جانب راہنمائی بھی کرتی ہے۔[الأحقاف: 29، 30] اسی قصہ کے بارے میں مستقل ایک سورت "الجن" بھی نازل کی۔
قرآن مجید ہی کی شان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی بھی سلیم الفطرت انسان کو قرآن مجید کی تلاوت سُنائی تو وہ اسی وقت مسلمان ہوگیا، یہ ہی وجہ تھی کہ قرآن انسانیت کیلئے ہر وقت اور زمانے میں شمعِ ہدایت ہے، کیونکہ کہ قرآن مجید کی دلوں پر گرفت بہت مضبوط ، اور ذہنوں پر گہری تاثیر ہے۔
اے مسلمان! جب تم اللہ ، فرشتوں ، رسولوں، سابقہ امتوں، اہل کتاب، صحابہ کرام اور جنوں کے ہاں اس کتاب کا مقام جان لوگے تو تب ہی تمہارے دل میں اس کتا ب کا صحیح مقام پیدا ہوگا۔
چنانچہ اگر تمہارے دل میں اس کتاب کی عظمت وشان اسکے مقام اور اللہ کی رضا کے مطابق پیدا چکی ہو تو اس نعمت پر اللہ کا شکر ادا کرو، اور اللہ تعالی سے اس پر دوام طلب کرو، اور پھر قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا رہو، اگر خدانخواستہ قرآن کے شایانِ شان تمہارے دل میں اسکا مقام نہیں تو اللہ سے اس گناہ پر توبہ کرو، اور اس کمی کو پورا کرو، بقیہ زندگی سے فائدہ سے اٹھاؤ؛ کیونکہ دنیا میں ناز و نعم والی زندگی تمہیں جو ملی ہے یا آخرت میں جنت کی نعمتوں کو پاؤ گے یہ سب کچھ اسی قرآن کی وجہ سے ہی ہے، لہذا قرآن کی قدر کرو اسکے شایانِ شان اسکا حق ادا کرو۔
اللہ تعالی نے سید البشر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی بہت سے معجزات کے ذریعہ مدد کی تھی جن کی بنا پر بہت سے لوگ ایمان لائے، ان تمام معجزات میں سب سے اہم ترین معجزہ قرآن مجید ہے، فرمانِ رسالت ہے: (اللہ تعالی نے تمام انبیاء کو کچھ معجزات دئے جن کی بنا پر لوگ ان پر ایمان بھی لائے ، جبکہ مجھے اللہ تعالی نے وحی عنائت فرمائی ، مجھے امید واثق ہے کہ سب سے زیادہ پیروکار بھی میرے ہی ہونگے) اس راویت کو بخاری نے ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کیا۔
قرآن مجید ہر وقت کیلئے عظیم معجزہ ہے ، قیامت تک معجزہ ہی رہے گا، قرآن کریم کا اعجاز اسکے سیاق وبلاغت، قانون سازی، احکامات، عدل، رحمت، حکمت، انسانی ضروریات کی تکمیل ، قیامت کی دیواروں تک بغیر کسی کمی اور زیادتی کے یقینی حفاظت، دلوں پر مضبوط گرفت، پر مشتمل ہے، جن و انس تمام کے تمام مکمل قرآن جیسا ایک اور قرآن یا صرف دس سورتیں لانے سے بھی قاصر ہیں، اس چیلنج کو اللہ تعالی نے یوں بیان کیا: قُلْ لَئِنِ اجْتَمَعَتِ الْإِنْسُ وَالْجِنُّ عَلَى أَنْ يَأْتُوا بِمِثْلِ هَذَا الْقُرْآنِ لَا يَأْتُونَ بِمِثْلِهِ وَلَوْ كَانَ بَعْضُهُمْ لِبَعْضٍ ظَهِيرًا آپ کہہ دیں! جن و انس مل کر اس قرآن جیسا ایک اور قرآن لانا چاہیں تو نہیں لا سکے گے چاہے وہ ایک دوسرے کی مدد بھی کیوں نہ کر لیں۔ [الإسراء: 88]
دس سورتیں تو دور کی بات ایک سورت بھی نہیں لا سکے اسی لئے تو ایک سورہ کوثر جسکے صرف دس کلمات ہیں اسی نے تمام جنوں اور انسانوں کو عاجز کردیا۔
کفار نے جب مادی نشانیوں کا مطالبہ کیا تو اللہ تعالی نے انہیں یہ ہی کہا کہ قرآن مجید سب سے بڑی دلیل اور معجزہ ہے، فرمایا: وَقَالُوا لَوْلَا أُنْزِلَ عَلَيْهِ آيَاتٌ مِنْ رَبِّهِ قُلْ إِنَّمَا الْآيَاتُ عِنْدَ اللَّهِ وَإِنَّمَا أَنَا نَذِيرٌ مُبِينٌ (50) أَوَلَمْ يَكْفِهِمْ أَنَّا أَنْزَلْنَا عَلَيْكَ الْكِتَابَ يُتْلَى عَلَيْهِمْ إِنَّ فِي ذَلِكَ لَرَحْمَةً وَذِكْرَى لِقَوْمٍ يُؤْمِنُونَ اور انہوں نےکہا: اس کے رب کی طرف سے کوئی نشانی اس پر نازل کیوں نہیں ہوئی؟ آپ کہہ دیں: آیات نازل کرنے کا اختیار اللہ کے پاس ہے میں تو صرف کھلے لفظوں میں ڈرانے والا ہوں، [50]کیا اتنا کافی نہیں کہ ہم نے آپ پر کتاب نازل کی جو انہیں پڑھ کر سنائی جاتی ہے، یقینا اس کتاب میں ایمان لانے والوں کیلئے رحمت اور نصیحت ہے۔ [العنكبوت: 50، 51]، اسی طرح فرمایا: فَبِأَيِّ حَدِيثٍ بَعْدَهُ يُؤْمِنُونَ قرآن کے بعد کس بات پر وہ ایمان لائیں گے! [الأعراف: 185]
قرآن مجید نے ہمیشہ ہر زمانے اور علاقے کی تمام انسانی عقلوں کو دلائل و براہین سے مخاطب کیا، جسکی وجہ سے عقل سر تسلیم خم کئے بغیر نہیں رہتی، اور انسان اپنی خوشی سے حق ماننے کیلئے راضی ہوجاتا ہے، پھر حق اور بھلائی سے محبت بھی کرنے لگتا ہے، اور اسے باطل سے نفرت ہو جاتی ہے، یا پھر انسان حق واضح ہونے کے باوجود ضد اور ہٹ دھرمی کی بنا پر حق سے اعراض کر لیتا ہے، حالانکہ اس پر حجت قائم ہو چکی ہے، اب حق سے منہ موڑ کر وہ اپنے آپ کو ہی نقصان پہنچا رہا ہے۔
قرآن مجید نے سمجھدار لوگوں کو سمجھانے کیلئے مختلف اسلوب اختیار کئے ہیں، جو طاقتِ بشری سے ما وراء ہیں، اسی لئے اللہ تعالی نے فرمایا: إِنَّ هَذَا الْقُرْآنَ يَهْدِي لِلَّتِي هِيَ أَقْوَمُ وَيُبَشِّرُ الْمُؤْمِنِينَ الَّذِينَ يَعْمَلُونَ الصَّالِحَاتِ أَنَّ لَهُمْ أَجْرًا كَبِيرًا بیشک یہ قرآن مضبوط ترین راستے کی جانب راہنمائی ، اور نیک عمل کرنے والے مؤمنین کو یہ خوشخبری دیتا ہے کہ انکے لئے بہت بڑا اجر ہے۔[الإسراء: 9]
قرآن کریم مکلفین کیلئے مفید ترین کتاب ہے، اسی سے اصلاحِ معاشرہ ممکن ہے، اسی سے رحمت و عدل کی فضا پیدا ہوگی، دلوں کی اصلاح ہوگی، خیرو برکات کا حصول ہوگا، قرآن کریم کی تلاوت ، معانی پر غور و فکر، تعلیمات پر عمل ، اجتماعی طور پر قرآنی درس و تدریس سے ہمہ قسم کی تکالیف دور ہوتی ہیں۔
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کایہ ہی طریقہ تھا انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وصیت کے مطابق تمام اقوام کو قرآن کی تعلیم دی، عمر رضی اللہ عنہ نے اپنے دور خلافت میں تمام گورنروں کو حکم صادر کیا کہ وہ لوگوں کو حدیث کے مقابلے میں قرآن کی تعلیم زیادہ دیں، اور کہا: "کہیں لوگ قرآن سے دور نہ ہوجائیں"
قرآن ہی انکی زندگی اور وقار کا باعث تھا، فیصلے بھی اسی پر کئے جاتے، انہیں کسی بھی بڑے چھوٹے مسئلے کا حل قرآن مجید ہی میں ملتا، یہ ہی قرآن انکے لئے مشعلِ راہ تھا، جو انکی ہر اچھی بات کی جانب راہنمائی کرتا، اسی لئے مسلم معاشروں کی اصلاح کیلئے ایک ہی راستہ ہے،اور وہ صحابہ کرام کے اس انداز کو اپنانے سے ہی حاصل ہوگا، کسی بھی معاشرے کو قرآن ہی فتنوں کی لپیٹ سے باہر لا سکتا ہے، نفرتوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور کسی بھی بحران سے نکلنے کا راستہ ہے۔
علی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا(سنو! فتنے ضرور ہونگے )میں نے کہا: تو انکا حل !؟ آپ نے فرمایا: (کتاب اللہ ؛ جس میں سابقہ اقوام کی تاریخ ہے، آنیوالے دنوں کی پیشین گوئی، اور تمہارے معاملات کا حل، یہ ہی کلامِ فیصل ہے، کوئی مذاق نہیں، جس کسی جابر حاکم نے اسے ترک کیا اللہ اسے توڑ کر رکھ دے گا، اور جو کہیں اور نورِ ہدایت تلاش کریگا اللہ اسے گمراہ کردیگا، یہ ہی اللہ کی طرف لے جانے والی مضبوط رسی ہے، یہ ذکرِ حکیم ہے، یہ ہی صراطِ مستقیم ہے، اسی کی وجہ سے کوئی گمراہ نہیں ہو سکتا، اور نہ ہی کوئی زبان اسکی وجہ سے گناہگار ہو سکتی ہے، علماء کا اس سے دل نہیں بھرتا، اور نہ ہی مزہ کم ہوتا ہے، اسکا نرالا پن ختم نہیں ہو سکتا، یہ قرآن ہے جسکے بارے میں جنوں نےکہا تھا: إِنَّا سَمِعْنَا قُرْآنًا عَجَبًا (1) يَهْدِي إِلَى الرُّشْدِ ہم نے تعجب خیز قرآن کی تلاوت سنی ہے [1]وہ بھلائی کی جانب راہنمائی کرتا ہے[الجن: 1، 2]جو اسکی بات کرے لوگ اسے سچ کہتے ہیں، جو اس پر عمل کرے وہ اجر پاتا ہے، اور جو اسکے مطابق فیصلہ کرے وہ عدل کرتا ہے، اور جو اسکی دعوت دے اللہ کی طرف سے وہ صراطِ مستقیم پر گامزن ہو جاتا ہے) ترمذی
اگر تمام مسلمان قرآن مجید کو سیکھنے سیکھانے اور اس پر عمل کرنے کا ایسے ہی اہتمام کریں جیسے سلف صالحین نے کیا تھا تو یقینا انکے حالات بہت اچھے ہوجائینگے، چہار سو اتنی خوشحالی ہو کہ مسلم دشمن قوتیں انہیں دیکھ کر جل بُھن جائیں، یہی وجہ ہے کہ مسلمانوں کی زبوں حالی قرآن کریم کی تلاوت، اور اس پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ہے۔
اللہ تعالی نے قرآن مجید کی تلاوت کو بھی عبادت کا درجہ دیا، فرمایا: (جس نے قرآن کا ایک حرف بھی پڑھا اسے ہر حرف کے پڑھنے پر دس نیکیاں ملے گیں) ترمذی نے ابن مسعود سے روایت کیا۔
ابن عباس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک آدمی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا: یا رسول اللہ! اللہ کے ہاں پسندیدہ عمل کونسا ہے؟ آ پ نے فرمایا: (الحال المرتحل) اس نے کہا: یہ حال مرتحل کیا ہے؟ آپ نے فرمایا: (جو ہر وقت سفر ہو یا قیام قرآن کریم کو شروع سے لیکر آخر تک پڑھتا ہے ) ترمذی
مذکورہ ثواب زبانی یا دیکھ کر پڑھنے والے دونوں افراد کو ملے گا، اسی بارے میں اللہ تعالی نے فرمایا: إِنَّ الَّذِينَ يَتْلُونَ كِتَابَ اللَّهِ وَأَقَامُوا الصَّلَاةَ وَأَنْفَقُوا مِمَّا رَزَقْنَاهُمْ سِرًّا وَعَلَانِيَةً يَرْجُونَ تِجَارَةً لَنْ تَبُورَ (29) لِيُوَفِّيَهُمْ أُجُورَهُمْ وَيَزِيدَهُمْ مِنْ فَضْلِهِ إِنَّهُ غَفُورٌ شَكُورٌ جو لوگ قرآن کی تلاوت کریں، نماز قائم کریں، اور ہمارے دئے ہوئے میں سے خرچ کرتے ہیں یہ ہی لوگ یقینا ایسی تجارت کی امید سے وابسطہ ہیں جس میں کبھی نقصان نہ ہوگا[29]اللہ تعالی انہیں مکمل اجر عنائت کریگا اور اپنے فضل وکرم سے مزید بھی دے گا اس لئے کہ وہ نہایت بخشنے والا اور قدر دان ہے۔ [فاطر: 29، 30]
اللہ تعالی میرے اور آپ سب کیلئے قرآن کریم کو خیر و برکت والا بنائے، مجھے اور آپ سب کو اسکی آیات سے مستفید ہونے کی توفیق دے، میں اپنی بات کو اسی پر ختم کرتے ہوئے اللہ سے اپنے اور تمام مسلمانوں کے گناہوں کی بخشش چاہتا ہوں، تم بھی اسی سے گناہوں کی بخشش مانگو۔
دوسرا خطبہ
تمام تعریفات اللہ کیلئے جو غالب اور بہت زیادہ عنائت کرنے والا ہے، اسی نے قرآن کو نازل کیا، میں اپنے رب کی حمد اور شکر بجا لاتا ہوں، اسی کیلئے توبہ اور گناہوں سے بخشش چاہتا ہوں، میں گواہی دیتا ہوں کہ وہ یکتا ہے نہایت رحم کرنے والا اور توبہ قبول کرنے والا ہے، اور میں یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم اسکے رسول اور بندے ہیں قیامت کے دن شفاعت کرینگے اور انکی شفاعت قبول بھی کی جائے گی، یا اللہ اپنے بندے اور رسول محمد پر اور تمام صحابہ کرام پر اپنی رحمت نازل فرما۔
حمد و صلاۃ کے بعد!
نیکیوں کے ذریعے اللہ کا قرب حاصل کرتے ہوئے اسی سے ڈرو اور اس کی نافرمانی مت کرو۔
مسلمانو!
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حجۃ الوداع کے موقع پر وصیت کرتے ہوئے کتاب اللہ اور سنت رسول اللہ پر مضبوطی سے کاربند رہنے کا حکم دیا، عالم اسلام کے اس عظیم اجتماع میں آپ نے فرمایا : (میں تمہارے لئے ایسی چیز چھوڑے جا رہا ہوں اگر تم انکو تھام لو کبھی گمراہ نہیں ہوگے: اللہ کی کتاب، اور میری سنت)
قرآن اللہ کی مضبوط رسی ہے، جو اسے تھام لے قرآن اسے جنت کی جانب لے جا کر ہمہ قسم کے شر سے بچا لے گا، فرمانِ باری تعالی ہے: وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللَّهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور فرقہ بازی میں مت پڑو۔ [آل عمران: 103]، اسی طرح ایک مقام پر فرمایا: وَهَذَا كِتَابٌ أَنْزَلْنَاهُ مُبَارَكٌ فَاتَّبِعُوهُ وَاتَّقُوا لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُونَ اور یہ کتاب ہم نے نازل کی نہایت بابرکت ہے، چنانچہ اسی کی پیروی کرو اور اللہ سے ڈرو تا کہ تم پر رحم کیا جائے۔[الأنعام: 155]
"جو چاہتا ہے کہ اللہ تعالی اس سے مخاطب ہو تو وہ قرآن کی تلاوت کرے"
اللہ کے بندو!
إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا یقینا اللہ اور اسکے فرشتے نبی پر درود بھیجتے ہیں، اے ایمان والو! تم بھی ان پر درود و سلام پڑھو[الأحزاب: 56]
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: (جس شخص نے مجھ پر ایک بات درود بھیجا اللہ تعالی ا س پر دس رحمتیں نازل فرماتا ہے)
اس لئے سید الاولین و الآخرین اور امام المرسلین پر درود و سلام پڑھو۔
اللهم صلِّ على محمدٍ وعلى آل محمدٍ، كما صلَّيتَ على إبراهيم وعلى آل إبراهيم، إنك حميدٌ مجيد، اللهم وبارِك على محمدٍ وعلى آل محمدٍ، كما باركتَ على إبراهيم وعلى آل إبراهيم، إنك حميدٌ مجيد۔
یا اللہ ! تمام صحابہ کرام سے راضی ہوجا ، یا اللہ! تمام خلفائے راشدین سے راضی ہوجا، ہدایت یافتہ ابو بکر، عمر، عثمان، علی اور تمام صحابہ کرام سے راضی ہوجا، یا اللہ! تابعین کرام اور انکے نقشِ قدم پر چلنے والے تمام لوگوں سے راضی ہوجا، یا اللہ ! انکے ساتھ ساتھ اپنی رحمت، اورکرم کے صدقے ہم سے بھی راضی ہوجا۔
یا اللہ! اسلام اور مسلمانوں کو غالب فرما، یا اللہ! اسلام اور مسلمانوں کو غالب فرما ، یا اللہ! کفر اور تمام کفار کو ذلیل کردے ، یا اللہ! ہمیں واضح طور پر حق دکھا اور اسکی اتباع کرنے کی توفیق دے، اور ہمیں باطل بھی واضح طور پر دکھا ، اور ہمیں اس سے اجتناب کی بھی توفیق دے، یا رب العالمین!
یا اللہ! ہمارے دلوں کو اپنی اطاعت پر ثابت قدم بنا دے، یا اللہ! ہمارے دلوں کو ہدایت دینے کے بعد ٹیڑھ پن کا شکار مت کرنا، اور ہمیں اپنی طرف سے رحمت نصیب فرما، بیشک تو ں ہی عنائت کرنے والا ہے۔
یا اللہ! ہمیں دین کی سمجھ عطا فرما، یا اللہ! ہمیں اور تمام مسلمانوں کو دین کی سمجھ عطا فرما، یا رب العالمین! یا اللہ! ہمیں اور ہماری نسلوں کو ابلیس ، شیاطین، اور انکے لشکروں سے محفوظ فرما، یا رب العالمین!
یا اللہ! مسلم نوجوانوں کی اصلاح فرما، یا اللہ! مسلم نوجوانوں کی اصلاح فرما، یا اللہ! تمام مسلمانوں کی اصلاح فرما، یا اللہ! ہماری اور تمام مسلمانوں کی اولاد کو بیک صالح بنا، یا ر ب العالمین۔
یا اللہ! ہمیں اپنے ممالک میں امن و امان نصیب فرما، اور ہمارے حکمرانوں کی اصلاح فرما۔
یا اللہ! تمام فوت شدگان کو معاف فرما دے، یا اللہ! سب کو بخش دے اور ان پر رحم فرما۔
یا اللہ! یا ذالجلال والاکرام! ہم تیرے در کے سوالی ہیں، یا اللہ! اسلام دشمنوں کی چالبازیوں کو نیست ونابود کردے، یا رب العالمین! یا اللہ! انکی چالوں کو بھسم کردے، یا اللہ! انکی اسلام مخالف تمام تر منصوبہ بندیوں کا خاتمہ فرما، بیشک تو ہر چیز پر قادر ہے۔
یا اللہ! ہمیں اپنی اطاعت پر مصرف رکھ، اور ہمیں اپنی نافرمانی سے محفوظ فرما۔
یا اللہ! ہمیں اپنے نفسانی، اور بد اعمالیوں کے شر سے محفوظ فرما، یا اللہ! ہمیں ہر شریر کے شر سے محفوظ فرما، یا اللہ! ہمیں ہر شریری کے شر سے محفوظ فرما، یا رب العالمین!
یا اللہ! ہمیں بخش دے، یا رب العالمین!، یا اللہ! ہم نے اپنی جانوں پر جو ظلم ڈھائے ہیں انہیں بخش دے، یا اللہ! ہم نے اپنی جانوں پر جو ظلم ڈھائے ہیں انہیں بخش دے، یا اللہ! ہمیں ظالموں کے شر سے محفوظ فرما، بیشک تو ہر چیز پر قادر ہے۔
یا اللہ! اے ہمارے رب! ہمیں دنیا اور آخرت میں بھلائی عطا فرما، اور ہمیں آگ کے عذاب سے محفوظ رکھ۔
یا اللہ! خادم حرمین شریفین کو اپنے پسندیدہ کام کرنے کی توفیق دے، اپنی راہنمائی کے مطابق اسے توفیق دے، اور اسکے سارے اعمال اپنی رضا کیلئے بنا لے، اور انہی کے ذریعے اپنے دین کو غالب فرما، بیشک تو ہر چیز پر قادر ہے۔
یا اللہ! انکے دونوں نائب کو اپنے پسندیدہ کام کرنے کی توفیق عطا فرما، اور ہر اس کام کی توفیق دے جس میں پوری قوم ، تمام مسلمانوں اور اسلام کی بھلائی ہو، یا رب العالمین۔
یا اللہ! ہمیں ایک لمحہ کیلئے بھی ہمارے اپنے سپرد مت کر، یا اللہ! ہمارے تمام معاملات درست فرما دے، یا قوی !یا عزیز!
یا اللہ! تمام مسلمانوں کیلئے توہی کافی ہوجا، یا اللہ! مسلمانوں پر ظلم ڈھانے والوں کے شر سے مسلمانوں کو محفوظ بنا دے، بیشک تو ہی ہر چیز پر قادر ہے، یا اللہ! اسلام اور مسلمانوں کی دشمنی کرنے والے لوگوں کا مقدر تباہی و بربادی بنا دے، یا اللہ! جو بھی مسلمانوں کی جان، مال، عزت آبرو پر حملہ کرے اسے بھی تباہ کردے، یا اللہ! مسلمانوں کے دین، عزت آبرو، مال، مقدس مقامات اور خون کی حفاظت فرما۔
اللہ کے بندو!
}إِنَّ اللَّهَ يَأْمُرُ بِالْعَدْلِ وَالْإِحْسَانِ وَإِيتَاءِ ذِي الْقُرْبَى وَيَنْهَى عَنِ الْفَحْشَاءِ وَالْمُنْكَرِ وَالْبَغْيِ يَعِظُكُمْ لَعَلَّكُمْ تَذَكَّرُونَ (90) وَأَوْفُوا بِعَهْدِ اللَّهِ إِذَا عَاهَدْتُمْ وَلَا تَنْقُضُوا الْأَيْمَانَ بَعْدَ تَوْكِيدِهَا وَقَدْ جَعَلْتُمُ اللَّهَ عَلَيْكُمْ كَفِيلًا إِنَّ اللَّهَ يَعْلَمُ مَا تَفْعَلُونَ{ اللہ تعالی تمہیں عدل و احسان اور قریبی رشتہ داروں کو (مال) دینے کاحکم دیتا ہے، اور تمہیں فحاشی، برائی، اور سرکشی سے روکتا ہے ، اللہ تعالی تمہیں وعظ کرتا ہے تاکہ تم نصیحت پکڑو[90] اور اللہ تعالی سے کئے وعدوں کو پورا کرو، اور اللہ تعالی کو ضامن بنا کر اپنی قسموں کو مت توڑو، اللہ تعالی کو تمہارے اعمال کا بخوبی علم ہے [النحل: 90، 91]
اللہ عز وجل کا تم ذکر کرو وہ تمہیں کبھی نہیں بھولے گا، اسکی نعمتوں پر شکر ادا کرو وہ تمہیں اور زیادہ عنائت کرے گا، اللہ کا ذکر بہت بڑی عبادت ہے، اور اللہ جانتا ہے جو تم کرتے ہو۔
لنک
 
Top