• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

قصوروار کون؟ جرگہ یا ریاست؟

شمولیت
اگست 11، 2013
پیغامات
17,117
ری ایکشن اسکور
6,783
پوائنٹ
1,069
قصوروار کون؟ جرگہ یا ریاست؟

وسیم نقوی جمعـء 6 مئ 2016


ہم جہاں ایک طرف جرگوں پر تنقید کررہے ہیں وہیں دوسری طرف یہ سوال بھی ضرور اُٹھنا چاہیے کہ آخر وہ کونسی وجہ ہے کہ لوگ جرگوں، پنچائیتوں کا رخ کرتے ہیں؟
شب و روز ایسے جہالت پر مبنی انسانیت سوز واقعات سامنے آتے ہیں کہ معاشرے کی اس غیر شعوری روش اور قانون کی دھجیاں اڑاتے ان عوامل پر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ ابھی چند روز ہی تو گزرے ہیں

جب کراچی میں نام نہاد غیور قاتل نے اپنی بے گناہ بہن کو قتل کردیا تھا کہ اب ایبٹ آباد کی عنبرین بھی ایک غیر قانونی اور جعلی جرگہ کے جاہلانہ فیصلہ کی بدولت زندہ جلادی گئی۔ خدا کی پناہ! جہاں یہ کھلے عام جہالت پر مبنی فیصلے انسانیت اور معاشرہ کی تذلیل ہیں، وہیں یہ ریاست پاکستان کی رٹ کو چیلنج بھی کرتے نظر آتے ہیں۔ ایک جمہوری ریاست میں عدالتوں کا نظام ہوتے ہوئے ایسے نام نہاد جرگوں، پنچائیت اور ڈیروں کی منظم اور فعال موجودگی کس کی کمزوریوں کا پول سر عام کھول رہی ہے؟
پاکستان میں ایسے دو نمبر جرگوں، پنچایتوں اور ڈیروں کا یہ کوئی پہلا اور غیر انسانی فیصلہ نہیں، ذرا ایک نظر غور سے دیکھیں تو واضح ہوجائے گا کہ اس نظام نے کیا کیا گل کھلائے ہیں۔ ذرا ایک مرتبہ انٹرنیٹ پر جرگے سے متعلق خبریں تلاش کریں تو سینکڑوں کی تعداد میں ایسے واقعات سامنے آجائیں گے جب پسند کی شادی، جائیداد کے تنازعات، زمین کی حدود، قتل، اغواء کا فیصلہ صادر کرتے ہوئے ان جرگوں نے ناانصافی کی نئی تاریخ رقم کردی۔

اس سے پیشتر کہ میں ان چند واقعات کا تذکرہ کروں، پہلے بیان کردوں کہ یہ جرگہ نظام ہے کیا؟ جرگہ اور پنچائیت آج کی عدالت کی پرانی شکل ہے۔ ایک بنیادی فرق یہ ہے کہ ممالک میں‌ عدالتی قوانین موجود ہوتے ہیں‌ اور عدلیہ قوانین کے مطابق سزا سناتی ہے جبکہ جرگہ اور پنچایت کے معاملے میں‌ یہ قوانین پسند یا ناپسند کی بنیاد پر تبدیل ہوسکتے ہیں‌۔ مختاراں مائی جیسا کیس بھی اسی جرگہ نظام کی سوغات ہے جس نے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار کو مٹی میں ملانے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔

سندھ سے لیکر خیبر تک یہ جرگہ نظام کس طرح بااثر افراد کی زیر نگرانی قائم و دائم ہے اور جو کچھ اس کے تحت ہوتا رہا ہے اس میں سے چند چیدہ چیدہ واقعات بطور مثال پیش کرتا ہوں۔
  • یہ ذکر ہے مارچ 2014 کے ایک فیصلے کا جب سندھ کے شہر شکارپور میں پسند کی شادی پر دو لڑکیوں کو کاری قرار دے کر قتل کردیا گیا تھا۔ جبکہ دونوں لڑکوں کو قتل سے بچنے کیلئے 24 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔ اہم بات ملاحظہ کیجئے کہ یہ جرگہ مسلم لیگ ف کے ایم این اے غوث بخش مہر کی سربراہی میں ہوا تھا، اب اس کے بعد کس سے سوال کیجئے؟
  • اسی طرح 2012 میں ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں دو خاندانوں کے درمیان تصادم ختم کرانے کے لیے 13 خواتین ونی کردی گئیں جبکہ خبر کے مطابق اس قبائلی تنازعہ کے تصادم اور قتل کے معاملات نمٹانے کے لئے صوبائی اسمبلی کے رکن کی زیر صدارت جرگے نے 13 لڑکیاں ونی کرنے کا فیصلہ کیا جن کی عمریں 4 سے 16 سال کے درمیان تھیں۔ کوئی پوچھے کہ بھائی جب آپ جیسے منتخب افراد کو عدلیہ پر یقین نہیں تو عام انسان کیا کرے؟ یہ ونی بھی ایک بلا نما رسم ہے جو جنوبی پنجاب کے کئی علاقوں میں رائج ہے، جس کے تحت خاندانی دشمنیوں اور جھگڑوں کا فیصلہ کرنے کے لیے خواتین اور کبھی بچیوں کو نکاح میں دوسرے فریق کے حوالے کردیا جاتا ہے۔
تو اب آپ بتائیے کہ ایسی خبروں اور واقعات کے بعد بھی کوئی باشعور اور عاقل شہری اس قسم کے جرگہ کے نظام کے حق میں ہوسکتا ہے؟ کم از کم میں تو ہرگز نہیں اور ایبٹ آباد میں عنبرین کو جلائے جانے جیسے انسانیت سوز واقعہ سمیت ایسے تمام فرسودہ اور ظالمانہ فیصلوں کی مذمت کرتا ہوں۔ صرف یہی نہیں بلکہ حکومت سے مطالبہ بھی کرتا ہوں کہ جرگے میں حکم سنانے والے تمام افراد کو عبرت کا نشان بنادے تاکہ آئندہ کسی کی زندگی سے نہ کھیلا جاسکے۔

لیکن جہاں ہم ایک طرف جرگوں پر تنقید کررہے ہیں وہیں دوسری طرف یہ سوال بھی ضرور اُٹھنا چاہیے کہ آخر وہ کونسی وجوہات ہیں کہ لوگ جرگوں، پنچائیتوں کا رخ کرتے ہیں؟ اِس حوالے سے ہمارے ایک دوست کہتے ہیں کہ عدلیہ کا طریقہ کار، بہت سارے پیسے اور وقت کا زیاں، قانونی پچیدگیاں اور انصاف میں تاخیر درحقیقت ان جرگوں کے پنپنے کی وجہ ہیں۔

اگر یہی حقیقت ہے تو پھر قصور جرگوں سے زیادہ ریاست کا ہے جس کی اپنی کوتاہی کے سبب معاملات اس نہج تک پہنچ چکے ہیں۔ اس لیے حکمرانوں سے التجا ہے کہ پانامہ لیکس کے معاملے کو جلد از جلد نمٹائیں اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے سخت سے سخت فیصلے کیجیے تاکہ مزید کوئی اور عنبرین اس ظلم کا نشانہ نہ بن سکے۔
 
Last edited:

اسحاق سلفی

فعال رکن
رکن انتظامیہ
شمولیت
اگست 25، 2014
پیغامات
6,372
ری ایکشن اسکور
2,565
پوائنٹ
791
اگر ایک لائن میں اس کا سبب بتانا ہو تو اسلام سے دوری ان تمام مصیبتوں کی جڑ ہے ،
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لڑکیوں کی بے راہ روی کے محرکات کی اگر کھوج لگائی جائے ،
تو ان حالات میں درج ذیل نکات بڑا مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں ،
(1) بیٹیوں کی شادی میں تاخیر ،
اور تاخیر کے خود ساختہ بہانے مثلاً کم عمری ،تعلیم ابھی ادھوری ہے ،جہیز کی تیاری ، مالدار لڑکا نہیں مل رہا ،وغیرہ
(2 ) نوخیز لڑکیوں کو کمیونیکیشن کے ذرائع ،موبائل ،ٹی وی ، نیٹوغیرہ دستیاب ہونا
(3 ) دوسری شادی پر پابندی ،
(4) دوران تعلیم اسلامی تربیت کا فقدان ، گھر کا مجموعی لبرل ،یا جاہلانہ ماحول،
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اور جہاں تک جاہلانہ جرگوں اور انکے جاہلیت پر مبنی فیصلوں کی بات ہے
تو ان کا وجود ملک میں نظام قانون اور عدلیہ کی ناکامی کا ثبوت ہے ،
غیر اسلامی ہی سہی اگر یہ لولا لنگڑا قانون فعال ہوتا ،اور عدالتیں
بر وقت صحیح فیصلے کرتیں ، اور اس سلسلے میں کوئی لالچ یا دباؤ آڑے نہ آتا تو جرگوں کا وجود خود بخود مٹ جاتا۔
 
شمولیت
اگست 11، 2013
پیغامات
17,117
ری ایکشن اسکور
6,783
پوائنٹ
1,069
لڑکیاں برائلر چکن ہیں

وسعت اللہ خان منگل 10 مئ 2016


ایبٹ آباد کے گاؤں مکول کی نویں جماعت کی طالبہ عنبرین کی ہلاکت کی خبر اڑتالیس گھنٹے چھوڑ اڑتالیس منٹ بھی میڈیا پر نہ ٹکتی اگر اسے نام نہاد جرگے کی جانب سے سنائی گئی سزا پر عمل درآمد کے نتیجے میں سوزوکی کیری ڈبے میں بند کر کے جلایا نہ جاتا۔اب تک تو پسند کی شادی، گھر سے بھاگ جانے اور مشکوک مراسم کے شبہے میں ہی لڑکیوں کے قتل کا رواج تھا مگر عنبرین کا قتل بربریت کا اگلا اسٹیج ہے۔

اسے جلانے کا سبب یہ ہے کہ بقولِ جرگہ عنبرین نے اپنی کسی سہیلی کو پسند کی شادی کے لیے گاؤں سے بھگانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔حالانکہ اسے مقامی روایات کا پاس کرتے ہوئے ’’بے غیرت سازش ‘‘کا حصہ بننے کے بجائے بطور اچھی لڑکی اپنی سہیلی کی مخبری کرنا چاہیے تھی۔تاکہ عنبرین کے بجائے اصل لڑکی کو پکڑ کے زندہ جلایا جاتا۔

مگر اس جرگے نے عنبرین کو تھوڑی جلایا۔ بچیوں سے سلوک کی بابت خدائی احکامات و اسلامی روایات ، انسانی حقوق کے عالمی چارٹر ، آئینِ پاکستان اور ریاستی رٹ کو نذرِ آتش کیا ہے۔لیکن ریاست اپنی رٹ کے طرح طرح سے ریپ کی اس طرح عادی ہو چکی ہے کہ منٹو کے افسانے ’’ کھول دو ‘‘کا مرکزی کردار لگنے لگی ہے۔

مگر ریاست کسی خلائی مخلوق کا نام تو نہیں۔یہ تین بنیادی ستونوں میں کھڑی عمارت ہے یعنی مقننہ ، عدلیہ اور انتظامیہ۔

کہنے کو ووٹرز لسٹ میں جتنے بھی نام درج ہیں ان میں سے نصف خواتین کے ہیں۔چند علاقوں کو چھوڑ کے خواتین ہر انتخاب میں جوش و خروش سے حصہ بھی لیتی ہیں۔مگر ان ووٹوں کے بل پر منتخب ہونے والی مقننہ ( پارلیمنٹ) کا حال یہ ہے کہ عورتوں کے تحفظ کا جو بھی قانون بنانے کی کوشش ہوتی ہے اس پر پہلا حملہ پارلیمانی اکثریت یعنی مردوں کی طرف سے ہوتا ہے۔بادلِ نخواستہ عورتوں کے حق میں قانون سازی کرنا بھی پڑ جائے تو بل یا ایکٹ کے دودھ میں اتنی مینگنیاں ڈال دی جاتی ہیں کہ قانون سازی کا مقصد ہی پانی ہوجاتا ہے۔

مثلاً دو ہزار پانچ میں پاکستان پینل کوڈ میں ترمیم کی گئی کہ قاتل کو مقتول کے ورثا عدالت میں مقدمہ دائر ہونے کے بعد ازخود معاف نہیں کرسکتے کیونکہ اس معافی کے پیچھے لالچ اور خوف بھی کارفرما ہو سکتا ہے۔تاہم اس بابت حتمی فیصلہ جج کی صوابدید پر چھوڑ دیا گیا کہ وہ ورثا کے درمیان ’’تصفئیے ’’ کو تسلیم کرتا ہے کہ نہیں۔ نتیجہ یہ ہے کہ پہلے کی طرح آج بھی طاقتور پارٹی ’’ تصفئیے ’’ کی سہولت اپنے حق میں استعمال کرتی ہے۔

سینیٹ نے مارچ دو ہزار پندرہ میں سینیٹر صغری امام کے پیش کردہ دو بلوں کی سال بھر غوروخوض کے بعد منظوری دے دی۔ایک بل میں اجتماعی ریپ کے لیے سخت ترین سزا تجویز کی گئی جب کہ دوسرے بل میں غیرت کے نام پر قتل کو تین سو دو کے قتل کی طرح تھرڈ ڈگری مرڈر کے خانے میں رکھا گیا۔جس کی کم ازکم سزا عمر قید یا موت تجویز کی گئی۔مگر قومی اسمبلی میں یہ بل منظور نہ ہو سکے۔

گذشتہ ماہ حکومت اور اپوزیشن میں پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق بل کی منظوری کے عوض یہ سمجھوتہ ہوا کہ صغری امام کے دو بلز سمیت عورتوں کی سلامتی سے متعلق چار قوانین کی پارلیمنٹ کے جوائنٹ سیشن میں منظوری دی جائے گی۔تاہم اپوزیشن اور حزبِ اقتدار کے بہت سے ارکان نے غیرت کے نام پر قتل سے متعلق سخت سزاؤں پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تو ان بلز کی منظوری ایک بار پھر التوا میں پڑ گئی۔

سندھ اسمبلی نے مارچ دو ہزار تیرہ میں گھریلو تشدد کو جرم قرار دینے کا قانون منظور کیا۔تاہم اس پر عمل درآمد اور مانیٹرنگ کے لیے کوئی قابلِ عمل ڈھانچہ بشمول بائی لاز آج تک سامنے نہیں آ سکا۔چار ماہ قبل گلگت بلتستان اسمبلی نے سیکریٹری قانون کی جانب سے پیش کردہ کم عمری میں شادیوں پر پابندی کا بل مسترد کر دیا۔

ستم ظریفی یہ ہے کہ یہی ارکانِ پارلیمان جب اسلام آباد ، لاہور اور کراچی میں سیمیناروں سے خطاب کرتے ہیں تو ان سے بڑا عورتوں کے حقوق کا چیمپئین کوئی نہیں ہوتا۔ جب یہ سرکاری ٹکٹ پر بین الاقوامی کانفرنسوں میں شریک ہوتے ہیں تو خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ان سے زیادہ روشن تجاویز کوئی نہیں پیش کرتا۔مگر جب اپنے گاؤں میں ہوتے ہیں تو ان کی زیرِ صدارت جرگے عورتوں کی قسمت اور زندگی موت کا فیصلہ کرتے ہیں اور جب اسمبلیوں میں ووٹنگ کا وقت آتا ہے تو یہ چوڑیاں پہن لیتے ہیں۔

جہاں تک عدلیہ کا معاملہ ہے تو سپریم کورٹ کئی برس پہلے جرگے کی روایت اور جرگے کے فیصلوں کے نتیجے میں ونی ، سورا اور سنگ چٹی کی روایات کو کالعدم اور غیر قانونی قرار دے چکی ہے۔لیکن آج بھی جرگے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو دھڑلے سے روند رہے ہیں۔

جہاں تک اسلامی نظریاتی کونسل کا معاملہ ہے تو اگرچہ وہ ایک مشاورتی ادارے ہے اور اس کے فیصلے بائنڈنگ نہیں اور اس کا بنیادی کام یہ ہے کہ اگر پارلیمنٹ یا حکومت یا کوئی سرکاری ادارہ کسی معاملے یا مسودے پر کوئی رائے طلب کرے تو نظریاتی کونسل اس پر فقہی رائے دے دے۔ پھر یہ رائے لینے والے کی صوابدید ہے کہ وہ اس پر پورا عمل کرتا ہے یا جزوی۔لیکن پچھلے چند برس سے دیکھا جا رہا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل اپنے طور پر ہر معاملے پر رضاکارانہ رولنگ دینے لگی ہے۔

کچھ معاملات ایسے بھی ہیں جن پر کونسل کے اندر بھی اتفاقِ رائے نہیں ہو سکا مگر کونسل کے چیئرمین نے ان فیصلوں ، رولنگز اور آبزرویشنز کو ایسے پیش کیا جیسے یہ اسلامی نظریاتی کونسل کی متفقہ رائے ہو۔ مثلاً یہی کہ ریپ کیسز میں ڈی این اے رپورٹ کو بنیادی ثبوت کے طور پر نہیں مانا جاسکتا ( حالانکہ کئی مسلمان ممالک ڈی این اے رپورٹ کی اہمیت مان رہے ہیں )۔

مثلاً یہی کہ انیس سو باسٹھ کے عائلی قوانین کے تحت اٹھارہ برس سے کم عمر کی شادی غیر قانونی ہے اور پاکستان میں نکاح خواں جو فارم استعمال کرتے ہیں وہ انھی عائلی قوانین کے تحت شایع کیا جاتا ہے۔مگر اسلامی نظریاتی کونسل کے چیرمین گاہے ماہے رضاکارانہ یاد دلاتے رہتے ہیں کہ عمر کی کوئی قید نہیں اور مرد کو دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔چنانچہ عام آدمی کنفیوز ہو جاتا ہے کہ وہ کونسل کے چیرمین کی بات پر دھیان دے کر نافذ عائلی قوانین کو ماننے سے انکار کردے یا پھر ان عائلی قوانین کو تسلیم کرکے چیرمین کے بقول غیر شرعی حرکت کا مرتکب ہو۔

ایک مشکل یہ ہے کہ پاکستان میں بیک وقت اینگلو سیکسن عدالتیں ، شرعی عدالتیں اور جرگہ راج چل رہا ہے۔ ان حالات میں جب عورتوں کے قتل ، غیرت ، عزت یا پسند کی شادی وغیرہ کا معاملہ آتا ہے تو حقوق کی پامالی کرنے والے کو خودبخود سہولت مل جاتی ہے کہ اگر طاقتور ہے تو جرگے کے نام پر خود ہی قانون بن جائے یا پھر گھر کی چار دیواری کے اندر ہی گلا گھونٹ کے دفن کردے۔ چاہے تو ایس ایچ او کے مشورے سے اینگلو سیکسن عدالت کے روبرو چالان میں کمزور قانونی دفعات ڈلوا دے۔جب تک متوازی قوانین نافذ رہیں گے بے انصافی اور ظلم کا تدارک ممکن نہیں۔

بیشتر پاکستان میں انتظامیہ کا مطلب پولیس اور تھانہ ہے۔ عالم یہ ہے کہ انسانی حقوق کمیشن کے مطابق گذشتہ دو برس میں غیرت کے نام پر بارہ سو چھہتر قتل ہوئے۔ان میں سے تقریباً چار سو کیسز کی ایف آئی آرز ہی درج نہ ہو سکیں۔صرف انھی کیسزپر انتظامیہ حرکت میں آتی ہے جن پر میڈیا شور مچائے اور بالا حکام خود پر سے توجہ ہٹانے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیتے ہیں۔ جیسے ہی شور کم ہوتا ہے مظلوم خاندان کو چاروں طرف سے دھونس ، دھمکی اور لالچ کے ناگ گھیر لیتے ہیں۔المیہ یہ ہے کہ جسے ہم مظلوم خاندان سمجھتے ہیں وہ بھی بعض اوقات مظلوم نہیں ہوتا۔اکثر ایسی وارداتوں میں ماں ، باپ ، بھائی ملوث ہوتے ہیں اور اپنے ہی خون کا خون کرکے ایک دوسرے کے گلے مل کے رو لیتے ہیں۔

اگر غیرت کے نام پر قتل کی سماجی روایت درست ہے تو پھر ایسا کیوں ہے کہ جو لوگ اس کے حق میں خاندانی و سماجی رواج کی دلیل لاتے ہیں اگر انھیں اپنے فعل کی صداقت پر یقین ہے تو خم ٹھونک کے کیوں نہیں کہتے کہ ہاں ہم نے قتل کیا ہے۔ ایک جانب تو تم عنبرین کو جلاؤ اور پھر اسے تسلیم کرنے کے بجائے جھوٹ بولو کہ یہ کوئی حادثہ تھا اور یہ کام ہم نے نہیں کیا۔کچھ غیرت خود کے لیے بھی تو کھاؤ۔

بات یہ ہے کہ ہم سب اندر سے شائد یہی چاہتے ہیں کہ ہمارے لڑکے دیسی مرغوں کی طرح آزاد ہوں اور ہماری لڑکیاں برائلر چکن کی طرح شیڈ میں پیدا ہوں، پنجروں میں دانہ دنکا چگتے بڑی ہوں اور پھر خاموشی سے چھری تلے آجائیں۔( اگر ایسا نہ ہوتا تو پھر اتنا لمبا مضمون باندھنے کی ضرورت ہی کیوں پیش آتی )۔

http://www.express.pk/story/508720/
 
Top