• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

مدت رضاعت + دودھ کون پلائیں؟ تفسیر السراج۔۔ پارھ:2

محمد آصف مغل

سینئر رکن
شمولیت
اپریل 29، 2013
پیغامات
2,677
ری ایکشن اسکور
4,006
پوائنٹ
436
وَاِذَا طَلَّقْتُمُ النِّسَاۗءَ فَبَلَغْنَ اَجَلَہُنَّ فَلَا تَعْضُلُوْھُنَّ اَنْ يَّنْكِحْنَ اَزْوَاجَہُنَّ اِذَا تَرَاضَوْا بَيْنَہُمْ بِالْمَعْرُوْفِ۝۰ۭ ذٰلِكَ يُوْعَظُ بِہٖ مَنْ كَانَ مِنْكُمْ يُؤْمِنُ بِاللہِ وَالْيَوْمِ الْاٰخِرِ۝۰ۭ ذٰلِكُمْ اَزْكٰى لَكُمْ وَاَطْہَرُ۝۰ۭ وَاللہُ يَعْلَمُ وَاَنْتُمْ لَا تَعْلَمُوْنَ۝۲۳۲ وَالْوَالِدٰتُ يُرْضِعْنَ اَوْلَادَھُنَّ حَوْلَيْنِ كَامِلَيْنِ لِمَنْ اَرَادَ اَنْ يُّتِمَّ الرَّضَاعَۃَ۝۰ۭ وَعَلَي الْمَوْلُوْدِ لَہٗ رِزْقُہُنَّ وَكِسْوَتُہُنَّ بِالْمَعْرُوْفِ۝۰ۭ لَا تُكَلَّفُ نَفْسٌ اِلَّا وُسْعَہَا۝۰ۚ لَا تُضَاۗرَّ وَالِدَۃٌۢ بِوَلَدِھَا وَلَا مَوْلُوْدٌ لَّہٗ بِوَلَدِہٖ۝۰ۤ وَعَلَي الْوَارِثِ مِثْلُ ذٰلِكَ۝۰ۚ فَاِنْ اَرَادَا فِصَالًا عَنْ تَرَاضٍ مِّنْہُمَا وَتَشَاوُرٍ فَلَا جُنَاحَ عَلَيْہِمَا۝۰ۭ وَاِنْ اَرَدْتُّمْ اَنْ تَسْتَرْضِعُوْٓا اَوْلَادَكُمْ فَلَا جُنَاحَ عَلَيْكُمْ اِذَا سَلَّمْتُمْ مَّآ اٰتَيْتُمْ بِالْمَعْرُوْفِ۝۰ۭ وَاتَّقُوا اللہَ وَاعْلَمُوْٓا اَنَّ اللہَ بِمَا تَعْمَلُوْنَ بَصِيْرٌ۝۲۳۳
اور جب تم عورتوں کو طلاق دو۔ پھر وہ اپنی عدت کو پہنچیں تو ان کو اپنے خاوندوں کے ساتھ نکاح کرنے سے ۱؎ نہ روکو جب کہ وہ حسب دستور آپس میں راضی ہو جائیں۔ یہ نصیحت اس کو کی جاتی ہے جو تم میں سے خدا اور آخری دن پر ایمان رکھتا ہے ۔ اس میں تمہارے لیے پاکیزگی اورستھرائی زیادہ ہے اور خدا جانتا ہے اور تم نہیں جانتے۔(۲۳۲) اوربچے والی عورتیں اپنے بچوں کو پورے دوبرس۲؎ دودھ پلائیں۔ جو کوئی دودھ کی مدت پوری کرنی چاہے اوربچے کے باپ پران عورتوں کا کھانا کپڑا ہوگا دستور کے موافق۔ کسی کو اس کی گنجائش سے زیادہ تکلیف نہیں دی جاتی۔نہ ماں کو اس کے بچے کے سبب۳؎ سے ضرر پہنچایاجائے اور نہ باپ کو اس کے بچے کے سبب سے اور وارث پر بھی یہی ذمہ ہے ۔ پھر اگر وہ دونوں آپس کی رضا مندی اور مشورہ سے دودھ چھڑانا چاہیں تو ان پر کچھ گناہ نہیں ہے اور اگر تم(اے مردو) یہ چاہو کہ اپنی اولاد کو دودھ پلاؤ تو تم پر کچھ گناہ نہیں جب کہ تم دستور کے مطابق مقررہ اجرت حوالہ کردو اور خدا سے ڈرو اور جانو کہ جو کچھ تم کرتے ہو خدا اسے دیکھتا ہے۔(۲۳۳)
۱؎ عضل کے معنی روکنے اور مشکل میں ڈالنے کے ہیں۔ دجاجۃ معضلۃ اس مرغی کو کہتے ہیں جو بمشکل انڈے دے۔ عضلت الناقۃ اس وقت بولتے ہیں جب اونٹنی کے لیے بچہ جننا مشکل ہوجائے۔ داء عضال اس بیماری کا نام ہے جو بمشکل دور ہو۔مقصد یہ ہے کہ عدت ختم ہونے کے بعد عورت کو دوسرے نکاح کا حق حاصل ہے اور تمہارے لیے جائز ودرست نہیں کہ تم ان کے نکاح میں روڑا ا ٹکاؤ اور ان کو مشکلات میں نہ ڈالو۔آیت کا روئے سخن یا تو پہلے خاوندوں سے ہے اور یا اولیاء سے ۔ عام طورپر جاہل خاوند طلاق دینے کے بعد کوشش کرتے ہیں کہ ان کی سابقہ بیوی کسی دوسرے سے نکاح نہ کرسکے، اس لیے کہ یہ بظاہر ان کی عزت کے خلاف ہے ۔ وہ ان کے خلاف لوگوں کو اکساتے ہیں۔ یہ ناجائز ہے ۔ اولیاء اور عورت کے دوسرے بزرگ بھی بعض دفعہ انھیں دوسرے نکاح سے روکتے ہیں۔ یہ بھی مصالح کے خلاف ہے، اس لیے فرمایا کہ ایسا نہ کرو۔ حالات ومستقبل کا علم تمھیں نہیں، اللہ کو ہے ۔ وہ خوب جانتا ہے کہ نتیجہ کیا ہوگا، اس لیے جو حق اللہ نے انھیں دے رکھا ہے ، تمھیں اس سے محروم رکھنا کسی طرح زیبا وجائز نہیں۔
مدت رضاعت
۲؎ اسلام ایسا کامل نظام مذہب ہے کہ اس میں جزئیات تک کو فراموش نہیں کیا گیا لیکن اس حد تک کہ شگفتگی باقی رہے۔بظاہر رضاعت کا مسئلہ اتنا اہم نہیں کہ قرآن حکیم ایسی اصولی کتاب اس کی تفاصیل پر روشنی ڈالے مگر جب بغور دیکھاجائے تو معلوم ہوگا کہ یقینا اس کی ضرورت تھی۔

دودھ انسان کی پہلی خوراک ہے جس سے بچے کے ہونٹ آشنا ہوتے ہیں اور یہ پہلی غذا ہے جو تولید لحم ودم میں بیشتر حصہ لیتی ہے ۔ اگر اسے زیادہ عرصہ تک جاری رکھا جائے تو بعض اعضاء نشوونما سے بالکل رک جائیں گے اور بچہ باوجود بڑھنے کے اور بڑا ہونے کے کمزورو ناتواں رہے گا۔ یہی وجہ ہے کہ حیوانات بھی دوسال سے زیادہ بچوں کو دودھ نہیں پلاتے۔امکان یہ تھا کہ ماں بتقاضائے محبت رضاعت کو زیادہ وسیع کردے، اس لیے قرآن حکیم نے جو بجائے خود شفائے کامل ہے ، دوسال کی تحدید کردی ۔
دودھ کون پلائیں؟
وَالْوَالِدَاتُ یُرْضِعْنَ کہہ کر قرآن حکیم نے اخلاق کے بہت بڑے مسئلے کو حل فرمادیا ہے ۔ عام طور پر لوگوں کی نگاہیں اخلاق کے اس پہلو تک نہیں پہنچیں،حالانکہ تربیت اطفال کے لیے یہ ایک اہم نکتہ ہے ۔'' ماں کی گود بچے کی تعلیم گاہ ہے۔'' مشہور فقرہ ہے قرآن حکیم فرماتا ہے کہ بے شک ماں درسگاہِ اطفال میں پہلی معلمہ ہے مگر اس کا طریق تعلیم دودھ ہے۔ وہ اپنے دودھ کے ذریعے سے بچے کی رگ رگ میں عادات واخلاق غیر محسوس طریق پر داخل کردیتی ہے ، اس لیے ضروری ہے کہ تعلیم یافتہ مائیں اور نیک عورتیں بچوں کو اپنا دودھ پلائیں اور ادنیٰ درجہ کے اخلاق کی عورتوں کے سپرد نہ کریں۔
ایک اور فا ئدہ
اس طرح اگر مائیں اپنے بچوں کو اپنی چھاتی سے دودھ پلائیں تو ایک بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ بچوں کے دل میں ابتدا ہی سے محبت وشفقت مادری کے گہرے نقوش کندہ ہوجائیں گے جو آئندہ زندگی میں انھیں سعادت مند اور نیک ''اولاد'' ظاہر کرنے میں زیادہ ممدومعاون ہوں گے۔ بخلاف اس کے وہ بچے جو پیداہوتے ہی نرسوں کے سپر دہوجائیں۔ بڑے ہوکر کسی ا سکول میں محصور کردیے جائیں اور جب ہوش آئے تو یورپ کے کالجوں میں پڑھ رہے ہوں۔ کیا ان سے سعادت مندی اور نیاز مندی کے جذبات کی توقع رکھی جاسکتی ہے ؟

موجودہ تہذیب کے لاتعداد امراض میں سے ایک مرض احساس ''انفرادیت'' بھی ہے جس کے بقا سے مہرو محبت کا قدرتی نظام درہم برہم ہوجاتا ہے ۔ قرآن حکیم اسی لیے فرماتا ہے کہ مائیں بچوں کو حتی الوسع اپنی آغوش شفقت سے الگ نہ کریں اور ابتداء سے ان کو ''اجتماعیت'' کا عملی درس دیں۔ تربیت اور اخلاق کا یہ کتنا اہم نکتہ ہے جو قرآن حکیم نے یونہی بیان فرمادیا ہے۔

۳؎ ان آیات میں مندرجہ ذیل مسائل بتائے ہیں:

(۱) باپ بچوں کی ماں کا کفیل ہے ۔ رزق وکسوت اس کے ذمہ ہے ۔

(۲) رزق وکسوت عرف عام کے تحت ہونا چاہیے اور اس میں وسعت وطاقت کا پورا پورا خیال رہے ۔

(۳) بچہ کی وجہ سے ماں خاوند کو کوئی ناجائز تکلیف نہ دے اور نہ باپ بیوی کو۔

(۴) بچے کے دودھ چھڑانے میں دونوں کی رضا جوئی ضروری ہے ۔

(۵) بچے دایہ کے سپر د کیے جاسکتے ہیں۔ بشرطیکہ اس کا حق اسے دے دیا جائے ۔

(۶) ان سب معاملات میں اتقاء ضروری ہے ۔

ان مسائل کو سیاق طلاق میں اس لیے بیان فرمایا کہ درحقیقت طلاق ہی کی صورت میں بچہ کے متعلق مشکلات پیش آتی ہیں۔
حل لغات
{الرَّضَاعَۃُ}دودھ پلانا۔{اَلْمَوْلُوْدُ لَہٗ} باپ۔{ تَشَاوُرٍ} باہم مشورہ کرنا۔ {تَسْتَرْضِعُوْا} مصدر اِسْتِرْضَاعٌ۔ دودھ پلوانا۔
 
Top