ساجد
رکن ادارہ محدث
- شمولیت
- مارچ 02، 2011
- پیغامات
- 6,602
- ری ایکشن اسکور
- 9,378
- پوائنٹ
- 635
اِحترامِ رسولﷺ
محمد رمضان سلفی
ہمارے پیارے پیغمبر حضرت محمد رسول اللہﷺکا مقام و مرتبہ ساری خدائی اور تمام مخلوقات سے بلندہے، اللہ رب العزت کے مقام و شان کے بعد ساری کائنات سے رسول اللہﷺافضل واعلیٰ ہیں۔ آپ أعلم الناس یعنی تمام لوگوں سے بڑھ کر علم والے اور تمام انسانوں سے بڑھ کر فصیح و بلیغ اور اللہ تعالیٰ کی مخلوق کے سب سے بڑھ کر خیر خواہ ہیں۔ آپ کی رسالت و نبوت کی برکت سے ہمیں دنیا و آخرت کی بھلائی اور صراط مستقیم نصیب ہوا ہے اور آپ کی ہدایت و رہنمائی سے ہم کفر و شرک کے اندھیروں سے نکل کر توحید و سنت کی برکات سے محظوظ ہوئے ہیں۔صحیح مسلم اور سنن ترمذی کی حدیث کے مطابق رسول اللہﷺنے فرمایا: «إن اﷲ اصطفی من ولد إبراہیم إسماعیل واصطفی من ولد إسماعیل کنانة واصطفی من بنی کنانة قریشا واصطفی من قریش بنی هاشم واصطفانی من بنی هاشم»
’’اللہ تعالیٰ نے اولاد ابراہیم سے اسماعیل کو منتخب فرمایا اور اولاد اسماعیلسے بنو کنانہ کو اور کنانہ سے قریش کو اور قریش سے بنو ہاشم کو اور بنو ہاشم سے میرا انتخاب فرمایا۔‘‘(الرقم:۲۲۷۶،الرقم:۳۶۰۶)