• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

کیا قرآن سمجھنا مشکل ہے ؟

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,391
ری ایکشن اسکور
453
پوائنٹ
209
اسلام میں علم دین کی بڑی اہمیت و فضلیت ہے بلکہ دین کا علم حاصل کرنا اسلام میں فرض قرار دیا گیا ہے تاکہ دین پہ صحیح طریقے سے عمل کیا جاسکے ۔ لوگ نبی کریم ﷺ کے زمانے سے جتنا دور ہوتے جائیں گے اتنا ہی انہیں علم کی سخت ضرورت ہوگی کیونکہ لوگوں میں بگاڑ پیدا ہوگا،دنیا پرستی غالب آئے گی، بدعات و خرافات ، شرکیا ت ، آباء پرستی اور کافروں کی مشابہت اختیار کرکے اکثر لوگ اصلی دین کو بھلا دیں گے ، اسی لئے اسلام نے طلب علم کو ضروری قرار دیا ارشاد باری تعالی ہے:
فاعلم أنہ لاالٰہ الا اللہ و استغفر لذنبک (سورہ محمد:١٩ )
ترجمہ: سو (اے نبیۖ!)آپ یقین کرلیں کہ اللہ کی سوا کوئی معبود نہیں اور اپنے گناہوں کی بخشش ما نگا کریں۔

اور رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: طلب العلم فریضہ علی کل مسلم۔(صحیح ابن ماجہ للالبانی : 134).
ترجمہ : علم کا حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے ۔

جب دین کا علم حاصل کرنا ہر شخص کا فریضہ ہے تو یہ بات فوری طور پر سمجھ میں آتی ہے کہ تب تو دین کا علم حاصل کرنا سب کے لئے آسان ہوگا، اور دین اسلام پوری دنیا والوں کے لئے ہے گویا دین کی کتاب، قرآن اس قدر آسان ہوگی کہ پوری دنیا والے سمجھ سکیں ۔

چنانچہ جب ہم قرآن کھول کر دیکھتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ واقعی رب نے قرآن کو سمجھنا نہایت آسان کردیا ہے ، اس کی گواہی خود قرآن کو نازل کرنے والے مالک کائنات نے دی ۔
وَلَقَدْ یسرنا القرآن للذکر فھل من مُدَّکِرْ (القمر:17)
ترجمہ: اور ہم بے شک ہم نے قرآن کو سمجھنے کے لئے آسان کر دیا۔ پس کیا کوئی نصیحت حاصل کرنے والا ہے؟

یہ آیت سورہ قمر میں باربار آئی ہے تاکہ لوگوں پہ یہ بات واضح ہوجائے کہ قرآن کا سمجھنا نہایت آسان ہے ۔

مندرجہ ذیل آیات سے بھی پتہ چلتا ہے کہ قرآن کا سمجھنا آسان ہے ۔

(1) قرآن سمجھنے کی کتاب ہے ، اللہ کا فرمان ہے : لَقَدْ اَنْزَلْنَآ اِلَيْكُمْ كِتٰبًا فِيْہِ ذِكْرُكُمْ۝۰ۭ اَفَلَا تَعْقِلُوْنَ۝۱۰ۧ (الانبیاء)
ترجمہ: تحقیق ہم نے تمہاری طرف ایسی کتاب بھیجی ہے جس میںتمہارا ہی ذکر ہے کیا تم اتنا بھی نہیں سمجھتے۔

(2)قرآن کے نزول کا مقصد تاریکی سے روشنی کی طرف لے جاناہے جیسا کہ اللہ تعالی نے فرمایا :كِتٰبٌ اَنْزَلْنٰہُ اِلَيْكَ لِتُخْرِجَ النَّاسَ مِنَ الظُّلُمٰتِ اِلَي النُّوْرِ۝۰ۥۙ بِـاِذْنِ رَبِّھِمْ ( ابراھیم)
ترجمہ : یہ کتاب (قرآن) ہے جس کو ہم نے آپؐ پرنازل کیاتاکہ اس کی روشنی میں آپؐ انسانوں کو گمراہیوں کی تاریکی سے نکال کر ایمان و عمل کی روشنی کی طرف لائیں ، ان کے پروردگار کے حکم سے۔

(3)قرآن ہدایت کی کتاب ہے ، فرمان رب ہے : شَہْرُ رَمَضَانَ الَّذِيْٓ اُنْزِلَ فِيْہِ الْقُرْاٰنُ ھُدًى لِّلنَّاسِ وَبَيِّنٰتٍ مِّنَ الْہُدٰى وَالْفُرْقَانِ۝۰ۚ (البقرہ : ۱۸۵)
ترجمہ : (ماہ رمضان ہی میں قرآن کے نزول کی ابتداء ہوئی جو انسانوں کے لئے کھلی کھلی ہدایت ہے اور حق و باطل معلوم کرنے کی کسوٹی بھی ہے)

اور بھی متعدد آیات ہیں جنہیں خوف طوالت سے بیان نہیں کررہے ہیں۔

نبی ﷺ نے بھی اپنے فرامین کے ذریعہ واضح کردیا کہ دین آسانی کا نام ہے جیساکہ ایک روایت میں ہے ۔

إنَّ هذا الدينَ يسرٌ(صحیح النسائی للالبانی : 5049)
ترجمہ : بے شک یہ دین آسان ہے ۔

نصوص شرعیہ کے حوالے سے ہمیں یہ معلوم ہوگیا کہ قرآن اور حدیث یعنی دین کا سمجھنا نہایت آسان ہے اگر دین مشکل ہوتا تو پھر قرآن کے نزول کا مقصد فوت ہوجاتا۔ اس لئے ہم مسلمانوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ قرآن کو آسان سمجھیں اور تھوڑا ہی سہی مگر قرآن سمجھ کر پڑھیں تاکہ قرآن سے ہدایت ملے، عقیدے کی اصلاح ہو، اللہ تعالی کے اوامرونواہی کا علم ہو اور دنیا کی بے ثباتی جان کر آخرت کی تیاری اور اس کی فکر پیدا ہو۔اور جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ قرآن سمجھنا بہت مشکل ہے ان کے دھوکے میں نہ آئیں ، اگر آپ ان کے فریب میں آگئے تو قرآن میں شک کے مرتکب ہوں گے جو کہ مومن کی صفت نہیں ہے ۔
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
إِنَّمَا الْمُؤْمِنُونَ الَّذِينَ آمَنُوا بِاللَّهِ وَرَسُولِهِ ثُمَّ لَمْ يَرْتَابُوا(الحجرات: 15)
ترجمہ : مومن تو حقیقت میں وہ ہیں جو اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لائے اور پھر شک و شبہ میں نہ پڑے۔

اللہ تعالی ہم سب کو حق کی سمجھ دے اور راہ حق پہ چلائے ۔ آمین
 
Top