بنوں۔ سینٹرل جیل بنوں پر شدت پسندوں کے حملے میں چار سو سے زائد قیدی فرار ہوگئے ہیں جبکہ درجنوں قیدی اور پولیس اہلکارفائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوئے جنہیں ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بنوں سینٹرل جیل پر نامعلوم شدت پسندوں نے اچانک حملہ کر دیا اور حملے کے آغاز میں ہی جیل کی حفاظتی دیوار کو راکٹ لانچرز سے نشانہ بنایا گیا جس سے دیوار متعدد مقامات سے منہدم ہوگئی۔ حملے کے بعد جیل پولیس نے جوابی فائرنگ شروع کر دی اور مدد کیلیے پولیس کی مزید نفری بھی طلب کر لی گئی۔ دونوں طرف سے ہونے والی شدید فائرنگ سے ٹائون شپ کے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ حملہ آوروں نے متعدد بارکوں کے تالے توڑ دیئے جس سے چار سو زائد قیدی فرار ہوگئے، فرار ہونے والوں میں شدت پسندوں سمیت درجنوں افراد ایسے ہیں جو سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ بھاری ہتھیاروں سے مسلح شدت پسندوں اور جیل پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں درجنوں پولیس اہلکار اور قیدی زخمی ہوئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاحال کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی گئی۔ حملے کے بعد سینٹرل جیل کے علاقے میں بجلی کی فراہمی بھی کئی گھنٹوں تک معطل رہی، حملے میں بھاری اسلحے کا استعمال کیا گیا۔ جوابی کارروائی کے دوران مسلح حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ حملے کے بعد فوج اور ایف سی اہلکار بھی سنٹرل جیل بنوں پہنچے اور علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران جیل سے فر ار ہونے والے دس افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔