• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

بے مثال ادیب عرب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے جوامع الکلم (اقوال زریں)

شمولیت
دسمبر 25، 2014
پیغامات
31
ری ایکشن اسکور
19
پوائنٹ
13
بسم اللہ الرحمن الرحیم
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ









بے مثال ادیب عرب
حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے جوامع الکلم (اقوال زریں)
(Written and collected by Muhammad Najeeb Qasmi, Riyadh)​









صحیح بخاری وصحیح مسلم میں وارد حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے چالیس فرمان پیش خدمت ہیں جن میں علم ومعرفت کے خزانے سمودئے گئے ہیں اور یہ اعلیٰ اخلاق اور تہذیب وتمدن کے زریں اصول ہیں۔لہٰذا ہمیں چاہئے کہ ان احادیث کو یاد کرکے ان پر عمل کریں اور دوسروں کو پہنچائیں تاکہ غیر مسلم حضرات بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی صحیح تعلیمات سے واقف ہوکر اسلام سے متعلق اپنے شک وشبہات دور کرسکیں۔



1. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: تمام اعمال کا دارومدار نیت پر ہے۔

(صحیح بخاری، صحیح مسلم)


2. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: کبیرہ گناہ‘ اﷲ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا، والدین کی نافرمانی کرنا، کسی کو بے گناہ قتل کرنا اور جھوٹی شہادت دینا ہے۔
(صحیح بخاری)



3. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: سات ہلاک کرنے والے گناہوں سے بچو۔ صحابۂ کرام نے عرض کیا یارسول اﷲ! وہ سات بڑے گناہ کونسے ہیں (جو انسانوں کو ہلاک کرنے والے ہیں)؟ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: شرک کرنا، جادو کرنا، کسی شخص کو ناحق قتل کرنا، سود کھانا، یتیم کے مال کو ہڑپنا، میدان (جنگ) سے بھاگنا، پاک دامن عورتوں پر تہمت لگانا۔

(صحیح بخاری وصحیح مسلم)


4. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: منافق کی تین علامتیں ہیں: جھوٹ بولنا، وعدہ خلافی کرنا، امانت میں خیانت کرنا۔

(صحیح بخاری وصحیح مسلم)


5. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: تم میں سب سے بہتر شخص وہ ہے جو قرآن کریم سیکھے اور سکھائے ۔
(صحیح بخاری)


6. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اﷲ کے نزدیک سب عملوں میں وہ عمل زیادہ محبوب ہے جو دائمی ہو، اگرچہ تھوڑا ہو۔
(صحیح بخاری وصحیح مسلم)


7. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: میں آخری نبی ہوں، میرے بعد کوئی نبی پیدا نہ ہوگا۔
(صحیح بخاری وصحیح مسلم)


8. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: پاک رہنا آدھا ایمان ہے۔
(صحیح مسلم)


9. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اﷲ کے نزدیک سب سے محبوب جگہ مسجدیں ہیں۔
(صحیح مسلم)


10. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جس نے مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجا، اﷲ تعالیٰ اس پر ۱۰ مرتبہ رحمتیں نازل فرمائے گا۔

(صحیح مسلم)


11. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: مؤمن ایک بل سے دوبارہ ڈسا نہیں جاتا ہے۔

(صحیح بخاری وصحیح مسلم)


12. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: پہلوان شخص وہ نہیں جو لوگوں کوپچھاڑدے، بلکہ پہلوان وہ شخص ہے جو غصہ کے وقت اپنے نفس پر قابو رکھے۔
(صحیح بخاری وصحیح مسلم)


13. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: مسلمان کے مسلمان پر پانچ حق ہیں۔ سلام کا جواب دینا۔ مریض کی عیادت کرنا۔ جنازہ کے ساتھ جانا۔ اس کی دعوت قبول کرنا۔ چھینک کا جواب یرحمک اللہ کہہ کر دینا۔
(صحیح بخاری وصحیح مسلم)


14. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اﷲ اس شخص پر رحم نہیں کرتا جو لوگوں پر رحم نہیں کرتا۔
(صحیح بخاری وصحیح مسلم)


15. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ظلم قیامت کے روز اندھیروں کی صورت میں ہوگا۔

(صحیح بخاری وصحیح مسلم)


16. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: چغل خور جنت میں نہیں جائے گا۔
(صحیح بخاری وصحیح مسلم)


17. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: دنیا میں ایسے رہوجیسے کوئی مسافر یا راہ گزر رہتا ہے۔

(صحیح بخاری)


18. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: رشتہ توڑنے والا جنت میں نہیں جائے گا۔
(صحیح بخاری وصحیح مسلم)



19. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : اگر کوئی شخص (روزہ رکھ کر بھی) جھوٹ بولنا اور اس پر عمل کرنا نہیں چھوڑتا تو اﷲ تعالیٰ کو اس کی کوئی ضرورت نہیں کہ وہ اپنا کھانا پینا چھوڑ دے۔

(صحیح بخاری)


20. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: انسان کے جھوٹا ہونے کے لئے اتنا ہی کافی ہے کہ جو بات سنے (بغیر تحقیق کے) لوگوں سے بیان کرنا شروع کردے۔
(صحیح مسلم)


21. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: وہ شخص جنت میں نہ جائے گا جس کا پڑوسی اس کی ایذاؤں سے محفوظ نہ ہو۔

(صحیح بخاری وصحیح مسلم)


22. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: تم میں سے وہ شخص میرے نزدیک زیادہ محبوب ہے جو اچھے اخلاق والا ہو۔
(صحیح بخاری وصحیح مسلم)


23. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : صدقہ دینے سے مال میں کمی نہیں آتی، اور جو بندہ درگزر کرتا ہے اﷲ تعالیٰ اس کی عزت بڑھاتا ہے اور جو بندہ اﷲ کے لئے عاجزی اختیار کرتا ہے اﷲ تعالیٰ اس کا درجہ بلند کرتا ہے۔
(صحیح مسلم)


24. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اگر کوئی شخص اپنے گھر والوں پر خرچہ کرتا ہے تو وہ بھی صدقہ ہے یعنی اس پر بھی اجر ملے گا۔
(بخاری ومسلم)


25. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اے نوجوان کی جماعت! تم میں سے جو بھی نکاح کی استطاعت رکھتا ہو اسے نکاح کرلینا چاہئے کیونکہ یہ نظر کو نیچی رکھنے والا اور شرمگاہ کی حفاظت کرنے والا ہے اور جو کوئی نکاح کی استطاعت نہ رکھتا ہو اسے چاہئے کہ روزے رکھے کیونکہ یہ اس کے لئے نفسانی خواہشات میں کمی کا باعث ہوگا۔
(صحیح بخاری)


26. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: عورت سے نکاح (عموماً) چار چیزوں کی وجہ سے کیا جاتا ہے۔ اس کے مال کی وجہ سے، اس کے خاندان کے شرف کی وجہ سے، اس کی خوبصورتی کی وجہ سے اور اس کے دین کی وجہ سے۔ تم دیندار عورت سے نکاح کرو، اگرچہ گرد آلود ہوں تمہارے ہاتھ، یعنی شادی کے لئے عورت میں دینداری کو ضرور دیکھنا چاہئے، خواہ تمہیں یہ بات اچھی نہ لگے۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)


27. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: حلال واضح ہے، حرام واضح ہے۔ ان کے درمیان کچھ مشتبہ چیزیں ہیں جن کو بہت سارے لوگ نہیں جانتے۔ جس شخص نے شبہ والی چیزوں سے اپنے آپ کو بچالیا اس نے اپنے دین اور عزت کی حفاظت کی۔ اور جو شخص مشتبہ چیزوں میں پڑے گا وہ حرام چیزوں میں پڑ جائے گا اس چرواہے کی طرح جو دوسرے کی چراگاہ کے قریب بکریاں چراتا ہے کیونکہ بہت ممکن ہے کہ اس کا جانور دوسرے کی چراگاہ سے کچھ چرلے۔ اچھی طرح سن لو کہ ہر بادشاہ کی ایک چراگاہ ہوتی ہے، یاد رکھو کہ اﷲ کی زمین میں اﷲ کی چراگاہ اس کی حرام کردہ چیزیں ہیں اور سن لو کہ جسم کے اندر ایک گوشت کا ٹکڑا ہے۔ جب وہ سنور جاتا ہے تو ساراجسم سنور جاتا ہے اور جب وہ بگڑ جاتا ہے تو پورا جسم بگڑ جاتا ہے، سن لو کہ یہ (گوشت کا ٹکڑا) دل ہے۔
(صحیح بخاری)


28. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اﷲ کی قسم! مجھے تمہارے لئے غریبی کا خوف نہیں ہے بلکہ مجھے خوف ہے کہ پہلی قوموں کی طرح کہیں تمہارے لئے دنیا یعنی مال ودولت کھول دی جائے اور تم اس کے پیچھے پڑ جاؤ، پھر وہ مال ودولت پہلے لوگوں کی طرح تمہیں ہلاک کردے۔
(صحیح بخاری وصحیح مسلم)


29. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اﷲ تعالیٰ بندہ کی مدد کرتا رہتا ہے جب تک بندہ اپنے بھائی کی مدد کرتا رہے۔
(صحیح مسلم)


30. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جب امانتوں میں خیانت ہونے لگے تو بس قیامت کا انتظار کرو۔
(صحیح بخاری)


31. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: حرام کھانے، پینے اور حرام پہننے والوں کی دعائیں کہاں سے قبول ہوں۔

(صحیح مسلم)


32. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: مسکین اور بیوہ عورت کی مدد کرنے والا اﷲ تعالیٰ کے راستے میں جہاد کرنے والے کی طرح ہے۔
(صحیح بخاری،صحیح مسلم)


33. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: تمہیں اپنے کمزوروں کے طفیل سے رزق دیا جاتا ہے اور تمہاری مدد کی جاتی ہے۔
(صحیح بخاری)


34. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اﷲ تعالیٰ ایسے شخص پر رحم کرے جو فروخت کرتے وقت، خریدتے وقت اور تقاضا کرتے وقت (قرض وغیرہ کا) فیاضی اور وسعت سے کام لیتا ہے۔
(صحیح بخاری)


35. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: کھاؤ ،پیؤ ،پہنو اور صدقہ کرو، لیکن فضول خرچی اور تکبر کے بغیر (یعنی فضول خرچی اور تکبر کے بغیر خوب اچھا کھاؤ، پیؤ، پہنو اور صدقہ کرو)۔
(صحیح بخاری)


36. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: رشک دو ہی آدمیوں پر ہوسکتا ہے، ایک وہ جسے اﷲ نے مال دیا اور اسے مال کو راہ حق میں لٹانے کی پوری طرح توفیق ملی ہوئی ہے۔ اور دوسرا وہ جسے اﷲ نے حکمت دی ہے اور وہ اس کے ذریعہ فیصلہ کرتا ہے اور اس کی تعلیم دیتا ہے۔
(صحیح بخاری)


37. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: مؤمنین کی مثال ان کی دوستی اور اتحاد اور شفقت میں بدن کی طرح ہے۔ بدن میں سے جب کسی عضو کو تکلیف ہوتی ہے تو سارا بدن نیند نہ آنے اور بخار آنے میں شریک ہوتا ہے۔
(صحیح مسلم)



38. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: آپس میں بغض نہ رکھو، حسد نہ کرو، پیچھے پیٹھ برائی نہ کرو، بلکہ اﷲ کے بندے اور آپس میں بھائی بن کر رہو اور کسی مسلمان کے جائز نہیں کہ اپنے کسی بھائی سے تین دن سے زیادہ ناراض رہے۔
(صحیح بخاری)


39. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: (سچا) مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان (کے ضرر) سے مسلمان محفوظ رہیں۔ مہاجر وہ ہے جو اُن کاموں کو چھوڑدے جن سے اﷲ نے منع کیا ہے۔
(صحیح بخاری)


40. رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اﷲ تعالیٰ نے ہر چیز میں بھلائی فرض کی ہے، لہذا جب تم (کسی کو قصاصاً) قتل کرو تو اچھی طرح قتل کرو۔ اور جب ذبح کرو تو اچھی طرح ذبح کرو اور تم میں سے ہر ایک کو اپنی چھری تیز کرلینی چاہئے اور اپنے جانور کو آرام دینا چاہئے۔
(صحیح مسلم)



خاتم النبین وسید المرسلین وخیر البریہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے مذکورہ بالا ارشادات کی روشنی میں ہم ان شاء اﷲ بڑے بڑے گناہ خاص کر شرک، والدین کی نافرمانی، قتل نفس، جھوٹ، چغل خوری، جادو، سود، ظلم وزیادتی، وعدہ خلافی، امانت میں خیانت، قطع رحمی، پڑوسیوں کو ایذارسانی، حرام اور مشتبہ چیزوں کا استعمال، فضول خرچی، تکبر، حسد اور بغض جیسی مہلک برائیوں سے اپنے آپ کو محفوظ رکھیں گے جو ہمارے معاشرہ میں ناسور بن گئی ہیں۔ اور اپنے نبی کی تعلیمات کے مطابق صرف اور صرف اﷲ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے نیک اعمال کریں گے اور اپنے اخلاق کو بہتر سے بہتر بناکر استقامت کے ساتھ دنیاوی فانی زندگی میں ہی اخروی دائمی زندگی کی تیاری کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اﷲ تبارک وتعالیٰ ہمیں فصاحت وبلاغت کے پیکر اور بے مثال ادیب عرب حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے جوامع الکلم (اقوال زریں ) کو سمجھ کر پڑھنے والا، ان کے مطابق عمل کرنے والا اور ان قیمتی پیغامات کو دوسروں تک پہنچانے والا بنائے، آمین، ثم آمین.




http://www.hamariweb.com/articles/article.aspx?id=57426
 
Top