کنعان
فعال رکن
- شمولیت
- جون 29، 2011
- پیغامات
- 3,564
- ری ایکشن اسکور
- 4,425
- پوائنٹ
- 521
جعلی مہدی کے پیروکار پانچ سعودیوں کو سزائے قید
پانچوں مجرموں کو توبہ کیے بغیر جیل سے رہا نہیں کیا جائے گا
پانچوں مجرموں کو توبہ کیے بغیر جیل سے رہا نہیں کیا جائے گا
سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں ایک عدالت نے پانچ سعودیوں کو کویت سے تعلق رکھنے والے ایک جعلی امام مہدی کی پیروی کے جرم میں پانچ سے پچیس سال تک قید کی سزائیں سنائی ہیں۔
استغاثہ کے مطابق پانچوں سعودی کویتی امام مہدی کے پیروکار تھے اور وہ اس کے ہاتھ پر بیعت کرنے کے لیے کویت گئے تھے۔ انھوں نے سعودی عرب میں بھی اس کی تعلیمات پھیلانے کی کوشش کی تھی۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ مدعاعلیہان اگر توبہ نہیں کرتے تو انھیں قید کی مدت پوری ہونے کے بعد رہا نہیں کیا جائے گا۔ عدالت نے جیل سے رہائی کے بعد ان پر پانچ سے پچیس سال تک بیرون ملک جانے پر بھی پابندی عاید کردی ہے۔
عدالت نے کہا ہے کہ جج صاحبان نے کثرت رائے سے ان مجرموں کے خلاف فیصلہ دیا ہے اور ایک جج نے تو انھیں سزائے موت دینے کی رائے دی تھی۔ سرکاری وکیل اور مدعاعلیہان نے عدالت کے اس فیصلے پر اعتراض کیا ہے۔تاہم وہ عدالت کے فیصلے کے خلاف ایک ماہ میں نظرثانی کی اپیل دائر کرسکتے ہیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ تمام مدعاعلیہان نے مبینہ امام مہدی سے ذاتی روابط استوار کر رکھے تھے۔ ان میں سے بعض کویت میں اس کے گھر میں رہتے رہے تھے۔انھوں نے اس کی مالی مدد کی تھی اور اس کی ویب سائٹ کو چلاتے رہے تھے۔ اس کے ساتھ ای میل کے ذریعے رابطے میں رہے تھے۔ انھوں نے اپنے اس مرشد امام مہدی کی کتب تقسیم کی تھیں اور سوشل میڈیا پر اس کے حق مضامین لکھے اور پوسٹ کیے تھے۔
عدالت نے ان میں سے پہلے مدعا علیہ کو پچیس سال قید کی سزا سنائی ہے۔ اس کو پہلے بھی جعلی امام مہدی کا پیروکار ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن اس نے توبہ کر لی تھی اور یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ آیندہ تکفیری نظریہ نہیں اپنائے گا جس کے بعد اس کو رہا کردیا گیا تھا۔
عدالت نے کہا ہے کہ ''یہ تمام مدعاعلیہان سعودی مملکت ،اس کی حکومت اور عوام کو کافر خیال کرتے تھے اور ان کا دعویٰ تھا کہ جو کوئی بھی ان کے مبینہ جعلی امام مہدی کو نہیں مانتا ، وہ مسلمان بھی نہیں ہے''۔عدالت نے دوسرے مدعاعلیہ کو دس سال ،تیسرے کو بیس سال اور چوتھے اور پانچویں مدعاعلیہان کو بالترتیب سات اور پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ اگر اپیل عدالت سے ان کی درخواست خارج ہو گئی تو پھر انھیں یہ سزا بھگتنا ہو گی۔
الریاض ۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ: جمعرات 16 ذیعقدہ 1435هـ - 11 ستمبر 2014م