• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

(حصہ:8)(( سیدنا صدیق اکبر رضی اللّٰہ عنہ کے حالات زندگی اور فضائل ومناقب ))(سیدنا ابوبکر رضی اللّٰہ عنہ کا خواب اور بلا توقف قبولِ اسلام )

شمولیت
نومبر 14، 2018
پیغامات
305
ری ایکشن اسکور
48
پوائنٹ
79
((سیدنا صدیق اکبر رضی اللّٰہ عنہ کے حالات زندگی اور فضائل ومناقب))

(حافظ محمد فیاض الیاس الاثری ،دارالمعارف، لاہور)

سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللّٰہ عنہ کے حالات اور فضائل و مناقب (سیدنا ابوبکر رضی اللّٰہ عنہ کا خواب اور بلا توقف قبولِ اسلام )

♻ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دعوت دین کا آغاز فرمایا ، آپ کے دیرینہ دوست حضرت ابوبکر صدیق رضی اللّٰہ عنہ کو علم ہوا ، فوراً آپ کی خدمت میں حاضر میں ، دعوت و رسالت کے بارے میں بات چیت ہوئی اور کہنے لگے: ﷲ کی قسم! میں نے آپ کے قریب کبھی جھوٹ کی پرچھائیں بھی نہیں دیکھی، آپ نبوی فطرت کے انسان ہیں، امانت دار ہیں، صلہ رحمی کرتے ہیں، اچھے کام کرتے ہیں۔ آپ اپنا ہاتھ بڑھائیے تاکہ میں آپ کی بیعت کروں۔

♻ رسول ﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا ہاتھ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللّٰہ عنہ کی طرف بڑھا دی، تو انھوں نے اسی وقت آپ کی بیعت کر کے آپ کی تصدیق کی اور اعلان کیا کہ جو کچھ بھی آپ کے پاس آیاہے وہ برحق ہے۔ ﷲ کی قسم! حضرت ابوبکر صدیق رضی اللّٰہ عنہ نے رسول ﷲ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی دعوت قبول کرنے میں لمحہ بھر بھی دیر نہیں لگائی، فوراً اسلام قبول کر لیا۔(محب الدین الطبری، الریاض النضرہ: 84/1)

♻ رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللّٰہ عنہ کے بارے میں فرمایاتھا:(( مَا دَعَوْتُ أَحَدًا إِلَی الْإِسْلَامِ إِلَّا کَانَتْ فِیہِ عِنْدَہ، کَبْوَۃٌ وَ نَظَرٌ وَ تَرَدُّدٌ إِلَّا مَا کَانَ مِنْ أَبِی بَکْرِ بْنِ أَبِی قُحَافَۃَ مَا عَکَمَ عَنْہ، حِینَ ذَکَرْتُہُ لَہ، وَ مَا تَرَدَّدَ فِیہِ ))(ابن ہشام، السیرۃ النبویہ: 252/1)''میں نے جسے بھی اسلام کی دعوت دی اس نے توقف کیا، سوچ بچار سے کام لیا اور تردّد کا اظہار کیا، سوائے ابوبکر بن ابی قحافہ کے، جب میں نے انھیں اسلام کی دعوت دی تو انھوں نے بغیر لیت و لعل کے (فوراً) اسلام قبول کر لیا۔''

♻ سیدنا ابوبکر رضی اللّٰہ عنہ کا خواب اور اس کی تعبیر:
حضرت ابوبکر صدیق رضی اللّٰہ عنہ نے بلا توقف اسلام کیوں قبول کر لیا؟ اس کا ایک سبب تو یہ تھا کہ ﷲ کی توفیق ان کے شامل حال تھی۔ دوسری بات یہ ہے کہ وہ ایک خواب دیکھ چکے تھے کہ مکہ میں چاند اترا ہے، تمام گھروں میں اس کی روشنی پھیل گئی ہے، پھر چاند کا ایک ایک ٹکڑا ہر گھر میں گرا ہے، لیکن ا س کے بعد چاند کے بکھرے ہوئے ٹکڑے اکٹھے ہو گئے اور مکمل چاند ان کی گود میں آگیا۔

♻ حضرت ابوبکر رضی اللّٰہ عنہ نے اس خواب کی تعبیر اہل کتاب کے کسی عالم سے پوچھی، تو اس نے بتایا کہ وہ نبی جس کی آمد کے ہم منتظر ہیں اور جس کے ظہور کا وقت بالکل قریب ہے، وہ ظاہر ہو گا اور آپ اس کی اطاعت کریں گے اور اس کی برکت سے آپ تمام لوگوں سے بڑھ کر سعادت مند ہوں گے۔ چنانچہ جب رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللّٰہ عنہ کو اسلام کی دعوت دی تو انھوں نے اسلام قبول کرنے میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں کی،(السہیلی، الروض الانف:471/1)

♻ زبانِ صدیق پر کلمہ حق:
حضرت ابوبکر صدیق رضی اللّٰہ عنہ ایک دن حضرت حکیم بن حزام رضی اللّٰہ عنہا کے پاس بیٹھے تھے کہ حضرت حکیم کی لونڈی نے آکر کہا: آپ کی پھوپھی خدیجہ کہہ رہی ہیں کہ ان کے خاوند نبی مرسل ہیں، جس طرح حضرت موسیٰ علیہ السلام علیکم نبی تھے۔ یہ سن کر حضرت ابوبکر صدیق رضی اللّٰہ خاموشی سے اُٹھے، نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں پہنچے اور آپ سے صورتِ حال دریافت کی۔ رسول ﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللّٰہ عنہ کو نزول وحی کا واقعہ بتایا اور انھیں خبر دی کہ ﷲ تعالیٰ نے مجھے رسول بنا کر مبعوث کیا ہے۔

♻ حضرت ابوبکر رضی اللّٰہ عنہ نے اسی وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تصدیق کرتے ہوئے گواہی دی :'' صَدَقْتَ بِأَبِی أَنْتَ وَ أُمِّی وَ أَھْلُ الصِّدْقِ أَنْتَ، أَنَا أَشْھَدُ أَنْ لَّا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ وَأَنَّکَ رَسُولُ اللّٰہِ ''( نور الدین،السیرۃ الحلبیہ:389/1)میرے ماں باپ آپ پر قربان! آپ نے سچ فرمایا ہے اور آپ سچائی ہی کے خوگر ہیں، میں گواہی دیتا ہوں ﷲ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں اور یقینا آپﷲ کے رسول ہیں۔

♻ حضرت ابوبکر رضی اللّٰہ عنہ نے دل کی گہرائیوں سے آزاد مردوں میں سب سے پہلے اسلام قبول کیا۔ غرور و تکبر کرنے والوں کی ناک خاک آلود کرکے دین حق کی راہ اختیار کی اور تادمِ زندگی جادہ مستقیم پر گامزن رہے۔
 
Top