• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

حکمت اللہ کی نعمت ہے۔ تفسیر السراج۔ پارہ:3

محمد آصف مغل

سینئر رکن
شمولیت
اپریل 29، 2013
پیغامات
2,677
ری ایکشن اسکور
4,006
پوائنٹ
436
يُؤْتِي الْحِكْمَۃَ مَنْ يَّشَاۗءُ۝۰ۚ وَمَنْ يُّؤْتَ الْحِكْمَۃَ فَقَدْ اُوْتِيَ خَيْرًا كَثِيْرًا۝۰ۭ وَمَا يَذَّكَّرُ اِلَّآ اُولُوا الْاَلْبَابِ۝۲۶۹ وَمَآ اَنْفَقْتُمْ مِّنْ نَّفَقَۃٍ اَوْ نَذَرْتُمْ مِّنْ نَّذْرٍ فَاِنَّ اللہَ يَعْلَمُہٗ۝۰ۭ وَمَا لِلظّٰلِمِيْنَ مِنْ اَنْصَارٍ۝۲۷۰ اِنْ تُبْدُوا الصَّدَقٰتِ فَنِعِمَّا ہِىَ۝۰ۚ وَاِنْ تُخْفُوْھَا وَتُؤْتُوْھَا الْفُقَرَاۗءَ فَھُوَخَيْرٌ لَّكُمْ۝۰ۭ وَيُكَفِّرُ عَنْكُمْ مِّنْ سَيِّاٰتِكُمْ۝۰ۭ وَاللہُ بِمَا تَعْمَلُوْنَ خَبِيْرٌ۝۲۷۱
جسے چاہے سمجھ دیتا ہے اور جسے سمجھ دی گئی، اسے بڑی خوبی ملی اور نصیحت صرف وہی قبول کرتے ہیں جو عقل مند ہیں۔۱؎(۲۶۹) اورتم جو خیرات دیتے ہو یا نذر مانتے ہو، اللہ اسے جانتا ہے اور ظالموں کا کوئی مدد گار نہیں ہے۔(۲۷۰) اگرتم خیرات کو ظاہر کرکے دو تو کیا اچھی بات ہے اور اگر اسے چھپاؤ اور فقیروں۲؎ کو دوتو وہ تمھارے لیے اور بھی بہتر ہے اور اس سے تمھارے بعضے گناہ دور کردے گا اورخدا تمہارے کاموں سے واقف ہے ۔(۲۷۱)
حکمت اللہ کی نعمت ہے
۱؎ اسراف وامساک میں فرق محسوس کرنا،بخل وسخاوت میں تفاوت جاننا اور ہربرائی کے نقصانات اور نیکی کے فوائد کا علم رکھنا حکمت ہے۔ یعنی و ہ لوگ جو دنیا کی بے ثباتی وبے وقعتی اورآخرت کی اہمیت وحرمت کو جانتے ہیں، حکیم ہیں اور سمجھ دار ہیں اور وہ جو اپنی تگ ودو صرف دنیا تک محدود رکھتے ہیں، بے وقوف ہیں، کیوں کہ عاجل کو صرف اس لیے ترجیح دیتا ہے کہ وہ نقد ہے اورآجل کو ترک کردینا کہ وہ نسیہ ہے ۔ بغیر یہ جاننے کے کہ دونوں میں کوئی نسبت ہی نہیں، حماقت ہے ۔ قرآن حکیم حکمت کو پسند کرتا ہے ۔ اس کے مخاطب بھی سمجھ دار لوگ ہیں۔ جو نفع ونقصان پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ بے پروا اور بے خوف انسان اپنے متعلق کچھ نہیں سوچ سکتا،اس لیے اس سے کوئی توقع ہی نہیں رکھنی چاہیے۔

قرآن حکیم کاارشاد ہے کہ جسے یہ دانش عطا ہو وہ گویا دنیا کی بہترین نعمتوں سے بہرہ ور ہے اور وہ جو حکیمانہ مزاج نہیں رکھتا وہ اگر دنیا جہان کی چیزیں بھی رکھتا ہو تو حقیقی مسرت سے محروم ہے ۔

۲ ؎ ان آیات میں بتایا ہے کہ صدقات کا اظہار واعلان اگر نیک نیتی کے ساتھ ہوتو کوئی مضائقہ نہیں۔ اسی طرح اگر اخفاء ریا کے ڈر سے ہوتو بہتر ہے اوریہ کہ اس سے تکفیر سیئات ہوتی رہتی ہے۔ یعنی جب ہم دوسروں کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ ہماری روحانی ضروریات کو پورا کردیتا ہے اور ہمارے گناہوں پر خط عفو کھینچ دیتا ہے ۔ کتنی بڑی حوصلہ افزائی ہے ۔
حل لغات
{اَلْبَابٌ} جمع لُبْ بمعنی عقل{ نُذْرٌ} منت ماننا{ تُبْدُوْا} مصدر ابداء بمعنی اظہار۔
 
Top