کنعان
فعال رکن
- شمولیت
- جون 29، 2011
- پیغامات
- 3,564
- ری ایکشن اسکور
- 4,425
- پوائنٹ
- 521
خودکش حملے وہ کرتے ہیں جن کو جہنم جانے کی جلدی ہوتی ہے
اپنے آپ کو مارنا ایک سنگین جرم اور ایک سنگین گناہ ہے: مفتی اعظم
سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے کہا ہے کہ خودکش حملہ کرنا سنگین جرم ہے اس طرح کی کارروائیاں وہ لوگ کرتے ہیں جنہیں جہنم میں جانے کی بہت زیادہ جلدی ہوتی ہے۔
یہ بات انہوں نے سعودی اخبار الحیات کو ایک انٹرویو میں کہی۔
مفتی اعظم نے کہا 'اپنے آپ کو مارنا ایک سنگین جرم اور ایک سنگین گناہ ہے۔'
انہوں نے کہا کہ خودکش حملے مسلمان نوجوان طبقے کو گمراہ اور تباہ کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔
'دین اسلام تو کسی ایک شخص کی جانب سے خودکشی کو بھی حرام قرار دیتا ہے۔ تو پھر خودکش حملے کس طرح جائز ہو سکتے ہیں۔'
مفتی اعظم شیخ عبدالعزیزآل الشیخ نے کہا کہ خودکش حملہ آور نا صرف مسلمان بلکہ تمام انسانیت کا دشمن ہے اور 'ایسا وہی کرتا ہے جسے جہنم واصل ہونے کی بہت زیادہ جلدی ہوتی ہے'۔
واضح رہے کہ سعودی مفتی اعظم اس سے قبل بھی خودکش حملوں اور اپنے مقاصد کی تکمیل کے لیے عام شہریوں کی ہلاکت کو غیر اسلامی قرار دے چکے ہیں اور رواں برس خطبہ حج کے دوران بھی انہوں نے اس کی مذمت کی تھی۔
یاد رہے کہ مفتیِ اعظم شیخ عبد العزیز نے خطبہ حج میں کہا تھا کہ اسلام نے امن کی تعلیم دی ہے اور اسلام دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتا۔
شیخ عبدالعزیز نے خطبے میں کہا تھا کہ کسی انسان کا ناحق خون کرنے والے کا ٹھکانہ جہنم ہے اور اسلام دہشت گردی کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔
'آج دنیا بھر میں ہونے والی دہشت گردی کی اسلام مذمت کرتا ہے اور مسلمانوں کو امن پسندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔'
مفتیِ اعظم نے کہا کہ مسلمانوں پر جو مصائب آتے ہیں ان پر صبر کرنا چاہیے اور یہی اسلام کی تعلیم ہے۔
جمعـہ 13 دسمبر 2013