حج کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل
سیکیورٹی سربراہان کی میڈیا بریفنگ
ریاض ۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ: جمعرات 1 ذوالحجہ 1435هـ - 25 ستمبر 2014م
سعودی عرب کی حکومت نے حسب روایت امسال حج کے موقع پر ضیوف الرحمان کی حفاظت اور حج کے دوران امن وامان کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں۔
حج سیکیورٹی امور کے انچارج میجر جنرل جمعان بن احمد الغامدی اور دیگر اداروں کے سربراہان نے حج کے حوالے سے مسجد حرام، حجاج کرام کی قیام گاہوں، ان کی آمد ورفت کے راستوں اور دیگر تمام مقدس مقامات کی سیکیورٹی کےحوالے سے کی گئی تیاریوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔
مکہ مکرمہ میں ایک نیوز بریفنگ کے دوران میجر جنرل الغامدی نے کہا کہ نئے سیکیورٹی پلان کے تحت حج کے موقع پر سیکیورٹی فورسز کو چار 'لیڈنگ فورسز' میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان میں بھاری ہتھیاروں سے لیس اور دھماکہ خیز مواد کی چھان بین کرنے والے جدید ترین آلات سے لیس اہلکار بھی تعینات کیے جا رہے ہیں۔ منی، مزدلفہ، عرفات اور دیگر تمام مقامات مقدسہ میں حجاج کرام کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 30 پولیس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، ان میں انتظامی فورسز کے یونٹ بھی شامل ہیں۔ حج کے دنوں میں سات مختلف سیکیورٹی اداروں کی 400 سوار گشتی پارٹیاں، 100 موٹر سائیکل سوار اور 60 خفیہ پارٹیاں امن وامان کو یقینی بنانے کی ذمہ داریاں ادا کریں گی۔
انہوں نے بتایا کہ پیادہ اور سوار گشتی پارٹیاں اللہ کے مہمانوں کی حفاظت کے ساتھ ان کی ہر ممکن رہ نمائی کی ذمہ داریاں ادا کریں گی اور اس کے ساتھ ساتھ حجاج کرام کی شکل میں ان کی صٍفوں میں گھسنے والے جرائم پیشہ عناصر کی تلاش، ان کی نشاندہی اور انہیں پکڑنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مقامات مقدسہ میں تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کو تربیت کے دوران جرائم پیشہ عناصرکی تلاش اور ان سے نمٹنے کی مکمل تربیت فراہم کی گئی ہے اور وہ ایسی 50 آزمائشی مہمات سے گذر چکے ہیں۔
درایں اثناء حج کے موقع پر تشکیل دی گئی ایمرجنسی پولیس فورس کے سربراہ میجر جنرل خالد بن قرار الحربی نے بتایا کہ ایمرجنسی سکواڈ نہ صرف مسجد حرام، حجاج کرام کی قیام گاہوں اور مقامات حج کے آس پاس موجود رہیں گے بلکہ مدینہ منورہ اور مسجد نبوی میں بھی زائرین کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے ایمرجنسی پولیس فورسز تشکیل دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حجاج کرام کی رہ نمائی اور حفاظت کے لیے صرف ایک پولیس ادارہ کام نہیں کر رہا ہے بلکہ ملک کے تمام سیکیورٹی ادارے مل کر حج کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنائیں گے۔ جنرل الحربی کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی پولیس اہلکار مسجد حرام کے داخلی اور خارجی راستوں پرہمہ وقت موجود رہیں گے۔ اس کے علاوہ حجاج کے رش والے مقامات پر کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی پولیس چوکس ہوگی۔ مسجد نبوی اور جنت البقیع میں بھی ایمرجنسی پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جا چکی ہے۔
اس موقع پر حرم کے سیکیورٹی کنٹرول سینٹر کے چیف کرنل فہد بن عبداللہ المدیھش نے کہا کہ سیکیورٹی کنٹرل سینٹر بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کی حفاظت کے لیے فرنٹ لائن پر موجود ہیں۔ سیکیورٹی کنٹرول مراکز کو پانچ مقامات پر تقسیم کیا گیا ہے۔ ایک سینٹر مکہ مکرمہ سے باہر البہیتۃ میں قائم کیا گیا ہے جبکہ مراکز مکہ معظمہ کے اندر شہر کے چاروں داخلی راستوں پر بنائے گئے ہیں۔ ان تمام مراکز پر موقع پر موجود فورسز اور گشتی پارٹیاں مقرر کی گئی ہیں جو چوبیس گھنٹوں کی بنیاد پر حجاج کرام کی نقل وحرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ح