کنعان
فعال رکن
- شمولیت
- جون 29، 2011
- پیغامات
- 3,564
- ری ایکشن اسکور
- 4,425
- پوائنٹ
- 521
سعودی عرب: 88 مشتبہ دہشت گرد گرفتار
مشتبہ افراد اندرون اور بیرون ملک حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان منصور الترکی نے کہا ہے کہ مشتبہ افراد دہشت گردی کے حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سعودی عرب میں سکیورٹی فورسز نے اٹھاسی مشتبہ افراد کو اندرون اور بیرون ملک دہشت گردی کے حملوں کی منصوبہ بندی اور دہشت گرد گروپوں کے ساتھ تعلق کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان اٹھاسی مشتبہ افراد کی گذشتہ کئی ماہ سے کڑی نگرانی کی جا رہی تھی اور خاص طور پر انتہا پسندانہ نظریات رکھنے والے افراد کی نگرانی کی جارہی تھی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گرفتار کیے گئے مشتبہ دہشت گردوں میں سے انسٹھ کو پہلے بھی حراست میں لیا گیا تھا۔
وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے اس بیان کے بعد ایک نیوز کانفرنس کی ہے اور بتایا ہے کہ ''ان مشتبہ افراد کو سعودی مملکت سے باہر دہشت گرد گروپوں سے تعلق کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے اور ان میں بعض نے بیرون ملک اپنے بچوں کو لڑنے کے لیے بھیجا ہے''۔
انھوں نے کہا کہ ''مشتبہ افراد سعودی عرب اور بیرون ملک دہشت گردی کی کارروائیوں کے مرتکب ہونے والے تھے''۔ انھوں نے وضاحت کی کہ ان مشتبہ افراد کے انتہا پسندانہ نظریات اور نوجوانوں کو انتہا پسندی کی جانب راغب کرنے کے لیے تبلیغ کی وجہ سے نگرانی کی جارہی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد نے چھ مختلف سیل قائم کر رکھے تھے اور یہ مکہ مکرمہ اور حائل سمیت ملک کے چار مختلف علاقوں میں واقع تھے۔ ان سیلوں میں شخصیات کے قتل کی سازش کی گئی تھی اور ان میں سب سے بڑے سیل کے ارکان کی تعداد اکاون تھی۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کی جانب سے جاری کردہ وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق ''کئی ماہ کی مانیٹرنگ اور سکیورٹی نگرانی کے بعد مشتبہ افراد پر ہاتھ ڈالا گیا ہے اور ان کی اندرون اور بیرون ملک دہشت گردی کے حملوں کی سازش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ وہ بہت جلد اس سازش کو عملی جامہ پہنانے والے تھے''۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ان اٹھاسی افراد کو سعودی عرب کے مختلف علاقوں سے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران پکڑا گیا ہے۔ ان میں چوراسی سعودی شہری اور تین یمنی ہیں۔ فوری طور پر ایک مشتبہ شخص کی قومیت معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ: منگل 7 ذیعقدہ 1435هـ - 2 ستمبر 2014م