• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

سونے اور چاندی کے آن لائن کاروبار کا حکم

شمولیت
مارچ 02، 2023
پیغامات
890
ری ایکشن اسکور
30
پوائنٹ
69
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

سيدنا عبادہ بن صامت رضى اللہ تعالى عنہ بيان كرتے ہيں كہ رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے فرمايا:

الذَّهَبُ بِالذَّهَبِ ، وَالْفِضَّةُ بِالْفِضَّةِ ، وَالْبُرُّ بِالْبُرِّ ، وَالشَّعِيرُ بِالشَّعِيرِ ، وَالتَّمْرُ بِالتَّمْرِ ، وَالْمِلْحُ بِالْمِلْحِ مِثْلا بِمِثْلٍ سَوَاءً بِسَوَاءٍ يَدًا بِيَدٍ ، فَإِذَا اخْتَلَفَتْ هَذِهِ الأَصْنَافُ فَبِيعُوا كَيْفَ شِئْتُمْ إِذَا كَانَ يَدًا بِيَدٍ ) (صحيح مسلم، المساقاة: 1587).

’’سونے کے عوض سونا، چاندی کے عوض چاندی، گندم کے عوض گندم، جو کے عوض جو، کھجور کے عوض کھجور اور نمک کے عوض نمک (کا لین دین) مثل بمثل، یکساں، برابر برابر اور نقد بنقد ہے۔ جب اصناف مختلف ہوں تو جیسے چاہو بیع کرو بشرطیکہ وہ دست بدست ہو۔‘‘

جيسے سونا اور چاندی میں سود جاری ہوتا ہے، ایسے ہی نقدی میں بھی سود جاری ہوتا ہے۔ اس کا مفہوم یہ ہے کہ اگر سونے کا سونے سے تبادلہ کیا جائے ، یا چاندی کا چاندی سے تبادلہ کیا جائے، اسی طرح پاکستانی روپے یا کسی اور کرنسی کا اسی جیسی کرنسی سے تبادلہ کیا جائے، تو اس کے حلال ہونے کے لیے دو شرطوں کا پایا جانا ضروری ہے:

1- برابری (دونوں طرف سے سونا، چاندی اور نقدی کا برابر ہونا)

2- فوری قبضہ میں لینا (یعنی مجلس عقد میں ہی دونوں طرف سے سونا، چاندی اور نقدی ایک دوسرے کے حوالے کر دی جائے)

اگر سونے کا تبادلہ چاندی سے، يا نقدی کے بدلے سونا یا چاندی لی جائے، تو اس میں مجلس عقد ہی میں فوری قبضہ لینا ضروری ہے۔

اس لیے سونا اور چاندی کی خرید و فروخت کے وقت مجلس عقد میں ہی دکاندار کے لیے نقدی اور خریدنے والے کے لیے سونا یا چاندی فوری قبضہ میں لینا ضروری ہے۔ اگر نقدی ادا کر دی گئی ہے، لیکن سونا یا چاندی کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی تو یہ سود ہے، جو حرام اور ناجائز ہے۔ ايسے ہی اگر سونا یا چاندی کی ادائیگی کر دی گئی، لیکن نقدی کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی، تو سود ہو گا۔

اگر کسٹمر سونا يا چاندی سے بنی ہوئی كسی چیز کو آن لائن پسند کرتا ہے۔پھر اس چیز کی قیمت آن لائن بنک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کر کے آرڈر کر دیتا ہے۔ آن لائن کمپنی کا مالک پسند کردہ چیز کسٹمر تک مکمل حفاظت سے پہنچا ديتا ہے۔ چونکہ سونا یا چاندی کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی ہے، اس لیے خرید وفروخت کا یہ طریقہ ناجائز اور حرام ہے۔


سونا اور چاندی کے آن لائن کاروبار کا جائز طریقہ یہ ہے کہ کسٹمر آن لائن کوئی چیز پسند کرے اور وعدہ کر لے کہ وہ فلاں چیز خریدنے میں رغبت رکھتا ہے۔ پھر آن لائن کاروبار کرنے والی کمپنی کا نمائندہ اس کسٹمر کے پاس جائے۔ اسے اس کی پسندیدہ چیز دکھائے، اگر وہ اسے خریدنا چاہے، تو خرید لے، خریدنے کی پابندی نہ ہو۔ اگر وہ خرید لیتا ہے تو آپ کا نمائندہ وہ چیز اس کے حوالے کر کے اسی مجلس میں اس سے قيمت وصول کر لے۔


والله أعلم بالصواب.
 
Top