الطاف الرحمن
رکن
- شمولیت
- جنوری 13، 2013
- پیغامات
- 63
- ری ایکشن اسکور
- 29
- پوائنٹ
- 64
صلاۃ التسبیح
از : الطاف الرحمن ابوالکلام سلفی
حکم : اس کا پڑھنا سنت ہے ۔
فضیلت: رسول اکرم ﷺ نے اپنے چچا عباس بن عبد المطلب رضی اﷲ سے فرمایا: اے عباس ! اے میرے چچا! کیا میں آپ کو کچھ عطا نہ کردوں؟ کچھ دے نہ دوں ؟ کوئی چیز عطیہ نہ کردوں؟ کیا میں آپ کے ساتھ بھلائی نہ کروں؟ (ان کو ابھارنے کے بعد کہتے ہیں)آپ چار رکعت صلاۃ التسبیح پڑھیں آپ کو دس فائدے حاصل ہوں گے ۔
- 1 ،2: اﷲ آپ کے اگلے اور پچھلے گناہ کو۔
- 3 ،4 : کئی سالوں پہلے اور قریب کے گناہوں کو۔
- 5، 6 : بھول چوک اور قصداً کئے گئے گناہ کو۔
- 7، 8 : چھوٹے ہوں یا بڑے۔
- 9، 10: ڈھکے چھپے اور ظاہری سارے گناہ کو بخش دے گا۔
صلاۃ التسبیح کاطریقہ: ہر رکعت میں سورہ فاتحہ اور کوئی سورت پڑھی جائے، جب قرأت سے فارغ ہوجائیں تو پندرہ مرتبہ یہ دعا پڑھیں: ’’ سُبْحَانَ اللّٰہِ ، وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ ، وَلاَ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ ، وَاللّٰہُ أَکْبَرُ‘‘ پڑھیں ۔اس کے بعد رکوع میں جائیں(رکوع کی دعا پڑھنے کے بعد )دس مرتبہ مذکورہ دعا پڑھیں۔ پھر رکوع سے اپنا سر اٹھائیں (پھر رکوع کے بعد کی دعا پڑھنے کے بعد) مذکورہ دعا دس مرتبہ پڑھیں۔اس کے بعد سجدہ میں جائیں (سجدہ کی دعا پڑھنے کے بعد )مذکورہ دعا دس بار پڑھیں۔ پھر سجدے سے سر اٹھائیں (اس کی دعا پڑھنے کے بعد)مذکورہ دعا دس بار پڑھیں ۔پھر پہلے سجدہ کی طرح دوسرا سجدہ بھی کریں۔ایسا ہی ہر رکعت میں کریں گے۔ اس طرح ایک رکعت میں ۷۵؍ بار تسبیح پڑھیں گے۔ چار رکعت میں کل ۳۰۰؍ سو بار پڑھیں گے۔
یہ نمازکب پڑھی جائے؟ ممنوعہ اوقات ِنماز کے علاوہ اگر استطاعت رہے تو ہر دن ایک بار پڑھ لیں۔ ہر دن نہ پڑھ سکیں تو ہر جمعہ کو ایک بار ،ایسا بھی نہ کرسکیں تو ہر مہینہ میں ایک بار، یہ بھی نہ ہو سکے تو ہر سال ایک بار پڑھ لیں۔ اگر اس کی بھی توفیق نہ مل سکے تو کم ازکم اپنی زندگی میں ایک بار پڑھ لینا چاہئے۔
[مذکورہ ساری باتیں سنن ابی داود: ۱۲۹۷، اور ابن ماجہ: ۱۳۸۶سے ماخوذ ہیں، یاد رہے اس حدیث کو علما کی ایک جماعت نے لائق عمل تسلیم کیا ہے: جن میں امام بیھقی، ابن مبارک، نووی ، ابن حجر اور علامہ البانی وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ دیکھئے : رسالۃ التنقیح لما جاء فی صلاۃ التسبیح: ص: ۶۴تا ۷۰]