• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

(قسط:19)سرور کونین ﷺ کا سراپا اقدس ( (( رسول اللہ ﷺکا جسم اطہر، ہڈیاں اور جوڑ مبارک))

شمولیت
نومبر 14، 2018
پیغامات
305
ری ایکشن اسکور
48
پوائنٹ
79
رسول اللہ ﷺ کا حلیہ مبارک

(( حافظ محمد فیاض الیاس الأثری ، ریسرچ فیلو: دارالمعارف لاہور ))

آنحضرت ﷺ کا جسم اطہر، ہڈیاں اور جوڑ مبارک

♻ رسول اللہ ﷺ جسامت میں میانہ اور خوشنما تھے۔ نہ تو آپ لحیم و شحیم اور بھاری بھرکم تھے اور نہ ہی لاغر، کمزور اور نحیف۔

♻حضرت علی رضی اللہ عنہ آپ کا سراپائے اقدس بیان کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ آپ ﷺ کا بدن مبارک نہ تو موٹا اور فربہ تھا اور نہ ہی ڈھیلا اور نحیف، بلکہ صحت مند، میانہ اور مضبوط تھا۔ (سنن الترمذی:٣٦٣٨ و البیہقی، شعب الأیمان:١٣٥٠)

♻ حضرت ابوطفیل عامر بن واثلہ لیثی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ حسین و جمیل اور گوری اجلی رنگت رکھتے تھے۔ آپ نہ تو زیادہ لمبے تھے اور نہ ہی پستہ قد۔ آپ نہ بھاری بھرکم اور فربہ تھے اور نہ ہی کمزور، لاغر اور نحیف۔ (صحیح مسلم:٢٣٤٠وأحمد بن حنبل، المسند :٢٣٧٩٧)

♻ البتہ زندگی کے آخر میں بڑھاپے کے باعث آپ کا جسم مبارک قدرے فربہ ہو گیا تھا۔ ام المومنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کا جسم بڑھاپے کے باعث بھاری ہوگیا تو زیادہ تر نفل نماز بیٹھ کر ادا فرمایا کرتے تھے۔ (صحیح البخاری:٤٨٣٧و صحیح مسلم:٧٣٢)

♻ ایک اور حدیث میں آپ کے لیے منبر بنانے کی وجہ بھی آپ کے جسم مبارک کا بھاری اور بوجھل ہونا بیان کی گئی ہے۔ بڑھاپے کی وجہ سے آپ کے نماز تہجد کم ادا کرنے کا تذکرہ بھی بعض کتب حدیث میں ملتا ہے۔ (سنن أبی داود:١٠٨١، ١٣٤٦)

♻ رسول اللہ ﷺ کے جسم مبارک کی ہڈیاں اور ہڈیوں کے جوڑ بھی حسن و جمال کا نمونہ تھے۔ حضرت علی اور حضرت ہند بن ابی ہالہ رضی اللہ عنھما سے منقول ہے کہ رسول اللہ ﷺ کی ہڈیوں کے جوڑ مضبوط اور موٹے موٹے تھے ، جبکہ آپ کی ہڈیاں لمبی اور بڑی بڑی تھیں۔ (سنن الترمذی:٣٦٣٧،٣٦٣٨ و الطبرانی، المعجم الکبیر:155/22)

♻ ہڈیاں بڑی ہونے سے مراد کلائی، بازو، ران اور پنڈلی جیسی ہڈیوں کا قدرے لمبا ہونا ہے ، جس سے آدمی قدو قامت میں خوشنما اور خوبصورت لگتا ہے۔ ہڈیاں چھوٹی اور پتلی ہونے کی صورت میں انسان پستہ قد اور عیب دار محسوس ہوتا ہے جس سے سرتاج رسل ﷺ مبرا اور پاک تھے۔

♻ رہبر اعظم ﷺ اللّٰہ تعالیٰ کے عطا کردہ انعام واکرام پر رب العزت کے حضور سجدہ ریز رہتے ، آپ رب تعالیٰ کی عبادت وریاضت میں مشغول رہتے اور اس قدر طویل قیام فرماتے کہ کھڑے کھڑے پاؤں مبارک سوج جاتے ، فرمایا کرتے کہ یہ میں اپنے پروردگار کا شکر بجا لانے کے لیے کرتا ہوں ، اللّٰہ تعالیٰ اپنے ماننے والوں کو بھی اپنے حبیب ﷺ کے نقشے قدم پر چلنے کی توفیق سے سرفراز فرمائے

""""""""''''''"""""""""""'''''''''''''''"""""""""""""
عصر حاضر میں سیرت طیبہ سے ہمہ گیر رہنمائی اور سیرت النبی سے فکری وعملی مضبوط وابستگی بہت اہمیت وافادیت کی حامل ہے
 
Top