• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

(قسط:35)امام الھدی ﷺ کی عادات و خصائل (( سخاوت وکرم ، نبوی اسوہ اور جدید تہذیب والحاد)) (حصہ:2 ، آنحضرت ﷺ کی قبل از نبوت جود و سخاوت)

شمولیت
نومبر 14، 2018
پیغامات
305
ری ایکشن اسکور
48
پوائنٹ
79
(( رسول اللہ ﷺ کی عادات و خصائل ))

(( حافظ محمد فیاض الیاس الأثری ، ریسرچ فیلو: دارالمعارف لاہور ، رفیق کار:دائرہ معارف سیرت ))

جود وسخاوت ، نبوی اسوہ اور جدید تہذیب والحاد (حصہ:2 ، آنحضرت ﷺ کی قبل از نبوت جود و سخاوت)

♻ رسول اللہ ﷺ قبل از بعثت بھی جود و سخا کی صفت سے بدرجہ اتم متصف تھے۔ آپ کا خاندان سخاوت میں خاص طور پر مشہور تھا۔ ﷲ تعالیٰ کے گھر کی زیارت کرنے والے مہمانوں کی خاطر تواضع قریش کا طرہ امتیاز تھا۔ آپ کے پردادا ہاشم کا اصل نام عمرو تھا جبکہ ہاشم لقب تھا۔ ان کا یہ لقب پڑا ہی اس لیے تھا کہ زمانہ قحط سالی میں انھوں نے اونٹ ذبح کر کے گوشت پکایا، پھر گوشت کے شوربے میں روٹیاں توڑ کر ڈالیں اور ثرید بناکر اہل مکہ کو خوب کھلایا۔ (الطبقات الکبریٰ:76/1)

♻ خاندانی خصلت کے سبب رسول اللہ ﷺ نبوت سے قبل ہی اس عظیم خوبی سے متصف تھے۔ آپ لوگوں پر بغیر کسی دنیاوی مفاد کے خرچ کیا کرتے تھے ۔ ام المومنین سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا نے آپ کے اس مبارک عمل کی شہادت دی۔ پہلی وحی کے بعد جب نبی کریم ﷺ گھبرائے ہوئے گھر آئے ، تو اس عظیم خاتون نے تسلی دی کہ آپ تو صلہ رحمی کرنے والے اور حق گوئی کے پیکر ہیں۔ آپ ناداروں کو کما کر دیتے ہیں اور بے کسوں کا بوجھ اُٹھانے والے ہیں۔ آپ نہایت مہمان نواز ہیں اور مشکل وقت میں امر حق کا ساتھ دیتے ہیں۔(صحیح البخاری:٦٩٨٢وصحیح مسلم:١٦٠)آپ کی یہ تمام صفات قبل از بعثت کی ہیں جن میں سے تین تو جود و سخا ہی سے متعلق ہیں۔

♻ سخاوت نبوی پر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم کی بھی بے شمار شہادتیں ملتی ہیں ، ان کے ہاں رسول اللہ ﷺ کی سخاوت مشہور و معروف تھی۔ متعدد اصحاب رسول آپ کی سخاوت و کرم کے بارے میں گواہی دیتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ کے خادم خاص حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:''کَانَ رَسُولُ اللّٰہِا أَحْسَنَ النَّاسِ وَکَانَ أَجْوَدَ النَّاسِ'' (صحیح البخاری:٢٨٢٠ وصحیح مسلم:٢٣٠٧) رسول اللہ ﷺ تمام لوگوں سے زیادہ حسین و جمیل تھے ۔ آپ جود و سخا میں بھی تمام لوگوں سے بڑھ کر تھے۔

♻ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ تمام لوگوں سے بڑھ کر سخی تھے۔ رمضان المبارک میں جب حضرت جبرائیل علیہ السلام رسول اللہ ﷺ سے ملاقات کے لیے تشریف لاتے ، تو آپ کی سخاوت کیا ہی خوب ہوتی ۔ رسول اللہ ﷺ کی سخاوت تیز و تند آندھی سے بھی بڑھ کر ہوا کرتی تھی۔(صحیح البخاری:٣٢٢٠ و صحیح مسلم:٢٣٠٧)

♻ رسول کریم ﷺ نے اپنی امت کو بھی جود وسخا کے متعلق بیش بہا ہدایات تعلیم فرمائی ہیں ، جود و سخاوت اور انفاق وصدقات اسلامی تہذیب وثقافت کا مثالی وصف ہے ، صدقہ وخیرات کے باعث آپ میں احترام و محبت پیدا ہوتی ہے ، اسلامی اخوت و بھائی چارگی پروان چڑھتی ہے ، دنیا اور مال و دولت کی محبت کم ہوتی ہے ، سخی مسلمان رب العالمین کی رضامندی اور اجر عظیم کا حقدار قرار پاتا ہے ،

♻ عصر حاضر میں مال ودولت کی حرص وہوس اور مادی ترقی کی دوڈ میں مسلمان بھی مذہب بیزاروں سے پیچھے نہیں ہیں ، انفرادی واجتماعی اور ریاستی وعالمی سطح پر معاشی اور مادی ترقی وخوش حالی کی مقصد حیات بن چکا ہے ، مال ودولت سے محبت کی وجہ سے جود وسخاوت اور انفاق وصدقات کا جذبہ مفقود ہوتا جا رہا ہے ، اسی کے باعث گداگروں اور سوالیوں کی تعداد ومسائل میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے ، ہر موقع پر ہر آدمی اپنا ذاتی مفاد دیکھتا ہے ،


♻ اسلامی صدقات و خیرات ،انفاق وزکات اور جود و سخاوت کی طرح کا نظامِ معیشت ومعاشرت دیگر ادیان و مذاھب میں سے کسی کے پاس بھی نہیں ہے، عالمی استعماری قوتیں مادی وسیاسی نصرت و حمایت کے ذریعے اپنے بھیانک منصوبوں کی تکمیل کرتے ہیں، پسماندہ اسلامی ممالک کی غصب کی ہوئی دولت اور ملکی خزانوں کی بندر تقسیم کرنے والوں کی پشت پناہی کر کے عالمی استعمار نے دولت کے انبار لگا رکھے ہیں، اسی مسروقہ دولت کو رفاہی و فلاحی کاموں کا ڈھونگ رچا کر اپنے بہت سے مذموم عزائم کی تکمیل کی جاتی ہے ،

""""""""''''''"""""""""""'''''''''''''''"""""""""""""
عصر حاضر میں سیرت طیبہ سے ہمہ گیر رہنمائی اور سیرت النبی سے فکری وعملی مضبوط وابستگی بہت اہمیت وافادیت کی حامل ہے
 
Top