کنعان
فعال رکن
- شمولیت
- جون 29، 2011
- پیغامات
- 3,564
- ری ایکشن اسکور
- 4,425
- پوائنٹ
- 521
لاکھوں عازمین حج آج منیٰ پہنچیں گے، کل وقوف عرفات ہو گا
حج کے ارکان کی ادائیگی کیلئے عازمین آج اتوار کو مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچیں گے۔ وہ منیٰ میں رات قیام اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد حج کے سب سے بڑے رکن وقوف عرفات کیلئے روانہ ہوں گے اور کل 9 ذوالحجہ پیر کو وقوف عرفہ کا اہم ترین رکن ادا کرنے کے بعد سورج غروب ہوتے ہی مزدلفہ کیلئے روانہ ہو جائیں گے۔
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نایف بن عبدالعزیز مرکزی حج کمیٹی کے سربراہ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل بن عبدالعزیز عازمین کرام کی منیٰ روانگی کو مانیٹرنگ کریں گے۔
سعودی وزارت صحت نے عازمین کو طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔
شہری دفاع کے کمانڈر میجر جنرل محمد القرنی نے بتایا کہ مشاعر مقدسہ میں حفاظتی اقدامات کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔
منیٰ میں بڑی تعداد میں کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ سکیورٹی کو مربوط بنانے کے لئے ہیلی کاپٹروں سے بھی نگرانی کی جائیگی۔
سٹاف رپورٹر کے مطابق پاکستان سے مجموعی طور پر 178 پروازوں کے ذریعے ایک لاکھ 43ہزار سے زائد عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔
شناخت میں سہولت کیلئے پاکستانی عازمین کے کیمپوں پر پاکستان کے جھنڈے لگا دئیے گئے ہیں۔ صدر مملکت ممنون حسین اور وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف بھی فریضہ حج ادا کریں گے۔
پاکستانی حاجیوں کی معاونت کیلئے پاکستانی، ویلفیئر سٹاف کے 1738 ارکان جن میں طبی عملے کے 471 ارکان، 696 مقامی پاکستانی رضاکار، 301 معاونین حج اور دیگر متعلقہ افراد بھی گذشتہ رات منیٰ پہنچ گئے۔
مکہ مکرمہ سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سعودی سکیورٹی فورسز نے بغیر حج اجازت نامے مشاعر مقدسہ داخل ہونے کی کوشش کرنیوالے 25 ہزار سے زائد عازمین گرفتار کر لئے۔
مختلف چیک پوسٹوں پر غیر قانونی طور پر مشاعر مقدمہ داخل ہونے کی کوشش کرنے والوں کی گاڑیاں بھی ضبط کر لی گئیں۔
چیئرمین سعودی حج کمیٹی شہزادہ خالد الفیصل کے مطابق عازمین کی غیر قانونی طور پر مشاعر مقدسہ داخلے میں مدد کرنے والے 55 سعودی شہری بھی گرفتار کر لئے۔
حج قوانین توڑنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
13 اکتوبر 2013
مکہ مکرمہ + طائف + لاہور (مبشر اقبال لون استادانوالہ سے/ ممتاز احمد بڈانی/ سٹاف رپورٹر)