• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

کیا مقتدی امام کے پیچھے سورہ فاتحہ کی تلاوت کرے گا؟

شمولیت
مارچ 02، 2023
پیغامات
867
ری ایکشن اسکور
29
پوائنٹ
69
اس بارے میں علماءکرام کے تین قول ہیں:

1- مقتدی امام کے پیچھے سورہ فاتحہ کی تلاوت نہیں کرے گا، یہ ابو حنیفہ اور ان کے اصحاب کا قول ہے۔

2- صرف سری نمازوں میں فاتحہ پڑھے گا ، یہ جمہور علماء کرام کا قول ہے۔

3- جہری اور سری تمام نمازوں میں سورہ فاتحہ کی قراءت کرنا ضروری ہے اور یہ نماز کا رکن ہے، یہ امام شافعی، ابن حزم امام شوکانی اور ابن عثمین رحمہم اللہ کا قول ہے۔

پہلے قول کی دلیل:

حضرت جابر ؓ سے روایت ہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’جس کا کوئی امام ہو تو امام کی قراءت اسی کی قراءت ہے۔ (سنن ابن ماجہ: 850)

دوسرے قول کی دلیل:

سیدنا ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نماز سے پھرے، جس میں آپ ﷺ نے جہری قراءت کی تھی اور فرمایا: ” کیا تم میں سے کسی نے ابھی میرے ساتھ قراءت کی ہے؟“ ایک آدمی نے کہا ہاں، اے اللہ کے رسول! آپ ﷺ نے فرمایا: ”میں بھی کہہ رہا تھا مجھے کیا ہوا کہ قراءت قرآن میں الجھ رہا ہوں۔“ راوی نے کہا پس لوگ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ پڑھنے سے رک گئے ان نمازوں میں جن میں آپ ﷺ جہر کر رہے ہوتے جبکہ انہوں نے آپ سے یہ فرمان سنا۔ (سنن ابی داود: 826)

تیسرے قول کی دلیل:

1- حضرت عبادہ بن صامت ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

لاَ صَلاَةَ لِمَنْ لَمْ يَقْرَأْ بِفَاتِحَةِ الكِتَابِ

’’جس شخص نے سورہ فاتحہ نہیں پڑھی، اس کی نماز ہی نہیں ہوئی۔‘‘ (صحیح بخاری: 756، صحیح مسلم: 394)

2- سیدنا عبادہ بن صامت ؓ بیان کرتے ہیں کہ ہم نماز فجر میں رسول اللہ ﷺ کے پیچھے تھے۔ آپ ﷺ نے قراءت شروع فرمائی مگر وہ آپ ﷺ پر بھاری ہو گئی۔ (یعنی آپ اس میں رواں نہ رہ سکے) جب آپ ﷺ فارغ ہوئے تو کہا: ”شاید کہ تم لوگ اپنے امام کے پیچھے پڑھتے ہو؟“ ہم نے کہا: ہاں، اے اللہ کے رسول! ہم جلدی جلدی پڑھتے ہیں آپ ﷺ نے فرمایا: ”نہ پڑھا کرو مگر فاتحہ، کیونکہ جو اسے (فاتحہ کو) نہ پڑھے اس کی نماز نہیں۔“ (سنن ابی داود: 823)

راجح:

تیسرا قول راجح ہے اور ان کے دلائل دیگر اقوال کے دلائل کی تخصیص کرتے ہیں۔
 
Top