کنعان
فعال رکن
- شمولیت
- جون 29، 2011
- پیغامات
- 3,564
- ری ایکشن اسکور
- 4,425
- پوائنٹ
- 521
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے استاد کی ایسی بے مثال قربانی کہ نئی تاریخ رقم کر دی،
جان کر آپ بھی ان پر فخر کریں گے
روزنامہ پاکستان، 30 اپریل 2016 جان کر آپ بھی ان پر فخر کریں گے
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے ایک استاد نے غریب طلباء کی مدد کے لئے اپنی عمر بھر کی جمع پونجی اپنے ادارے کو عطیہ کر دی ہے۔ بیاسی سالہ ڈاکٹر ظہیر احمد صدیقی معروف شاعر ہیں اور فارسی کے استاد رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی 14 کروڑ روپے مالیت کی اراضی اور 50 لاکھ روپے کی رقم گورنمنٹ کالج یونیورسٹی انڈوومنٹ فنڈ ٹرسٹ کو عطیہ کر دی ہے، جو نادار طلبہ کو وظائف دینے میں کام آئے گی۔
انگریزی اخبار ڈیلی ڈان کی رپورٹ کے مطابق پروفیسر صدیقی 52 کتابوں کے مصنف ہیں جن میں پاکستان کی پہلی فارسی اردو لغت بھی شامل ہے۔ انہوں نے گزشتہ دنوں 50 لاکھ روپے کا چیک وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن عامر شاہ کو پیش کیا۔ پروفیسر صدیقی کے بیٹے نوید صدیقی مائیکروسافٹ کمپنی میں بل گیٹس کے مشیر کے عہدے پر فائز ہیں اور ان کی صاحبزادی ایف سی کالج یونیورسٹی لاہور میں انگلش لٹریچر کی پروفیسر ہیں، جبکہ ان کا چھوٹا بیٹا ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں اعلیٰ عہدے پر فائز ہے۔
رپورٹ کے مطابق پروفیسر صدیقی کا کہنا تھا کہ ”میں نے زمین کی جی سی یونیورسٹی کے نام منتقلی کے لیے قانونی طریقہ کار کا آغاز کر دیا ہے اور جلد میری زمین بھی یونیورسٹی کے نام ہو جائے گی۔“
اس موقع پر جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر شاہ کا کہنا تھا کہ ”پروفیسر صدیقی مسحور کن شخصیت کے مالک ہیں جن کا تحقیقی کام 50 سال سے زائد کے عرصے پر محیط ہے۔ انہوں نے طویل عرصے تک جی سی یونیورسٹی کے انتظامی امور اور ٹیچنگ میں خدمات سرانجام دیں۔ اب انہوں نے جی سی یو نیورسٹی سے لی گئی تمام تنخواہ انڈوومنٹ فنڈٹرسٹ میں جمع کروا دی ہے۔ دنیا میں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو اپنے تعلیمی اداروں کو پروان چڑھاتی ہیں۔ پروفیسر صدیقی نے ایک مثال قائم کی ہے، دیگر لوگ اس کی پیروی کریں گے۔ پروفیسر صدیقی کوئی امیر آدمی نہیں ہیں، اس کے باوجود ان کے پاس جو کچھ تھا انہوں نے یونیورسٹی کو عطیہ کر دیا ہے۔“