• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

یہ خوف وہ خوف

شمولیت
اکتوبر 25، 2014
پیغامات
350
ری ایکشن اسکور
30
پوائنٹ
85
آج خوف کا عالم ہے۔
ساری دنیا پر خوف مسلط ہے۔
اسکول، کالج یونیورسیٹیاں بند ہیں۔
سڑکیں سنسان ہیں، بازاریں ویران ہیں۔
مستیاں رنگ ریلیاں سب ماندہ پڑ گئی ہیں۔
لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
میرے رب کی صرف ایک چھوٹی سی مخلوق نے،
کورونا وائرس نے دنیا والوں کو خوف مبتلا کر دیا ہے۔

ذرا سوچئے اور تصور کیجئے!

آج کا یہ خوف کیسا ہے؟
اور کل کاوہ خوف کیسا ہوگا؟
اس کی ہولناکیاں، شدت اور سختی کیسی ہوگی؟
قیامت کی گھڑی کیسی ہوگی؟ قیامت کا خوف کیسا ہوگا؟

جو اچانک ہی آجائے گا
یہ لوگ تم سے پوچھتے ہیں کہ آخر وہ قیامت کی گھڑی کب نازل ہو گی؟ کہو اس کا علم میرے رب ہی کے پاس ہے۔ اسے اپنے وقت پر وہی ظاہر کرے گا۔ آسمانوں اور زمین میں وہ بڑا سخت وقت ہو گا۔ وہ تم پر اچانک آ جائے گا۔۔۔ (سورة الأعراف، آیت 187)

جو دنیا کی تاریخ کا عظیم حادثہ ہوگا
عظیم حادثہ! (1) کیا ہے وہ عظیم حادثہ؟ (2) تم کیا جانو کہ وہ عظیم حادثہ کیا ہے؟ (3) وہ دن جب لوگ بکھرے ہوئے پروانوں کی طرح (4) اور پہاڑ رنگ برنگ کے دھنکے ہوئے اون کی طرح ہوں گے (5)

جو بڑا دن سخت ہو گا
’’جب صور پھونکا جائے گا دن بڑا ہی سخت دن ہوگا (یعنی) کافروں پر آسان نہ ہوگا‘‘۔ (سورہ المدثر،آیت 8 تا 10)

جو تہ و بالا کر دینے والی آفت ہوگی
جب وہ ہونے والا واقعہ پیش آ جائے گا (1) تو کوئی اس کے وقوع کو جھٹلانے والا نہ ہوگا (2) وہ تہ و بالا کر دینے والی آفت ہوگی (3) زمین اس وقت یکبارگی ہلا ڈالی جائے گی (4) اور پہاڑ اس طرح ریزہ ریزہ کر دیے جائیں گے (5) کہ پراگندہ غبار بن کر رہ جائیں گے (6) سورة الواقعة

جو بچوں کو بوڑھا کر دے گا
’’ اگر تم بھی (ان پیغمبروں کو) نہ مانو گے تو اس دن سے کیونکر بچو گے جو بچّوں کو بوڑھا کر دے گا (اور) جس سے آسمان پھٹ جائے گا۔ یہ اس کا وعدہ (پورا) ہو کر رہے گا ‘‘۔(سورہ المزمل،آیت17-18)

جب کوئی جائے پناہ نہیں ہو گی
’’ اس سے پہلے اپنے رب کا حکم مان لو کہ وہ دن آجائے جو الله کی طرف سے ٹلنے والا نہیں اس دن تمہارے لیے کوئی جائے پناہ نہیں ہو گی اور نہ تم انکارکر سکو گے‘‘۔ (سورہ الشوری،آیت47)
’’ اس دن انسان کہے گا کہ (اب) کہاں بھاگ جاؤں؟ بےشک کہیں پناہ نہیں ‘‘۔(سورۃ قیامہ،آیت 10-11)


جب دل کانپ رہے ہوں گے
’’ جس دن زمین کو بھونچال آئے گا پھر اس کے پیچھے اور (بھونچال) آئے گا اس دن (لوگوں) کے دل کانپ رہے ہوں گے اور آنکھیں جھکی ہوئی‘‘۔ (سورہ النازعات،آیت 6تا9)

جب دل اور آنکھیں الٹ جائیں گی
’’ ایسے آدمی جنہیں سوداگری اور خرید و فروخت الله کے ذکر اور نماز کے پڑھنے اور زکوٰة کے دینے سے غافل نہیں کرتی اس دن سے ڈرتے ہیں جس میں دل اور آنکھیں الٹ جائیں گی‘‘۔ (سورہ النور،آیت 37)

جب کلیجے منہ کو آ جائیں گے
’’ اور انہیں قریب آنے والی( مصیبت) کے دن سے ڈرا جب کہ غم کے مارے کلیجے منہ کو آ رہے ہوں گے ظالموں کا کوئی حمایتی نہیں ہوگا اور نہ کوئی سفارشی جس کی بات مانی جائے وہ آنکھوں کی خیانت اور دل کے بھید جانتا ہےاور الله ہی انصاف کے ساتھ فیصلہ کرے گا اور جنہیں وہ اس کے سوا پکارتے ہیں وہ کچھ بھی فیصلہ نہیں کر سکتے بیشک الله ہی سب کچھ سننے والا دیکھنے والا ہے ‘‘۔(سورہ المومن،آیت 18تا20)

جب آنکھیں خوفزدہ ہوں گی
’’ تو تم بھی ان کی کچھ پروا نہ کرو۔ جس دن بلانے والا ان کو ایک ناخوش چیز کی طرف بلائے گا تو آنکھیں نیچی کئے ہوئے قبروں سے نکل پڑیں گے گویا بکھری ہوئی ٹڈیاں اس بلانے والے کی طرف دوڑتے جاتے ہوں گے۔ کافر کہیں گے یہ دن بڑا سخت ہے ‘‘۔(سورہ القمر،آیت6تا8)

جب آنکھیں پھٹ جائیں گی
’’ اور سچا وعدہ نزدیک آ پہنچے گا پھر اس وقت منکرو ں کی آنکھیں اوپر لگی رہ جائیں گی ہائے کم بختی ہماری بے شک ہم تو اس سے غفلت میں پڑے ہوئے تھے بلکہ ہم ہی ظالم تھے‘‘۔ (سورہ الانبیاء ،آیت 97)

جب کوئی چال کام نہیں آئے گی
’’ جس دن ان کا داؤ ان کے کچھ بھی کام نہ آئے گا اور نہ انہیں مدد دی جائے گی‘‘۔ (سورہ الطور،آیت46)

جب دودھ پلانے والی عورتیں اپنے بچوں کو بھول جائیں

لوگو! اپنے پروردگار سے ڈرو۔ کہ قیامت کا زلزلہ ایک حادثہٴ عظیم ہوگا (1) جس دن تو اس کو دیکھے گا (حال یہ ہوگا کہ) تمام دودھ پلانے والی عورتیں اپنے بچوں کو بھول جائیں گی اور تمام حمل والیوں کے حمل گر پڑیں گے اور لوگ تجھ کو متوالے نظر آئیں گے مگر وہ متوالے نہیں ہوں گے بلکہ (عذاب دیکھ کر) مدہوش ہو رہے ہوں گے۔ بےشک خدا کا عذاب بڑا سخت ہے (2)( سورة الحج، آیت 1-2)

جب نہ رشتہ داریاں ہوں گی اور نہ کوئ حال پوچھے گا
’’پھر جب صور پھونکا جائے گا تو نہ رشتہ داریاں ہوں گی اور نہ آپس میں کوئی ایک دوسرے کے حالات پوچھے گا‘‘۔ (سورة المؤمنون،آیت 101)

جب کوئی جان کسی دوسری جان کے کام نہیں آئے گی

’’ اوراس دن سے ڈرو جس دن کوئی شخص کسی کے کچھ بھی کام نہ آئے گا اور نہ ان کے لیے کوئی سفارش قبول ہو گی اورنہ اس کی طرف سے بدلہ لیا جائے گا اور نہ ان کی مدد کی جائے گی ‘‘۔(سورہ البقرہ،آیت48)

جب آدمی اپنے بھائی، ماں، باپ، بیوی اور اولاد سے بھاگے گا
’’ تو جب (قیامت کا) غل مچے گا اس دن آدمی اپنے بھائی سے دور بھاگے گا اور اپنی ماں اور اپنے باپ سے اور اپنی بیوی اور اپنے بیٹے سے ہر شخص اس روز ایک فکر میں ہو گا جو اسے( مصروفیت کے لیے) بس کرے گا‘‘۔ (سورہ عبس، آیت 33 تا 37 )

جب مال اور اولاد نفع نہیں دے گیں۔

’’ جس دن مال اور اولاد نفع نہیں دے گی‘‘۔ (سورہ شعراء،آیت 88)

جب متقین کے علاوہ سب ایک دوسرے کے دشمن بن جائیں گے
’’ اس دن دوست بھی آپس میں دشمن ہو جائیں گے مگر پرہیز گار لوگ‘‘۔ (سورہ الزخرف، آیت67)

تب ایمان کام دے گا، اطاعت و فرمانبرداری کام دے گی اور تقویٰ کام دے گا
لہذا آج دنیا پر جو خوف کا عالم طاری ہے اس سے سبق سیکھیں اور تقویٰ و پرہیزگاری اختیار کریں، اپنے رب کے مطیع و فرمانبردار بندے بن جائیں۔ قرآن و سنت کی پیروی کریں۔
تاکہ
کہا جائے کہ "اے میرے بندو، آج تمہارے لیے کوئی خوف نہیں اور نہ تمہیں کوئی غم لاحق ہوگا
(69) داخل ہو جاؤ جنت میں تم اور تمہاری بیویاں، تمہیں خوش کر دیا جائے گا" (70) اُن کے آگے سونے کے تھال اور ساغر گردش کرائے جائیں گے اور ہر من بھاتی اور نگاہوں کو لذت دینے والی چیز وہاں موجود ہو گی ان سے کہا جائے گا، "تم اب یہاں ہمیشہ رہو گے (71) تم اِس جنت کے وارث اپنے اُن اعمال کی وجہ سے ہوئے ہو جو تم دنیا میں کرتے رہے (72) تمہارے لیے یہاں بکثرت میوے موجود ہیں جنہیں تم کھاؤ گے" (73) (سورہ الزخرف)

اے اللہ تعالیٰ! ہمیں اپنا متقی و پرہیزگار اور مطیع و فرمانبردار بندہ بنا لیجئے اور ہمیں اور ہمارے اہل و عیال کو اپنی رحمت سے اپنے جنت کے وارثوں میں شامل کرلیجئے جس وعدہ آپ نے اوپر کیا ہے۔ آمین یا رب العالمین۔
فقط اپنی دعاؤں میں اس ناچیز ’’محمد اجمل خان‘‘ کو یاد رکھیں۔
 
Top